ہوا درختوں کی شاخوں سے
مل کر مانوس سا شور مچا رہی تھی۔ اوپر ٹہنیوں پر بیٹھتے اڑتے پرندےکُرلا رہے تھے۔بے ساختہ ہنسی اس کے منہ سے بہتی رال کے ساتھ ملتی تو ہوا میں کئی
غبارے چمکنے لگتے۔ سورج پار چوٹی کے درختوں میں چھپ رہا تھا۔آملے کے تنےسے ٹیک لگائے
وہ نیچے دور تک ، پائوں
پسارے وادی ،کی طرف نظریں جمائے ہوئے تھا۔ جدھر
بگولوں کا راج تھا۔ تھوڑی دیر بعد
آس پاس گرا کوئی آملہ ہاتھ میں
اٹھاتا ، قمیص کے پلو سے رگڑتا اور منہ میں رکھ کر چبانا شروع کر دیتا۔ دو چار
چوسے لگا کر سامنے
سر نکالتی شہتوت کی شاخوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتا۔ اسے یہاں بیٹھے
کتنی ہی دیر ہو چلی تھی۔ سال ڈیڑھ بعد آج ادھر آ نکلا تھا۔ کبھی وہ زمانہ تھا کہ بڑی ڈھیری سے گھر کے
راستے میں ہی لڑکھنیاں کھاتا رہتا۔ کبھی اماں کے پیچھے پیچھے۔ کبھی بہن کے
ساتھ گھسٹتا ہوا۔کبھی ابا کے کاندھے پر سوار۔
لیکن اتنے وقت سے وہ بڑے شاہ
کی دیوڑی کا پتھر ہو کر رہ گیا تھا۔ وہیں پڑا رہتا، میلا کچیلا، گندہ مندہ،
زائرین کی ٹھوکروں میں، مریدین کی جوتیوں
پر۔ نہ کھانے کا ہوش نہ پینے کی سدھ۔ کبھی کسی نے جھلا سمجھ کر کچھ سامنے لا دھرا تو دو چار لقمے منہ میں
دے کر جگالی کرتا رہتا۔
سامنے اس کا مکان تھا۔ جس کی چھجے اور صحن اماں بڑی محنت اور محبت سے لیپا
کرتی تھی۔ چھت زمین سے آ
ن ملی ہوئی اور شہتیر ،بالے ندارد
۔ پچھواڑے کی دیواریں اکھڑی ہوئی اور پتھر غائب۔شاید گائوں والوں میں کوئی باپ کا مال سمجھ کر اٹھا
لے گیا تھا۔ سڑک
تازہ تارکول کی چمک سے کسی مالذادی کی مانند چھاتی تانے نیچے
موڑ میں اتر رہی تھی۔ غالبا عرس کے لئے تیار ہوئی تھی
یا پھر ووٹوں کا زمانہ قریب تھا اس لئے
مہمانوں کی خاطر نویں نکور کردی
گئی تھی۔
جب پرانے رستے پر بڑے شاہ
نے سڑک نکالنے کی ٹھانی تو اسی رستے کو ہموار کرنے کا طے ہوا جو اس کے پڑدادا
نے پیر شاہ کی گھوڑی واسطے بنایا تھا۔ اس کی اماں بتاتی تھی کہ پڑدادا نے یہاں سے لے کر بڑی
ڈھیری تک سارا رستہ اکیلے سیدھا کیا تھا۔
تیلو اور اس کی بہن نے ابا
سے ات ضد کی، لیکن وہ بے چارہ کیا کرتا۔
اسے تو بڑے شاہ کا حکم بجا لانا تھا، چاہے
باغیچے بجائے اس کے اپنے پھولوں کی قربانی ہی دینی پڑتی۔ سڑک ان کے پچھواڑے سے ہو کر گزرنی تھی۔
جہاں دونوں نے مل کر گل عباسی کے بےشمار پودے لگا رکھے
تھے۔ خرگوشوں کی موریاں بھی بیچوں بیچ
تھیں۔ جن کے اندر روئی کے گالوں جیسے بہت سارے بچے موجود رہتے۔ ایک طرف چنبیلی کا بڑا سا
پیڑ اپنی بہار دکھلاتا۔ اور
اس قطعے کے آخری سرے پر آم کے چھتنار پیڑ ان کی گرمیوں میں کھیلن کو سایہ فراہم
کرتے۔ پھدکتی گلہریاں، چہکتے پرندے ، رٹتے توتے یہی تو ان کے کھلونے
تھے نیچے والی تھوڑی سی ہموار زمین پر ایک کمرہ چھت کر جانوروں کے رہنے جوگا بنایا گیا تھا۔ یوں ان
کی آم پر
ٹنگی پینگ کا لمبا ہلارہ لیتے نیچے ڈھلوان میں گرنے کا خدشہ بھی ختم ہو گیا
تھا۔
ایک سیدھ میں مکان کے چار کمرے، دائیں طرف چولہانہ اور اس
کے پیچھے مرغیوں کا بڑا پنجرہ، جس کے ایک حصے میں
باوجود اماں کی مخالفت ،اس نے درجنوں گلابی، نیلی، پتھری ، پیلی آنکھوں والے کبوتر
پال رکھے تھے۔ کبوتروں کے شوق میں ابا اس
کا سانجھے دار تھا۔ گائوں کی باقی تیس
بتیس مکان آدھ میل پرے تھے ۔ درمیان پھلاہی اور شیشم کا گھنیرا جنگل پڑتا ۔ نیچے کی ڈھلوان پتھریلی تھی۔
آدھے رستے تک اکا دُکا چیڑ وادی کی پہرہ داری
کرتے نظر آتے۔ پہاڑی چشموں کا سارا
پانی چھوٹی چھوٹی کَسیوں سے ہوتا ہوا بڑی
ڈھیری سے زرا پہلے جوبن میں آ جاتا۔ پتن بڑی
ڈھیری کے قریب بل کھاتا دوسری طرف مڑ جاتا جیسے رکوع میں جھکا جا رہا ہو۔
سارا علاقہ "بڑے شاہ " کا مرید تھا۔ چار پانچ پشتوں سے بڑی ڈھیری
آباد تھی۔ مزار میں لیٹے پیروں کی کرامت نے زندہ وارثوں کا شِملہ اونچا رکھا ہوا
تھا۔ بڑے شاہ ،چھوڑ ،جب ان کے پوتے بھی راستے میں نکلتے تو چلنے والے گھوڑی کی سموں کا غبار بیٹھنے تک ہاتھ باندھے
کھڑے رہتے۔ گھروں
میں چارپائی تک کی پائینتی بڑی ڈھیری کی طرف نہ کی جاتی۔ اس کا ابا بڑی
ڈھیری پر مٹھائیوں کی دوکان کرتا تھا۔ بتاشے،
مکھانے، نگدیاں، سنگترے وہ جیبیں
بھر بھر کھاتے رہتے۔ درگاء پر آنے جانے والوں کا جھمگٹا رہتا۔ عید، شبرات پر ہجوم دوگنا ہوتا اور بڑے عرس پر
تو دور دور سے لوگ آتے۔ جھولے لگتے، ٹھیلے سجتے۔ بٹیر لڑائے جاتے، مرغے ٹھونگے مار
مار اک دوجے کو لہو لہان کرتے ، تن آور جسموں، اونچے کوہانوں اور تیز نوکدار
سینگوں والے بیل طویل کھیتوں میں دوڑ لگاتے ، کتوں کی لڑائی میں
چھوٹے کتے بڑے کتوں کے کان کتر جاتے۔رنگ برنگی چوڑیوں کے تھال سجتے اور گوریاں ،کلائیوں پر چوڑیاں چڑھاتے دل سینوں سے باہر کھینچ لیتیں۔
اور پورے سال میں آمدن
کے بعد واحد خرچہ جو شاہوں کی جیب
سے نکلتا سونے کے پانی میں ڈھلے وہ تاج جو
جیتنے والے مقابلہ بازوں کے سر وں پر رکھےجاتے۔ تیلو کا ابا
فقط کبوتر اڑاتا۔ اس کا کہنا تھا
بے زبان جانوروں کو لڑا کر ،؛ ان کا لہو نکال کر گناء ملے گا۔مقابلے میں حصہ لینے
والے ہر سال اس آس امید پر اپنے کبوتر فضا میں چھوڑتے کہ شاید اب کی بار تیلو کے
کبوتر جلد تھک کر چھتری پر جا بیٹھیں گے
تیلو کا ابا ہر سال جیت
کا تاج سر پر سجا کر لاتا اور تیلو اپنے پیروں پر چلنے کے قابل ہوا تب سے تاج اس کے سر سجنے لگا تھا۔ کیسا سرشاری والا لمحہ ہوتا جب مقابلے کا آخری کبوتر بھی فضا میں تاڑتے بہریوں، ندروں سے بچ بچا، ہانپتا
کانپتا، قلابازیاں کھاتا کسی چھتری پر آ بیٹھتا۔ اور تیلو کے رنگلے رتے,روجھے لال سرےکبوتر دور فضا میں قلقلاتے ہوئے پر پھڑپھڑا
رہے ہوتے۔ پھر تیلو لوگ ہاتھ ہلا ہلا کر اپنی ڈار کو واپسی کے لئے
آمادہ کرتے۔ غول غٹر غوں کرتا ، پر پھڑپھڑاتا معبد کے
اوپر سے چکر کاٹتا، ایک ایک کر کے کبوتر
چھتریوں پر آ بیٹھتے۔ زائرین کے تالیوں، نعروں اور واہ ، شاباش کے شور
میں آب زر والا تاج تیلو اپنے ننھے سر پر جمائے گردن اکڑا لیتا۔ اب کی بار تو میلے کی رونقیں دوگنی اور ھجوم بڑھ کر ہونا تھا کہ عرس
کی تاریخوں سے کچھ دن قبل ووٹ بھی ڈلنے
تھے ۔ اس لئے خاص تیاری
واسطے تیلو کے ابے نے بادام گری،سُچے
موتیوں، عنبر ، زعفران اور پستے سے کبوتروں
کے لئے کشتہ تیار کیا۔ تیلو روز نور تڑکے
ان سات بازی کبوتروں کو علیحدہ نکال کر گولیاں کھلاتا، اور سب سے نظریں بچاتے آملے کا تیل ان
کے پروں پر مل دیتا۔ ابھی پچھلے
ھفتے اماں اسے بخار، درد میں آملے کی
کڑھی بنا کر پلاتی رہی اور
بدن تیل میں چپڑ تے اسے سمجھاتی کہ
تیل کی مالش پٹھوں میں چستی پیدا کرتی ہے-
ہوائیں بے
موسمی سرد ہو رہی تھیں۔ خنکی ھڈیوں میں
جذب ہو جاتی ؛ پالا مردوں کے پسلیوں میں کپککپاہٹ طاری کر دیتا اور برودت سے ڈری عورتیں اوڑھنیوں پر ہاتھ مزید
مضبوط کر لیتیں۔ ڈور ڈنگر اندرونی طویلوں میں منتقل ہو گئے۔ بستی کے کُتے بھی ،
بجائے بھونکنے بس چوں چوں ہی کرتے رہتے جوں ان کے گلے میں تریل جم گئی ہو۔ ارد گرد
گیدڑ، لومڑوں کی بولتی بند تھی۔
سورج جوں ہی سامنے کو چوٹی سے پرے
ہوتا ، چولہانوں سے دھواں اٹھنے لگتا۔
کثیف، گاڑھا، دھواں، عجیب شکلیں بناتا ،ہوا کے سنگ لہراتا دھواں۔ گائوں کی
مسجد سے موذن کی آواز گونجتی یا مرغوں کی بانگ سنائی دیتی۔ اور تیلو کے پچھواڑے
کبوتروں کی غٹر غوں۔
ابے نے مٹھائیوں کے لئے زیادہ مال منگوا لیا تھا۔ ڈھیری پر
ٹھٹھ تو ابھی سے لگنے لگا تھا۔ جیپوں کا ، لمبی کاروں کا، اور بسوں
ٹریکٹروں میں ارد گرد کے گائوں دیہات سے لوگوں کی آمد ہوتی
رہتی۔ ڈھول کی تھاپ، ٹولیوں کا رقص۔ ماحول
پر میلے کے شوق سے زیادہ ووٹوں کا جوش
غالب تھا۔ بڑی بڑی چمکتی گاڑیاں ، حکومتی اھلکار اور سرکار کے لوگ جب دھول اڑاتے تیلو کے پچھواڑے سے گزرتے تو وہ
شام گئے تک کبوتروں کے پروں سے پھونکیں مار مار
مٹیالہ رنگ ھٹاتا رہتا۔ مقابلے کا تو سوال ہی نہ تھا کہ شاہوں کے سامنے کون
کھڑا ہوتا مگر دھوم دھام اور دھاک بٹھانے کو ھلہ گلہ بھی لازم۔ شاہوں کے اپنے جتھے
دار کچھ کم نہ تھے لیکن نہروں سے منڈاسوں والی ٹولیاں بھی آ گئی تھیں۔
ڈھیری پر اٹھنے بیٹھنے والے بتاتے
نئے آنے والوں میں زیادہ تر ان
مفروروں کے سگے ، قرابتی ہی ہیں جو سال کا بیشتر مہینے ڈھیری کے اوطاقوں میں یا آس پاس کے دیہات میں
گزارتے ۔ لوگ ان مفروروں کی موجودگی سے سہمے سہمے رہتے ، چوپالوں
، چولہانوں میں ان کے متعلق بے شمار عجیب وغریب کہانیاں مشہور تھیں۔
بھینس لاٹھی والوں کے
باڑے ہی سجتی، سو ووٹ پڑے
اور ڈھیری والے بن گئے۔ پہاڑیاں
گولیوں کی آوازوں سے تڑتڑ کر اُٹھیں۔
رات کو ایسا چراغاں ہوا کہ علاقے والے پچھلے سبھی الیکشنوں، عرسوں کو بھول گئے۔
لڈیاں بھنگڑے، نچنیاں، گویے، ڈھول، بانسری؛ شاہ ساب کے
حکم پر مہمانوں کے لئے خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔
دھن کی پیاس، جوف کی بھوک کے ساتھ شب باسی کا بندوبست کیسے
چھوٹ سکتا تھا۔ لیکن اب کی بار شاید مہمانوں کی گنتی زیادہ تھی ۔
ووٹوں کے دوسرے دن جب جشن
منانے والے ابھی سو رہے تھے۔
قریبی محلوں سے بین اٹھنے لگے۔ رات کو عجیب آندھی چلی تھی۔ سیاہ بگولوں والی۔ گھمن گھیری
میں کیا کچھ اٹھک پٹخ ہوئی! بستی والوں کو بس دو بچیوں کی اوڑھنیاں ہی مل
سکیں۔ پھر بگولوں کی عادت ہی بن گئی۔
کبھی کسی کا بیل اڑ گیا، کبھی کسی کی بھوسے میں آگ لگی۔ کہیں عورتوں کی نچڑی لاشیں
ملیں کہیں مردوں کے ادھ کھائے جسم۔
بستی والوں کے سیانوں نے حساب لگایا؛ آئینہ پکڑا معصوم بچوں کو بٹھایا؛ فال نکالے؛ اور پتا
کرایا کہ بگولے دن میں بڑی ڈھیری کے اوطاقوں میں جا سوتے ہیں۔ مگر مجال کس کی جو شاہوں کی ڈھیری سے کسی کو جگا پائے۔
بستی والوں نے آواز
اٹھائی، شور مچایا، غصہ دکھایا۔ پنچائیت
بلائی گئی، پریا بیٹھی ، اور جوانی کی گرمی والے جوان لڑکوں نے منڈاسے والوں کی طرف
ٹیڑھی آنکھوں سے دیکھا۔ بڑی ڈھیری والوں
کو یہ بات بہت ناگوار گزری۔ بات تو تکار
تک پہنچی۔ اور پنچائیتی کھاناپینا کر کے
اٹھ آئے۔
اس رات بستی کے کچھ
گھبرو ، ٹیلو ںمیں جا بیٹھے۔ سویرے ایک
بگھیاڑ کی لاش نالے سے ملی، اس کے چہرے پر
سیاہ منڈاسا بندھا تھا۔
پھر معمول بن گیا۔
کبھی کوئی بستی والا بگولے میں اڑ جاتا
اور کبھی کوئی منڈاسے والا بگھیاڑ مارا
جاتا۔
ڈھیری والوں کے لئے یہ معاملات ناقابل برداشت تھے۔ پنچوں کو
پیغام بھجوایا گیا، پریا بیٹھی اور دھمکی لگائی گئی۔ لیکن گرم خون کو بڑھاپے
کا تجربہ کب راس آتا۔
پانچ سات منڈاسے والوں کی موت ہوئی تو ڈھیری والوں کا ماتھا
ٹھنکا۔ بستی والوں کو سخت پیغام بھجوائے
گئے۔ اور شدید نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔ مگر بات سیانوں کے ہاتھوں سے نکل کر
دیوانوں کے تک جا پہنچی تھی۔
شہر سے پولیس منگوائی گئی اور بستی کا گھیرائو کر لیا گیا۔
بہت سارے مرد عورتیں گرفتار کر لئے گئے، کچھ آگے پیچھے کو کھسک لئے۔ کچھ نالوں میں
اتر گئے اور کچھ پہاڑوں پر چڑھ گئے۔ تیلو
کا ابا اپنا مکان چھوڑنے کو تیار نہ تھا۔
کسی طرح اس نے اپنے تعلقات والوں کے زریعے صفائیاں پیش کر کے امان حاصل کر
لی۔ مگر سکون کچھ دن ہی رہ سکا۔ ایک شب
تیلو کی اماں اور بہن غائب ہو گئیں۔ تیلو کا ابا بڑی ڈھیری کی طرف فریاد لے کر
بھاگا اور بس اتنا پتا چل سکا کہ اس کا پیر پھسلا تھا اور وہ تیل والے کڑا میں گر
کر پکوڑا ہو گیا۔
بستی میں اکا دکا جی ہی باقی بچے تھے جو بڑی ڈھیری والوں کی
نظر میں نمک حلال تھے مگر ڈر ان کی لبوں پر
بھی سوکھے میں پپڑیوں کی طرح جما ہوا تھا۔
اس دن بھی تیلو دروازے میں مڑا چڑا ایک کپڑے میں لپٹاتھا جب
کسی زائر کی ٹھوکر سے بلبلا اٹھا۔ وہ اٹھ کر اس طرف کو نکل آیا جہاں زائرین کے لئے
دیگیں پکتی ہیں۔ دیر تک ایک چولہے کے پاس بیٹھا آگ تاپتا رہا۔
پھر نجانے دل میں کیا سمائی مٹھی بھر کر دیگ
میں ابلتے سالن میں ڈال کر بھاگ
کھڑا ہوا۔ باورچی گالیاں بکتا رہ گیا اور تیلو دور کھڑا
ہوا کر اس کا منہ چڑانے لگا۔
پھر وہ روتا بلکتا اپنے مکان کی جانب جانکلا۔
سڑک سے بندوق برداروں سے لدی جیپ زوں زوں کرتی
گزری۔ تیلو نے جلدی سے دو ڈھیلے
مٹی کے اٹھائے اور جیپ کے پیچے بھاگا جو
موڑ مڑ کر دور جا چکی تھی۔ غوں غاں کی آوازیں نکال کر اس نے ڈھیلے دھول کے پیچھے پھینک دئے
ہوا تیز چلنے لگی۔
اوپر گزرتے بادلوں نے پانی کا ھلکا
سا چھینٹا پھینکا جوں پیار سے پوچھتے ہوں! اوئے ٹیلو ، کیا چپ کر کے بیٹھا ہے۔
اماں شام میں آٹا
گوندھ کر ٹیلو کے چہرے پر انگلیوں سے
نچڑتا پانی پھینکا کرتی۔ " میرا شیں
، اٹھ کبوتر بند کر کے چولہانے میں آ جا۔
اور تیلو کی بہن بھاگتی جا کے کبوتروں کو آوازیں نکال پنجرے
میں بند کر تی۔ تیلو کے ہاتھ دھلا ،
چولہانے میں جا بٹھاتی۔
اماں توے سے روٹی اتارتی
اور بہن شوربے میں چوری کوٹ، نوالے اس کے منہ میں ڈالے جاتی۔ کبھی ابا جو مغرب میں پہنچ آتا تو ان کا
کھانا جلیبیاں،مٹھائیاں ہی ہوتیں۔
ماحول میں خنکی بڑھ رہی تھی۔ ٹیلو کو سردی کا احساس ہو رہا
تھا۔ وہ اٹھا اور نیچے اکھڑے صحن کے کونے میں جا لیٹا۔ اپنے گھر کے
کونے کھدرے بھی ماں کی گود جیسے ہی ہوتے۔ اسے
نیند نے آ لیا۔
نگوڑا کے دیر سویا، پھر کسی گاڑی کی چنگاڑ نے جگا دیا۔ پکی سڑک سے دھول تو نہ اٹھی لیکن دھواں اس کے
نتھنوں میں بھر گیا۔ وہ اٹھ کر سڑک کی جانب بھاگا، گاڑی موڑ مڑتی یہ جا وہ جا۔ وہ واپس صحن میں آ بیٹھا۔ ارد گرد ایک پرحول
سناٹا اور جھینگروں کا سیاپا تھا۔ نہ کبوتروں کی غٹر غوں ، نہ مرغوں کی بانگیں، نہ ممتا کا سراپا، نہ بہن
کا بہناپا، نہ باپ کا پہلو، بس تیلو کا
اکلاپا۔
جھاڑیوں میں آواز پیدا ہوئی تو وہ ادھر کو بھاگا اور جھانک کر دیکھنے لگا شاید کوئی خرگوش ہے۔
ایک جھاڑی میں کسی پرندے کا گھونسلہ اور انڈوں پر نظر پڑی
تو اسے اپنے کبوتر یاد آ گئے
اس کی رال پھر بہنے لگی۔ لبوں سے بھی اور شاید آنکھوں سے
بھی۔
وہ اٹھ کر مکان کے پچھواڑے والی سڑک پر جا لیٹا۔ بارش کی بوندیں دھیرے دھیرے تیز ہو ری
تھیں ہوا کی ٹھنڈک بڑھ گئی تو وہ کانپنے لگا۔ اسے مثانے میں سہرن محسوس ہوئی تو اٹھ کر آم کے
پیڑ کے نیچے آن کھڑا ہوا جہاں کبھی وہ بہن کے ساتھ اس بات پر لڑائی کرتا تھا کہ
پہلے کون پینگ کا ھلارا لے گا۔ نیچے وادی میں درخت بین کرتی چڑیلوں کی طرح دکھائی دے
رہے تھے۔ دور بڑی ڈھیری پر روشنیاں پھیلی ہوئی تھیں۔ بستی کی جانب سے گیڈڑ اور لومڑ آوازیں نکالتے تو ماحول آسیب
زدہ ہو جاتا۔ تیلو نے قمیص کا پلو اٹھایا اور مثانہ خالی کرنے لگا۔ تیز ہوا کے
جھونکے بڑی ڈھیری کی جانب دوڑ رہے تھے۔