پیر، 22 ستمبر، 2025

شکریہ کلائینٹ!


عمران بھائی بس مجھے ویٹ لاس کروا دی جئے اور سگریٹ بھی چھڑوانے ہیں! پانچ ماہ تک میری شادی طے ہو جانی۔ اور میری حالت آپ محسوس کر سکتے ہیں۔


ان شاۃ اللہ ہم مل کر اس پر کام کریں گے اور آپ کے سگریٹ مسئلہ نہیں سگریٹوں میں بھرا بارود پرابلم ہے۔ میں نے مزاحیہ انداز میں اس جوان انجینر کو ہتھیلییاں مسل کر اشارہ کیا۔ دو بار کال پر گفتگو کے بعد اس ستائیس سالہ جوان کے ساتھ اتنا یارانہ ہو چلا تھا کہ اس سے کھل کر بات چیت کر سکوں۔ نہر کنارے لمبی واک کے بعد اب ہمارا رخ اس کے گھر کی طرف تھا جہاں وہ بغیر تلے مچھلی پکانے کا کہہ کر آیا تھا۔

اس دن جوان کی نوے دن کی گول سیٹنگ میں ہم اپنے زاتی دماغ کی ٹیوننگ بھی کر چکے تھے کہ ڈھیل ڈھول ہمارا بھی بدلائو کا متقاضی ہے۔ سو تحریر لکھ دی تاکہ سند رہے اور بوقت ضرورت کام آئے۔ کہ کوچ کا اپنا تو ڈیڑھ دو مہینے میں سات کلو کا وزن کوچنگ کی نذر ہو چکا۔


باقی کی کہانی بھی دلچسپ اور سکھانے والی ہے۔ لیکن فی الحال کا مدعا یوں ہے کہ ہم اس کلائینٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں جس نے اپنے غم کو ہمارا غم بنا کر ہمیں بھی ـراہ لگا دیا۔ کہ مہینہ ہونے کو ہے اور مدت مدید بعد ہمیں چلنا یوں پیارا لگنے لگا ہے جیسے راستے درِ محبوب کو لئے جاتے ہوں۔


رومی نے اسی لئے کہا تھا ناں!


"ای بسا کارا که اول صعب گشت

بعد از آن بگشاده شد سختی گذشت"

پہلے پہل مشکل معلوم ہونے والے کام، سختیاں، دشواریاں برداشت کرنے کے بعد آسان تر ہوتے جاتے ہیں۔


آپ بھی اپنی زندگی کے کسی زاوئے کی گولائی موٹائی سے پریشان ہیں؟


Imran Aslam

Mindset C🙂ach


#mindsetcoach


#LifeTransformation


#QuitSmokingJourney


#weightlossgoals


#positivechange

ہفتہ، 6 ستمبر، 2025

سماج جب تنزل پذیر ہوتا ہے

سماج جب تنزل پذیر ہوتا ہے تو پستی ہر ہر گوشے میں در آتی ہے۔ اخلاقی اقدار کھاٹ پر پڑے کھانستے ہوئے جان بلبی کا استعارہ بنی ہوتی ہیں اور معاشرتی اقدار کہیں بے سہارا و بے آسرا بوڑھے کی مانند اوندھے منہ گری ہوتی ہیں۔ نفسیات میں پیوست اس اوتلے پن کے ساتھ جب ہم رشتوں کے اجلے چشموں میں ہاتھ ڈالتے ہیں تو اس صاف شفاف پانی کو بھی گدلا کر دیتے ہیں۔

سوشل میڈٰیا پر آئے روز پھیلی اخبار اس بابت سماجی کمزوری کی نشاندھی کرتی ہیں۔ رشتوں کے نبھانے میں جہاں ہم کمزور ثابت ہو رہے ہیں، وہیں تعلقات کے معاملات بھی سبھائو سے سلجھانے کے بجائے الجھائو کا شکار ہیں۔

جہاں تعلق کی اگ سمانے چڑھی گڈی بو کاٹا ہوئی، ڈوری لپٹنے سے قبل اک دوجے پر زبانی نگارشات کی بارشیں شروع ہو جاتی ہیں جو بڑھتے بڑھتے اک اور درجے کے جھگڑے، تکلیف، زہنی اذیت اور معاشرتی بے عزتی کا باعث بنتی ہیں۔

پھر یوں کل کل اسٹارٹ ہوتی ہے کہ سلمان گیلانی کو بھی کہنا پڑتا ہے۔


کیوں لیا تھا مرا دل دل مجھے واپس کر دے

چھوڑ یہ روز کی کل کل مجھے واپس کر دے

رشتوں میں سرمایہ کاری، چاہے اخلاقی، ہو معاشی ہو، نفسیاتی ، جذباتی ہو ازحد ضروری ہوتی ہے۔ مسئلہ تب بنتا ہے جب سرمایہ کارجتلانا، بتلانا، اور گننا شروع کر دے اور وہ رشتوں کو بھی بزنس سمجھنے لگے کہ سود سمیت وصولنا ہے۔ جبکہ وصول کنندہ اپنا ازلی حق سمجھتے ہوئے ڈکار مارے بغیر ہضم کر جائے۔ پھر رولا تو ہونا ہی ہوتا ہے۔

اچھی مس ہے کوئی مس کال نہ میسج کوئی

اپنی سم لے لے موبائل مجھے واپس کر دے


لینڈ لائن سے کیا کرتی تھی کیوں غیر کو فون

جو ادا میں نے کئے بل مجھے واپس کر دے


اس سب سے بڑھ کر اصل خرابی والدین، اولاد، بہن بھائیوں، دوست احباب اور زوجین کے مابین اختلافات کی صورت ابھرتی ہے۔

جب ان رشتوں میں سے ناراضگی، خفگی کی شدت پر اک دوجے پر بار ڈالا جاتا ہے۔


ایسی صورت حال ہر شخص کی زندگی میں کبھی نہ کبھی در آتی ہے، تعلیمات سے سیکھنا یوں ہوتا ہے کہ رب رحمان فرماتا ہے۔

یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تُبْطِلُوْا صَدَقٰتِكُمْ بِالْمَنِّ وَ الْاَذٰىۙ

اے مومنو! اپنے صدقات گنوا گنوا کر اور تکلیف پہنچا کر ضائع نہ کرو۔

لیکن ہمارا حال یوں ہوتا ہے کہ


جس نے کچھ احساں کیا اک بوجھ سر پر رکھ دیا

سر سے تنکا کیا اتارا سر پہ چھپر رکھ دیا


 یہ آیت صرف مالی صدقات تک محدود نہیں بلکہ ایک عظیم نفسیاتی اور سماجی اصول ہے۔ جب آپ کسی رشتے میں محبت، وقت، قربانی یا مال کی صورت میں انویسٹ کرتے ہیں تو اگر آپ اس کو بار بار جتلائیں گے تو آپ نے اپنے ہی ہاتھوں اس روشنی کو دھندلا کر دیا۔ ـ گنوائو انسان "ایموشنل کانٹریکٹ" کو توڑ دیتا ہے۔ نفسیات کے اصول کے مطابق ہر تعلق میں ایک غیرمرئی معاہدہ ہوتا ہے، ایک ایسا وعدہ جو زبان سے ادا نہیں کیا جاتا مگر دلوں میں باندھا جاتا ہے کہ "میں تمہیں اپنی محبت دوں گا اور تم اسے سنبھالو گے"۔ جب کوئی شخص اس وعدے کو بار بار یاد دلاتا ہے تو دراصل وہ تعلق کی جڑوں کو کاٹ رہا ہوتا ہے۔


دوسری طرف لینے والے کی صورتحال بھی ابتر ہی ہوتی ہے اور وہ بھولا بیٹھا ہوتا ہے۔

 لا يشكر الله من لا يشكر الناس"

رب کو اپنی شکر گزاری کے ساتھ سبب بننے والے انسانوں کی ممنونیت بھی مطلوب ہے۔


تجربات بتاتے ہیں کہ رشتے جب ختم ہو جاتے ہیں تو اکثر لوگ پرانے احسانات کو ہتھیار بنا لیتے ہیں۔ یہ رویہ نفسیاتی طور پر "ری ٹراماٹائزیشن" 

 ہے، یعنی چاچے کے الفاظ میں ناخن بازی ؛ زخم کو بار بار کھرچنا۔ اسلامی تعلیمات یہاں بھی واضح کرتی ہیں کہ رشتہ ٹوٹنے کے بعد احسانات کو یاد کرنا، جتلانا یا ان کا مطالبہ کرنا نہ صرف اخلاقی طور پر پست ہے۔ بلکہ روح کو بیمار کر دیتا ہے

 قرآن نے فرمایا:

 "وَلَا تَنسَوُا الْفَضْلَ بَيْنَكُمْ" 

 آپس کے فضل و کرم کو مت بھولو۔ اس آیت کا سیاق و سباق گو طلاق کے موقع پر ہے، مگر اس میں ایک ہمہ گیر اصول پوشیدہ ہے: تعلق ختم ہو جائے تو بھی ماضی کے خوبصورت معاملات، آپسی خوشگوار لمحات کو یاد رکھو، اس پر احسان مت جتاؤ ۔ جو لیا دیا گیا۔ لینے والے کو کہا گیا واپس کرنے کی ہمت پیدا کرو، دینے والے کو کہا گیا اعلی ظرفی دکھائو اور بھول جائو۔


نفسیات کہتی ہے کہ انسان کا ذہن "ایموشنل بینک اکاؤنٹ" 

کی طرح ہے۔ جب آپ کسی پر وقت، محبت، خیال یا مال صرف کرتے ہیں تو آپ اس کے اکاؤنٹ میں ڈپازٹ کرتے ہیں۔ لیکن اگر آپ ہر وقت اسے یاد دلائیں گے تو دراصل آپ وہ ڈپازٹ واپس کھینچ رہے ہیں۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ اکاؤنٹ خالی ہو جاتا ہے اور تعلق تیر بن کر دل و دماغ میں ترازو رہ جاتا ہے۔ اس کے برعکس، اگر آپ بھول جائیں اور دوسرے کے دل میں شکر گزاری باقی رہے تو وہ باہمی احترام، انسانی ظرف اور مرہم کا کام کرتا ہے۔

احسان وہی ہے جو چھپایا جائے، اگر ظاہر ہو جائے تو تکلف بن جاتا ہے" 

۔ یہ قول نفسیاتی سچائی کے عین مطابق ہے۔ جب احسان جتلایا جاتا ہے تو سامنے والا

خود کو مقروض محسوس کرتا ہے، اور مقروضیت محبت کو کھا جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے

کہ اسلام نے کہا کہ دینے والا بھول جائے تاکہ لینے والے کے دل میں محبت باقی رہے۔

رشتوں کی دنیا میں "ایموشنل انویسٹمنٹ" سب سے نازک سرمایہ ہے۔ جب والدین اپنی اولاد کے لئے اپنا سکون تج دیتے ہیں، جب بیوی شوہر کی مشکلات میں صبر کرتی ہے، جب دوست مشکل وقت میں دست و بازو بنتا ہے — یہ سب محبت کی کرنسیاں ہیں۔ لیکن ان کرنسیوں کو سنبھالنے کا اصل اصول یہی ہے کہ دینے والا بھول جائے۔ اگر والدین اپنی اولاد کو ہر لمحہ جتاتے رہیں کہ ہم نے تمہارے لئے یہ کیا وہ کیا، تو اولاد کے دل میں محبت کے بجائے بوجھ بیٹھ جاتا ہے۔ اگر شوہر ہر وقت بیوی کو یاد دلائے کہ میں نے تمہارے لئے یہ قربانیاں کیں، تو بیوی کا دل مقروض ہو کر محبت کھو دیتا ہے۔


محبت کی شمع جلتی ہے تو دھواں نہیں اٹھتا، پھر محبوب کے ساتھ بتایا گیا وقت، نچھاور کئے گئے جذبات، لٹایا گیا مال و دولت، ان سب کی کڑواہٹ دلوں میں لے کر کیا کرنا ہے؟

بار بار یاد کروائے گئے احسانات دلوں و بوجھل کر دیتے ہیں۔

اور بھولی ہوئی دوسروں کی نیکیاں اپنے دماغ کو دھندلا دیتے ہیں۔


اگر ہم اپنی سماجی زندگی پر نگاہ ڈالیں تو ہمیں ہر روز اس اصول کی خلاف ورزی نظر آتی ہے۔ میاں بیوی کے جھگڑوں میں اکثر یہی کہا جاتا ہے: "میں نے تمہارے لئے یہ کیا اور وہ کیا، تم نے بدلہ نہیں دیا۔" والدین اولاد سے شکایت کرتے ہیں کہ "ہم نے تمہارے لئے سب کچھ قربان کیا اور تم نے ہمیں بھلا دیا۔" بہن بھائی انہین بنیادوں پر دشمنی کے بیج بوتے ہیں۔ یہ جملے بظاہر جائز شکوے لگتے ہیں مگر دراصل یہ نفسیاتی زہر ہیں جو رشتے کی جڑوں کو کھوکھلا کرتے ہیں۔

جوں یہ معاملات تعلق کے ہوتے ہوئے بوجھل پن کا احساس دلاتے ہیں ، اس سے بڑھ کر تعلق ختم ہونے کے بعد احسانات کا حساب لینا ایسا ہی ہے جیسے کسی سوکھے درخت سے پھل مانگنا۔ اسلام نے اسی لئے منع کیا کہ پرانے احسانات کو یاد کر کے بار بار ذکر نہ کرو۔ یہ دل کو بیمار کرتا ہے، دماغ کو زہر آلود کرتا ہے ۔ سماج کو بچانے اور سنوارنے کا اصول یہی ہے کہ دینے والا ایثار کرے مگر بھول جائے، لینے والا محبت سے لے مگر یاد رکھے۔ یہ اصول نہ صرف اسلامی تعلیمات کی روح ہے بلکہ نفسیاتی توازن کی کنجی بھی ہے۔ اور جب تعلق ختم ہو جائے تو احسانات کا ذکر کرنے کے بجائے ان کو رب کی رضا کے لئے وقف کر کے نیکیان دریا مین ڈال دی جائین۔ کیونکہ اصل سرمایہ وہی ہے جو اللہ کے لئے کیا جائے اور بھلا دیا جائے۔

یوں رشتے اپنی اصل خوبصورتی میں باقی رہتے ہیں، اور انسان کے دل میں سکون کا چراغ جلتا رہتا ہے۔ محبت، قربانی اور ایثار کے اس سفر میں سب سے بڑی حکمت یہی ہے کہ بھول کر بھی یاد رکھو، اور یاد رکھ کر بھی جتاؤ مت۔ یہی تعلقات کا راز ہے، یہی دلوں کی زندگی ہے۔


بس جب کبھی دل کو اپنی کی ہوئی اچھائیوں پر تکلیف محسوس ہونے لگے تو اپنا ظرف بڑا کر کے عدیم ہاشمی کا شعر گنگنائیے اور رب کا شکر ادا کی جئے کہ اس نے احسان کرنے کی توفیق عطا فرمائی نہ کہ کسی کے سامنے نظریں جھکائی۔


تمہارا ظرف ہے تم کو محبت بھول جا تی ہے

ہمیں تو جس نے ہنس کر بھی پکارا یاد رہتا ہے


کسی کم ظرف کی ایذاہ رسانیاں، کسی محبوب ترین کی بے وفائی کو، کسی اپنےکی بے اعتنائی کو، کسی عزیز کی بے پروائی کو اپنی نیکیوں کے ضیاع کا ، اپنی حسنات کے مٹنے کی توجیع نہ بنائیے۔


اور اعلی ظرفی یہ بھی ہوئی کہ کسی کا مسکرانا، کسی کا پیار سے پکارنا بھی یاد رہے۔


Imran Aslam

Mindset Coach

جمعہ، 5 ستمبر، 2025

جہاں میں اہل ایمان صورت خورشید جیتے ہیں۔

ققنس (phoenix) نامی دیو مالائی پرندے کو جانتے ہیں؟ وہی جو ہماری شاعری میں عنقا ، سیمرغ اور ہما کے ناموں سے مستعمل ہے۔ مختلف متھالوجیز کے تحت شاعری و ادب میں میں ماحول کے جبر، حالات کے استحصال کے نتیجے میں جل جانے، راکھ ہو جانے اور پھر راکھ سے نیا جنم لینے کی کہانیاں بیان ہوتی ہیں۔


جرس شوق اگر ساتھ رہی

ہر نفس شہپر عنقا ہوگا


یہ کوئی سو سال ہوئے جب پہلی جنگ عظیم بپا ہوئی تھی مغرب کے درندے ایک دوسرے پر چڑھ دوڑے تھے۔ زمین بارود و آہن کی بو سے واقف ہوئی اور انسانیت مغرب کے قحبہ خانے میں رسوا ہوئی۔ یورپ تباہ و برباد ہو چلا تھا۔ چار سالہ جنگ نے تاریخ کو لالو لال کر دیا تھا۔ اسی لاکھ فوجی اور ایک کروڑ تیس لاکھ سولین لقمہ اجل بنے۔ یعنی پوری جنگ کے ہر منٹ میں پانچ جیتے جاگتے انسان موت کے کنویں میں جا گرتے تھے۔ اس وقت کے ایک کھرب پچاسی ارب ڈالر جو آجکے حساب سے انتالیس کھرب ڈالر بنتے ہیں۔ مغرب نے زندگیوں کو آتش و آہن میں پگھلانے کو لگا دیے۔ جرمنی تباہ و برباد ہو گیا، ہنگری لنگڑا لولا اور عثمانیہ سکڑ کر استنبول کے اندر جا بیٹھا۔


اور صرف بیس سال سانس لینے کو رکنے کے بعد وحشیوں کا رقص 1939 میں دوبارہ شروع ہوا تو 1945 میں جاپانیوں کے ہتھار ڈالنے تک آٹھ کروڑ، جی ہاں آٹھ سو لاکھ زندہ انسان درگور ہو چکے تھے۔ ہر منٹ بائیس لاشیں گرتی تھی۔ چالیس کھرب ڈالر یا آج کے سات سو کھرب ڈالر کو آگ لگائی گئی۔

حق پر کون تھا اور ظالم و مظلوم کے قضیے کو چھیڑی بغیر دیکھئے تو ہر ممل کے نے اپنی مکمل طاقت جنگ میں جھونکی، ہر قوم نے اپنی بہترین قربانی دی اور ہر لشکر نے اپنے سورما جوان پیش کئے۔


جاپان ایٹم بم کی تجربہ گاہ بن چکا تھا۔ اٹلی کی اینٹ سے اینٹ بجائی جا چکی تھی۔ بلغاریہ، سلواکیہ کے حصے بخرے ہو چلے تھے۔ جرمنی کے ٹکڑے اتحادیوں کی پلیٹ میں سجے تھے۔ اور اتحادیوں کی سربراہی کرتے امریکہ نیو ورلڈ آرڈر کے پھریرے لہرا رہا تھا۔ مگر دیکھئے کے سالوں میں راکھ اور ملبے کے ڈیھیر تلے دبے جرمنی، جاپان، اٹلی، ہنگری نے اپنے طور نئی زندگی کے لئے اڑان بھری اور اپنے آپ کو منوا لیا۔


قوموں پر جب بن آتی ہے تو جو بن پڑتا ہے وہ کرتی ہیں۔ پیسہ لگاتی ہیں جان لٹاتی ہیں۔ گردنیں اڑاتی ہیں۔ مرتی ہیں مارتی ہیں۔ درگور ہو جاتی ہیں اور قومیں پھر سے پر جھاڑتی اڑان بھرنے کو تیار ہو جاتی ہیں۔ قوموں کی تاریخ میں معرکے ہوتے ہیں۔ لہو کے دریا ہوتے ہیں۔ لاشوں کے انبار ہوتے ہیں۔ موت ہوتی ہے اور وہی اصل زندگی ہوتی ہے۔

آہ و بکا، نالہ شیون، فریاد، تڑپ کڑھن جلن آنسو آہیں کون کم بخت ہو گا کہ سینہ دھونکنی نہ بنا ہو آنکھیں برسی نہ ہوں جسم کپکپایا نہ ہو بدن لرزہ نہ ہو ۔ مگر قومیں مایوسی کی اتھاہ گہرائیوں میں موت کے چھائے سناٹے میں بھی

امید کی دھڑکن محسوس کر سکتی ہیں۔


عشق جب زمزمہ پیرا ہوگا

حسن خود محو تماشا ہوگا


سن کے آوازۂ زنجیر صبا

قفس غنچہ کا در وا ہوگا


جرس شوق اگر ساتھ رہی

ہر نفس شہپر عنقا ہوگا


دائم آباد رہے گی دنیا

ہم نہ ہوں گے کوئی ہم سا ہوگا


کون دیکھے گا طلوع خورشید

ذرہ جب دیدۂ بینا ہوگا


رب قہار جبار فرماتا ہے


اَفَعَیِیۡنَا بِالۡخَلۡقِ الۡاَوَّلِ ؕ بَلۡ ہُمۡ فِیۡ لَبۡسٍ مِّنۡ خَلۡقٍ جَدِیۡدٍ


کیا ہم اک بار کی تخلیق سے تھک گئے؟ بلکہ یہ لوگ شک میں ہیں کہ ہم دوبارہ کھڑا نہیں کر سکتے۔


سوال خود سے کرنے کا یوں ہے کہ آیا اس انقلاب میں ہمارا حصہ شامل ہو گا یا ہم فقط باتیں بنانے والے رہ جائیں گے۔


IImran Aslam

Mindset Coach

منگل، 2 ستمبر، 2025

ایک طرف کا مسافر

جو کوچ، کونسلر، تھراپسٹ یا سائیکالوجسٹ آپ کو نماز، اذکار، دم، رقیہ اور قرآن کی تلاوت سے دور کرنے کی کوشش کرے، یا یہ کہے کہ یہ سب نعوذ باللہ فضول ہیں اور صرف نفسیاتی علاج پر بھروسہ کرو، تو ایسے شخص سے کوسوں دور ہو جائیں۔ کیونکہ جو دل اور روح کو بنانے والے رب کے کلام سے روکے، وہ آپ کے اصل شفا کے راستے کو کاٹ رہا ہے۔ ایسے لوگوں کے پیچھے چلنے سے سکون کے بجائے مزید الجھن اور اندھیروں میں دھکیل دے گا۔


اسی طرح، اگر کوئی راقی، پیر، مرشد یا عامل آپ کو نفسیاتی علاج، ماہرِ نفسیات کی مشاورت یا ضرورت پڑنے پر دوا کے استعمال سے منع کرے، تو سمجھ لیں کہ وہ بھی آپ کو ایک انتہا پر لے جا رہا ہے۔ انسان کے جسم، دماغ اور روح تینوں کی اپنی اپنی ضرورتیں ہیں۔ صرف روحانی علاج پر بیٹھ جانا اور اسباب کا اختیار نہ کرنا شریعت کا منشاہ نہیں اور صرف میڈیکل علاج بھی مکمل نہیں۔ اصل حکمت یہ ہے کہ دونوں کو ساتھ لے کر چلیں، کیونکہ دین بھی یہی سکھاتا ہے کہ اسباب اختیار کرو اور شفا اللہ کے ہاتھ میں ہے۔


یاد رکھیں! جو بھی شخص آپ کو ایک طرف کا مسافر بنائے، یا اللہ کی طرف سے دیے گئے دوسرے اسباب کو حرام یا فضول قرار دے، وہ دراصل آپ کی بھلائی کا نہیں بلکہ آپ کے نقصان کا خواہش مند ہے۔ ایسے افراد سے بھاگنا ہی بہتر ہے۔ آپ کا ایمان، جان اور دماغی سکون تینوں قیمتی ہیں—انہیں غلط رہنماؤں کے ہاتھ میں نہ دیں۔


عمران اسلم

مائینڈ سیٹ کوچ

Flickr