بدھ، 31 دسمبر، 2025

اس حال میں جینا لازم ہے۔ (چھٹا حصہ)


چھٹا حصہ۔


پہلے ان اشعار کا لطف لی جئے۔ ان کو دل کے نہاں خانوں میں محسوس کی جئے۔


چاہت میں کیا دنیا داری، عشق میں کیسی مجبوری

لوگوں کا کیا، سمجھانے دو، ان کی اپنی مجبوری


میں نے دل کی بات رکھی اور تونے دنیا والوں کی

میری عرض بھی مجبوری تھی ان کا حکم بھی مجبوری


ہمارے معاشرے میں بعض جملے ایسے ہیں جو بظاہر خیر خواہی کے لبادے میں لپٹے ہوتے ہیں، مگر اندر سے وہ آہستہ آہستہ انسان کی جڑیں کاٹ دیتے ہیں۔ “لوگ کیا کہیں گے؟” بھی انہی جملوں میں سے ایک ہے۔ یہ فقرہ دھیرے دھیرے زہنوں کو زہریلا کرتا ہے، نسلوں کے ذہنوں میں خوف، جھجک اور خود انکاری کو خاموشی سے منتقل کرتا چلا جاتا ہے۔ اس کے اثرات فوری نظر نہیں آتے، مگر وقت کے ساتھ یہ بچے کی شخصیت، اس کے فیصلوں اور اس کی ذہنی صحت پر گہرے نقوش چھوڑ جاتا ہے۔

انسان کی شخصیت تین بنیادی ستونوں پر کھڑی ہوتی ہے: اپنی قدر کا احساس، اختیارِ انتخاب، اور محفوظ تعلق۔ جب بچہ یہ سیکھتا ہے کہ اس کی قدر اس کے نمبروں، رینک، یا سماجی تعریف سے جڑی ہے، تو اس کی خودی غیر محسوس طریقے سے مشروط ہو جاتی ہے۔ وہ یہ نہیں پوچھتا کہ “میں کیا بننا چاہتا ہوں”، بلکہ یہ سوچنے لگتا ہے کہ “مجھے کیا بننا چاہیے تاکہ لوگ مطمئن رہیں۔” اور جب یہ خیال نفسیات کے تہہ خانوں میں جاگزیں ہو جاتا ہے تو فرد کا اندرونی کمپاس باہر کے شور کے حوالے ہو جاتا ہے۔

گھر، جو فطری طور پر تحفظ اور قبولیت کی جگہ ہونا چاہیے، ہمارے ہاں اکثر نادانستہ طور پر دباؤ کی علامت بن جاتا ہے۔ تقابل یہاں ایک تربیتی حربے کے طور پر استعمال ہوتا ہے—حالانکہ نفسیاتی طور پر تقابل اصلاح نہیں کرتا، صرف احساسِ کمتری کو مضبوط کرتا ہے۔ بچہ خود کو کسی اور کی کامیابی کے آئینے میں دیکھنے لگتا ہے، اور آہستہ آہستہ یہ نتیجہ اخذ کرتا ہے کہ وہ اپنی اصل حالت میں کافی نہیں ہے۔ یہ احساس وقتی نہیں رہتا، بلکہ شخصیت کا مستقل حصہ بن جاتا ہے۔

اسی دباؤ کے ساتھ جب احسان اور قربانی کا بیانیہ جڑ جاتا ہے تو مسئلہ مزید پیچیدہ ہو جاتا ہے۔ “ہم نے تمہارے لیے کیا کچھ نہیں کیا” جیسے جملے شکر گزاری نہیں سکھاتے، بلکہ لاشعوری طور پر ایک بوجھ رکھ دیتے ہیں۔ بچہ سیکھ لیتا ہے کہ اس کی ناکامی صرف اس کی اپنی نہیں، بلکہ والدین کی قربانیوں کی توہین ہے۔ یہ سوچ اسے کوشش پر نہیں، خوف پر چلاتی ہے۔ خوف پر چلنے والا انسان وقتی طور پر متحرک تو ہو سکتا ہے، مگر وہ اندر سے پُرسکون نہیں رہتا۔

جب کسی فرد کی قدر کا پیمانہ مسلسل بیرونی ردِعمل بن جائے، تو وہ اپنے فیصلوں پر اعتماد کھو بیٹھتا ہے۔ ایسا شخص بالغ ہو کر بھی اپنے انتخاب میں الجھن محسوس کرتا ہے، کیونکہ اس نے کبھی خود سے یہ سیکھا ہی نہیں ہوتا کہ اس کی اپنی خواہش، اس کی اپنی سمجھ بھی معتبر ہو سکتی ہے۔ اس کیفیت کو فرمانبرداری کہہ کر قبول کر لیا جاتا ہے، حالانکہ حقیقت میں یہ خود اعتمادی کی کمی کی ایک شکل ہوتی ہے۔

ایک اور پہلو جس پر کم بات ہوتی ہے وہ دبی ہوئی ناراضی ہے۔ بچہ جب مسلسل خود کو ثابت کرنے کی کوشش میں رہتا ہے، اور اس کوشش کے باوجود خود کو ناکافی پاتا ہے، تو اس کے اندر غصہ جنم لیتا ہے۔ چونکہ والدین کے سامنے اس غصے کا اظہار ممکن نہیں ہوتا، اس لیے وہ غصہ اندر ہی اندر پلتا رہتا ہے اور بالآخر خود ہی کے خلاف مڑ جاتا ہے۔ یہی کیفیت آگے چل کر ڈپریشن، بے دلی، اور زندگی سے لاتعلقی کی صورت میں ظاہر ہوتی ہے۔

اگر اس پورے عمل کو دینی اور اخلاقی تناظر میں دیکھا جائے تو ایک اور سوال ابھرتا ہے۔ جب ہم بار بار “لوگ” کو مرکز بنا لیتے ہیں تو دراصل ہم اپنے بچوں کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ اصل طاقت اور فیصلہ سماج کے ہاتھ میں ہے۔ حالانکہ ایمان کا بنیادی تصور یہ ہے کہ عزت، قدر اور کامیابی کا معیار اللہ کے اختیار میں ہے، نہ کہ لوگوں کی رائے میں۔ جب یہ توازن بگڑتا ہے تو تربیت بھی بوجھ بن جاتی ہے۔

صحت مند تربیت وہ نہیں جو بچے کو ناکامی سے بچا لے، بلکہ وہ ہے جو ناکامی کے بعد بھی بچے کو ٹوٹنے نہ دے۔ جب والدین غیر مشروط قبولیت کا پیغام دیتے ہیں؛ یعنی یہ احساس کہ “تمہاری قدر تمہاری کارکردگی سے پہلے ہے”؛ تو بچہ نہ صرف ذہنی طور پر مضبوط ہوتا ہے بلکہ عملی زندگی میں بھی زیادہ متوازن فیصلے کرتا ہے۔ ایسے بچے خوف سے نہیں، مقصد اور معنی کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں۔

آخر میں بات بہت سادہ ہے، مگر اس کی ذمہ داری بھاری ہے۔ اگر ہم نے اگلی نسل کو صرف سماجی منظوری کی قیمت پر جینے کا ہنر سکھایا، تو ہم نے انہیں زندگی نہیں دی، زندگی کے سٹیج پر صرف ایک سائیڈ کا کردار دے دیا۔ اصل سوال یہ نہیں کہ لوگ کیا کہیں گے، بلکہ یہ ہے کہ ہمارا بچہ خود اپنے بارے میں کیا محسوس کرے گا۔ آج بھی، اور دس سال بعد بھی۔

یہ انتخاب ہر روز، ہر جملے، اور ہر تقابل کے ساتھ ہمارے ہاتھ میں ہوتا ہے۔


بچوں کا ۔۔شریکوں۔۔رقیبوں۔۔ سے تقابل کرنے کے بجائے کیا رویہ رکھا جا سکتا ہے جس سے بچے میں خود اعتمادی، رزیلئینس، اور محنت کی سوچ پروان چڑھے۔ اور مثبت مقابلہ کرنے کا خیال پنپے؟


Imran Aslam

MINDSET COACH

منگل، 30 دسمبر، 2025

اس حال میں جینا لازم ہے۔ (پانچواں حصہ)


پانچواں حصہ


اکثر اوقات کچھ جملے بظاہر بڑے بااختیار، بڑے باوقار اور بڑے آزاد دکھائی دیتے ہیں، مگر جب انسان کے ذہنی حال اور اندرونی کیفیت کے آئینے میں انہیں پرکھا جائے تو وہ آزادی نہیں بلکہ ایک خاموش پھندا نکلتے ہیں۔ “میرا جسم، میری مرضی” بھی ایسا ہی ایک جملہ ہے۔ یہ جملہ بظاہر اچھا محسوس ہوتا ہے، انسان کو اپنا آپ امپاورڈ لگتا ہے، اسے محسوس ہوتا ہے کہ وہ ذہنی طور پر متوازن اور اس کے سامنے کئی راستے موجود ہوں، ۔ مگر یہی سوچ انسان کو اپنے اوپر قیامت ڈھا دینے پر آمادہ کر دیتی ہے جب ذہن شدید دباؤ، مایوسی، یا خودکشی کے خیالات کی گرفت میں ہو، اور یہ جملہ اس کے لیے نجات نہیں، بوجھ بن جاتا ہے۔


 suicidal ذہن آزاد نہیں ہوتا۔ وہ پہلے ہی تنگ ہو چکا ہوتا ہے۔ اس کی سوچ سمٹ کر دو انتہاؤں میں قید ہو جاتی ہے: یا سب کچھ ٹھیک ہو جائے، یا سب کچھ ختم ہو جائے۔ درمیان کے راستے اس کی نظر سے اوجھل ہو جاتے ہیں۔ اس کیفیت میں انسان کو “choice” دینا دراصل اسے ایک ایسا فیصلہ تھما دینا ہے جسے وہ اٹھانے کے قابل ہی نہیں رہتا۔ یہ بالکل ایسے ہے جیسے ڈوبتے ہوئے شخص سے کہا جائے کہ تیرنے کا طریقہ تمہارا انتخاب ہے۔ جبکہ اس وقت اسے کسی نظریے نہیں، کسی ہاتھ کی ضرورت ہوتی ہے۔


اسلام ایسے کسی انسان پر کوئی اضافی اخلاقی بوجھ نہیں ڈالتا، بلکہ اس کے نازک ذہن کو سہارا دیتا ہے۔ جب اسلام یہ کہتا ہے کہ جان تمہاری ملکیت نہیں بلکہ امانت ہے، تو وہ انسان کے ہاتھوں سے آخری، خطرناک فیصلہ لے لیتا ہے۔ وہ اسے یہ اجازت نہیں دیتا کہ وہ درد کے عروج پر، وقتی مایوسی میں، اپنی پوری زندگی پر ایک حتمی لکیر کھینچ دے۔ یہ بات سمجھنے کی ہے کہ بعض اوقات انسان کو آزادی نہیں، حدود کی ضرورت ہوتی ہے، کیونکہ یہی حدود اسے خود سے بچا لیتی ہیں۔


خودکشی کے خیالات میں مبتلا شخص کا سب سے خطرناک خیال یہ نہیں ہوتا کہ “میں مرنا چاہتا ہوں”، بلکہ یہ ہوتا ہے کہ “اب کوئی اور راستہ باقی نہیں رہا”۔ لبرل بیانیہ اس خیال کو تقویت دیتا ہے، یہ کہہ کر کہ اگر تم چاہو تو یہ بھی ایک راستہ ہے۔ اسلام اس سوچ کو وہیں روک دیتا ہے۔ وہ صاف کہتا ہے کہ یہ راستہ تمہارے لیے کھلا ہی نہیں۔ یہ روک دراصل ایک نفسیاتی حفاظتی دیوار ہے، جو انسان کو ایک ناقابلِ واپسی فیصلے سے پہلے کچھ وقت دے دیتی ہے۔ اور وقت مل جانا شفا کی پہلی شرط ہے۔


اسلامی تصورِ صبر کو بھی اکثر غلط سمجھا گیا ہے۔ صبر کا مطلب یہ نہیں کہ انسان درد کو دبا لے یا خاموشی سے ٹوٹتا رہے۔ صبر کا مطلب یہ ہے کہ انسان اپنی تکلیف کو معنی کے ساتھ برداشت کرے۔ یہ یقین رکھے کہ اس کا درد بے مقصد نہیں، اس کی آزمائش بے حساب نہیں، اور اس کا رب اس حال میں بھی اس کے ساتھ ہے۔ یہی یقین suicidal ذہن کے سب سے زہریلے احساس—اکیلے پن—کو توڑتا ہے۔ کیونکہ جب انسان یہ مان لیتا ہے کہ میں اکیلا نہیں ہوں، تو زندگی کا بوجھ کچھ ہلکا ہو جاتا ہے۔


یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ خودکشی کی خواہش اکثر مستقل نہیں ہوتی، بلکہ ایک شدید مگر عارضی کیفیت ہوتی ہے۔ آج جو درد ناقابلِ برداشت لگتا ہے، کچھ وقت بعد اسی شخص کو حیران کر دیتا ہے کہ وہ اس مقام تک کیسے پہنچ گیا تھا۔ مگر “choice” کا نعرہ اس عارضی کیفیت کو مستقل انجام میں بدل دیتا ہے۔ اسلام انسان کو یہی یاد دلاتا رہتا ہے کہ عارضی درد کے بدلے ابدی انجام کا سودا دانشمندی نہیں۔


آج کے ٹوٹے ہوئے انسان کو یہ بات سادگی سے، مگر گہرائی کے ساتھ سمجھانے کی ضرورت ہے کہ تم مضبوط اس لیے نہیں ہو کہ تم ہر چیز کنٹرول کر سکتے ہو، بلکہ اس لیے ہو کہ کچھ فیصلے تمہارے سپرد ہی نہیں کیے گئے۔ تمہاری جان ایک امانت ہے، اور امانت کی حفاظت کرنا ہی اصل بندگی ہے۔ بعض اوقات زندگی کو تھامے رکھنا سب سے بڑا حوصلہ ہوتا ہے، اور بعض اوقات رک جانا ہی آگے بڑھنے کی پہلی شرط بن جاتا ہے۔


زندگی ختم کرنا اس وقت ہوتا ہے جب انتخاب مر جاتا ہے۔ اسلام اسی مرے ہوئے انتخاب کو دوبارہ سانس دینے کے لیے حد قائم کرتا ہے، دیوار کھڑی کرتا ہے، اور انسان سے کہتا ہے: یہاں تک، اس سے آگے نہیں۔ یہ دیوار قید خانے کی نہیں ہوتی سہارے کے لئے ہوتی ہے۔ اور انسان کو سہارا بس اتنی دیر چاہیے ہوتی ہے کہ وہ دوبارہ جینا سیکھ سکے۔


Imran Aslam

MINDSET COACH

سبھی نے جانا ہے


سبھی نے جانا ہے، مگر کوئی شان نرالی ہوتی ہے، کون کس دھج سے متقل کو گیا۔ کس نے سر، سرداروں کی طرح وارا اور کون مقتل میں بھی قسمت کا سکندر نکلا۔ کس کا سر، سرِ سناں پکارا کیا۔ کون توپوں کے دھانوں پر بھی لبیک کا ورد کرتا رہا اور کس کو لیلائے شہادت نے آغوش محبت میں سمیٹ لیا۔ ہر بار کوئی تارہ ٹوٹتا ہے بیم و رجا کی اک کشمکش درون دل کھنچی جاتی ہے۔ گو نجوم کی تنک تابی ، دلیل صبح روشن ہی ہوتی ہے لیکن ناکاری و سیاکاری؛ ابو عبداللہ کی ماں ملکہ عائشہ کا جملہ سماعتوں میں دہرا دیتی ہے۔ جسے نسیم حجازی نے امر کر دیا۔ ’’جسے تم مرد ہوکر بچا نہ سکے،اب اُس کے لیے عورتوں کی طرح روتے ہو۔‘‘ امت کے کتنے ہی شیں جوان، امت کی عزت کی خاطر کٹ مرے، اور ہم فقط آنکھیں بھگونے کے سوا، کبھی کچھ نہیں کر پائے۔


ہر دلدوز خبر پر دل سیپارہ ہوتا ہے، سحابِ غم سینے کو جھکڑ لیتا یے۔ دل اتنے زور سے بجتا ہے مانو ٹوٹ جائے اور اندر کچھ شیشے سا کرچی کرچی۔ شاید بلکہ یقینا احساس ندامت، پیچھے رہ جانے کا غم، کم مائیگی، بزدلی، وہن کا بوجھ، اور خسارے کا زیاں کا خیال۔ وہ جو رب کی جنتوں میں اڑتے پھرتے ہیں (انشاہ اللہ) ان کے لئے محبت، تڑپ، اور اس امت کے قلیل قیمتی انمول سرمائے میں سے موتی بکھر جانے کا غم کہ میں کسی کھاتے میں ہی نہیں!


جان دینے والے، جانے والے اپنی ادا، اپنا بانکپن دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دکھا جاتے ہیں۔


وہ جو گھاٹیوں میں، صحرائوں میں، سمندروں دریائوں میں امت کا قرض اتار رہے ہیں وہ تو جان سے گزر کر بھی امت کا سر جھکنے نہیں دیتے۔

وہ تو امت کا فخر، امت کا مان، امت کی ضمان ہیں۔ اور ان کا اجر اللہ کے پاس ہی ہے۔


کرو کج جبیں پہ سر کفن مرے قاتلوں کو گماں نہ ہو

کہ غرور عشق کا بانکپن پس مرگ ہم نے بھلا دیا


عمران اسلم

اتوار، 28 دسمبر، 2025

مصعب اور ابو مصعب کے مکالمے


اگلے پانچ سات سالوں میں زندگی رہی تو مصعب اور ابو مصعب کے مکالمے کچھ ایسے ہونے ہیں۔

👇👇


#اس_حال_میں_جینا_لازم_ہے۔


پانچواں حصہ

 


 #ہم_اپنے_بچوں_کے_قاتل_ہیں 


میرے بیٹے نے چند دن پہلے مجھ سے ایک عجیب سوال کیا اس نے پوچھا آپ نے کبھی سوچا آپ کے بچے آپ کی عزت کیوں کرتے ہیں؟ میں نے قہقہہ لگا کر جواب دیا دنیا کے تمام بچے اپنے والدین کی عزت کرتے ہیں، میں باپ ہوں اور باپ کی حیثیت سے مجھے عزت کی سہولت (Privilege) حاصل ہے، وہ ہنس کر بولا ہرگز نہیں، دنیا کے ہر بچے کا کوئی نہ کوئی ماں باپ ہوتا ہے اور ضروری نہیں ہوتا تمام بچے ان کی دل سے عزت کرتے ہوں لیکن ہم کرتے ہیں، میں نے پھر ہنس کر جواب دیا میں کیسے فیصلہ کر سکتا ہوں آپ لوگوں کی محبت جینوئن ہے اور یہ وقت کے ساتھ ساتھ کم نہیں ہو گی؟


وہ بھی ہنسا اور پھر بولا ہم اس ایشو کو سائیڈ پر رکھتے ہیں اور میں آپ کو بتاتا ہوں ہم آپ کی عزت کرتے کیوں ہیں؟ میں خاموشی سے اس کی طرف دیکھتا رہا وہ بولا آپ نے ہمارے پورے ایجوکیشنل کیریئر کے دوران ایک بار بھی ہماری مارک شیٹ نہیں دیکھی، آپ نے ہمیں کم نمبرز لینے پر ڈانٹا نہیں اور کبھی زیادہ نمبرز پر تالی نہیں بجائی، ہم اپنی مرضی سے سبجیکٹ تبدیل کر لیتے تھے، سکول اور کالج بھی بدل لیتے تھے اور فیل بھی ہو جاتے تھے لیکن آپ نے کبھی برا نہیں منایا جب کہ ہمارے تمام کلاس فیلوز کے والدین آدھے آدھے نمبرز کا حساب بھی رکھتے تھے اور ہمارے سامنے ان کو پھینٹا بھی لگا دیتے تھے، ہمارے کلاس فیلوز جب بھی آپ کو دیکھتے تھے تو وہ ہم سے کہتے تھے یار تم چند دنوں کے لیے اپنا ابا ہمیں نہیں دے سکتے؟ ہم جوتے کھا کھا کر تھک گئے ہیں، ہمیں اس وقت اندازہ ہوا آپ کو ہم پر اندھا اعتماد ہے، آپ ہمیں نمبرز اور پوزیشن سے بالاتر سمجھتے ہیں۔


میں نے قہقہہ لگایا اور کہا آپ لوگوں کو غلط فہمی ہے کہ مجھے آپ کے کیریئر یا ایجوکیشن سے دلچسپی نہیں تھی، دنیا کا ہر والد اپنے بچوں کے بارے میں حساس ہوتا ہے، اولاد کی فکر والد کے ڈی این اے میں شامل ہوتی ہے، میں بھی پریشان ہوتا تھا لیکن میں دوسرے والدین کی طرح آپ کو پوزیشن یا نمبرز لینے کے لیے اسکول نہیں بھیجتا تھا *لرننگ(Learning) کے لیے بھجواتا تھا،* سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کا کام بچوں میں لرننگ کی صلاحیت پیدا کرنا ہوتا ہے، ایک کلاس کے اندر فرض کریں 30 سٹوڈنٹس ہیں ان میں سے لازمی طور پر کچھ آرٹسٹ ہوں گے، قدرت نے انھیں مصوری، میوزک، اداکاری، انٹیریئر ڈیکوریشن یا ڈریس ڈیزائننگ کے لیے بنایا ہوگا، ان کو بائیالوجی، میتھ یا پاک اسٹڈی میں کیا انٹرسٹ ہو گا، کچھ قدرتی بزنس مین ہوں گے، انہوں نے آگے چل کر بڑی بڑی کمپنیوں اور برینڈز کی بنیاد رکھنی ہو گی، ان کو اردو، انگریزی، تاریخ اور جغرافیے میں کیا دلچسپی ہو گی، کچھ لوگوں نے آگے چل کر نیلسن مینڈیلا اور عبدالستار ایدھی بننا ہوگا، وہ فزکس، کیمسٹری اور لٹریچر میں کیا دلچسپی لیں گے اور قدرت نے ان میں سے کچھ کو اسپورٹس مین بنایا ہوگا، ان بے چاروں کو بور لیکچرز میں کیا دلچسپی ہو گی۔


یہ ہر امتحان میں کم نمبرز لیں گے لیکن کیا ہم انہیں ناکام سمجھیں گے؟ جی نہیں چناںچہ اسکولوں کا کام نمبروں کی بنیاد پر بچوں کی گریڈنگ کرنا نہیں ہوتا، کسی بچے کو بڑا اور دوسرے کو چھوٹا، ایک کو لائق اور دوسرے کو نالائق ثابت کرنا نہیں ہوتا، انھیں لرننگ کی عادت ڈالنا اور ان کے قدرتی ٹیلنٹ کی پرورش ہوتا ہے لیکن ہمارے ملک میں بدقسمتی سے تعلیمی اداروں میں یہ دونوں کام نہیں ہو رہے، *ہم پوری کلاس کو ڈاکٹر‘ انجینئر یا آئی ٹی پروفیشنل بنانے کی کوشش کرتے ہیں* اور اس دھینگا مشتی میں طالب علموں کی لرننگ کی صلاحیت بھی ماری جاتی ہے اور اعتماد بھی،ہمارے ننانوے فیصد سٹوڈنٹس ’’آئی ایم فیلڈ‘‘ کی فیلنگ کے ساتھ کالجوں اور یونیورسٹیوں سے نکلتے ہیں۔


ان بے چاروں میں اعتماد ہی نہیں ہوتا اور جو باقی ایک فیصد بچ جاتے ہیں وہ ’’اوور کانفیڈنس‘‘ کا شکار ہوتے ہیں، وہ اس فیلنگ کے ساتھ مارکیٹ میں جاتے ہیں ’’میں ٹاپر ہوں" میرا کوئی مقابلہ نہیں، مجھے مزید لرن کرنے کی بھی کوئی ضرورت نہیں لہٰذا ٹاپرز کو ان کا ’’اوور کانفیڈنس‘‘ مار دیتا ہے اور باقی ننانوے فیصد کو ’’میں نالائق ہوں‘‘ کا ٹیگ کھا جاتا ہے، میں خود بھی اسی سسٹم کی پیداوار ہوں، مجھے پہلی جماعت سے آخر تک ہر استاد نے بتایا تھا تم نالائق ہو، مجھے عملی زندگی میں بھی میرے کولیگ ’’جاہل‘‘ کہتے تھے چناںچہ میں جانتا تھا میرے بچوں کو اس سسٹم سے کچھ نہیں ملے گا۔


یہ سسٹم انھیں سمجھے بغیر رگڑا لگائے گا اور اگر میں بھی اس میں شامل ہو گیا تو یہ ان کے ساتھ زیادتی ہو گی لہٰذا میں نے کم از کم اپنی طرف سے آپ لوگوں کو محفوظ بنا دیا، آپ یہ جان گئے ہم اگر دس بار بھی فیل ہو جائیں تو ہمارا والد ہمیں جوتے نہیں مارے گا، یہ ہنس کر کہے گا تم کالج، سبجیکٹس اور ٹیچرز بدل لو اور اگر پھر بھی پڑھنے کا دل نہ کرے تو کالج چھوڑ کر اپنی مرضی کا کام شروع کر لو۔


میرے بیٹے نے ہنس کر جواب دیا ہم اسی لیے آپ کی عزت کرتے ہیں، آپ نے ہم پر اس وقت اعتماد کیا تھا جب کوئی اسکول، کوئی کالج اور کوئی استاد ہمیں انسان ماننے کے لیے بھی تیار نہیں تھا، آپ اس وقت ہمارا واحد سہارا تھے، تمام ٹیچرز ہمیں برا بھلا کہتے تھے، ہمارے سارے کلاس فیلوز ہم پر ہنستے تھے لیکن آپ ہماری مارک شیٹ فولڈ کر کے جیب میں ڈالتے تھے، ہمارا ہاتھ پکڑتے تھے، اسکول کے گیٹ سے باہر نکلتے تھے اور ہمیں آئس کریم کھلا کر کہتے تھے کوئی بات نہیں ہم پھر ٹرائی کریں گے۔


آپ کو میری بات عجیب محسوس ہوگی لیکن آپ یقین کریں اولاد اللہ تعالیٰ کا بہت بڑا عطیہ ہے، اللہ نے آپ کو صاحب اولاد بنا دیا ہے، آپ پروردگار کا شکر ادا کریں اور بچوں کو نمبروں اور پوزیشنز کی ریٹ ریس (چوہا دوڑ) کا شکار نہ بنائیں، اللہ تعالیٰ انسان کی پیدائش سے پہلے اس کا مقدر، اس کی منزل طے کر دیتا ہے، ہمارے بچے نے زندگی میں کہاں جانا ہے یہ ہم جانتے ہیں اور نہ ہی دنیا کا کوئی استاد، کوئی کالج اور نہ کوئی سلیبس لہٰذا آپ صرف اپنے بچوں کی *گرومنگ اور لرننگ پر توجہ دیں،* آپ نے اگر انھیں اخلاقی لحاظ سے گروم کر لیا یا ان میں لرننگ کی صلاحیت پیدا کر دی تو آپ کا کام ختم ہوگیا۔ 


یہ زندگی میں آگے چل کر اپنا راستہ خود بنا لیں گے لیکن اگر آپ کے بچے گروم نہیں ہوئے یا ان میں لرن کرنے کی صلاحیت پیدا نہیں ہوئی تو یہ خواہ ہر کلاس میں ٹاپ کرلیں یہ زندگی میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے، یہ پوری زندگی اپنی ذات میں کمی محسوس کریں گے۔ 


اب سوال یہ ہے گرومنگ اور لرننگ ہوتی کیا ہے؟ گرومنگ زندگی گزارنے کا سلیقہ ہوتا ہے، انسان کو چلنا، پھرنا، اٹھنا، بیٹھنا، بولنا چالنا، کھانا پینا، اور رہنا سہنا کیسے چاہیے؟ یہ ٹریننگ گرومنگ کہلاتی ہے، میں نے اپنے دونوں بیٹوں کو گروم کرنے کے لیے ویٹر ایٹی کیٹ (Etiquette) کا کورس کروایا تھا، یہ 13 سال کی عمر میں سرٹیفائیڈ ویٹر تھے۔


میں نے اس کے بعد انھیں بک ریڈنگ، نالج ہنٹنگ، ایچ آر، بزنس اسٹارٹ اپس، پرسنل ہائی جین، کمپنی میکنگ، ریسورس مینجمنٹ، کرائسیس مینجمنٹ اور انٹیریئر ڈیکوریشن کی ٹریننگز بھی کرائیں اور انھیں پیسہ کمانے اور پیسہ استعمال کرنے کے طریقے بھی سکھائے، آج یوٹیوب کی وجہ سے ہر قسم کا نالج موبائل فون میں دستیاب ہے، کروڑوں کی تعداد میں آن لائن کورسز بھی موجود ہیں، آپ خود اور اپنے بچوں کو یہ کورسز کرا سکتے ہیں۔


یہ یاد رکھیں ہم میں سے کوئی شخص مسئلے سے نہیں بچ سکتا، زندگی میں مسائل مسئلہ نہیں ہوتے ان مسائل کا حل مسئلہ ہوتا ہے، آپ میں اگر سیکھنے (لرننگ) کی صلاحیت موجود ہو تو آپ بڑی آسانی سے اپنا ہر مسئلہ حل کر لیتے ہیں اور آپ میں اگر یہ صلاحیت نہ ہو تو آپ ہمت ہار کر بیٹھ جاتے ہیں، لرننگ وہ صلاحیت ہے جو طوطے کو سمجھا دیتی ہے تم نے اگر اپنی مرضی کی خوراک لینی ہے تو تمہیں یہ دو لفظ سیکھنے ہوں گے، میاں مٹھو یا چوری دو یا اللہ ہو اور یہ دو تین لفظ سیکھ کر اپنی خوراک کا بندوبست کر لیتا ہے یا آپ کے گھر کی بلی یہ سیکھ لیتی ہے میں نے اگر دودھ لینا ہے تو مجھے اپنی مالکن یا مالک کے ہاتھ پر پیار سے سر رگڑنا ہو گا یا آپ کا پالتو کتا یہ سیکھ جاتا ہے میں اگر گول گول گھوموں گا یا صاحب کی پھینکی ہوئی بال اٹھا لاؤں گا تو صاحب میری گردن پر پیار سے ہاتھ بھی پھیرے گا اور مجھے گوشت کا ٹکڑا بھی دے گا۔


دنیا کو آپ سے کیا چاہیے؟ آپ نے دنیا کو کیسے متاثر کرنا ہے اور آپ نے نامساعد حالات میں اپنے آپ کو کیسے برقرار رکھنا ہے؟ یہ سمجھنا لرننگ ہوتا ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے تعلیمی ادارے ہمارے بچوں میں یہ صلاحیت پیدا نہیں کر پا رہے، یہ ان کو نالائقی کا تمغہ دے کر گھر بھجوا دیتے ہیں اور یہ ان کو نالائقی کا تمغہ دے کر گھر بھجوا دیتے ہیں اور یہ ہمارے سسٹم کی سب سے بڑی خرابی ہے، ہم اپنے بچوں کے قاتل ہیں..

بImran Aslam

Imran Aslam

MINDSET COACH

اس حال میں جینا لازم ہے۔ (چوتھا حصہ)


چوتھا حصہ


 کیا خودکشی کرنے والا "شہیدِ سسٹم" ہے؟ 

 ایک خطرناک رومانوی جھوٹ 

(سوشل میڈیا اور نفسیات: گلوریفکیشن اور نقل کا رجحان)


سوشل میڈیا کے اس دور میں جہاں ہر چیز کو بیچنا اور وائرل کرنا مقصود بن چکا ہے، وہاں ہم نے موت کو بھی ایک ’برانڈ‘ بنا دیا ہے۔ جب بھی کوئی طالب علم دباؤ، ناانصافی یا ڈپریشن کے ہاتھوں مجبور ہو کر اپنی جان لیتا ہے، تو ہمارے کی بورڈ مجاہدین فوراً اسے ’سسٹم کا شہید‘، ’مزاحمت کی علامت‘ اور ’انقلابی ہیرو‘ بنا کر پیش کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ جذباتی نظمیں لکھی جاتی ہیں، اس کی آخری ویڈیوز پر دردناک بیک گراؤنڈ میوزک لگا کر شیئر کیا جاتا ہے، اور یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ اس نوجوان نے مر کر دراصل ظالم سماج کے منہ پر تمانچہ مارا ہے۔ بظاہر یہ ہمدردی لگتی ہے، لیکن نفسیات کی رو سے یہ ایک انتہائی مہلک اور زہریلا عمل ہے جسے ’گلوریفکیشن آف سوسائڈ‘ (Glorification of Suicide) کہا جاتا ہے۔


 ایک اصطلاح ہے ’ورتھر ایفیکٹ‘ (Werther Effect)۔ یہ اس وقت ہوتا ہے جب میڈیا یا معاشرہ خودکشی کو ایک رومانوی اور بہادرانہ فعل کے طور پر پیش کرتا ہے، تو نتیجے میں دیگر کمزور اور مایوس لوگ بھی اسی راستے کو اپنانے کی ترغیب لیتے ہیں۔ وہ سوچتے ہیں کہ ”اگر میں بھی مر جاؤں، تو مجھے بھی اتنی ہی توجہ، اتنی ہی ہمدردی اور اتنا ہی ’ہیرو‘ کا درجہ ملے گا۔“ یوں ہم ایک لاش پر روتے روتے انجانے میں دوسری لاش کا انتظام کر رہے ہوتے ہیں۔ جب ہم خودکشی کو ’مسائل کا حل‘ یا ’احتجاج کا طریقہ‘ بنا کر پیش کرتے ہیں، تو ہم ان ہزاروں بچوں کے اعصاب توڑ رہے ہوتے ہیں جو ابھی زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔


سچ کڑوا ہے مگر سننا ہوگا۔ خودکشی کرنے والا نوجوان یقیناً مظلوم ہو سکتا ہے، وہ دباؤ کا شکار ہو سکتا ہے، اس کے ساتھ زیادتی ہوئی ہو گی، لیکن اس کا یہ عمل بہادری نہیں، بلکہ ’ہار ماننا‘ ہے۔ اسے شہیدِ سسٹم کہنا ان لوگوں کی توہین ہے جو اسی سسٹم کے جبر کو سہہ کر زندہ ہیں اور مقابلہ کر رہے ہیں۔ خودکشی ایک المیہ ہے، کوئی کارنامہ نہیں۔ ہمیں اس کے دکھ پر رونا چاہیے، اس کے اسباب پر بات کرنی چاہیے، سسٹم کو کوسنا چاہیے، مگر خدارا! اس موت کو خوبصورت غلاف میں لپیٹ کر پیش مت کریں۔ موت خوبصورت نہیں ہوتی، یہ بھیانک ہوتی ہے، یہ پیچھے رہ جانے والوں کے لیے عمر بھر کا روگ ہوتی ہے۔


اگر ہم واقعی مخلص ہیں تو ہمیں اپنے بیانیے کو بدلنا ہوگا۔ ہمیں یہ کہنا ہوگا کہ ”تمہارا درد سچا تھا، تمہاری تکلیف حقیقی تھی، مگر تمہارا فیصلہ غلط تھا۔“ ہمیں اپنے معاشرے میں ایک دوسرے کو یہ بار بار بتانا ہوگا کہ اصل بہادری حرام مرنے میں نہیں، بلکہ ان حالات کا سامنا کرنے اور زندہ رہنے میں ہے۔ جب تک ہم خودکشی سے ’رومانس‘ کا عنصر ختم نہیں کریں گے، تب تک ہم اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے نہیں بچا سکیں گے۔ یاد رکھیے، ہمدردی کا مطلب یہ نہیں کہ آپ زہر کو شربت کہہ کر پیش کریں۔ زہر زہر ہے، چاہے وہ کتنے ہی خوبصورت پیالے میں کیوں نہ ہو۔


Imran Aslam

MINDSET COACH


#wellness 

#STOPGLORIFYINGSUICIDE

 #responsiblereporting

جمعہ، 26 دسمبر، 2025

اس حال میں جینا لازم ہے۔ (تیسرا حصہ)


تیسرا حصہ


**خودکشی: حل یا فرار؟ 

 سرنگ کے اس پار کیا ہے؟*


(خودکشی کے حوالے سے پچھلی دو تحریریں پڑھ کر چار نوجوانوں نے رابطہ کیا کہ ہمیں خودکشی کے خیالات آتے ہیں۔ دو کو سائیکولجسٹ کی طرف ریکمنڈ کر دیا اور دو کو کونلسنگ کری کہ یہ خدانخواستہ خودکشی کے خیالات نہیں، خودکشی کو فینٹیسائیز کرنے کا نتیجہ ہے۔ ان سے کہے گئی کچھ باتیں)


خودکشی کوئی بہادری نہیں، کوئی حل نہیں، اور ہرگز راہ نجات نہیں۔ 


اب تو گھبرا کے یہ کہتے ہیں کہ مر جائیں گے.

 مر کے بھی چین نہ پایا تو کدھر جائیں گے


یہ ایک المناک حادثہ ہے؛ ایک ایسا حادثہ جو باہر کی سڑک پر نہیں، بلکہ انسان کے اندر، اس کی شاہراہِ حیات پر پیش آتا ہے۔ وہ نازک ترین لمحہ ہوتا ہے جب انسان کی عقل، جذبات، اعصاب اور ایمان سب ایک ساتھ شدید دباؤ میں آ جاتے ہیں، اور عین اسی لمحے ہمارا ازلی دشمن شیطان اپنا وار کرتا ہے۔

اللہ رب العزت نے قرآن کریم میں دو ٹوک اور واشگاف الفاظ میں تنبیہ فرمائی ہے

**”اور اپنی جانوں کو قتل نہ کرو، بے شک اللہ تم پر نہایت مہربان ہے۔“ (النساء: 29)**


 خودکشی کرنے والا عموماً مرنا نہیں چاہتا، وہ دراصل اس ’درد‘ سے بھاگنا چاہتا ہے جس نے اس کا جینا محال کر رکھا ہوتا ہے۔ وہ اذیت جس نے اس کے اعصاب کو مفلوج کر دیا ہو، اس کی نیند، چین، بھوک اور امید چھین لی ہو۔ یہاں دماغ کی کیمسٹری، جذباتی نظام اور روحانی کمزوری ایک ساتھ، ایک ہی وقت میں کام کر رہی ہوتی ہیں۔ اور یہ سب کمزوریاں مل کر ایمان و اخلاق کی بریکوں کو بھی فیل کر دیتی ہیں۔


 شدید ذہنی دباؤ، کلینیکل ڈپریشن یا کسی گہرے صدمے کے دوران انسان کا دماغ ایک ایسی کیفیت میں داخل ہو جاتا ہے جسے *’ٹنل ویژن‘ (Tunnel Vision)** کہتے ہیں۔ اس کیفیت میں دماغ کے وہ حصے جو مسائل کا حل اور متبادل راستے سوچتے ہیں، وقتی طور پر معطل یا کمزور ہو جاتے ہیں۔ انسان کو چاروں طرف اندھیرا اور صرف ایک ہی راستہ دکھائی دیتا ہے—اور وہ راستہ اسے ’موت‘ کا لگنے لگتا ہے۔ یہ کوئی فلسفیانہ سوچ نہیں، بلکہ ایک ’نیورولوجیکل حقیقت‘ ہے۔ اسی بیالوجیکل کمزور پوائینٹ کے راستے شیطان، نفسِ امارہ کے ساتھ گٹھ جوڑ کر کے، اس حیاتیاتی کمزوری کو مہلک معنی دے دیتا ہے۔


دل گلستاں تھا تو ہر شے سے ٹپکتی تھی بہار 

دل بیاباں ہوگیا عالم بیاباں ہوگیا​۔


 شیطان انسان کو کب یہ کہتا ہو گا کہ: ”میں تمہیں جہنم میں لے جانا چاہتا ہوں۔“

بلکہ وہ بہت ہمدرد بن کر سرگوشی کرتا ہے: *”بس یہ درد ختم کر لو۔“


*’تلبیسِ ابلیس‘ بھی تو یہی ہوتی ہے ناں؛ سچ کو جھوٹ کے لبادے میں لپیٹ دینا اور حرام کو مسیحائی بنا کر پیش کرنا۔

انسان کا ذہن جب ایمان کی روشنی میں ہوتا ہے تو گھپ اندھیرے میں بھی راستہ ڈھونڈ لیتا ہے، لیکن جب مایوسی، خوف اور وسوسہ غالب آ جائے تو سامنے رکھا ہوا سادہ حل بھی نظروں سے اوجھل ہو جاتا ہے۔ قرآن اسی ذہنی اندھے پن اور ناامیدی کی زنجیروں کو توڑتا ہے:

*”اور اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہو، یقیناً اللہ کی رحمت سے وہی لوگ مایوس ہوتے ہیں جو حقیقت سے کٹ جاتے (کافر ہوتے) ہیں۔“ (یوسف: 87)*


**خودکشی عقلی فیصلہ نہیں، یہ جذباتی یرغمالی (Emotional Hijacking) ہے۔**


اس مقام پر عقل ہار چکی ہوتی ہے، جذبات قابض ہو چکے ہوتے ہیں، شیطانی وسوسے گھیرے ہوئے ہوتے ہیں اور انسان کا **’امپلس کنٹرول‘ (Impulse Control)** ٹوٹنے کے قریب ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ خودکشی کا خیال اور عمل کے درمیان کا فاصلہ بعض اوقات صرف چند منٹ کا ہوتا ہے۔ اگر ان چند قیمتی منٹوں میں کوئی ’بریک‘ لگ جائے (اور مضبوط ایمان، اللہ پر مکمل امید سے بڑھ کر کوئی بریک کیا ہو گی؟) کوئی ہمدرد انسان، کوئی مہربان آواز، کوئی یاد دہانی، یا قرآن کی کوئی آیت، کوئی وعدہ کوئی وعید؛ تو زندگی موت کو شکست دے سکتی ہے۔

**اسلام اسی ’بریک‘ کا نام ہے۔**


ایمان انسان کے اندر ایک ’حفاظتی نظام‘ (Safety Mechanism) کی طرح ہے۔ مگر جب ایمان کمزور پڑ جائے، اللہ کا ذکر چھوٹ جائے، یا مسلسل ذہنی دباؤ اعصاب کو شل کر دے تو یہ بریک فیل ہو سکتی ہے۔ اسی لیے رسول اللہ ﷺ نے سخت ترین الفاظ میں متنبہ فرمایا تاکہ انسان خوفِ خدا سے رک جائے:

*”جس نے جس چیز کے ساتھ خودکشی کی، اسے (جہنم میں) اسی کے ساتھ عذاب دیا جائے گا۔“*


یہ وعید کسی کو مارنے کے لیے نہیں، بلکہ اسے روکنے کے لیے ہے۔ یہ وہ آخری دیوار ہے جو گرتے ہوئے انسان کو سہارا دیتی ہے تاکہ وہ ایک قدم پیچھے ہٹ جائے۔

یہ بھی سچ ہے کہ کچھ ذہنی امراض میں دماغی توازن شدید متاثر ہوتا ہے، اور انسان کی فیصلہ سازی (Decision Making) کمزور ہو جاتی ہے۔ اسلام اس بائیولوجیکل حقیقت سے انکار نہیں کرتا۔ مگر ایک اصول یہاں واضح رہنا چاہیے:

*کمزوری کا مطلب اجازت نہیں ہوتا۔*

*درد کا حل (موت) نہیں ہوتا۔*


اور خودکشی کسی بھی حالت میں ’نجات‘ نہیں بن سکتی۔ یہ تو آزمائش سے بھاگ کر ایک دائمی اور لامتناہی تباہی کی طرف چھلانگ ہے۔

معاشرہ یہاں ایک اور جرم کرتا ہے: وہ خودکشی کرنے والے کو مظلوم اور مکمل معذور بنا دیتا ہے۔ یہ رویے غلط ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ وہ ایک کمزور لمحے میں گھرا ہوا، شیطان اور نفس کے شکنجے میں جکڑا ہوا انسان ہوتا ہے، جسے ’جواز‘ دینے کی نہیں، بلکہ ’روکنے‘ اور تھامنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر اس نازک لمحے میں اسے اس فعل قبیح کا کوئی معاشرتی سماجی جواز نہ مل سکے اور کوئی اسے یہ یقین دلا دے کہ ”یہ درد کا تکلیف کا احساس گزر جائے گا، ابھی نہیں، بس ابھی ہار نہیں ماننی؛ تو وہ مہلک امپلس ٹوٹ سکتا ہے۔ 


زندگی کے مسائل چاہے وہ ناکامی ہو، رشتوں کا ٹوٹنا، غربت ہو یا شرمندگی یہ سب عارضی موسم ہیں، چاہے اس لمحے یہ پہاڑ جیسے لگیں۔ لیکن خودکشی ایک ’ناقابلِ واپسی فیصلہ‘ ہے۔ یہ ایسا دروازہ ہے جو ایک بار بند ہو گیا تو توبہ، اصلاح اور واپسی کے تمام راستے ہمیشہ کے لیے ختم۔

**سرنگ جتنی بھی لمبی ہو، وہ ختم ضرور ہوتی ہے۔**

لیکن سرنگ میں گھبرا کر وہیں جان دے دینا راستہ نہیں، یہ اندھا پن ہے۔


اگر آپ اس وقت اس تحریر کو پڑھ رہے ہیں اور آپ کا دل چیخ کر کہہ رہا ہے کہ ”اب مزید برداشت نہیں ہو سکتا“ تو سن لیں:

یہ آپ کا ’دماغ‘ (Brain) بول رہا ہے، ممکن ہے نفس امارہ کے کنٹرول میں، ممکن ہے ازلی دشمن شیطان کی سرگوشیاں، ممکن ہے بیالوجیکل کیمیکل امبیلینس لیکن یہ ’حقیقت‘ (Reality) نہیں۔

یہ لمحہ گزرنے والا ہے، یہ کیفیت دائمی نہیں۔

ابھی، اسی وقت کسی انسان کو بتاؤ، کسی عالم کو، کسی ڈاکٹر کو، کسی سائکولجسٹ کو، کسی سائکاٹرک کو، کسی کوچ کسی مینٹور یا کسی بھی قابلِ اعتماد شخص کو پکارو، اور اندر کی آواز کو مل بیٹھ کر سمجھنے کی کوشش کرو۔


**اکیلے مت لڑو کیونکہ بھیڑیا اور شیطان ہمیشہ اکیلے انسان پر ہی حملہ کرتے ہیں۔**

اللہ کی رسی ابھی موجود ہے، اس کی رحمت ابھی باقی ہے۔ اور یقین رکھو کہ نحن اقرب من حبل الورید کا اعلان فرمانے والا تمہیں تنہا نہیں چھوڑے گا۔ تم صرف آنکھیں ہی اس پر لگا لو۔


اور جو اس لمحے رک جاتا ہے، صبر کا ایک گھونٹ پی لیتا ہے، ایک قدم پیچھے ہٹ جاتا ہے—وہ بعد میں جان لیتا ہے کہ سرنگ کے اس پار واقعی زندگی اور روشنی منتظر تھی۔


IImran AslamMINDSET COACH


#tunnel 

#MentalHealthAwareness 

#suicicideawarness 

#islamandpsychology 

#HopeInAllah

جمعرات، 25 دسمبر، 2025

اس حال میں جینا لازم ہے! (دوسرا حصہ)


Imran Aslam

MINDSET COACH


اس حال میں جینا لازم ہے!

دوسرا حصہ


یہ مضمون اگر آپ نے سکون سے پڑھ لیا، تو ممکن ہے آپ کو کسی جنازے پر کھڑے ہو کر یہ جملہ دوبارہ نہ کہنا پڑے:

 “ہمیں تو کچھ پتا ہی نہیں تھا”۔

ہمارا سماج اس وقت ایک ایسی خاموش لڑائی لڑ رہا ہے جس میں نہ بارڈر ہے، نہ دشمن نظر آتا ہے، مگر لاشیں مسلسل گر رہی ہیں۔ یہ جنگ نوجوانوں کے ذہنوں میں لڑی جا رہی ہے۔ وہ نوجوان جنہیں ہم ملک کا مستقبل کہتے نہیں تھکتے، وہی نوجوان آج اپنی زندگی کو بوجھ سمجھ کر ختم کر رہے ہیں۔ یہ کوئی ایک آدھ واقعہ نہیں، یہ ایک پیٹرن ہے، ایک سلسلہ ہے، ایک چیخ ہے جو سنائی نہیں دے رہی کیونکہ ہم سننا نہیں چاہتے۔


پاکستان میں ہر سال تقریبا چھ سے آٹھ ہزار افراد خود کشی کرتے ہیں جبکہ خودکش کوشش کرنے والوں کی تعداد کم از کم ڈیڑھ سے دو لاکھ تک ہو سکتی ہے۔ ان میں سے بیشتر نوجوان پندرہ تا تیس سال کے ہوتے ہیں۔


ایک لائف کوچ کے طور پر میں نے سینکڑوں نوجوانوں کو یہ کہتے سنا ہے: 

“مجھے لگتا ہے میں ناکام ہوں”

میں جانتا ہوں کہ یہ جملہ اکثر ۔گرائو۔ کی تمہید ہوتا ہے۔ اور بطورنفسیات و سماجیات کے طالبعلم میں یہ صاف دیکھ رہا ہوں کہ یہ ناکامی فرد کی نہیں، پورے سپورٹ سسٹم کی ہے۔ فیملی سسٹم کی ہے، والدین کی ہے، سماج کی ناکامی ہے۔ 

تتلیاں، جگنو پکڑنے کی عمریں غم حیات کو سر چڑھتے دیکھتے گزر جاتی ہیں۔ پاکستان میں نوجوانی اب دریافت کا دور ہی نہیں رہی، بلکہ دباؤ کا نام بن چکی ہے۔ ۔ بچہ ابھی بولنا سیکھتا ہے اور ہم اس سے پوچھنا شروع کر دیتے ہیں: “ڈاکٹر بنو گے یا انجینئر؟”۔ ہم نے زندگی کو اتنا تنگ کر دیا ہے کہ اگر وہ ایک راستے سے ہٹ جائے تو اسے زندگی ہی ختم ہوتی نظر آتی ہے۔ یہ سوچ کہ “بس یہی ایک چانس تھا” دراصل ایک نفسیاتی قید ہے، اور قید میں پڑا ذہن اکثر خودکشی کو آزادی سمجھنے لگتا ہے۔

گزشتہ سالوں میں نوجوانوں اور طلباء میں خودکشی کے بڑھتے ہوئے واقعات ہمیں یہ بتا رہے ہیں کہ مسئلہ کو ڈپریشن، اسٹریس یا دیگر نفسیاتی ٹرمز میں لپیٹ کر اگنور نہیں کیا جا سکتا، نوجوانوں میں زندگی سے، جینے سے چڑ ، والدین، استاد، معاشرے کی طرف سے ریزیلئینس، ہمت، برداشت، صبر جینے کا فن سکھانے میں ناکامی اور نوجوانوں سے وابسطہ غیر ضروری و غیر فطری توقعات، شرمندگی، خوف، اور بے بسی کا مجموعہ ہے۔ 


تعلیمی نظام نے بچوں کو انسان نہیں بلکہ نمبرز میں بدل دیا ہے۔ رزلٹ آیا نہیں کہ سارا وقار، سبھی احترام چھن گیا، طنز شروع ہو گیا، اور موازنہ پورے خاندان میں گردش کرنے لگا۔ ایک بچہ جسے یہ احساس دلایا جائے کہ اس کی قدر صرف اس کے نمبرز سے ہے، وہ فیل ہونے پر خود کو بے کار سمجھنے لگتا ہے۔ اور جب انسان خود کو بے کار سمجھ لے، تو موت اسے حل لگنے لگتی ہے۔


 والدین کا کردار نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ اکثر والدین نیتاً ظالم نہیں ہوتے، مگر لاعلمی میں قاتل بن جاتے ہیں۔ “ہم نے تم پر اتنا خرچ کیا ہے” جیسے جملے بچے کے لاشعور میں ایک خطرناک تصور بٹھا دیتے ہیں: میں بوجھ ہوں۔ یہ احساسِ بوجھ خودکشی کے سب سے مضبوط محرکات میں سے ایک ہے۔ نوجوان خود کو مسئلہ سمجھنے لگتا ہے، اور مسئلہ ختم کرنے کا ایک ہی طریقہ اسے دکھائی دیتا ہے: خود کو ختم کرنا۔

ڈیجیٹل دور نے اس بحران کو مزید خطرناک بنا دیا ہے۔ سوشل میڈیا ایک ایسا آئینہ بن چکا ہے جس میں نوجوان خود کو مسلسل دوسروں سے کمتر دیکھتا ہے۔ کسی کی کامیابی، کسی کی گاڑی، کسی کی شادی، کسی کا بیرونِ ملک داخلہ، سب کچھ ایک اسکرین پر، ایک کلک کی دوری پر۔ حقیقت یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر دکھائی جانے والی زندگی زیادہ تر جھوٹ ہوتی ہے، مگر ایک کمزور ذہن اس جھوٹ کو سچ مان لیتا ہے۔ پھر جب آن لائن بلیک میلنگ، تضحیک یا کردار کشی شامل ہو جائے، خاص طور پر لڑکیوں کے معاملے میں، تو “عزت” کے نام پر موت کو ترجیح دی جاتی ہے۔ 

یہ سب اس لیے بھی ہو رہا ہے کیونکہ پاکستان میں ذہنی صحت کا تصور آج بھی شرمندگی سے جڑا ہوا ہے۔ ماہرین کے پاس جانا کمزوری سمجھا جاتا ہے۔ رونے کو بہانہ کہا جاتا ہے۔ اسکولوں میں بچوں کے رویے کے مسائل کو بدتمیزی سمجھ کر سزا دی جاتی ہے، حالانکہ وہ اکثر مدد کی خاموش درخواست ہوتی ہے۔ ہم علامات کو ڈانٹ دیتے ہیں، بیماری کو نہیں سمجھتے۔

یہ بات اب واضح ہو جانی چاہیے کہ نوجوان خودکشی اس لیے ہی نہیں کرتے کہ وہ کمزور ہوتے ہیں، بلکہ اس لیے بھی کرتے ہیں کہ وہ تنہا ہوتے ہیں۔ ان کے پاس کوئی محفوظ جگہ نہیں ہوتی جہاں وہ یہ کہہ سکیں: “میں ٹھیک نہیں ہوں” اور سامنے والا انہیں جج نہ کرے، لیکچر نہ دے، شرمندہ نہ کرے۔ وہ مذہب کی روح سے دور، خدا تک پر بے یقینی کی کیفیت سے دوچار، اور انسانوں سے بیزار ہوتے ہیں۔ تو پھر انہیں اس کھائی میں گرنے سے بچانے والی قوت نافذہ کون سی ہو گی؟


یہ مضمون صرف پڑھنے کے لیے نہیں ہے۔ میرے لئے بطور والد، بطور استاد سیلف ریفلیکشن ہے اور آپ کے لئے سوال ہے کہ آپ اس کریٹکل معاملے کو کس نظر سے دیکھتے ہیں۔۔ اگر آپ والدین ہیں تو رک کر سوچیں: کیا آپ کا بچہ آپ سے خوفزدہ ہے یا محفوظ محسوس کرتا ہے؟ اگر آپ استاد ہیں تو سوال کریں: کیا آپ کے کلاس روم میں بچے انسان ہیں یا رول نمبر؟ اگر آپ پالیسی ساز ہیں تو یہ مانیں: نظام جانیں لے رہا ہے۔ اور اگر آپ خود نوجوان ہیں، تو ایک بات ذہن میں بٹھا لیں: آپ کی زندگی کسی ایک رزلٹ، کسی ایک رشتے، یا کسی ایک غلطی سے بڑی ہے۔:

خاموشی توڑیں۔ بات کریں۔ سنیں۔ مدد مانگنے کو کمزوری نہ بنائیں۔

ہر اسکول، ہر کالج، ہر گھر میں یہ پیغام جانا چاہیے کہ ناکامی زندگی کا خاتمہ نہیں، زندگی کا حصہ ہے۔اگر ہم نے ابھی آنکھیں نہ کھولیں، تو اگلا مضمون شاید کسی اور بچے کی موت کے بعد لکھنا پڑے۔ اور تب بہت دیر ہو چکی ہوتی ہے


#sucideisnotsolution

#communitysupport

#relationwithallah

#mentalhealthmatters

بدھ، 24 دسمبر، 2025

استواری بشرط رواداری!!


یوسف ، روبن اور کرسچن کالونی کے ڈھیروں ڈھیر لڑکوں کے ساتھ تب سے گہری چھن رہی جب چچا جان بائولی محلے میں شفٹ ہوئے- یوسف چچا جی سے سلائی کا کام سیکھتا تھا اور وہیں اس سے مناظرے چلتے رہتے تھے۔ ساتویں آتھویں پڑھنے والوں کا فہم کتنا کو ہو سکتا ہے بس اسی دائرہ کار میں۔ اسی زمانے میں ہم کتابیں بھئ اکسچینج کرتے تھے۔ یوسف کی دی ہوئی بائبل آج چھبئس ستائیس سال بعد بھئ میری کلیکشن کا حصہ ہے۔ ان میں سے بہت سارے گھرانوں میں تو شادی غمی میں شرکت بھی رہی ہے۔ 

ونے کمھار برھمن لڑکا تھا ڈیڑھ سال ایک کمرے میں ساتھ رہے۔ کھانا پینا، سونا جاگنا، دکھ درد ہر بات میں پردیسیوں کی ساجھے داری کو کون نہیں سمجھتا! اس کی بھنئ مچھلی کا ذائقہ اور مسالوں کی خوشبو آج بھئ زہن میں رچی ہوئی ہے۔ سعودیے میں گزارے بارہ سالوں میں جن سات مواقع پر مجھے شرطہ خانے کے چکر لگانے پڑے ان میں سے چار ونے کی وجہ سے تھے کہ اس کے ساتھ بدتمیزی کرنے کی وجہ سے اس کے مقامی کفیل کو دو بار پیٹا۔ 

جیکب، جوبن، وکرم یو اے ای میں ہماری ہرنسپل کمپنی کے مینجرز، ڈائیریکٹرز تھے۔ بیسیوں ملینز کی کاروباری شراکت داری رہئ۔ چوبیسوں گھنٹے کال پر یوں ہی محسوس ہوتا تھا کہ ہم لوگ ایک دوسرے کے شونو مونو ہیں۔ 

"راجیو، سیم" ھیڈ آفس میں مینجرز تھے۔ ھفتے دو بعد ایک آدھ دن لازمی ساتھ گزرتا۔ مشترکہ سیلز ٹارگٹس سیلز ٹیم کو یک جان ہی کر دیتے ہیں۔ اسٹریس ریلیف کے لئے کولیگز کا رونا دھونا بھی ایک دوجے کے ساتھ ہوتا ہے۔ 

رادھا، اینڈریو، گیری یہ سب کواپریٹ سیکٹر کے سخت گیر باسس کم ساسس تھے۔ ان سب سے بہترین ورکنگ ریلیشن، ٹسل، لڑائیاں، محبتیں، تعریفیں، ناراضگیاں سب کچھ جو پرسنل انڈرسٹینڈنگ بن جاتا ہے، وہ تعلق رہا۔

سجیت، ھری، بابو مان، انشد، جونی، اور بہت سارے فلپینو شروع دن سے اپنے ساتھ کام کرنے والے دوست بنے۔ اور ایک مشترکہ سانجھا، ڈھاڈھا گہرا رشتہ "پردیسی" کا ان سب کے ساتھ قائم ہوا۔ 

ان میں سے بیشتر آج بھی تعلق میں ہیں۔ ہر عید تہوار پر پیغام بھیجتے ہیں۔ جس کے لئے میں ان کا ممنون ہوتا ہوں۔ ان کی محبت، یاددھانی میرے لئے بہت قیمتی اور زندگی بھر کی کمائی سے بڑھ کر ہے۔ 

مگر قسم اٹھوا لیں ان سب غیر مسلم بہترین تعلق والوں کو کبھی کسی موقع پر میری کرسمس، ھیپی دیوالی، ھیپی ایسٹر، کہا ہو۔ کبھی ان کو ان کے تہواروں پر وش کیا ہو۔ کبھی انہیں اس حوالے سے میسج کیا ہو۔ ان کی طرف سے ان مواقع پر میسجز، تصاویر وغیرہ شئیر ہوتی ہیں تو ان کے لباس کی تعریف کرتا ہوں۔ ان کے بچوں کا احوال دریافت کرتا ہوں۔ ان کی بیگمات کے لئے نیک تمنائیں کرتا ہوں۔ ان کے کام کا ، کاروبار کا پوچھتا ہوں۔ ان کی ہدایت کی دعا کر دیتا ہوں۔ لیکن اپنے عقیدے، اپنے نظریے پر کمپرومائز کر کے وشز ؛ 

چہ معنی دارد- اور یقین مانئیے اس سب کی وجہ سے نہ کبھی مجھے کاروباری نقصان ہوا نہ ان سے تعلقات میں کمی آئی نہ گرمجوشی میں ٹھنڈ پیدا ہوئی۔ نہ وہ مجھے بھولے نہ میں نے انہیں فراموش کیا۔


IImran Aslam

نشکر مکرر


(اٹیچڈ تصویر میں ، میرے اور ارشد بھائی کے علاوہ سبھی غیر مسلم ہیں، جن سے بہت دوستی والا تعلق رہا ہے۔ اور یہ تصویر ایک ٹریننگ سیشن کی ہے ناکہ کرسمس وغیرہ کی)

منگل، 23 دسمبر، 2025

اس حال میں جینا لازم ہے!!


طبعیت کی خرابی نے ساری رات آنکھوں سے نیند چھینے رکھی۔ بدن بستر پر تھا مگر ذہن جاگتا رہا۔ فجر کے بعد کہیں جا کر آنکھ لگی، اور وہ بھی ایسی نیند جو آرام نہیں دیتی، صرف وقت گزارتی ہے۔ صبح آٹھ بجے کے قریب پلکوں نے نیند کے آگے آخرکار ہتھیار ڈال دیے۔ مگر جب جمعہ کے وقت آنکھ کھلی تو موبائل کی اسکرین پر چمکتی درجنوں مس کالز اور میسجز نے دل کو دھک سے روک لیا۔ سب ایک ہی یونیورسٹی کے بچوں کی طرف سے تھے۔ دل نے خود ہی کہہ دیا: اللہ خیر کرے، یہ خیر کی خبر نہیں۔

جمعہ کا وقت قریب تھا، سو نماز ادا کی، دعا مانگی، اور پھر ایک ایک کر کے وائس میسجز سننے شروع کیے۔ چند لمحوں میں خبر پوری طرح واضح ہو چکی تھی۔ لاہور کی ایک معروف نجی یونیورسٹی میں ایک نوجوان طالبعلم نے تیسری منزل سے کود کر خودکشی کر لی تھی۔

رابطہ کرنے والے تمام طلبہ چونکہ مجھے کونسلنگ کے حوالے سے “استاد” بھی سمجھتے ہیں، اس لیے وہ اپنے بکھرے ہوئے جذبات میرے سامنے انڈیل کر کچھ ہلکا ہونا چاہتے تھے۔ کسی کو میسج پر جواب دیا، کسی کو کال کر کے سنا اور سمجھانے کی کوشش کی۔ ایک دو بچیاں تو بالکل نڈھال ہو چکی تھیں، جیسے جسم میں جان ہی نہ رہی ہو۔ لڑکے بھی مایوسی اور غصے کے درمیان معلق تھے۔ حادثے کو چار پانچ گھنٹے گزر چکے تھے، سوشل میڈیا پر عدالتیں بیٹھی ہوئی تھیں اور فیصلے سنائے جا رہے تھے، اس لیے میں نے انہیں کم از کم اتنا ضرور سمجھانے کی کوشش کی کہ جذبات کے شور میں عقل کو مکمل دفن نہ کریں۔

مرنے والا نوجوان فارما ڈی کے پانچویں سمسٹر کا طالبعلم تھا۔ بتایا جا رہا تھا کہ ایک پروفیسر کی طرف سے مبینہ انسَلٹ، حاضری مکمل نہ ہونے کے باعث امتحان میں بیٹھنے کی اجازت نہ ملنا، اور پھر دلبرداشتگی میں اٹھایا گیا وہ انتہائی قدم — یہی بات طلبہ کو اندر سے جلا رہی تھی۔ وہ سسٹم اور اساتذہ کے رویّے سے نالاں تھے، شاکی تھے، غصے میں تھے۔ میں نے اپنی دانست میں انہیں یہ بات سمجھانے کی کوشش کی کہ مرنے والے کے لیے دعائے مغفرت ضرور کریں، اس کے والدین کے درد کو محسوس کریں، مگر اس موت کو سیمپتھی کے نام پر ہیرو مت بنائیں۔ کیونکہ ہیرو بنا دی گئی خودکشی، اگلے کمزور ذہن کے لیے خاموش دعوت ہوتی ہے۔

اس جواں موت سے بڑھ کر دوسرا صدمہ یونیورسٹی انتظامیہ کی بے حسی اور کم عقلی تھی۔ جہاں وہ خوبصورت نوجوان گرا، عین اسی مقام پر انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس کا میلہ سجا ہوا تھا۔ باقاعدہ افتتاح، رونق، قہقہے، اسٹیج — اور چند قدم کے فاصلے پر خون کے دھبے، پولیس اور تفتیش۔

وہ شاید طلباہ کو میسج دے رہے تھے کہ انسان مر سکتا ہے، مگر سسٹم کولمحہ بھر رکنے کی فرصت نہیں ہوتی۔

دوران گفتگو مجھے یہ شعر بار بار یاد آتا رہا

حادثے سے بڑا سانحہ یہ ہوا

لوگ ٹھہرے نہیں حادثہ دیکھ کر


اسی بے حسی نے طلبہ کے احساسات کو مجروح کیا، اور یہی مجروح احساسات احتجاج میں ڈھل گئے۔ رابطہ کرنے والے دوست طلبہ کو میں نے کچھ بنیادی نکات سمجھانے کی کوشش کی، اور الحمدللہ اکثر نے بات کو سمجھا بھی۔

اول: اگر اس نوجوان نے خودکشی کی ہے تو یہ ایک حرام فعل ہے، کسی صورت جائز نہیں۔

دوم: اس کی مغفرت کی دعا، اس کی بخشش کی امید، اور جنازہ پڑھنا عام مسلمانوں کے لیے جائز اور قریبی لوگوں کے لیے ضروری ہے، کیونکہ ہمیں اس کے گناہِ کبیرہ کی بخشش بھی تو مانگنی ہے۔ البتہ نمایاں شخصیات کا اجتناب دوسروں کے لیے عبرت بن سکتا ہے۔

سوم: اساتذہ، سسٹم اور یونیورسٹی کا کردار ضرور زیرِ بحث آئے گا، مگر اپنی جان لینے کی ذمہ داری سے وہ نوجوان مکمل طور پر بری نہیں ہو جاتا۔ پریشانی قصور کو ختم نہیں کرتی۔

چہارم: اس موت کو ہیروئک، مظلومانہ یا رومانوی بنا دینا نہ صرف غلط ہے بلکہ ان تمام پریشان حال نوجوانوں پر ظلم ہے جو انہی حالات میں جینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

تیسرے روز جب طلبہ نے احتجاجی جلوس نکالنے کا فیصلہ کیا تو باقاعدہ گفتگو کے بعد ہم اس نتیجے پر پہنچے کہ چارٹر آف ڈیمانڈز میں کچھ نکات محض لفاظی ہیں۔

صاف شفاف انکوائری، فیس ریفنڈ، امتحان کے لیے حاضری کی ریشو میں نرمی، اور یونیورسٹی میں مینٹل ہیلتھ سہولیات کی موجودگی — یہ مطالبات بالکل درست اور جائز ہیں۔

لیکن خودکشی کرنے والے کے نام پر یادگار بنانا، عمارت کا نام رکھنا، اساتذہ کو برطرف کرنا، یا نجی یونیورسٹی میں اسٹوڈنٹ یونین کا مطالبہ — یہ قطعا اصلاح نہیں، جذباتی ردِعمل ہے۔

اس کے بعد میں نے ان طلبہ کو باقاعدہ وقت دیا۔ طویل ڈسکشن ہوئی۔ خودکشی، اسٹریس، ڈپریشن اور ذہنی دباؤ پر کھل کر بات کی گئی۔ نوجوان ان معاملات کو کس نظر سے دیکھتے اور کس طرح سوچتے ہیں یہ ایک خطرناک صورتحال ہے۔ 


 پچھلے آٹھ نو سال میں نوجوان طبقے کے ساتھ مسلسل کام کرنے کا موقع ملا ہے۔ اللہ کے خصوصی کرم سے سینکڑوں طلبہ اور ان کے والدین کی کوچنگ اور کونسلنگ کا موقع ملا، اور جہاں معاملہ سائیکالوجسٹ یا سائیکاٹرسٹ تک جانا چاہیے، وہاں مکمل رہنمائی اور سپورٹ دی۔ الحمدللہ، بہت سی دعائیں، بہت سے بکھرتے ذہن، اور کئی مسکراتی ہوئی زندگیاں اس سفر کا حصہ بنیں۔

انہی مشاہدات، انہی تجربات، اور حالیہ واقعات کے عینی گواہوں سے گفتگو کے بعد اب خودکشی جیسے قبیح فعل پر کچھ باتیں لکھنا ضروری محسوس ہو رہا ہے۔ نوجوانوں میں ڈپریشن، اسٹریس، ریزلئینس کی کمی، اعصاب کا ٹوٹنا، تڑخنا، اور جینا مرنا کس قدر ۔ایویں۔ سمجھا جا رہا ہے — یہ سب میں نے بہت نزدیک سے دیکھا ہے۔

آنے والے دنوں میں ان موضوعات پر تسلسل کے ساتھ لکھنے کا ارادہ بن رہا (اللہ آسانی کرے) ، اسلامی نفسیات، اخلاقی، سماجی، معاشرتی زاویوں سے — اس نیت کے ساتھ کہ شاید کسی ایک دل میں زندگی دھڑکنے لگ جائے، اور کسی ایک قدم کو آخری قدم بننے سے روکا جا سکے۔


Imran Aslam

MINDSET COACH


#MentalHealthAwareness

#SuicidePrevention

#YouthMentalHealth

#CampusResponsibility

#PsychologicalWellbeing

ہفتہ، 20 دسمبر، 2025

وہ غم ہو یا الم ہو درد ہو یا عالم وحشت


اسے اپنا سمجھ اے زندگی جو تیرے کام آئے


جاسوسی ناولوں اور ڈائجسٹوں کی کہانیاں پڑھتے ہوئے تنویمی عمل، مائنڈ ریڈنگ، میچنگ اینڈ مررنگ، ریفریمنگ، دوسروں کے رویّوں پر اثرانداز ہونے اور نفسیاتی حربوں کی ابتدائی جھلکیاں بچپن ہی میں لاشعور کی تہوں میں سرایت کرتی چلی گئیں۔ اُس وقت ان اصطلاحات کے نام معلوم نہ تھے، مگر انسانی ذہن کے پیچ و خم سے شغف خاموشی سے پروان چڑھتا رہا۔


سیلف ہیلپ کی دنیا میں پہلا باقاعدہ قدم آٹھویں جماعت کی گرمیوں کی چھٹیوں میں پڑا، جب راولپنڈی فیض آباد کے فٹ پاتھ سے ڈیل کارنیگی کی چند پرانی، پھٹی ہوئی کتابیں ہاتھ لگیں۔ *How to Win Friends and Influence People* نے انسانی تعلقات کی باریکیوں کو سادہ مگر گہرے اسلوب میں سمجھایا، جبکہ *How to Stop Worrying and Start Living* اندھیری راتوں میں روشن چراغ ثابت ہوئی۔ انہی کہانیوں اور اسباق کو دہرا دہرا کر دوسروں کو حوصلہ دیتے ہوئے، لڑکپن ہی میں اپنے اندر ایک لائف کوچ پنپتا محسوس ہونے لگا تھا۔


اسی کتاب کے حصے *I Lived in the Garden of Allah* (R. V. C. Bodley) نے مشکل حالات میں ایک مسلمان کے ردِعمل کی جیتی جاگتی تصویر سامنے رکھی، اور لفظ “مکتوب* ( تقدیر میں ایسے ہی لکھا ہوا ہے) میرے لئے ایک لفظ نہیں بلکہ طرزِ فکر بنتا چلا گیا۔ باب *Don’t Let the Beetles Get You Down* جب بھی ذہن میں تازہ ہوتا، تو سوچ کی ایسی ریفریمنگ ہوتی کہ شدید دباؤ اور خطرات کے باوجود دل مطمئن اور نیند پرسکون رہتی۔


ریاض میں ڈاکٹر نواف اور دیگر رفقا کے ساتھ **شیئون اجتماعیہ الریاض** میں کام کے دوران نفسیاتی تھراپیز، مینٹل ہیلتھ، کونسلنگ اور این ایل پی سے باضابطہ تعارف ہوا۔ ایک موقع پر ڈاکٹر نواف کا جملہ آج تک یاد ہے: *“عمران، تم بنے بنائے تھراپسٹ ہو؛ آئی ٹی بزنس کے بجائے نفسیات میں آ کر لوگوں کی خدمت کرو۔”ان تعریفی کلمات نے ہمیشہ زہن و دل میں جگمگا کر میرے لئے سمت متعین کرنے میں رہنمائی کی۔


MUMKIN حضرت نئیر سے کوچنگ کے رموز و اوقاف سیکھنے کی کوشش رہی۔ کمپنیز کی جانب سے کچھ لیڈر شپ، کچھ بزنس پڑھانے سکھانے کی دراخواست ہوتی تھی تو پہلے خود دوبارہ سے طالبعلمی اختیار کی اور باقاعدہ سیکھ کر آگے سکھایا۔


الریاض میں جماعتِ اسلامی ہند کے موجودہ نائب امیر *امین الحسن* Ameenul Hasan صاحب کی کلاسز اٹینڈ کی۔ ایک ایسی شخصیت جو مذہبی اسکالر، سیاسی رہنما، تعلیمی اور نفسیاتی میدانوں میں یکساں وقار رکھتی ہے۔ ان سے این ایل پی سیکھنے کا موقع ملا، جس نے نظریے کو مزید عملی شکل دی۔


اصلاح اور ایڈ کے دنوں سے کونسلنگ اور کوچنگ کا سلسلہ جاری تھا، مگر یہ احساس واضح ہوتا گیا کہ اس بحرِ بیکراں میں تیراکی کے لیے محض فطری رجحان کافی نہیں، باقاعدہ سیکھنا ضروری ہے۔ چنانچہ نفسیات میں بطور طالبِ علم داخلہ لینے کے ساتھ متعدد کورسز کے زریعے خود کو پالش کرنے کی سعی جاری رہئ۔


اس برس جب بیگم صاحبہ نے این ایل پی کا کورس اِنرول کیا تو شوقِ اقتدا میں ہم بھی میدان میں اتر آئے، اور M. Sadeed Mirza: Center of Personal Excellence کے سامنے زانوئے تلمذ تہہ کیا۔ پھر ہم تھے شوق تھا، زوق تھا، موقع تھا رسم دنیا تھی دستور تھا اور ہماری شرکت تھی؛ ہم این ایل پی ماسٹر پریکٹیشنر سرٹیفکیٹ سے گلے مل کر ہی اٹھے۔


اب ہم باضابطہ طور پر

**Certified Master NLP Practitioner،

Certified Hypnotist،

Certified Coach،

Certified Counselor**

ہیں۔


اس پس منظر اور عملی تجربے کے ساتھ خود کو **LIFE COACH** کہنا کسی دعوے سے زیادہ ایک ذمہ داری محسوس ہوتی ہے۔ آپ باقاعدہ کوچنگ، کونسلنگ کے لئے رابطہ فرما سکتے ہیں۔


**الحمدللہ الذی بنعمتہ تتم الصالحات۔**


Imran Aslam

Mindset Coach

اتوار، 30 نومبر، 2025

شیو کمار بٹالوی


شیو کمار بٹالوی نے رُکھ بیان نہیں کئے تھے، دکھ چیخ چنگاڑا کرتے لکھ دئے تھے،

وہ ان میں اپنی نسلوں کی سانسیں، اپنے قبیلے کی دھڑکنیں، اور اپنی جدائیوں کی آہیں باندھ گیا تھا۔

اس کی نظم میں ہر درخت ایک رشتے کا استعارہ ہے۔

کجھ رکھ میرے بابے واکن

پتر ٹاواں ٹاواں

کجھ رُکھ میری دادی ورگے

چوری پاون کاواں

کُجھ رُکھ یاراں ورگے لگدے

چُماں تے گل لاواں


مجھے بھی رُکھوں سے قدیم، خاموش اور ناقابلِ فہم لگائو ہے۔

بابا جی کے اپنے ہاتھ سے لگی قلم سے جنما صحن کا وہ شہتوت جو درخت نہیں تھا اک یادگار تھا؛ اتنا اونچا، اتنا وقار والا کہ اس کے تنے کو بازوؤں میں لینا کسی بندے کے بس کی بات نہ تھی۔ دودھیا لمبے توت ایسے لگتے تھے جیسے کسی پہاڑن نے اپنی مخروطی انگلیوں پر رقص کرتے ہوئے رس ٹپکا دیا ہو۔ اس سے ذرا آگے چیڑ کا جوان درخت، سیدھا، بےنیاز، اور اتنا بلند کہ اسے دیکھنا اپنی گردن کی عاجزی کا اعتراف تھا۔

پھر ساجد کے بنیرے کا ''کڑکاں'' جس کے نیچے لڑکپن کی کتنی سرد شامیں آگ تاپتے بتا دیں۔ پھپھو کے کھیتوں میں سایہ بچھاتا وہ عریض شریں؛ جس کی شاخوں پر جھولے باندھ کر ہم نے بچپن کی کتنی ہی عیدیں ہوا کے ہمدوش ہو کر گزاریں تھیں۔ اور اپنے گھر کا انار، جو ہر بہار میں ایسا لگتا تھا جیسے صحن میں لہو اور روشنی ایک ساتھ پھوٹ پڑے ہوں۔ پھر سکول کے باہر کالے شہتوت کی قطار، جن کے نیچے گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد ہم روزانہ اپنی سفید قمیصوں کو توت کے شربتی رنگ سے لتھڑ لیتے تھے۔

بلیو ایریا کے پیڑ جن سے کتنے سلام دعا کے موسم تھے۔

اور پھر صحرائے نجد سے لے کر بادیہ الشام کے نخلستانوں میں شکر دوپہروں سے پناہ دیتے کئی گھنیرے پیڑ جن کے نام تک معلوم نہ کر سکے، لیکن ان کی ٹھنڈک، ان کی ترواٹ، ان کا خلوص زہن میں آتے ہی دل سے دعا نکلتی ہے۔ یہاں رہوجہاں رہو تم سدر مخضود، تم طلح منضود، تم ظل ممدود تم مائ مسکوب جیسے تھے تم ایسے ہی رہو۔

کتابوں کے ورقوں میں دفن پھولوں کی مہک، درختوں پر کھدے اور دل کی دھڑکنوں کے ساتھ لہکتے نام، یہ سب روزمرہ کی یادیں تو نہیں، یہ وقت کے سینے میں پیوست وہ میخیں ہوتی ہیں جو عمر کے رواں سفینے کو جوڑے رکھتی ہیں۔

اور پھر وہ دن جب سعودیہ کے دشت سے لپٹ کر واپس آیا تھاتو اپنے آپ سے یہی کہتا رہا:

سفر ہے شرط مسافر نواز بہتیرے

ہزارہا شجر سایہ دار راہ میں ہے

سچ یہی ہے کہ ہجرتوں کے مسلسل دائروں میں جن درختوں نے میرے زخموں کو چھاؤں دی، شکر دوپہروں میں سایہ بہم مہیا کیا ان کا قرض آج بھی جان پر ہے۔

اور اب تصویر والے یہ دونوں برگد، گھنے، بوڑھے، ساعتوں کے پیالے پیتے ہوئے،

میری ان سے دوستی محض چار برس پرانی ہے، لیکن ان چار برسوں میں ہزارہا راز وا کئے ہیں۔ جب لفظ گِر جاتے تھے، جب دل کی سلگتی زبان کسی انسان کے کان تک پہنچنے سے انکار کرتی تھی ؛ تو میں ان کی چھاؤں میں آ کر بیٹھ جاتا تھا۔ لٹکتی ہوئی جڑیں یوں لپٹا لیتی تھیں جیسے ماں کے آنچل کا آخری کونا پکڑ لیا ہو۔ انہی کی خاموشی میں منصوبے بنے، انہی کے سائے میں خواب پروئے گئے، انہی کی موجودگی میں سینے کا سارا غبار، ساری تھکن، سارا فشار دھیرے دھیرے زمین میں اترتا چلا گیا۔ کئی فسانے تراچے، کئی کہانیوں کو خود میں دہرایا، کئی مضامین دشت ہائے خیال میں دوڑائے گئے۔ کتنے ہی دوستوں کو یہاں مشورے کے لئے دعوت دی، کونسلنگ کی کی محفلیں یہاں پتھروں پر بیٹھ کر کیں۔ رضوان بھائی سے لمبے لمبے مباحث ، منصوبہ سازیاں یہں جھولتے، جھومتے کرتے رہے۔


یہ برگد صدیوں پرانے مجاور ہیں، جو گاؤں کے دروازے پر کھڑے ان لوگوں کی طرح ہوتے ہیں جو سب کا دکھ سنتے تو ہیں، مگر کبھی کسی سے کچھ کہتے نہیں۔

مگر اب، یہ دونوں پیڑ میرے راستے میں ہیں۔ زمین میرے نام ہوئی ہے اور نقشے کی لکیر دوڑ کر انہی کے سینوں کو چیرتی گزرتی ہے۔ چڑیاں چاہیں نہ چاہیں، میرے ایندھن کے لئے ان کا کٹنا طے ہے۔

پھر دل دھڑکنے کا سبب یاد آتا ہے درختوں کے لیے بھی اور ان پر بیٹھے ان ننھے پنچھیوں کے لیے بھی، جنہوں نے ان شاخوں پر گھر کیا ہے، جن کے گھونسلوں میں کئی چہچہاہٹوں نے جنم لیا ہو گا۔ 

میں بیٹھ کر سوچتا ہوں:

کیا درخت کی موت صرف لکڑی کا گرنا ہے؟

یا وہ کہانیوں کا مٹ جانا ہے جو اس کی چھال میں بند ہوتی ہیں؟

کیا سایہ ختم ہوتا ہے؟

یا انسان کی اپنی تاریخ چھِن جاتی ہے؟

میں مالک ضرور ہوں لیکن دلدار بھی ہوں۔

اسی لیے فیصلہ کر لیا ہے ؛ جب آری چلے گی، تو پیڑ مرے گا نہیں۔ صرف منتقل ہوگا۔ (انشاہ اللہ)

میں ان برگدوں کے لیے نئی زمین، نئی ہوا، نیا آسمان پہلے سے تلاش کر لینا چاہتا ہوں، تاکہ یہ سانس لیتے رہیں۔ جڑیں جماتے رہیں۔ اور مسافروں کو بھی وہی سایہ دیتے رہیں، جو مجھے ملتا رہا ہے۔

کیونکہ کچھ رشتے خون سے نہیں سایے سے بنتے ہیں۔ اور ایسے رشتے، انسان کاٹ تو سکتا ہے، سایوں سے بھاگ نہیں سکتا۔


IImran AslamMINDSET COACH

پیر، 17 نومبر، 2025

ہمارے ایک ڈاکٹر دوست


ہمارے ایک ڈاکٹر دوست تھے. آبائی تعلق سری نگر کے مضافات سے تھا۔ دوران تعلیم اپنی ہم جماعت اک ملائلم کے ملائم چمکیلے لیتھل حسن پر مر مٹے اور شادی کر لی۔ دونوں انتہائی سلجھے ہوئے نفیس اور انٹالکچوئل شخصیات تھیں۔ اک لیڈر شپ ٹریننگ کے دوران ان سے ملاقات ہوئی جو بہت اچھی سلام دعا میں بدل گئی۔ اللہ نے ان کو دو خوبصورت بیٹیوں اور اک پیارے سے بیٹے سے نواز رکھا تھا۔ 

ڈاکٹر ساب کے سسرالی رشتے دار دبئی، کینیڈا اور ناروے وغیرہ کے سکونتی پڑھے لکھے لوگ تھے۔ اک برس ان کے ساس سسر ان کے پاس رہنے کو سعودیہ آئے۔ ساس بھی پڑھی لکھی ، دنیا دیکھی خاتون تھیں لیکن ان کا مزاج اور سوچ اپنی بیٹی سے بالکل الگ تھی۔ 


اک روز کھانے پر میں بھی مدعو تھا ۔ تعارف میں میرے کشمیری اوریجن اور بٹ ہونے کا زکر ہوا۔ بزرگ خاتون جھٹ سے ڈاکٹر ساب سے مخاطب ہوئیں “ تمہارے بچے تو کسی طرح سے کشمیری نہیں لگتے” بچوں کا سونے جیسی رنگت ماں پر تھی ۔ اور ان کے جاذب نظر نین نقش ننھیالی تھے۔ یہ اچانک کا ڈائلاگ ہم سب کو انکمفرٹیبل شچویشن میں لے آیا۔ بھابھی نے کن اکھیوں سے والدہ کو منع کرنے کی کوشش کی لیکن بزرگ خاتون کے کون کون سے دکھ ٹرگر ہو چلے تھے کہ انہوں نے یہ بات بغیر رکے جاری رکھی۔ “ یہ بڑی والی کا رنگ تو کچھ زیادہ ہی جلا ہوا لگتا اور یہ اوپر سے یہ ٹھوڑی والا تل کتنا بدنما لگتا ہے؛ یہ منجھلی کو کشمیر مت لے کر جانا کبھی اسے بہت کمپلیکس ہو جائے گا۔ اور بیٹے کو دیکھو ابھی سے پتا چل رہا کہ بڑا ہو کر بھی یہ سری لنکن ہی نظر آئے گا۔ (محفل میں سبھی ایک دوسرے سے نظریں چرا رہے تھے کہ یہ کیا بات چھیڑ دی گئی اور رک بھی نہیں رہے) ۔


ماحول کی بدمزگی کو مزید تلخ ہونے سے بچانے کے لئے بھابھی ملیالم میں اپنی والدہ سے مخاطب ہوئیں کہ “اماں غنی کو آپ کیرالا سے چار شادیاں بھی کرا دیں تو بھی ان کے بچے ایسے ہی ہوں گے”۔ ٹوٹی پھوٹی ملیالم سمجھنے کی وجہ سے میز پر موجود دوسرے حضرات کے ساتھ ہی میرا قہقہ بھی نہ رک سکا۔ بزرگ خاتون کو شاید یہ بات بری لگنے کے باجود سمجھ آ گئی اور وہ اس ٹاپک کو چھوڑ گئیں۔


بات یوں یاد آئی کہ آزاد کمشیر میں حالیہ اسمبلی کی تیسری حکومت بدلنے کو ہے اور چوتھے وزیر اعظم کی شیروانی سدری سل چکی ہو گی۔ لیکن عوام کی کم قسمتی ہے کہ ان بریڈنگز کے نتیجے میں بھی قوم کا نصیبا سیاہ ہی رہنا ہے۔ اس نظام کو بدلنے کے لئے 

سیاستدانوں کی پوری بریڈ بدل کر دیکھنے کی ضرورت ہے! 


Imran Aslam

ہفتہ، 8 نومبر، 2025

شور میں شعور کی تلاش!


سکرینیں چیخ رہی ہیں۔ کوئی خبر، کوئی وڈیو، کوئی اسٹیٹس، کوئی نمبر ، سب کچھ چیخ رہا ہے۔ ہر روز ہزاروں تصاویر، ویڈیوز، اور “ایمرجنسی اپڈیٹس” ہماری موبائل کی اسکرین پر، ہماری عقلوں پر حملہ کرتی ہیں۔ ہم سچ نہیں جانتے، ہم صرف وائرل پہچانتے ہیں۔

سوشل میڈیا نے ایک نئی “انداز فکر” پیدا کی ہے، جس میں دلیل کی عزت نہیں، رفتار کی عبادت کی جاتی ہے۔ جو خبر سب سے پہلے پہنچ جائے، وہی سچ ٹھہرتی ہے۔ جو وڈیو سب سے زیادہ شئیر ہو جائے، وہی حقیقت بن جاتی ہے۔


میں سچ کہوں گی مگر پھر بھی ہار جاؤں گی. 

وہ جھوٹ بولے گا اور لا جواب کر دے گا


ہم نے علم کی کرسی پر تاثرات کو بٹھا دیا ہے۔ اب جو چیز ہمارے احساسات کو ہلا دے وہی سچ ہوتی ہے، ہم اسے حق الیقین سمجھ لیتے ہیں۔ اور جو چیز ہماری ـوائریلٹیٰ نظریے کے خلاف ہو، اسے پروپیگنڈا کہہ کر رد کر دیتے ہیں۔

میں مکمل جذباتیت میں بھی سوچتا ہوں کہ جب جذبات فیصلہ کرنے لگیں تو عقل کا کیا مقام باقی رہ جاتا ہے؟

قرآن کہتا ہے: "اَفَلَا تَعْقِلُونَ؟ کیا تم عقل نہیں رکھتے؟

یہ سوال ایمان کا توہے ہی، شعور کا بھی امتحان ہے۔ کیونکہ جو بندہ عقل سے سوچنا چھوڑ دے، وہ کسی بھی جھوٹ کا آسان شکار بن جاتا ہے۔

آج فیس بک، انسٹاگرام،ایکس اور یوٹیوب نے ہر شخص کو خبر رساں بنا دیا ہے۔ مگر مسئلہ یہ ہے کہ کسی نے ہمیں پرکھنے کا فن نہیں سکھایا۔ ہم دیکھتے ہیں، ردعمل دیتے ہیں، آگے بھیج دیتے ہیں۔

کسی تصویر میں آنسو نظر آئیں تو ہم سچ مان لیتے ہیں، کسی ویڈیو میں ظلم دکھے تو ہم فتوے صادر کر دیتے ہیں۔ مگر کبھی زرا دیر کو رکے ہیں سوچنے، کہ یہ کہاں سے آیا؟ کب بنایا گیا؟ کس مقصد سے؟

بس یہیں کہیں تنقیدی سوچ (کرٹیکل تھنکنگ) کو موقع دینے کی ہمت چاہئے۔ یہ کرٹکل تھنکنگ شک نہیں، شعور ہے۔ یہ کرٹکل تھنکنگ انکار نہیں، تحقیق ہے۔ یہ کرٹکل تھنکنگ ضد نہیں، بصیرت ہے۔


کرٹیکل تھنکنگ کا پہلا زینہ شروع ہوتا ہے ۰کون کی گردان سےـ 

 جب کوئی نئی خبر ہمیں جھنجھوڑ دے، سب سے پہلے خود سے پوچھیں اس سے فائدہ کس کو ہو رہا ہے؟


کیا یہ خبر کسی مخصوص جماعت، گروہ، یا ملک کے مفاد میں ہے؟ اگر ہے، تو ممکن ہے یہ “اطلاع” نہیں، اثر ڈالنے کا اچھوتا انداز ہو۔

• اگر یہ غلط ہو گئی تو نقصان کس کو ہوگا؟ اکثر جھوٹ اس لیے پھیلایا جاتا ہے کہ کسی کو بدنام کیا جا سکے، یا کسی طبقے کے بارے میں نفرت ڈالی جا سکے۔

• اس آواز میں سے کون غائب ہے؟ جھوٹ ہمیشہ ایک پہلو دکھاتا ہے، دوسرا چھپاتا ہے۔ جو آواز غائب ہے، عین ممکن ہے وہی سچائی ہو۔

• کیا کسی نے اس جیسے جھوٹ کو پہلے بھی پھیلایا ہے؟ تجربہ بتاتا ہے، جھوٹ چہرہ بدلتا ہے، ہاتھ نہیں۔ پرانے جعلی اکاؤنٹس، نئے ناموں سے وہی کہانی دہراتے ہیں۔

یہ چار سوالات جھوٹ کے چہرے سے نقاب اتارنے کا پہلاطریقہ ہیں۔


دوسرا قدم “کیا” کے سوالات ہیں!

ہر خبر، چاہے کتنی ہی “دل دہلا دینے والی” کیوں نہ ہو، اس کے پیچھے ایک ساخت ہوتی ہے۔

یہاں ہمیں ثانئے کو رک کرخود سے پوچھنا ہے:

• میں اصل میں جاننا کیا چاہتا ہوں؟سنسنی چھوڑ کر، چھپا ہوا نکتہ کیسے تلاش کروں۔

• کیا یہ باتیں حقائق ہیں یا رائے؟ اگر جملے میں “کہا جا رہا ہے، بتایا گیا ہے، ذرائع کے مطابق” جیسے الفاظ ہوں، تو سمجھنے میں مضائقہ نہیں کہ ابھی پکے ثبوت موجود نہیں۔

• میں کس بات کو بغیر ثبوت کے مان رہا ہوں؟ یہ وہ لمحہ ہے جب عقل جذبات سے چھٹکارا حاصل کرتی ہے۔

• کون سی معلومات غائب ہیں؟ کبھی مقام نہیں بتایا جاتا، کبھی تاریخ چھپائی جاتی ہے، کبھی سورس مبہم ہوتا ہے، یہی جھوٹ کی سائینس ہے۔

یہی وہ فرق ہے جو سوچنے والے اور ردعمل دینے والے میں ہوتا ہے۔


مری روشنی ترے خد و خال سے مختلف تو نہیں مگر

تو قریب آ تجھے دیکھ لوں تو وہی ہے یا کوئی اور ہے


تیسرا سیڑھی “کہاں” کے سوالات

جب تم کسی خبر کی سمت سمجھنا چاہو تو “کہاں” پوچھو :

• یہ کہاں سے آئی؟ کیا سورس معتبر ہے؟ کیا یہ کسی غیر معروف پیج یا وی لاگر سے آئی ہے جو خود “تجزیہ کار” بن بیٹھا ہے؟

• یہ فیصلہ ہمیں کہاں لے جا رہا ہے؟ کیا یہ پوسٹ لوگوں کو سوچنے پر مجبور کر رہی ہے یا صرف تقسیم کر رہی ہے؟

• یہ کہاں مسئلہ پیدا کر سکتی ہے؟ کیا یہ کسی قوم، مذہب یا طبقے، جماعت، گروہ، ملک، صوبے، کے خلاف نفرت کو بھڑکا رہی ہے؟

• مزید وضاحت کہاں سے مل سکتی ہے؟ اگر خبر واقعی سچی ہے تو مختلف ذرائع بھی اسے رپورٹ کر رہے ہوں گے۔ اگر صرف ایک ہی اکاؤنٹ بول رہا ہے، تو سچ شاید ابھی پیدا نہیں ہوا۔ 

• جب دماغ اتنی سی کوشش کر گزرے گا تو پھر کرٹیکل تھنکنگ کا چراغ جھوٹ کے اندھیرے کو چیرنے کی کوشش کرے گا۔


رکو زرا ٹھہرو یہ قسط ختم نہیں ہوئی فلم ابھی باقی ہے۔

ہم ابھی صرف تین زاویوں پر سوچے ہیں: “کون”، “کیا”، “کہاں”۔

مگر سچائی کا سفر باقی ہے۔


سوشل میڈیا کی سب سے بڑی چال یہ ہے کہ وہ ہمیں سوچنے نہیں دیتا۔

وہ چاہتا ہے ہم محسوس کریں، شدت سے محسوس کریں، پھر ردعمل دیں، پھر محسوس کریں پھر رد عمل دیں اور بس۔

آج سے ہر پوسٹ پر خود سے “کون؟ کیا؟ کہاں؟” کے تین سوال لازمی پوچھنے ہیں۔ پھر دیکھئے ہمارے اندر کا ذہین فطین کیسے اٹھکلیاں کرتا ہے۔


Imran Aslam

MINDSET COACH

جمعہ، 7 نومبر، 2025

چہرہ روشن، اندروں چنگیز سے تاریک تر!

دنیا کی جدید جمہوریتیں بظاہر عوامی اختیار کا مظہر ہیں، مگر ان کے اندرونی فکری و نفسیاتی ڈھانچے کو گہرائی سے دیکھا جائے تو اندازہ ہوتا ہے کہ یہ دراصل ایک کنٹرولڈ مزاحمت کا کھیل ہیں، جہاں طاقتور نظام اختلاف کو ختم نہیں کرتا بلکہ اسے اپنے اندر جذب کر لیتا ہے۔ اس نفسیاتی حکمتِ عملی کو جدید د سیاسیات میں “Neutralization by Integration” کہا جاتا ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ طاقتور قوتیں مزاحمت کو ہمیشہ اداروں، نعروں اور اصولوں کے اندر قید کر کے اسے بے ضرر بنا دیتی ہیں۔ برطانوی سامراج نے ہندوستان میں یہی کیا۔ 1857 کی جنگِ آزادی کے بعد برطانیہ نے براہِ راست جبر کے بجائے تعلیم اور سیاست کے ذریعے ایک نئی “قانونی مزاحمت” تخلیق کی۔ لارڈ میکالے کے تعلیمی نظام نے ایک ایسا طبقہ پیدا کیا جو انگریزوں کے خلاف بھی بولا مگر ان کے فریم کے اندر۔ 1885 میں انڈین نیشنل کانگریس کا قیام، جسے برطانوی گورنر نے ابتدائی سالوں میں مالی و سیاسی سرپرستی دی، اسی کنٹرولڈ اپوزیشن کا مظہر تھا — بغاوت کو ادارہ بنا دینا تاکہ انقلاب کا جذبہ نظم و ضبط میں تحلیل ہو جائے۔


یہی اصول بعد میں امریکی جمہوریت نے اپنی جدید شکل میں اپنایا۔ امریکہ کے سیاسی نظام کی دو بڑی جماعتیں — ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز — بظاہر نظریاتی حریف ہیں، مگر ان دونوں کے مالی ڈھانچے، تھنک ٹینکس اور میڈیا نیٹ ورکس ایک ہی سرمایہ دارانہ نظام سے بندھے ہوئے ہیں۔ 2020 کے امریکی انتخابات میں کارپوریٹ PACs نے مجموعی طور پر 14 ارب ڈالر سے زائد رقم خرچ کی، اور ان میں سے تقریباً 78 فیصد عطیات صرف پچاس بڑی کارپوریشنز سے آئے۔ یہ وہ نظام کا پھینکا جال ہے جسے Noam Chomsky نے “Manufacturing Consent” میں بیان کیا تھا — عوام کو اختیار کا فریب دینا، جبکہ اصل فیصلے وہی طاقتور طبقے کرتے ہیں۔ عوام سمجھتے ہیں کہ وہ انتخاب کر رہے ہیں، مگر وہ انتخاب دراصل ایک محدود ذہنی فریم کے اندر ہو رہا ہوتا ہے۔ طاقت کا نفسیاتی کھیل یہی ہے کہ وہ عوام کو کنٹرول نہیں کرتی، بلکہ انہیں یہ یقین دلاتی ہے کہ وہ آزاد ہیں۔


 “ڈارک سائیکولوجی” کا ہنر بے پایاں جو عوامی شعور کو اس طرح manipulate کرتا ہے کہ وہ مزاحمت کرتے ہوئے بھی نظام کا ایندھن بن جائیں۔ امریکہ کی تاریخ میں اس کے کئی مظاہر ملتے ہیں۔ 1960 کی دہائی میں سول رائٹس موومنٹ نے جب سڑکوں پر انقلاب کی فضا پیدا کی تو ریاست نے جبر کے بجائے انضمام کی پالیسی اپنائی۔ Martin Luther King Jr. کو ہیرو بنا کر تحریک کو قانونی اصلاحات کے دائرے میں قید کر دیا گیا۔ وہی عمل 1970 کی دہائی میں فیمینزم کی تحریک کے ساتھ ہوا، جہاں کارپوریٹ دنیا نے اس بات کا ادراک ہوتے ہی کہ یہ موومنٹ ان کے خلاف نہ چلی جائے تو ساوکاروں نے عورت کی آزادی کے نعرے لگاتی ڈائنوں کو اشتہارات میڈیا مارکیٹنگ کا حصہ بنا کر اس کا ایسا ڈنک نکالا کہ اب یہ تحریک سرمایہ دارانہ نظام کی بے دام لونڈی ہے۔ اور 2008 میں جب باراک اوباما، ایک سیاہ فام امریکی، صدارتی کرسی تک پہنچا تو یہ ایک علامتی فتح تھی — مگر ساتھ ہی “Moral Rehabilitation Project” کی نفسیاتی چال بھی، جس کے ذریعے امریکہ نے عراق و افغانستان کی جنگوں کے بعد اپنی اخلاقی ساکھ کو دوبارہ چمکایا۔ طاقت نے مزاحمت کو جذب کیا، اس کے خطرہ ک نیوٹرلائیز کر دیا۔


ظہران ممدانی کا نیویارک کا میئر بننا اسی سلسلے کی ایک نئی قسط معلوم ہوتا ہے۔ وہ جنوبی ایشیائی نژاد، مسلمان، فلسطین نواز اور DSA (Democratic Socialists of America) کے رکن ہیں — ایک ایسی جماعت جو اسرائیلی پالیسیوں پر کھل کر تنقید کرتی ہے۔ ان کا انتخاب یقینا ایک سماجی پیش رفت ہے، مگر اس کے ساتھ ساہوکروں کا ایک نفسیاتی دائوبھی ہے۔ جب دنیا بھر میں اسرائیل کے مظالم پر مغربی سیاست کا اخلاقی جواز کمزور ہو رہا ہے، ایسے وقت میں نیویارک جیسے عالمی شہر میں ایک فلسطین نواز مسلمان رہنما کا منتخب ہونا امریکی نظام کے لیے اخلاقی ریلیف کا کردار ادا کرتا ہے۔ یہ وہی “illusion of change” ہے جسے طاقت کے مراکز اپنی بقا کے لیے تخلیق کرتے ہیں — عوام کو یقین دلایا جائے کہ تبدیلی آ رہی ہے، حالانکہ وہی پرانے ادارے بدستور فیصلے کر رہے ہیں۔


صہیونی اثر و نفوذ کی حکمتِ عملی اب مغربی عوام کے تیور دیکھتے ہوئے کھلی جارحیت کے بجائے نفسیاتی سرمایہ کاری کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ AIPAC، ADL، اور متعدد میڈیا فنڈز اب براہِ راست مخالفت کے بجائے مخالف بیانیوں کو اداروں کے اندر جذب کرنے کی پالیسی پر عمل کر رہے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ نئی نسل انصاف، مظلومیت اور مساوات کے بیانیے سے متاثر ہے؛ لہٰذا اگر اسی جذباتی فضا میں ایسے چہرے ابھارے جائیں جو انہی اقدار کی نمائندگی کریں مگر نظام کے اندر سے کریں، تو بغاوت کی توانائی تسکین میں بدل جاتی ہے۔ ظہران ممدانی اسی نفسیاتی توازن کے نمائندہ ہیں — وہ ایک طرف امید کی علامت ہیں، دوسری طرف نظام کے لیے اخلاقی بقا کا ذریعہ۔


ہم افراد کی نیتوں پر شبہ نہیں کرتے! لیکن طاقت کے اس فکری کھیل کو قریب سے آبزرو کرنے کی کوشش ضرور کر سکتے ہئن جو اختلاف کو مٹاتا نہیں بلکہ اسے جذب کر کے اپنی طاقت بڑھاتا ہے۔ یہی استعمار کا سب سے بڑا کمال ہے کہ وہ انقلاب کے بیج کو اپنے ہی باغ میں اگاتا ہے — تاکہ بغاوت کی خوشبو تو رہے، مگر اس سے پیدا ہونے والی لکڑی میں آگ نہ ہو۔


Imran Aslamوی اا

منگل، 4 نومبر، 2025

ٹماٹر پروجیکٹ مینجمنٹ


تماتر پروجیکٹ مینجمنٹ، ھیومن رسیورس مینجمنٹ کے لمبے تجربے ، کام کو ڈیلیگیٹ کرنے کے مزاج، فائنانس، ٹائم، رسک ، چینج مینجمنٹ کی بہتی ٹریننگز اور ایکسپیرینسز، اور پریکورمنٹ مینجمنٹ، کنسٹرکشن کی فیلڈ میں سالوں کھپنے کےزعم میں مبتلا ہونے کے باوجود چار، چھ مہینے میں فنشنگ تک مکمل پلاننگ والا پروجیکٹ دس مہینے بعد بھی بغیر کسی ظاہری رکاوٹ کے فقط لینٹر تک پہنچے تو بندہ لمبی سانس اندر کھینچ کر یہی کہہ سکتا ہے۔

قدر اللہ وما شاہ فعل


۔۔۔۔


سَلِّمِ الأَمرَ مِنكَ لِلَّهِ وَاِعلَم

 أَنَّ ما قَد قَضى بِهِ سَيَكونُ

وَإِذا صَحَّ ذاكَ عِندَكَ فَاِفهَم

 أَنَّ شُغلَ الضَميرِ مِنكَ جُنونُ


 تم اپنا معاملہ اللہ کے حوالے کر دو اور جان لو کہ جو کچھ اس نے مقدر کر دیا ہے، وہ ضرور ہو کر رہے گا۔

 اور جب یہ بات تمہارے نزدیک صحیح ثابت ہو جائے، تو سمجھ لو کہ تمہارا دماغ کا گھومتے رہنا پاگل پن ہے۔


Imran Aslam

MINDSET COACH

بدھ، 29 اکتوبر، 2025

کرٹیکل تھنکنگ۔


عقل وہ چراغ ہے جو انسان کو جذبات، تعصب اور اندھی تقلید کے اندھیروں میں روشنی دیتا ہے۔ مگر ہم نے اس چراغ کو دیوار پر ٹانگ کر سجاوٹ بنا دیا ہے، اس سے روشنی لینے کے بجائے اس کی روشنی سے آنکھیں چرا لی ہیں۔ ہم سوال سے ڈرتے ہیں، تحقیق سے گریز کرتے ہیں، اور جس نے سوچنے کی جرات کی، ہم نے اس کے لیے فتوے تراش رکھے ہیں۔ ہمارے معاشرے نے تدبر کو گستاخی، اور تفکر کو بے ایمانی بنا دیا ہے۔ خانقاہوں سے لے کر یونیورسٹیوں تک ہمیں سوال کرنے نہیں، بس ماننے کی تربیت دی جاتی ہے۔ ہمیں کہا جاتا ہے، “پوچھو مت، تسلیم کرو۔” اور یوں ہم نے اطاعت کو ایمان، اور تحقیق کو گناہ بنا دیا۔


کبھی غور کیا کہ ہم نے عقل کو ایمان کا دشمن کیوں سمجھ لیا؟ وہی عقل جس کا ذکر قرآن میں بار بار آیا — اَفَلَا تَعْقِلُونَ؟ کیا تم عقل نہیں رکھتے؟ مگر ہم نے اس سوال کو بھی خاموش کر دیا۔ ہم نے سوچنے، پرکھنے، نئے زاویے سے دیکھنے کو اپنی “حدود” سے تجاوز سمجھ لیا۔


سوچنا بغاوت نہیں۔ یہ وہ نور ہے جو ابراہیم علیہ السلام کے دل میں بھڑکا جب انہوں نے رب سے عرض کی، رَبِّ اَرِنِیْ كَیْفَ تُحْیِ الْمَوْتٰى؟ — “اے رب، مجھے دکھا کہ تُو مردوں کو کیسے زندہ کرتا ہے؟”

یہ سوال گستاخی نہیں، طلبِ یقین کی معراج ہے۔ سوچنا رد نہیں، فہم کا عمل ہے۔ یہ ضد نہیں، بصیرت ہے۔ یہ ہر چیز کو ٹھکرانا نہیں بلکہ ہر شے کو سمجھ کر قبول یا انکار کرنا ہے۔ مگر ہم نے غوروفکر کو گروہی وفاداریوں کے تنگ دائرے میں قید کر دیا ہے۔ ہم سوچتے نہیں، صرف ردعمل دیتے ہیں۔ ہم دلیل نہیں سنتے، صرف اپنے جذبات کو دہراتے ہیں۔


سیاست ہو یا مذہب، تعلیم ہو یا میڈیا — ہم سب اس ذہنی تعصب کے شکار ہیں جو صرف وہی سنتا ہے جو سننا چاہتا ہے۔ جو بات ہمارے عقیدے، جماعت، یا پسندیدہ شخصیت کے مطابق ہو، وہی حق ہے۔ جو اس سے مختلف ہو، وہ باطل۔ ہم دلیل کی جانچ نہیں کرتے، صرف قائل کی پہچان دیکھتے ہیں۔ اگر وہ “ہمارا بندہ” ہے تو اس کی بات درست، اگر مخالف ہے تو باطل۔ یہی وہ جمود ہے جو ہمیں قرون سے زنجیروں میں جکڑے ہوئے ہے۔


سوچنے کی یہ صلاحیت دراصل ذہنی آزادی ہے۔ وہ طاقت جو قوموں کو تقلید کے اندھیروں سے نکال کر تخلیق کی روشنی میں لے جاتی ہے۔ مگر ہم نے اسے اپنی نصابی کتب سے نکال پھینکا۔ ہمارے تعلیمی ادارے ڈگریاں بانٹتے ہیں، ذہن نہیں تراشتے۔ ہمارے اساتذہ سوال سے خفا ہو جاتے ہیں، ہمارے نوجوان دلیل دینے سے ڈرتے ہیں۔ ہم تجزیہ نہیں کرتے کیونکہ ہمیں خوف ہوتا ہے کہ سوچنے سے ہمارے پرانے یقین بدل نہ جائیں۔ اور چونکہ وہ یقین ہماری “انا” سے جڑے ہوتے ہیں، اس لیے ہم تبدیلی سے بھاگتے ہیں۔


پھر ہم فخر سے کہتے ہیں: ہم زندہ قوم ہیں۔ مگر کیا واقعی؟ ہم سانس لیتے جسم ہیں جو دوسروں کے خیالات پر جیتے ہیں۔ ہم نے اپنی عقل گروی رکھ دی ہے — کبھی مذہبی جذبات کے نام پر، کبھی سیاسی نعروں کے سائے میں، اور کبھی اپنی گروہی شناختوں کے خول میں۔


ذرا رک کر سوچو — کیا ہمارے نظریات واقعی ہمارے ہیں؟ یا ہم نے بس وہی قبول کر لیا جو ماحول نے ہمارے ذہن میں انڈیلا؟ جب کسی رائے پر ہمیں غصہ آتا ہے، کیا وہ غصہ ہماری اپنی سوچ کا نتیجہ ہے یا کسی مقرر، لیڈر، یا یوٹیوب ویڈیو کا عکس؟ ہم نے اپنی رائے بنانی چھوڑ دی ہے۔ ہم دوسروں کے جملے دہراتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ یہ ہماری سوچ ہے۔


سوچنے کا عمل انسان کو جذبات سے خالی نہیں کرتا، بلکہ انہیں سمت دیتا ہے۔ یہ یقین کو کمزور نہیں کرتا بلکہ مضبوط کرتا ہے، کیونکہ وہ یقین دلیل کی بنیاد پر قائم ہوتا ہے، اندھی تقلید پر نہیں۔ مگر ہم نے تقلید کی ایسی زمین میں بیج بوئے ہیں جہاں تحقیق کا پودا اگ ہی نہیں سکتا۔


قومیں تب تباہ نہیں ہوتیں جب ان کی معیشت کمزور ہو، بلکہ تب جب ان کے ذہن بانجھ ہو جائیں۔ آج ہمارے ادارے علم نہیں، نوکریوں کی سند دیتے ہیں۔ ہماری عبادات روح سے خالی ہو چکی ہیں، ہماری سیاست وفاداری مانگتی ہے، بصیرت نہیں۔ ہمارا میڈیا شعور نہیں پھیلاتا، شور پیدا کرتا ہے۔ اور ہم سب مطمئن ہیں کہ ہم “باشعور” ہیں۔


سوچنے والے کا پہلا قدم یہی ہے کہ وہ ہر بات پر رک کر سوال کرے: کیا یہ سچ ہے؟ کس بنیاد پر ہے؟ میں اس نتیجے تک خود پہنچا ہوں یا کسی نے میرے لاشعور کو اس کی عادت ڈالی ہے؟ جب آپ سوال کرنے لگتے ہیں تو آپ کے اندر کے خوف ٹوٹنے لگتے ہیں۔ کیونکہ سوچنے والا غلام نہیں رہتا۔ وہ سچ کو پہچانتا ہے، چاہے وہ اس کے قبیلے یا نظریے کے خلاف ہی کیوں نہ ہو۔


ہم نے اپنے دماغوں کو فیس بک کے تبصروں میں دفن کر دیا ہے۔ ہم ہر دن نئی سازش کے قائل ہو جاتے ہیں کیونکہ تحقیق کا حوصلہ نہیں رکھتے۔ ہم ہر تقریر پر واہ واہ کرتے ہیں کیونکہ خود تجزیہ کرنے کی عادت نہیں۔ ہم اختلاف کو دشمنی سمجھتے ہیں کیونکہ برداشت کا مادہ مر چکا ہے۔


سوچنے والا انسان بہتر مومن بنتا ہے۔ کیونکہ وہ ایمان کو اندھی تقلید نہیں، روشن فہم پر استوار کرتا ہے۔ مگر یہ راستہ آسان نہیں۔ اس میں تنہائی ہے، مذاق ہے، مخالفت ہے۔ مگر یہی وہ راستہ ہے جو انسان کو ہجوم کے اندھوں سے نکال کر اہلِ بصیرت کے قافلے میں شامل کرتا ہے۔


ہمیں اپنے خول سے باہر آنا ہوگا۔ ہمیں سوال کرنے، تجزیہ کرنے، دلیل دینے اور قبول کرنے کی روش اپنانی ہوگی۔ کیونکہ قومیں نعرے نہیں، نظریات سے بنتی ہیں۔ جذبات نہیں، عقل سے چلتی ہیں۔ ایمان خداے لم یز ل کی اطاعت کے سا تھ اس کے عطا کردہ فہم سے مضبوط ہوتا ہے۔


اور یہی سوچنے کا وہ عمل ہے جو انسان کو باشعور بناتا ہے جو یقین کو اندھیروں سے نکال کر بصیرت کے آسمان پر لے جاتی ہے۔


IMRAN ASLAM

MINDSET COACH

سب سے پہلے پاکستان

اسلامیان پاکستان ، کبھی ـسب سے پہلے پاکستان۔ کا نعرہ قبول نہیں کر سکے۔ اور کراچی کے ساحلوں سے لیکر کوہ سلیمان کی چوٹیوں تک جہاں جہاں افغانیوں کا پسینہ گرا وہاں وہاں پاکستانیوں نے اپنا لہو پیش کیا۔ ان سے یہ توقع رکھنا کہ ۔سب سے پہلے افغانستان۔ کا عملی نمونہ قبول کر لیں ، خیالِ عبث ہے۔


ملاااا ۔۔ عمر کا بیٹا ہونا حق پر ہونے کی دلیل نہیں ہے۔


پاکستانی اسٹیشمنٹ ۔۔۔ ہونا ناحق ہونے کا پرتو نہیں ہے۔


مشرف کا امریکیوں کا لٹو بننا بطور قوم پاکستانی شعور نے کبھی اک ثانیے کو قبول نہ کیا تھا ۔افغانوں کے خلاف مورچہ سنبھالنے کو قومی ملی ذلت سے تعبیر کیا گیا۔ اور اس کا ہمیشہ ہر سطح پر ہر جگہ پر اور ہر طرح سے رد کیا گیا ۔ بحیرہ عرب کے پانیوں سے لیکر ہندوکش کی وادیوں تک ، انٹرنیت کی چوپالوں سے لیکر اخباروں کے ماتھوں تک افغان باقی کہسار باقی چمکتا دمکتا رہا. دشت لیلی سے اسلام آباد کی گلیوں تک۔ کراچی کی گودیوں سے جی ایچ کیو کے در و دیوار تک؛ کابل، قندھار، کوئیٹہ تا گوانتنامو کب پاکستانیوں نے افغانیوں کو اکیلا چھوڑا؟ مشرف کے گناہ کی نخوست کے دھبے مٹانے کو میں کہاں کہاں سے نہ گزر گیا!!


پنجابیوں، سندھیوں، بلوچیوں، سرائکیوں، کشمیریوں نے ہر لمحہ افغانوں پر برستے بموں کو اپنے سینوں پر محسوس کیا ہے۔


کسی زمانے میں ریاست پاکستان نے افغانستان کے ساتھ زیادتی کی تھی کا مطلب قطعا یہ نہی ہے کہ ہم اس بھیڑ کے بچے کی طرح بھیڑیے کا شکار ہوتے رہیں کیونکہ اس کے بڑوں نے اوپر سے آتا پانی گدلا کر دیا تھا۔


افغانستان کے ساتھ پاکستان کی مخاصمت ہر زی شعور مسلمان کے لئے انتہائی تکلیف دہ اور پریشان کن ہے۔ لیکن اس قضیے کا پر ملبہ ریاست پاکستان پر ڈال دینا ایک ٹرامٹائیزڈ مائینڈ کا ری ایکشن تو ہو سکتا ہے۔ لاجیکل اینالسز، کریٹکل تھنکنگ کا نتیجہ نہیں۔


افغانی ہمارے بھائی ہیں۔ اور ان کے ساتھ لڑائی ہمیں قطعا قبول نہیں ہے۔ اسے روکنے کے لئے ہر ممکن کوشش جاری رہنی چاھئے۔ لیکن کسی بدمعاش کی بدمعاشی کو اس لئے قبول کر لینا کہ وہ ۔ داڑھی اور پگڑی والا ہے یا اس کے ساتھ کبھی ہماری طرف سے زیادتی ہوئی تھی یہ بھی ہمارا اجتماعی شعور برداشت کرنے کو تیار نہیں ہے۔


عمران اسلم

جمعہ، 24 اکتوبر، 2025

قسطوں میں خود کشی کا مزہ ہم سے پوچھئے!

ڈپریشن اور خود کشی!!

ڈپریشن اور اس جیسے دیگر نفسیاتی، زہنی عوامل انسان کے سوچنے کی صلاحیت کو مفقود کر سکتے ہیں۔ اور اس وجہ سے انسان میں صبر، تحمل، برداشت اور دیگر ایسے سروایوئل والی صلاحیتوں پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔ لیکن کسی نفسیاتی عارضے کی بنیاد بنا کر خود کشی یا کسی ایسے گناہ کو جسٹیفائی کرنا بذات خود ایک زیادتی اور ایسے مکروہ افعال کو معاشرے میں پذئرائی دلوانے کی لاشعوری کوشش کا حصہ بننا ہے۔

ہماری کوشش کا محور ان وجوہات کو زائل کرنا ہونا چاھئے جو ان عارضوں، بیماریوں کا باعث بنتی ہیں نا کہ ان اعمال کی جسٹیفیکیشن جو ان عوارض کے ہوتے ہوئے انسان سے سرزد ہوتے ہیں۔

یاد رہے کہ مغربی نظام نفسیات (چونکہ ہومینسٹوں کے ہاتھ ہے) ہر مجرم کے جرم کی بنیاد نفسیاتی عوامل کو قرار دے کر انہیں حد سے زیادہ صفائی دیتا نظر آتا ہے۔

نفسیاتی یا یوں کہیے زہنی بیماری اگر اس حد تک بڑھی ہوئی ہو کہ آدمی فاتر العقل، پاگل گردانا جانے لگے اور اس کے حالات اس حد تک دگرگوں ہو جائیں کہ اسے مرفوع القللم کہا جا سکے تو ہی کسی کے ایسے انتہائی اقدام کو ـپاگل پن ـ کا شاخسانہ قرار دے کر شاید کہا جا سکے کہ اس کے خودکشی والے عمل پر پکڑ نا ہو گی۔۔

ورنہ ایسا کوئی بھی قدم کسی بھی صورت اس کے نتائج و عواقب سے بری نہیں کروا سکتا۔

 ( " رُفِعَ الْقَلَمُ عَنْ ثَلاثَةٍ : عَنِ الصَّبِيِّ حَتَّى يَحْتَلِمَ ، وَعَنِ الْمَعْتُوهِ حَتَّى يُفِيقَ ، وَعَنِ النَّائِمِ حَتَّى يَسْتَيْقِظَ " ( أبو داود: 4403)، (الترمذي:1423)

’’ تین قسم کے لوگوں سے قلم اٹھا لیا گیا ہے۔بچے سے بالغ ہو جانے تک،پاگل سے افاقے تک،اور سونے والے سے بیدار ہو جانے تک)

خودکشی بہرحال اسلامی شریعت میں حرام ہے اور کرنے والا حرام کام کا مرتکب ہوتا ہے۔ الا یہ کہ وہ فاتر العقل اور مرفوع القلم ہو۔ (اس کا فیصلہ نفسیات والے نہیں کر سکتے ) رہی بات کیمیکل کی افراط و تفریط کی تو بھئی کیمیکل کا اوپر نیچے ہونے کی ویلیڈیٹی پر پٹ سیاپا کرنے والے ایٹ دی اینڈ اس نتیجے پر پہنچتے ہیں کہ کسی ظالم ترین ریپیسٹ کو بھی سزائے موت نہیں ہونی چاہئے چونکہ کیمیکل ایمبلینس والا معاملہ ہی تھا۔

اصول عام جو پھیلا ہوا شوشل میڈیا پر اس کی رو سے تو!!!

**لڑکیوں کو گھورنے، چھیڑنے اور ٹچا بازی والے بھی کیمیکل کے تابع یہ کام کرتے ہیں* بچوں کے ساتھ بدکاری کرنے والے بھی نفسیاتی مریض ہوتے ہیں! سو ان سے ہمدردی اور ان کا احترام بھی بے حد لازم اور ضروری ٹھہرتا ہے۔

ایک سمپل سی بات ہے۔

خودکشی کرنے والے کو عام لوگ ہر صورت برا بھلا نہ کہیں، بس عبرت پکڑیں اور اللہ کی پناہ چاھیں۔ اور اس کے لواحقین کو اذیت سے محفوظ رکھنے کو اس کی بابت خاموش رہا جائے۔ لیکن کسی خودکشی کرنے والے کو گلیمرائیز کرنا اسے رومینٹسائیز کرنا اس مسکین معاشرے میں بسنے والے بے چاروں پر ظلم عظیم ہے۔

جوش ساب فرما گئے تھے ۔

قابلِ برداشت جب رہتا نہیں دردِ حیات

ڈھونڈتی ہے تلملاہٹ زہر میں راہِ نجات

اِس عمل سے عقلِ اِنسانی میں آتی ہے یہ بات

اِرتکابِ خودکشی تک ہے جنونِ حبِّ ذات

آدمی جیتا ہے ساز و برگِ عشرت کے لئے

اور مرتا بھی ہے تو دفعِ اَذیت کے لئے


جو ایسی حالت میں چلے گئے ان کے لئے دعاٗ مغفرت اور ان کے لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کرنا ہی افضل عمل ہے۔ جانے والوں کی فوٹویں لگا کر پوسٹیں کرنا اپنے آپ میں ایک غلط اور گھنائونا عمل ہے کہ لواحقین کے لئے تکلیف کا باعث بنتا ہے۔


Imran Aslam 

MINDSET COACH

پیر، 6 اکتوبر، 2025

یا جد الانبیاہ!

اب کی بار تندوروں سے لہو پھوٹا

فلک سے آتش و آہن برسا، زمین خون برد ہونے لگی

مگر کوئی سفینۂ نوح بادبان نہ کھول پایا

 میرے لاشوں کو جودی نہ ملا

 کبوتروں کے پر جل گئے

زیتون کے ورق ورق پر غرقدوں کا سایہ رہا


فصیلِ دہر سے ٹکرا کے صدائیں پلٹ آئیں

 کئی فرعون تھے سر محل کوئی موسیٰ نہ ملا

چراغِوں کی آنکھیں نم رہیں 

نیل کے دوش پہ معصوم دلوں سے اٹھتا دھواں تیرا کیا

کھنڈر اپنی کہانی سناتے رہے

مگر قصہ خوانی کو کوئی حزیں آوازہ نہ ملا


یہ میرا ہی لہو ہے جو دریاؤں میں اتر رہا ہے

 کہ ہر ساحل پہ صدف کے دل میں دھماکہ ٹھہر گیا

 زمیں نے سینے پہ اٹھا رکھے ہیں شہر زخم خوردہ

 مگر زخموں پہ مرہم کو کوئی ابن مریم نہ ہوا

میرے لاشے کو قم بااذن اللہ کون کہتا۔

میرے گناہوں کے لئے کوئی عیسی نہ ہوا۔

میرے اسماعیل کی ایڑیاں پھٹ گئی

ماں حاجر کی سعی کو نہ صفا نہ مروہ ہوا


میرے زم زم کو شریکا چاٹ گیا۔

میرے ابراہیم دیکھنا ، دیکھنا یہ میراث کا بٹوارہ ہوا؟


عمران اسلم

کبھی کوئی انسان خاموشی سے چلا جاتا ہے

کبھی کوئی انسان خاموشی سے چلا جاتا ہے۔ نہ شور، نہ اعلان، نہ الوداع۔ اور زندگی کی سانس جیسے رک جاتی ہے۔ ایک ایسا ثانیہ جو بظاہر خاموش دکھائی دیتا ہے مگر دراصل پورے وجود پر زلزلہ بن کر گرتا ہے۔ کسی ماں کے ہاتھ سے زندگی کی رسی پھسل جاتی ہے، کسی بیوی کی آنکھوں میں خوابوں کے چراغ بجھ جاتے ہیں، اور کسی بچے کے کندھوں پر زمانے کا سارا بوجھ آپڑتا ہے۔ یہ موت کا وار ہوتا ہے، لواحقین کے لئے لرزہ خیز لمحے جو زہن و دل کے تانے بانے کو چیر دیتا ہے۔


لیکن ہم؟ ہم ان تتاریک لمحوں کے بیچ کیمرا آن کر لیتے ہیں۔ کیپشنز لکھتے ہیں، پوسٹس بناتے ہیں، تصویریں لگاتے ہیں، جیسے کسی کا دکھ ہماری تشہیر کا وسیلہ ہو۔ ہم یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ کسی کا غم کوئی عوامی منظر نہیں، یہ اس کی روح کی نازک ترین تہہ ہے۔ اور جب ہم اس پر انگلی رکھتے ہیں تو دراصل ایک زخم کو چھیڑ دیتے ہیں جو شاید ابھی بھرنا شروع بھی نہیں ہوا تھا۔


ذہن ہر دہرائے گئے منظر کو ایک گانٹھ کی طرح باندھ لیتا ہے۔ جب ہم سانحے کو بار بار دہراتے ہیں تو ہم صرف خبر نہیں پھیلا رہے ہوتے بلکہ اس درد کو زندہ رکھ رہے ہوتے ہیں جو کسی کے اندر دفن ہونا چاہتا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں ہم ہمدردی کر رہے ہیں، مگر دراصل ہم دلوں کے بوجھ میں بطور تماشائی اپنا وزن ڈال رہے ہوتے ہیں۔


 کیا یہ واقعی ہمدردی ہے؟ یا محض نمایاں ہونے کی ایک بھوک؟ ہم کسی کے بکھرے وجود سے اپنی پہچان تلاش کرتے ہیں، اور اسی میں انسانیت کا زوال چھپا ہے۔ اگر کوئی غم ہماری نمائش کا ذریعہ بن جائے تو ہمیں رک کر اپنے ضمیر سے پوچھنا چاہیے — کیا میں مرہم ہوں؟ یا زخم کا تماشائی؟


حقیقی ہمدردی کبھی شور نہیں مچاتی۔ وہ خاموش رہ کر عزت کے فاصلے پر کھڑی ہوتی ہے۔ کسی کے غم میں بلا اجازت داخل ہونا — خواہ الفاظ سے ہو یا تصاویر سے — مدد نہیں، اذیت ہے۔ یہ کسی کے دکھ کو عزت دینے کے بجائے اسے تماشہ بنانے کے مترادف ہے۔ ہمدردی کا پہلا اصول یہی ہے کہ کسی کے جذباتی دائرے میں بنا اجازت قدم نہ رکھو، کیونکہ دکھ کو چھیڑنا تسلی نہیں، تشدد ہے۔


ہر انسان کے غم کی زبان مختلف ہوتی ہے۔ کوئی تنہائی میں رو کر سکون پاتا ہے، کوئی دعا میں پناہ لیتا ہے، اور کوئی صرف اتنا چاہتا ہے کہ اس کے زخموں پر دنیا کی نگاہ نہ پڑے۔ لیکن ہم، اپنی حساسیت کے فریب میں، ان کے دکھ کو بار بار تازہ کر دیتے ہیں۔ شفا کے راستے پر کنکر بچھاتے ہیں اور پھر خود کو مددگار سمجھتے ہیں۔


مقام فکر یوں ہے کہ کیا ہم مدد کر رہے ہیں یا صرف توجہ کے بھکاری ہیں؟ کیا ہماری تحریریں وہ موم بتی ہیں جو راستہ دکھاتی ہیں، یا محدب عدسے کی وہ روشنی جو آنکھیں جلا دیتی ہے؟ کیا ہم دکھ بانٹنے آئے ہیں یا دکھ بیچنے؟ یہی سوال ہماری نیت کو بے نقاب کرتے ہیں۔


بعض اوقات خاموشی سب سے بڑی دعا ہوتی ہے۔ دکھ کو محسوس کرنا مگر احترام کے ساتھ ، فاصلے سے یہی اصل انسانیت ہے۔ نفسیات کہتی ہے کہ جہاں توجہ بہتی ہے، وہیں توانائی جنم لیتی ہے۔ اگر ہم اپنی توجہ بار بار غم، المیے اور موت پر مرکوز رکھیں تو ہم اجتماعی طور پر ایک ایسا معاشرہ بنا رہے ہیں جو غم کو رسم اور دکھ کو تفریح بنا دیتا ہے۔


خبر دینا ضرورت ہے، حوصلہ ، تسلی تھپکی طریقہ تعزیت ہے مگر دکھ کو نوچنا بے حسی ہے۔ کبھی کبھی صرف دعا کافی ہوتی ہے — پوسٹ نہیں۔ کیونکہ دعا دل سے نکلتی ہے اور دل کو کسی اسکرین کی ضرورت نہیں۔ ہمیں سوچنا چاہیے کہ ہماری تحریریں کسی کو سانس لینے کا موقع دے رہی ہیں یا اس کا دم گھونٹ رہی ہیں۔

خاص کر مٹی کی بے جان مورت، لاشے کی صورت یا کسی حادثے کسی سانحے میں رستے زخموں کی تصویر نمائی تو گھن اور کراہت کا سبب ہی جانی چاھئے۔


لمحہ بھر کو رک کر، ٹھٹک کر، جھک کر، سوچ کر دعا کی جئے؛ بغیر کیمرا آن کیے، بغیر پوسٹ لگائے۔ بس ایک دل سے دوسرے دل تک یہ پیغام پہنچائیے کہ 

“تمہارے درد کی عزت ہے، میں تمہیں تماشا نہیں بننے دوں گا


یہی وہ جائے محبت ہے جہاں خبر سے پہلے وقار، اور اظہار سے پہلے ادب آتا ہے۔

جہاں زخم بغیر کیمرے کے سلتا ہے، جہاں دکھ درد کا مداوا کلکس کے علاوہ بھی ہوتا ہے، جہاں اظہار ہمدردی پوسٹوں لائکس شئیرنگ کے اس پرے بھی ہوتا 

ہے۔

جہاں تعزیت مول نہیں بکتی اور ہمدردی کا سودا سوشل میڈیا کے ترازو پر 

تولا نہیں جاتا جہاں انسان، واقعی انسان بن جاتا ہے۔ بے ریا و با وفا۔


Imran Aslam

پیر، 22 ستمبر، 2025

شکریہ کلائینٹ!


عمران بھائی بس مجھے ویٹ لاس کروا دی جئے اور سگریٹ بھی چھڑوانے ہیں! پانچ ماہ تک میری شادی طے ہو جانی۔ اور میری حالت آپ محسوس کر سکتے ہیں۔


ان شاۃ اللہ ہم مل کر اس پر کام کریں گے اور آپ کے سگریٹ مسئلہ نہیں سگریٹوں میں بھرا بارود پرابلم ہے۔ میں نے مزاحیہ انداز میں اس جوان انجینر کو ہتھیلییاں مسل کر اشارہ کیا۔ دو بار کال پر گفتگو کے بعد اس ستائیس سالہ جوان کے ساتھ اتنا یارانہ ہو چلا تھا کہ اس سے کھل کر بات چیت کر سکوں۔ نہر کنارے لمبی واک کے بعد اب ہمارا رخ اس کے گھر کی طرف تھا جہاں وہ بغیر تلے مچھلی پکانے کا کہہ کر آیا تھا۔

اس دن جوان کی نوے دن کی گول سیٹنگ میں ہم اپنے زاتی دماغ کی ٹیوننگ بھی کر چکے تھے کہ ڈھیل ڈھول ہمارا بھی بدلائو کا متقاضی ہے۔ سو تحریر لکھ دی تاکہ سند رہے اور بوقت ضرورت کام آئے۔ کہ کوچ کا اپنا تو ڈیڑھ دو مہینے میں سات کلو کا وزن کوچنگ کی نذر ہو چکا۔


باقی کی کہانی بھی دلچسپ اور سکھانے والی ہے۔ لیکن فی الحال کا مدعا یوں ہے کہ ہم اس کلائینٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں جس نے اپنے غم کو ہمارا غم بنا کر ہمیں بھی ـراہ لگا دیا۔ کہ مہینہ ہونے کو ہے اور مدت مدید بعد ہمیں چلنا یوں پیارا لگنے لگا ہے جیسے راستے درِ محبوب کو لئے جاتے ہوں۔


رومی نے اسی لئے کہا تھا ناں!


"ای بسا کارا که اول صعب گشت

بعد از آن بگشاده شد سختی گذشت"

پہلے پہل مشکل معلوم ہونے والے کام، سختیاں، دشواریاں برداشت کرنے کے بعد آسان تر ہوتے جاتے ہیں۔


آپ بھی اپنی زندگی کے کسی زاوئے کی گولائی موٹائی سے پریشان ہیں؟


Imran Aslam

Mindset C🙂ach


#mindsetcoach


#LifeTransformation


#QuitSmokingJourney


#weightlossgoals


#positivechange

Flickr