Saturday, March 15, 2014

سیانا کسان!

"قد افلح" کی کھیتی کب لہلہاتی ہے! جب بنجر سینے پر ضرب کلیمی کا اثر ہوتا ہے۔ قد افلح کا پرنور سبزہ کب پھوٹتا ہے! جب حب جاء والی سوکھی زمین پر زکر الہی سے انوار کی بارش ہوتی ہے۔ قد افلح کا بیج کب بویا جاتا ہے! جب دلوں سے ہر "غیر" جھاڑ جھنکاڑ صاف کر دیا جائے۔ قد افلح کا موسم کون سا! جب سردیوں میں وضو کے پانی سے کپککاہٹ طاری ہو جائے، جب گرم دوپہروں میں مسجد کو جاتے پسینہ شرابور کر جائے، جب رات کی گھنی تاریکی میں رب کی پکار لگے۔جب کبھی خشیت الہی سے آنکھیں جھڑی بن جائیں۔جب کبھی حب الہی سے چہرہ تمتما اٹھے۔ بھری جوانی کی تمام تر رعنائیوں میں، بڑھاپے کی ساری کمزوریوں میں، جب اعضاء جوارح کانپنے لگیں، جب ہوش جانیں لگیں۔ قد افلح کا موسم باقی رہتا تا وقتیکہ توبہ کا در نہ بند ہو جائے۔ قد افلح دنیا سے بے نیازی میں، قد افلح واحد لاشریک کے سامنے عجز اختیار کرنے میں، قد افلح جب سنت رسول کے سوتوں سے سیرابی قلب ہوتی ہے۔ قد افلح ۔ فلاح ملتی ہے اس فلاح کو جو کھیتی کو تیار کرنے میں تساہل نہ برتے، کھیتی لہلہاتی ہے اس کسان کی جو زمین کا سینہ چیرنے میں کوتاہی نہ دکھائے، جس کے ہل کے پھل تیز رہیں، جس کی زمینوں کی سیرابی بروقت ہو، جس کی فصل میں فالتو جڑی بوٹیاں نہ ہوں۔ جس کی حسیں تیز تر ہوں موسموں کے بدلنے سے قبل، وقت کے ڈھلنے سے پہلے جو بوائی کر لے۔ فلاح پاتا ہے وہ کاشکار جو
ناہموار زمین کو سیدھا کر لے، جو اونچے نیچے ٹیلوں کو نرم بنا لے، جو جھا ڑ جھنکار کو ختم کر لے۔ کامیاب ہوتا ہے وہ زمیندار!! فلاح ملتی ہے اس کاشتکار کو! قد افلح کی خوشخبری ہے اس جاگیردار کے لئے! جس نے اپنی زمین "پٹواریوں " سے بچا لی۔ جس نے اپنے کھیت گرداورں سے محفوظ کر لئے، جو اپنے قطعے "محکمہ مال" کی ہیرا پھری سے بچا پایا۔ جو شریکوں کی دست درازیوں سے اپنے کھلیانوں کی حدود کی حفاظت کر سکا۔ قد افلح جس نے اپنی زمینوں کے لئے سینے پر زخم لگوائے، قد افلح جس نے اپنی محنت بچانے کو لاٹھی اٹھائی، قد افلح جس نے اپنی فصل کی حفاظت خاطر سینہ تانا، قد افلح جس نے غیرت کھائی، قد افلح جس نے اپنی اولاد کے حق کے لئے لڑائی کی، قد افلح جو پرکھوں کی میراث کی خاطر غصہ ہوا۔ قد افلح جس نے پسینے کے ساتھ لہو بہایا۔ قد افلح جس نے جان گنوائی۔ فلاح وہی اور فلاح اسی کی جس نے خود کو، اپنی فصلوں کو، اپنی زمینوں کو، اپنے کھلیانوں کو رب کے حکم کے مطابق جہد مسلسل کر کے بچا لیا!


3 comments:

  1. آپ بڑی مشکل باتیں لکھتے ہیں ۔ سمجھ اُسی کو آتیں ہے جو ا کھیت سے واقفیت رکھتا ہو

    ReplyDelete
  2. انکل ٹھیک کہہ رہے ہیں
    لکھا اچھا ہے مگر ہے مشکل

    ReplyDelete
  3. یقینا آپ ادیب ہے
    https://awesraza.blogspot.com/?m=1

    ReplyDelete

Flickr