Thursday, May 30, 2013

مولبی مرنڈا۔

ٹویٹر پر  اک دوجے کا پیچھا کیا۔  جدہ  آنا ہوا تو  نمبر مانگ لیا۔ انہوں نے عربی میں لکھ کر  دے بھی دیا۔ فون  مِلایا تو کوئی بنگالن بول رہی تھی۔ دل بڑا دکھی ہوا۔ اس لئے نہیں کہ ٹویٹر والے  کا  نمبر غلط نکلا   ،بلکہ اس لئے کہ فون والی بنگالن تھی۔  اپنے نصیب !   بعد میں غور کیا تو  عربی کا چار ہم تین سمجھتے رہے۔   خیر ٹویٹر پر ہی ڈی ایمتے رہے۔  پھر فیس بک پر بھی ایڈ کر لیا۔ سرکار کو بھی پیروکار کی حالت پر رحم آیا اور عزیزیہ کے ایک ہوٹل پر  پہنچنے کا حکم صادر کیا۔  ہم نے بھی دفتر سے جان چھڑائی اور ٹیکسی پکڑے مہران ہوٹل کے باہر  لنگر انداز ہو گئے۔ تھوڑا انتظار اور محترم سامنے سے تشریف لاتے دکھائی دئیے۔ ایک ہی نظر میں پہچانے گئے۔۔ سر مبارک ناک کو  بڑھ بڑھ کر چوم رہا اور ماتھا بیچ سے غائب! چہرہ لمبوترا سا۔ ناک متناسب۔ گال پچکتے پچکتے بچے ہوئے۔ کان اپنی جگہ پر۔ داڑھی نے چہرے کو باوقار بنا رکھا۔ چہرے کی نورانیت اور سر کی عریانیت مل ملا کر  شخصیت کو جمال  اور وجاہت بخش رہی تھیں۔  "فارغ البالی" میں" اپنا" مستقبل کا نقشہ سامنے دکھ رہا تھا۔
گلے ملتے ہوئے ایڑیوں کا ممنون ہونا پڑا لیکن پھر بھی اپنا سر محترم کے سینے تک ہی پہنچ سکا۔ ہم نے بھی دو دھڑکنوں کو گن کر کان پیچھے کر لئے۔لیکن مصافحے میں گرمجوشی، اور چہرے پر تھکاوٹ کے اثرات کے باوجود  خلوص جھلک رہا تھا۔  کچھ دیر بیٹھ کر گپ شپ لگائی، حال احوال سے آگاہی لی ،  جناب نے کھانے کا پوچھا ، ہم نے ناں کی اور بس۔  وہ تو شکر کہ واقعتا بھوک نہیں تھی ورنہ  دوسری بار نہ پوچھنے کے باوجود  کہے دیتے ۔" کچھ منگوا ہی لیتے ہیں"۔ چائے پی گئی اور رخصت طلب کر لی۔ تیسرے دن کھانے کا  معاملہ ٹھہرا۔  حضرت کی نظر انتخاب کسی ترکش ریسٹورنٹ پر ٹھہری۔ اور ہم بمطابق حکم پہنچ گئے۔  منہ سے تو بس ایک آدھ بار ہی توصیفی کلمات پھوٹ سکے۔ لیکن ہمارا دل زبان کے ساتھ ساتھ  کھانے کی لذت اور ذائقے کی داد دیتا رہا۔ بھائی جان کھانا اتنا ہی کھاتے ہیں جتنا پیٹ میں آسکے اور پیٹ کا حجم کسی انگریزی فلم کی حسینہ سے زیادہ نہیں۔   اس پیٹ نے بیلنس رکھا ہوا ۔ ورنہ شاید "ادھر چلا میں ادھر چلا" والا حساب ہو جو  زرا  ہوا چلے۔   
  پرسوں  تیسری ملاقات تھی۔ تین ملاقاتوں کے دوران  مولبی ساب کے گھر سے چار دفعہ فون کیا گیا ہو گا۔ مولبی ساب تاثر تو یہی دیتے رہے کہ سب خیریت ہے لیکن نجانے ہمیں کیوں محسوس ہوتا رہا "جیسے دوسری طرف سے کہا گیا ہو۔ "دروازہ بند ہو چکا۔ اب رات گاڑی میں بسر کر لینا"۔   بندہ  شرافت کا نمونہ اور   انتہائی نفاست پسند ہے، کپڑوں سے لگ رہا تھا کہ اپنے ہاتھ سے دھلائی بھی کئے  ہیں اور استری بھی۔ گفتگو سے اندازہ ہوا کہ موصوف صرف اطاعت پسند شوہر ہی نہیں تابع فرمان "ابے" بھی ہیں۔ اس کا ایک ثبوت بچوں کی وہ سائیکل  بھی تھی جو کبھی پچھلی نشست اور کبھی  ڈِگی میں سنبھالی جا رہی تھی۔
دانتوں کو ایسا رنگا ہوا گویا پان "پیک بغیر پھینکے" کھانے کے عادی ہو۔ یا پھر گھر والی کی نشانہ بازی کے دوران لگنے والا زخم رنگت چھوڑ گیا ہو، یہ بھی عین ممکن کہ بچوں کی ٹافیوں کا چسکا لیتے لیتے سفیدی کو  بھورا کر لیا ہو۔  بندہ معصوم بھی تو بچوں جیسا ہی ہے۔ وہی معصومیت بھرا شریر لہجہ،  بولتی ہوئی آنکھیں، زرا زیادہ ہی باہر کو نکلی ہوئیں کہ کسی کو گھور کر دیکھنے سے آنکھیں باہر گرنے کا اندیشہ ہو سکتا۔   مردانہ ہونٹوں کی تعریف ہم حیا کے تقاضوں کے خلاف سمجھتے ہیں اس لئے ان کا زکر خیر  رہنے دیتے ہیں۔ کراچی والوں کا مخصوص دلپذیر  لہجہ، نستعلیق اور  مرصع ، مرقع۔  نہ  مولویوں والی بناوٹ اور نہ کالجی منڈوں جیسی  شو بازی۔ ہوتی بھی کیسے موصوف  عمر کی اتنی بہاریں دیکھ چکے کہ اب تسبیح ہاتھ میں  رکھنے کا حق بنتا ہے۔  شوخی لیکن سادگی کی مٹھاس میں لپٹی ہوئی۔ گفتگو شروع ہوئی تو کہاں سے کہاں جا پہنچے۔ محسوس ہی نہ ہوا  بلمشافہ تیسری ملاقات ہے۔ تبلیغوں والی انکساری، عاجزی بدرجہ اتم موجود تھی۔ لیکن عجیب ہوا کہ  ایک اصیل  مبلغ اور ایک کاٹھے تبلیغی کی ملاقات کے دوران نہ چھ نمبروں کی بات ہوئی نہ ایک دوجے کو  دعوت دی گئی۔ یہ تکلفات اپنوں میں تو نہیں چلتے ناں۔ اور ہاں محترم ہیں پورے "گھُنے"،  یقین نہ آئے تو ان کی اپنی پوسٹ بنام " 2 جنوری" پڑھ لی جئے۔

18 comments:

  1. ایک دم عمدہ اور اعلی
    خاکے کی ایسی بیانی پہ میری طرف سے ایک پپی مولبی سے رسید لکھ کے وصول کر لینا
    میں تو سوچ را تھا کہ اگلے ہفتے ایک ملاقات اور رکھ لیں گے پر مجھے ایسی شہرت سے بہت ڈر لگتا ہے۔ تعریفیں تو سمیٹے اور بدنامی میری ہو؟
    نہ بابا نہ
    موصوف کی پوسٹ کا لنک بھی دے دیتا
    تھوڑے کو ہی بہت جان ، لیکن ایک دفعہ فیر ، بہت اعلی لکھا

    ReplyDelete
  2. ہاہاہا، یرقانی بدنامی میں رکھ لوں گا، مشہوری تیری کر دیں گے، تو آ سہی اک بار

    ReplyDelete
    Replies
    1. آ تو میں رہا ہی پر ملنے والی تو اب کوئی بات ہی نی هے

      Delete
    2. ایسے نہ کریو۔ میں نے جان دے دینی منجی سے کود کر۔

      Delete
  3. بہت اعلی !۔
    مولبی ساب کا جو خاکہ ذہن میں تھا ۔
    ویسا ہی آپ نے لکھا!
    بیچارے قابل ترس ہیں۔
    بیگم صاحبہ تگڑی ہیں۔
    میری طرف سے بھی مولبی ساب کی ایک عدد پپی لے لیجئے گا۔

    ReplyDelete
  4. واہ واہ عمران بھائی
    ویسے تو اب تک آپکی ساری تحاریر پسند آئی ہیں پر یہ سب سے نمبر لے گئی۔
    اللہ آپکو اور مولبی صاحب کو خوش رکھے

    ReplyDelete
  5. عمدہ پوسٹ ہے ۔ اس فقرے نے سب سے زیادہ لطف دیا
    چہرے کی نورانیت اور سر کی عریانیت مل ملا کر شخصیت کو جمال اور وجاہت بخش رہی تھیں۔

    ReplyDelete
  6. واہ وہ واہ ، کیا اندازبیاں ہے کیا روانی ہے کیا باتیں کرتے کیا دماغ ہے ۔اگر ایسی تحریر پڑھنے کو ملے تو پڑھتے ہی جائیں کبھی بور ہی نہ ہو۔۔۔

    بھائی جن کی یہ تعریف میں لکھا گیا ہے ان کے خیالات جاننے طبعیت مچلنے لگی ہے ۔ دو جنوری کا لنک دے دیجئے گا پلیز۔۔۔

    ReplyDelete
  7. واہ قبلہ۔
    تعریف کیلئے الفاظ نئیں مل رہے، بس سمجھ جائیں۔

    ReplyDelete
  8. بہت خوب اور کمال کی خاکہ نگاری
    خوب لکھتے ہیں برادر

    ReplyDelete
  9. بہت عمدہ۔اگر گھر والوں کا تذکرہ نہ ہوتا تو "بردکھوے" کی روداد معلوم ہوتی۔ جوابی مرنڈے کا انتظار رہے گا

    ReplyDelete
  10. احباب کی پسندیدگی کا بے حد ممنون ہوں۔اور سچ کہوں مولبی ساب کی شخصیت صرف اور صرف تعریف کی حقدار ہے ماشاء اللہ۔

    کوثر آپا لی جئے حضرت کی وہ تحریر جس کا حوالہ دیا ہے۔

    http://zhasankhan.blogspot.com/2012/01/2.html

    ReplyDelete
  11. عمدہ شاہکار۔ واہ، کیا کہنے۔

    ReplyDelete
  12. ہاہاہا
    کیا سخصیت بیان کی ہے مولبی کی۔پیلے کو محتاط رہنا چاہئے ۔ایسا نہ ہو اسکے ساتھ و ہاتھ ہوجائے۔

    ReplyDelete
  13. یار تم سے ملاقات کا انجام ایک ایسی تحریر ہو تو شاید آپ سے ملنے کے خواہش مند کم مگر آپ کی شخصیت نگاری کو پڑھنے والے کافی لوگ ہوں!

    ReplyDelete
  14. شعیب بھیا ایسے نہ کہیں، پھر تو کسی کے بارے بھی لکھنا ترک کرنا پڑے گا۔ میں برا یار باش بندہ واں :)

    ReplyDelete
  15. یا اللہ، تو سب کی عزتیں رکھنے والا ہے میری بھی لاج رکھ لینا۔ ہم بھی ملاقات کر ہی بیٹھے ہیں آپ سے۔ اب کہاں سر چھپائیں

    ReplyDelete
  16. یہ فون شون والی باتیں نہ سنایا کریں

    دل بڑا دکھی ہوتا ہے انجمن خدامان ازواج کے تذکرے سے

    ReplyDelete

Flickr