منگل، 12 مارچ، 2024

یہ نعرے بس چند کے ہیں؟

آنٹیوں کی تصاویر، بچیوں کے بینروں لڑکیوں کے پوسٹروں، خواتین کے نعروں اور بابے بے نکاحے کے گندے مطالبے پر تبصروں تجزیوں سے فرصت ملنے کے بعد اپنی منجی کے نیچے ڈانگ ضرور پھیرنی چاھیے. سب گند قالین کے نیچے چھپانے کے بعد '' اسلام خواتین کو حقوق دیتا ہے'' کا سچا نعرہ بلند کرنے سے یہ سوال ختم نہیں ہو جاتا کہ ''اس معاشرے کا مسلمان خواتین کو کیا حقوق دیتا ہے اور ان سے کیا سلوک کرتا ہے. انہیں کس نظر سے دیکھتا ہے. انہیں کتنی عزت اور احترام دیتا ہے.. اور اگر آپ ان سوالات کے بعد آئیں بائیں شائیں کرنے میں عافیت جانتے ہیں تو جان لی جیے اک سراب، حسین سراب کا رستہ کھل چکا، چاھے پیسے کے بل بوتے پر، چاہے این جی اوز کے گندے کھیل کی بدولت چاہے شیطان کے پیروکاروں کی شبانہ و روز محنت کی وجہ سے. دجال کی جنت آئینہ نما ہے اور عوام '' اس معاشرے کے مسلمانوں کے تپائے ہوئے تندور کی تپش سے تپی اس سراب کو بھاگے جانے کے لیے تیار!!!! شراب کی نہر اب گلیوں میں بہے گی اور اس مہ نوشی سے اگر نسلوں کو بچانا ہے تو ان کے لئے حلال شربتوں کا انتظام کرنا ہو گا نا کہ فقط قلقل کے آوازوں سے جی بہلے گا. پتنگوں کو آگ سے بچانا ہے تو نبی مکرم کی فقط باتیں ہی نہیں کرنا اسوہ کو بھی اپنانا اور اس کی ترویج کے لیے اتنی ہی محنت لگن ٹرینڈز سٹیٹس تحاریر تجزیات کی ضرورت ہے جتنی اس سب تماشے پر تالیاں بجانے اور ھوٹنگ کرنے میں لگی. اعتراضات کے جواب میں امریکہ یورپ کے اعداد و شمار نکال لانا، اور اسلام کے بیان کردہ حقوق کا نعرہ بلند کرنا ان زخموں کا مداوا نہیں بن سکتا جو اس سماج نے عورت کو لگائے ہیں. '' ہمارے ہاں اتنا نہیں ہوتا، ہماری عورت محفوظ ہے، مسلمانوں پر تنقید نہیں کرنا، میڈیا زیادہ دکھاتا ہے، این جی اوز کا پروپگینڈہ ہے، بدنام کرنے کی سازش ہے... یہ سب باتیں اک تجاہل عارفانہ ادا تو ہو سکتی ہیں لیکن مسئلے کا حل نہیں. یہیں مختاراں مائی ہے یہیں زینب بھی ہے یہیں تیزاب سے جھلسے چہرے، تشدد سہتی عورتیں. ابیوز کا لمحہ لمحہ شکار بچیاں جنہیں فقط صبر کی تلقین، خاموشی کا سبق اور غیرت و حقوق کا جھنجنا پکڑایا جاتا ہے. اگر کبھی لبرل آنٹیو‌ں کے رولے سے نکل کر، کالج یونیورسٹی کی میڈیا سے متاثرہ بچی کے ملحدانہ اطوار سے آگے بڑھ کر گائوں دیہات کی کسی خاتون سے گفتگو کا موقع ملے تو جانیے گا کہ سماجی نالے کہ بدبو سے ناک سکیڑے لڑکی خدا، مولوی، اسلام اور مسلمان کو کتنی گندی گالی دیتی ہے. اور کبھی جان سکیں کہ اس کے اندر کیا لاوہ ابل رہا تو توبہ کر اٹھیے گا اس کے باغیانہ افکار کے الائو کے سامنے ان لبرل آنٹیوں کے نعرے کچھ بھی نہیں. کچھ بھی نہیں. عمران اسلم نشر مکرر

Flickr