اتوار، 18 اکتوبر، 2026

ووٹ گنے گئے، کام کس نے گنے؟


الیکشن کے دن شام تک ایک ایک ووٹ گن لیا جاتا ہے؛ اگلے دن/ہفتےْمہینے سال سے کاموں کی گنتی کا رجسٹر کون کھولتا ہے؟

آزاد کشمیر بھر میں میں 2022 کے بلدیاتی انتخابات تین دہائیوں سے زیادہ وقفے کے بعد ہوئے۔ یہ مقامی نمائندگی کی واپسی تھی، مگر ووٹ کا نتیجہ کارکردگی کی مکمل رپورٹ نہیں بن سکا۔ کسی جماعت کے جیتنے یا ہارنے کو نالی، صفائی اور شہری سہولت کی کامیابی کا متبادل نہیں بنایا جا سکتا۔

یہ بحث اس لیے ضروری ہے کہ انتخابی جوش اپنے اندر ایک خوبصورت طاقت رکھتا ہے، مگر وہ طاقت شہر کے روزمرہ کاموں تک پہنچے تو اس کا فائدہ ہوتا ہے۔ جھنڈا، نعرہ اور مبارک باد ایک دن کی زبان ہے؛ پانی کی لائن، سڑک کی مرمت اور محفوظ پیدل راستہ سال بھر کی زبان ہیں۔ دونوں کا حساب الگ رکھنا شہری شعور کا پہلا سبق ہے۔

منتخب نمائندے کی ذمہ داری اپنے حمایتیوں تک محدود نہیں۔ وارڈ میں مخالف ووٹر کے گھر کے سامنے بھی پانی کھڑا ہو تو مسئلہ یکساں اہم ہے۔ شخصی تعلق سے نکل کر ترجیحات کا معیار نقصان، ضرورت، تعداد اور فوری خطرہ ہونا چاہیے۔ 

ہر وارڈ کے لیے ایک عوامی کارکردگی رجسٹر ہو: مسئلہ کب درج ہوا، کس ادارے کے سپرد ہوا، جواب کیا ملا، کام مکمل ہوا یا التوا میں ہے۔ کونسلر اپنی قانونی حدود بھی واضح کرے؛ ہر کام اس کے ذاتی اختیار میں نہیں۔تو وہ اس کے لئے کیا رہنمائی اور مدد فراہم کر سکتا ہے۔ کسی مسئلے کے حل کے لئے اس کے پاس ویژن کیا ہے؟

ایک ووٹر کے لیے انتخابی نشان اہم ہے، مگر شہری بن کر اسے فائل، منصوبے اور کام کا نتیجہ بھی دیکھنا چاہیے۔ اختلاف کرنے والے شہری کا سوال بھی وہی وزن رکھتا ہے جو حمایت کرنے والے کا۔

جنہیں چنا گیا، جنہیں ووٹ ڈالے گئے کیا ان کا وژن، ان کا لاحہ عمل اور ان کے عملی اقدامات ان ووٹروں کے اعتماد پر پورے اتر سکے؟

کیا ووٹ لینے والوں نے رونے دھونے اور ہاتھ خالی دکھانے کے علاوہ اس بات پر بھی غور و فکر کیا اور کچھ تدبیر کی کہ اپنے ووٹروں کے لئے ان کے حقوق کی بازیابی کے لئے کچھ آواز بلند کر لیں۔

اگلے بلدیاتی انتخابات قریب آ رہے ہیں کیا کسی آئیندہ امیدوار نے سوچنا شروع کیا ہے کہ کیسے بھمبر کے عوام کے لئے کچھ بہتری کی جا سکتی ہے۔


✍ مانی رائیٹس | عمران اسلم

#Bhimber #LocalGovernance #CommunityDevelopment #ManiWrites

ہفتہ، 17 اکتوبر، 2026

بھمبر بدل سکتا ہے!


قسط اول:

 بلدیہ کس بلا کا نام ہے؟ — گلی کے نلکے سے جمہوریت کی جڑوں تک


ہمارے ہاں جمہوریت کا حال بھی عجیب ہے۔ وزیراعظم اسلام آباد میں بیٹھ کر ملک کی تقدیر بدلنے کے دعوے کرتا ہے، وزیراعظم مظفرآباد میں بیٹھ کر کشمیر کی قسمت سنوارنے کے منصوبے بناتا ہے، وزیر صاحب ضلعے کی ترقی کا بیڑا اٹھاتے ہیں، اور ادھر محلے کی گلی میں پچھلے چھ ماہ سے نالی بند پڑی ہے۔ بارش ہو تو پانی گھروں میں گھستا ہے، دھوپ نکلے تو بدبو ناک میں گھستی ہے، اور شہری شکایت لے کر نکلے تو اسے بتایا جاتا ہے کہ یہ کام فلاں محکمے کا ہے۔ (میرپور چوک، سلطان پلازہ، ڈنگر ہسپتال کی سڑک کا حال دیکھ لی جئے۔)


محکمہ کون سا ہے؟ دفتر کہاں ہے؟ ذمہ دار کون ہے؟ فنڈ کس کے پاس ہے؟ اور آخر اس نالی کا مالک کون ہے؟

ان سوالوں کے جواب ڈھونڈتے ڈھونڈتے بعض اوقات شہری کی عمر نکل جاتی ہے، نالی وہیں رہتی ہے۔


ہمارے ایک صاحب ہیں، نام رکھ لیجیے جناب ترقیات الدین۔ موصوف سیاست کے بڑے شیدائی ہیں۔ امریکہ کے صدارتی انتخابات پر گھنٹوں گفتگو کر سکتے ہیں، برطانوی وزیراعظم کی معاشی پالیسیوں کے بخیے ادھیڑ سکتے ہیں، اسلام آباد کے ایوانوں میں ہونے والی تبدیلیوں کی اندرونی خبریں رکھتے ہیں، مگر ان کے اپنے محلے میں سٹریٹ لائٹ کس کی ذمہ داری ہے، یہ انہیں معلوم نہیں۔

پوچھیے کہ بلدیاتی نظام کیا ہوتا ہے تو فرمائیں گے، "وہی کونسلر، چیئرمین، نالی، گلی اور صفائی والے معاملات!"

یہ جواب غلط بھی نہیں، مگر اتنا ادھورا ضرور ہے جتنا کسی پورے مکان کو صرف اس کے غسل خانے سے پہچاننا۔


بلدیاتی نظام دراصل حکومت کی وہ سطح ہے جو عام آدمی کی روزمرہ زندگی سے سب سے زیادہ قریب ہوتی ہے۔ قومی حکومت دفاع، خارجہ پالیسی اور بڑے معاشی فیصلوں پر کام کرتی ہے۔ صوبائی یا علاقائی حکومتیں تعلیم، صحت، انتظامیہ اور ترقی کے وسیع معاملات سنبھالتی ہیں۔ لیکن شہری کی زندگی میں کچھ مسائل ایسے ہیں جن کا فیصلہ اس کے گھر، گلی، محلے اور شہر کے قریب ہونا چاہیے۔

کوڑا کون اٹھائے گا؟ گلی کی روشنی کون درست کروائے گا؟ بازار میں پارکنگ کہاں ہوگی؟ برساتی پانی کس راستے سے گزرے گا؟ سرکاری پارک کی دیکھ بھال کیسے ہوگی؟ اور محدود ترقیاتی وسائل میں پہلے کس محلے کا کام ہوگا؟

ان سب کے لیے ہر مرتبہ دارالحکومت کا دروازہ کھٹکھٹانا پڑے تو پھر مقامی حکومت کی ضرورت ہی کیا رہ جاتی ہے؟

یہیں سے بلدیاتی جمہوریت کا تصور پیدا ہوتا ہے۔

جمہوریت صرف یہ نہیں کہ پانچ سال بعد قطار میں کھڑے ہو کر کسی بڑے سیاسی رہنما کے نام پر مہر لگا دی جائے۔ جمہوریت کا ایک زیادہ عملی امتحان یہ ہے کہ شہری اپنے محلے کے فیصلوں میں کتنا شریک ہے، اپنے نمائندے سے کتنی آسانی سے سوال پوچھ سکتا ہے اور اپنے علاقے کے وسائل کا حساب کس حد تک جان سکتا ہے۔

دنیا کی تاریخ میں مقامی شہری انتظام کی مختلف شکلیں صدیوں سے موجود رہی ہیں۔ کہیں شہری مجالس تھیں، کہیں قصبوں کی کونسلیں، کہیں دیہی پنچایتیں اور کہیں بلدیاتی ادارے۔ ان کی ساخت ہمیشہ یکساں نہیں رہی، مگر بنیادی ضرورت ملتی جلتی تھی: جو مسائل مقامی سطح پر بہتر سمجھے اور حل کیے جا سکتے ہیں، ان کے فیصلے بھی ممکنہ حد تک وہیں ہوں۔

ذرا اپنے ہاں کا معاملہ دیکھیے۔

برصغیر میں انگریز دور کے دوران میونسپل اداروں کی جدید قانونی شکل کو فروغ ملا۔ 1882 میں لارڈ رپن کی مقامی خود حکومت سے متعلق قرارداد اس تاریخ کا ایک اہم سنگ میل سمجھی جاتی ہے۔ لیکن انگریزوں کا بنایا ہوا نظام مکمل عوامی جمہوریت نہیں تھا۔ اقتدار کا اصل مرکز نوآبادیاتی حکومت ہی رہی، جبکہ مقامی اداروں کے اختیارات محدود اور عوامی نمائندگی نامکمل تھی۔

قیامِ پاکستان کے بعد بھی مقامی حکومت کی کہانی کچھ ایسی ہی الجھنوں سے گزری۔

1959 میں جنرل ایوب خان نے بنیادی جمہوریتوں کا نظام متعارف کروایا۔ نام بڑا دلکش تھا، مگر اس نظام کا ایک اہم سیاسی کردار بالواسطہ انتخابی بندوبست سے بھی متعلق تھا۔ جنرل ضیاء الحق کے دور میں 1979 کے بلدیاتی قوانین کے تحت مقامی انتخابات ہوئے۔ 2001 میں جنرل پرویز مشرف کے دور میں ضلعی حکومتوں، تحصیلوں اور یونین کونسلوں پر مشتمل ایک نیا انتظام متعارف ہوا، جس میں بعض محکموں اور ذمہ داریوں کی مقامی سطح پر منتقلی کی کوشش کی گئی۔

ان تینوں ادوار میں ایک دلچسپ تضاد موجود تھا۔ مقامی اداروں کو فروغ دینے والے حکمران خود فوجی اقتدار کے ذریعے حکومت میں آئے تھے۔ یوں مقامی نمائندگی کے بعض مواقع ضرور پیدا ہوئے، مگر اسے غیر جماعتی سیاست، مرکزی اختیار اور بڑے سیاسی مقاصد سے الگ کرکے نہیں دیکھا جا سکتا۔

یہ بھی تاریخ کا عجیب مذاق ہے کہ ہمارے ہاں کبھی جمہوریت کے نام پر بلدیات کمزور ہوئیں اور کبھی آمریت کے دور میں بلدیاتی انتخابات کروائے گئے۔

2010 کی اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد پاکستان کے آئین میں آرٹیکل 140A کے تحت صوبوں کو پابند کیا گیا کہ وہ بلدیاتی نظام قائم کریں اور منتخب مقامی نمائندوں کو سیاسی، انتظامی اور مالی ذمہ داریاں اور اختیارات منتقل کریں۔

لیکن قانون میں اختیار لکھ دینا اور حقیقت میں اختیار دے دینا دو الگ باتیں ہیں۔

اگر کونسلر منتخب تو عوام کریں، مگر بجٹ پر فیصلے کہیں اور ہوں، عملہ کسی اور کے ماتحت ہو، اور ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کے لیے وزیروں اور افسروں کے دفاتر کے چکر لگانے پڑیں، تو اس نمائندے کی حیثیت کتنی مؤثر رہ جاتی ہے؟

پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بلدیاتی نظام کی قانونی ساخت ایک جیسی نہیں۔ کہیں یونین کونسلیں اور میونسپل ادارے ہیں، کہیں تحصیل اور ویلج یا نیبرہڈ سطح کی حکومتیں۔ پنجاب میں تو بلدیاتی قوانین کی تبدیلیاں خود ایک طویل سیاسی داستان ہیں۔ قانون بدلتا ہے، اداروں کی ساخت بدلتی ہے، انتخابات کے طریقے بدلتے ہیں، اور شہری کبھی کبھی یہی سوچتا رہ جاتا ہے کہ اس کے محلے کی نالی کس نئے نظام کے کھاتے میں چلی گئی۔

اب ذرا سرحد پار مقبوضہ جموں و کشمیر کا جائزہ لیتے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر جموں و کشمیر میں دیہی مقامی حکومت کے لیے 1989 کا پنچایتی راج قانون موجود ہے۔ اس کے تحت حلقہ پنچایت، بلاک ڈیولپمنٹ کونسل اور ضلع ترقیاتی کونسل جیسے اداروں کی قانونی ساخت قائم ہوئی، جس میں وقتاً فوقتاً ترامیم ہوتی رہیں۔

اس نظام کا ایک قابلِ توجہ پہلو وارڈ مجلس اور حلقہ مجلس کا تصور ہے۔ وارڈ مجلس میں متعلقہ وارڈ کے رجسٹرڈ ووٹر شامل ہوتے ہیں اور قانون میں اس کے باقاعدہ اجلاسوں کی گنجائش موجود ہے۔

اس تصور کی اہمیت سمجھنے کے لیے کسی بڑی سیاسی تھیوری کی ضرورت نہیں۔

فرض کیجیے ایک گاؤں میں تین بڑے مسائل ہیں۔ ایک طرف سکول کی عمارت خراب ہے، دوسری طرف پانی کی قلت ہے اور تیسری طرف ایک سڑک مرمت مانگ رہی ہے۔ اب اگر وسائل صرف ایک کام کے لیے دستیاب ہوں تو ترجیح کون طے کرے؟

صرف کوئی بااثر خاندان؟ مقامی سیاسی رہنما؟ سرکاری افسر؟ یا وہ لوگ بھی جنہیں روزانہ ان مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے؟

وارڈ اور گرام سبھا جیسے عوامی فورمز اسی سوال کا ایک ادارہ جاتی جواب فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

جموں و کشمیر کے پنچایتی قوانین میں زراعت، دیہی ترقی، لائیو اسٹاک اور دوسری مقامی معاشی سرگرمیوں سے متعلق ذمہ داریوں کا بھی ذکر موجود ہے۔ یہاں بلدیاتی ترقی کا دائرہ محض گلی پختہ کرنے تک محدود نہیں رہتا، بلکہ مقامی معیشت اور روزگار بھی ترقیاتی منصوبہ بندی کا حصہ بن سکتے ہیں۔

2019 میں بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی سابقہ خصوصی آئینی حیثیت تبدیل کی اور اسے دو یونین ٹیریٹریز میں تقسیم کر دیا۔ یہ تبدیلی سیاسی اور قانونی طور پر متنازع رہی ہے۔ اس کے بعد 2020 میں ضلع ترقیاتی کونسلوں کے انتخابات ہوئے۔

لیکن کسی نظام کے آئینی ڈھانچے یا انتخابی عمل کا تذکرہ کرتے ہوئے اس کے سیاسی تنازعات، انتخابی بائیکاٹ، اختیارات کی عملی حدود اور نمائندگی میں آنے والے تعطل کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔ مقبوضہ کشمیر جموں و کشمیر میں بھی مختلف بلدیاتی اداروں کی مدتیں ختم ہونے کے بعد نئے انتخابات میں تاخیر سامنے آئی ہے۔

اس لیے نہ وہاں کے نظام کو بلا تنقید مثالی سمجھنا درست ہے، نہ اس کے قابلِ مطالعہ انتظامی پہلوؤں سے آنکھیں بند کر لینا دانش مندی ہے۔

ہمیں سیاست اپنی جگہ رکھ کر یہ ضرور دیکھنا چاہیے کہ محلے کے لوگوں کی اجتماعی مجلس کیسے بنتی ہے، ترقیاتی ترجیحات کیسے طے ہوتی ہیں اور مقامی معیشت کو حکومتی منصوبوں سے کیسے منسلک کیا جاتا ہے۔

اب چلتے ہیں برطانیہ کی طرف۔

برطانیہ، جہاں ہمارے بھمبر، میرپور اور دوسرے علاقوں کے ہزاروں خاندان برسوں سے آباد ہیں۔ ہمارے لوگ وہاں کاروبار کرتے ہیں، ملازمتیں کرتے ہیں، ٹیکس دیتے ہیں، گھروں کے مالک ہیں اور مقامی شہری زندگی میں حصہ لیتے ہیں۔

ان میں سے کتنے ہی لوگ جانتے ہیں کہ ان کے گھر کا کوڑا کس دن اٹھایا جائے گا، مقامی کونسل کی ویب سائٹ پر شکایت کیسے درج ہوگی اور کون سی خدمت کس ادارے کی ذمہ داری ہے۔

انگلینڈ میں مختلف علاقوں کے لیے کاؤنٹی کونسل، ڈسٹرکٹ یا بورو کونسل، اور کہیں ایک ہی سطح کی یونٹری اتھارٹی کا انتظام موجود ہے۔ بعض خدمات، مثلاً تعلیم، سماجی نگہداشت اور بڑی ٹرانسپورٹ ذمہ داریاں، وسیع علاقائی ادارے سنبھالتے ہیں۔ جبکہ کوڑا اٹھانے، رہائش، منصوبہ بندی کی بعض درخواستوں اور دوسری شہری خدمات کی ذمہ داری متعلقہ مقامی کونسل کی ہوتی ہے۔

چھوٹے قصبوں اور دیہات میں پیرش اور ٹاؤن کونسلیں بھی موجود ہوتی ہیں۔

وہاں بھی شکایات ہیں، بجٹ کی کمی ہے، ٹیکسوں پر بحث ہوتی ہے اور مقامی حکومتوں کے اختیارات کی حدود ہیں۔ برطانیہ کو کوئی ایسا فردوسِ بریں سمجھ لینا جہاں ہر گلی میں فرشتے صفائی کرتے ہوں، حقیقت سے دور ہے۔

فرق یہ ہے کہ ذمہ داریوں، بجٹ، ادارہ جاتی قواعد اور شہری شکایات کے طریقوں کو نسبتاً منظم قانونی اور انتظامی شکل دی گئی ہے۔

برطانوی نظام کا ایک اہم سبق صرف صفائی یا خوبصورت پارک نہیں، بلکہ یہ ہے کہ مقامی حکومت کو ایک باقاعدہ ادارے کے طور پر دیکھا جاتا ہے، جس کے اختیارات، مالی وسائل، ذمہ داریاں اور عوامی احتساب کے طریقے متعین ہوتے ہیں۔

ایک پاکستانی نژاد شہری لندن یا برمنگھم میں رہتے ہوئے اپنی کونسل سے ایک طے شدہ انتظامی طریقے کے ذریعے رابطہ کرتا ہے۔ مگر جب یہی شخص اپنے آبائی شہر میں کوئی اجتماعی کام کروانا چاہتا ہے تو اکثر سب سے پہلے یہ معلوم کرنا پڑتا ہے کہ کس افسر، سیاست دان یا بااثر شخص تک رسائی حاصل کی جائے۔

یقیناً یہ فرق ہر جگہ ایک جیسا نہیں، لیکن ہماری ادارہ جاتی کمزوری سمجھنے کے لیے یہ موازنہ مفید ہے۔

اب واپس اپنے آزاد کشمیر آتے ہیں۔

یہاں بلدیاتی نظام کا قانونی سفر بھی خاصا پرانا ہے۔ 1983 کے بلدیاتی انتخابی قواعد اور 1990 کا لوکل گورنمنٹ ایکٹ اس کی اہم دستاویزات ہیں۔ 1991 میں بلدیاتی انتخابات ہوئے، مگر اس کے بعد اگلے انتخابات کا انتظار غیر معمولی طور پر طویل ہوگیا۔

کبھی حکومتی ترجیحات آڑے آئیں، کبھی قانونی اور انتظامی معاملات، کبھی سیاسی مصلحتیں۔ نتیجہ یہ نکلا کہ تین دہائیوں سے زیادہ عرصے تک عوام کو نئے بلدیاتی نمائندے منتخب کرنے کا موقع نہ مل سکا۔

اس دوران مقامی ادارے بڑی حد تک مقرر کردہ منتظمین کے ذریعے چلتے رہے۔

ذرا سوچیے، ایک نسل پیدا ہوئی، سکول گئی، جوان ہوئی، شادی ہوئی، اس کے اپنے بچے بڑے ہونے لگے، مگر آزاد کشمیر میں باقاعدہ بلدیاتی انتخابات واپس نہ آئے۔

بالآخر 2022 میں، عدالتی مداخلت اور طویل انتخابی تیاریوں کے بعد، آزاد کشمیر میں 31 سال کے وقفے سے بلدیاتی انتخابات منعقد ہوئے۔

مظفرآباد ڈویژن میں 27 نومبر، پونچھ میں 3 دسمبر اور میرپور ڈویژن میں 8 دسمبر کو ووٹ ڈالے گئے۔ بھمبر بھی اسی آخری مرحلے کا حصہ تھا۔

یہ محض ایک انتخابی سرگرمی نہیں تھی، بلکہ مقامی جمہوری نمائندگی کی ایک طویل غیر حاضری کے بعد واپسی تھی۔

لیکن اس مقام پر ایک سوال پیدا ہوتا ہے۔

کیا منتخب نمائندوں کی واپسی کے ساتھ مقامی اختیارات، مالی وسائل، انتظامی عملہ اور ترقیاتی فیصلوں میں خودمختاری بھی اسی تناسب سے واپس آئی؟

یہ وہ سوال ہے جس کا جواب تقریروں سے نہیں، دستاویزات سے ملے گا۔

بلدیاتی قانون کی دفعات، میونسپل کمیٹیوں کے منظورشدہ بجٹ، ضلع کونسلوں کے ریکارڈ، اجلاسوں کی کارروائی، سرکاری گرانٹس، مقامی آمدن، ترقیاتی منصوبوں اور اصل اخراجات کا جائزہ لیے بغیر کسی ادارے کی کارکردگی پر حتمی فیصلہ صادر کرنا درست نہیں۔

ستمبر 2026 میں آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے آئندہ بلدیاتی انتخابات کے لیے قانونی ترامیم اور انتظامی ضروریات کا جائزہ لینے کا عمل شروع کیا۔ اس سے ایک بات پھر سامنے آتی ہے کہ بلدیاتی نظام کا تسلسل ابھی بھی ایک اہم ادارہ جاتی مسئلہ ہے۔

کیونکہ جمہوریت میں انتخابات کسی حکومت کی مہربانی نہیں ہوتے؛ وہ عوامی نمائندگی کا باقاعدہ طریقہ ہوتے ہیں۔

اب ذرا اپنے بھمبر کی طرف دیکھیے۔

یہ شہر صرف ایک بازار، چند سرکاری دفاتر اور آس پاس کی آبادیوں کا نام نہیں۔ یہ بابِ کشمیر کہلانے والا ایک تاریخی علاقہ ہے، جس کے معاشی اور سماجی تعلقات گجرات، میرپور، کوٹلی، برطانیہ، سعودی عرب اور خلیج کے دوسرے ممالک تک پھیلے ہوئے ہیں۔

یہاں بیرونِ ملک محنت کرنے والے لوگوں کا سرمایہ ہے، مقامی تاجروں کی صلاحیت ہے، نوجوانوں کی توانائی ہے، کھیت ہیں، برساتی نالے ہیں، چھوٹی صنعتوں کے امکانات ہیں، تعلیمی ادارے ہیں اور سماجی کام کرنے والے افراد بھی موجود ہیں۔

مگر ان تمام وسائل کو ایک مربوط شہری ترقیاتی منصوبے میں تبدیل کرنے کے لیے صرف نیک خواہشات کافی نہیں۔

ہمیں یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ بھمبر شہر میں کتنے وارڈ ہیں، ان کی اصل حدود کیا ہیں، ہر وارڈ کی آبادی اور بنیادی ضروریات کیا ہیں، بلدیہ کی آمدن کتنی ہے، اخراجات کہاں ہوتے ہیں، صفائی کا انتظام کس طرح چلتا ہے اور ترقیاتی ترجیحات کس بنیاد پر طے کی جاتی ہیں۔

یہ اعداد و شمار کوئی سرکاری راز نہیں ہونے چاہییں۔ ان میں سے جو معلومات قانون کے مطابق عوامی ہیں، انہیں شہریوں تک قابلِ فہم انداز میں پہنچنا چاہیے۔

ایک عام شہری کو یہ جاننے کے لیے کسی سیاسی شخصیت کا دروازہ نہیں کھٹکھٹانا چاہیے کہ اس کے محلے کا کون سا کام منظور ہوا اور کون سا التوا میں پڑا ہے۔

لیکن ایک بات ہم شہریوں کو بھی سمجھنا ہوگی۔

اگر ہم کونسلر کو صرف شادیوں میں شرکت، جنازوں میں حاضری، تھانے کچہری کی سفارش، نوکری کے لیے فون اور اپنی گلی کے ذاتی کام تک محدود رکھیں گے تو پھر ترقیاتی منصوبہ بندی، عوامی بجٹ اور ادارہ جاتی جواب دہی کا مطالبہ کون کرے گا؟

نمائندے کو اس کے اصل کام سے ہٹا کر اپنی نجی ضرورتوں کا مستقل سفارشی بنا دینا بھی ایک معاشرتی مسئلہ ہے۔

اور پھر ہمارے ہاں سیاست کا ایک اور دلچسپ معیار بھی ہے۔

اگر نمائندہ اپنے حمایتیوں کی گلی پختہ کروا دے تو وہ عوامی خدمتگار، مخالفین کے محلے میں کام ہو جائے تو سیاسی جانبداری کا شور۔ سٹریٹ لائٹ لگے تو تختی کس کے نام کی ہوگی؟ نالی بنے تو افتتاح کون کرے گا؟ سڑک بن جائے تو اس کا سہرا کس جماعت کے سر بندھے گا؟

بھئی حضور، عوام کے ٹیکس اور سرکاری وسائل سے ہونے والا کام کسی فرد کی ذاتی جاگیر کیسے ہو گیا؟

بلدیاتی ترقی کا معیار یہ ہونا چاہیے کہ جہاں ضرورت زیادہ ہے وہاں ترجیح زیادہ ہو، نہ کہ جہاں سیاسی تعلق مضبوط ہے وہاں وسائل پہلے پہنچیں۔

یہاں دنیا کے کامیاب کمیونٹی ماڈلز سے بہت کچھ سیکھا جا سکتا ہے۔

کراچی کا اورنگی پائلٹ پراجیکٹ اس بات کی ایک معروف مثال ہے کہ منظم مقامی تعاون سے کم لاگت شہری سہولیات میں بہتری پیدا کی جا سکتی ہے۔ گلگت بلتستان اور چترال میں آغا خان رورل سپورٹ پروگرام نے مقامی تنظیم سازی، ہنر، بچت اور ترقیاتی کاموں کو جوڑنے کے تجربات کیے۔ بھارت کے بعض دیہات میں بارشی پانی، زمین، زراعت اور مقامی تعاون پر مبنی منصوبوں نے معاشی حالات بہتر بنانے میں کردار ادا کیا۔

ان مثالوں سے یہ نتیجہ نہیں نکلتا کہ حکومت اپنی تمام ذمہ داریاں عوام کے سر ڈال دے، یا شہری چندہ اکٹھا کرکے پورا شہر چلاتے پھریں۔

سبق یہ ہے کہ جب حکومت، مقامی ادارے، شہری، ماہرین اور کاروباری طبقہ اپنی اپنی ذمہ داری سمجھ کر کام کریں تو محدود وسائل بھی نسبتاً بہتر نتائج دے سکتے ہیں۔

بھمبر جیسے شہر میں یہ سوچ خاص طور پر اہم ہے۔

ہمارے بیرونِ ملک مقیم لوگ اپنی زمین سے تعلق رکھتے ہیں اور مختلف سماجی کاموں میں مالی تعاون بھی کرتے ہیں۔ لیکن اس سرمایہ کو صرف چندہ، تعمیراتی عطیات اور وقتی امداد تک محدود رکھنے کے بجائے شفاف، قانونی اور قابلِ عمل منصوبوں کے ساتھ جوڑنے کے امکانات پر سنجیدہ غور ہونا چاہیے۔

مقامی کاروبار، زرعی پیداوار، فنی تربیت، سیاحت، صاف پانی، چھوٹی صنعتیں، ری سائیکلنگ اور شہری سہولیات — یہ سب ایسے شعبے ہیں جن میں حالات اور وسائل کی درست جانچ کے بعد شراکت داری کی گنجائش نکل سکتی ہے۔

مگر اس سے پہلے شہر کا حساب تو سامنے آئے۔

کون سا کام بلدیہ کا ہے؟ کون سا محکمہ تعمیرات عامہ کا؟ پانی کی فراہمی کس ادارے کے پاس ہے؟ کون سے علاقے میں نکاسیٔ آب کی سب سے زیادہ ضرورت ہے؟ شہریوں کے مسائل کے لیے شکایتی نظام کیا ہے؟ اور کون سے ترقیاتی کام محض اعلان ہیں، جبکہ کون سے واقعی مکمل ہو چکے ہیں؟

یہ سوال کسی ایک کونسلر، چیئرمین یا سیاسی جماعت کے خلاف فردِ جرم نہیں۔ یہ وہ بنیادی سوالات ہیں جو ہر ذمہ دار شہری کو اپنے مقامی نظام سے پوچھنے چاہییں۔

بلدیاتی نمائندے کے پاس جادو کی چھڑی نہیں ہوتی۔ وہ ہر مسئلہ اپنی مرضی سے حل نہیں کر سکتا۔ مگر اسے یہ معلوم ضرور ہونا چاہیے کہ اس کے علاقے میں مسئلہ کیا ہے، اسے حل کرنے کا قانونی ذمہ دار کون ہے، اور شہریوں کو جواب کس سے لینا چاہیے۔

ایک بہتر بلدیاتی نظام وہ نہیں جس میں نمائندے کے دروازے پر ہر وقت سفارش مانگنے والوں کا ہجوم لگا ہو۔ بہتر نظام وہ ہے جس میں شہریوں کو جائز کام کے لیے بار بار کسی کی منت سماجت نہ کرنا پڑے۔

اس سلسلۂ مضامین کا مقصد بھی یہی ہے کہ بھمبر کے مسائل کو محض شکایت، الزام یا روایتی سیاسی بحث تک محدود رکھنے کے بجائے ان کے قانونی، انتظامی، معاشی اور معاشرتی پہلوؤں کو سمجھا جائے۔

ہم دیکھیں گے کہ دوسرے علاقوں میں بلدیاتی نظام کیسے چلتا ہے، بھمبر میں دستیاب وسائل کیا ہیں، مقامی حکومت کے قانونی اختیارات کہاں تک ہیں، کمیونٹی کس طرح حصہ لے سکتی ہے اور کن کاموں کے لیے اصل ذمہ دار محکموں کو جواب دہ بنانا ضروری ہے۔

ہم پانی کی بات کریں گے، صفائی کی، ٹریفک کی، زراعت کی، روزگار کی، صنعتوں کی، تعلیم اور صحت کی، نوجوانوں کی اور بیرونِ ملک مقیم بھمبریوں کے ممکنہ معاشی کردار کی۔

اور ان سب سے پہلے ایک اصول طے کرنا ہوگا۔

شہر کی ترقی کسی ایک شخص کی مہربانی نہیں ہوتی۔ یہ عوام کے حقوق، اداروں کی ذمہ داری، وسائل کے منصفانہ استعمال اور اجتماعی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہوتی ہے۔

جمہوریت کی اصل کامیابی صرف یہ نہیں کہ عوام اپنا نمائندہ منتخب کر لیں۔ اصل کامیابی یہ ہے کہ منتخب ہونے کے بعد نمائندہ عوام کو جواب دے، ادارے اپنا کام کریں اور شہریوں کو اپنے جائز حقوق کے لیے کسی کے دروازے پر ذاتی احسان مانگنے نہ جانا پڑے۔

کسی شہر کا مستقبل صرف اسمبلی کی تقریروں میں نہیں لکھا جاتا۔ اس کا ایک حصہ ان گلیوں میں لکھا جاتا ہے جہاں بچے سکول جاتے ہیں، بزرگ پیدل چلتے ہیں، دکاندار روزی کماتے ہیں اور بارش کے دن لوگ اپنے گھروں کی دہلیز پر کھڑے پانی اترنے کا انتظار کرتے ہیں۔

بھمبر بھی انہی گلیوں، انہی لوگوں اور انہی امیدوں سے بنا ہے۔

اب سوال صرف یہ ہے کہ ہم اسے سیاسی نعروں کے حوالے رکھیں گے، یا اس کے مسائل اور وسائل کا حساب بھی مانگیں گے؟

کیونکہ جس شہر کے لوگ اپنے حقوق، وسائل اور اداروں کا حساب پوچھنا سیکھ جائیں، وہاں ترقی کسی ایک کونسلر کے آنے یا جانے کی محتاج نہیں رہتی۔

بھمبر بدل سکتا ہے، بشرطیکہ ہم شہر کو کسی کا حلقۂ انتخاب سمجھنے کے بجائے اپنا مشترکہ گھر سمجھنا شروع کریں۔

✍️ مانی رائیٹس | عمران اسلم

جاری ہے…

اگلی قسط: ووٹ گنے گئے، کام کس نے گنے؟ — بھمبر کی بلدیہ کا حساب

آپ کے خیال میں بھمبر کے بلدیاتی نظام کا سب سے بڑا مسئلہ کیا ہے: اختیارات کی کمی، فنڈز کی قلت، ادارہ جاتی کمزوری، یا شہریوں کی عدم شرکت؟


#Bhimber #LocalGovernance #CommunityDevelopment #ManiWrites

Flickr