”جسے روم و فارس کے فلسفہ و حکمت کی لت لگ جائے، کتاب و سنت میں اس کا حصہ کم ہوجاتا ہے۔“
بطور نفسیات کے طالبعلم ، لائف کوچ اور سماجی و معاشرتی رویوں اور عامتہ الناس کے رویوں کے “کین آبزرور” مجھے اس جملے کی گہرائی اور ابن تیمیہ رح کی بصیرت نے بہت دیر سے گنگ کر رکھا ہے۔
امام ابن تیمیہ رحمۃ اللہ علیہ کا یہ تاریخی جملہ“ بظاہر صدیوں پرانا معلوم ہوتا ہے، مگر حقیقت میں یہ انسانی نفسیات اور علم کی ساخت (Epistemology) پر ایک ایسا تبصرہ ہے جو آج بھی اتنا ہی زندہ اور بے باک ہے۔ یہ یونانی منطق اور اسلامی عقائد کے مابین کسی پرانے مناظرے کا خلاصہ نہیں، بلکہ یہ ایک وارننگ ہے اس ”فکری لت“ (Intellectual Addiction) کے خلاف جو انسان کے سوچنے، سمجھنے اور پرکھنے کے پیمانے بدل دیتی ہے۔ جب انسان کا ذہنی فریم ورک وحیِ الٰہی کے بجائے انسانی افکار کا اسیر ہو جائے، تو پھر قرآن و سنت اس کے لیے چشمہِ ہدایت نہیں رہتے، بلکہ محض ایک ثانوی حوالہ بن کر رہ جاتے ہیں۔
آج کے دور میں ”روم و فارس“ کے جغرافیائی اور ثقافتی معنی بدل چکے ہیں۔ آج ارسطو کی منطق یا افلاطون کے نظریات وہ چیلنج نہیں رہے جنہوں نے مسلمانوں کے ذہنوں کو اپنی گرفت میں لیا ہو، بلکہ آج کا ”روم و فارس“ جدید مغربی فکر ہے۔ یہ فکر آج ماڈرن سائیکالوجی، پرسنل ڈویلپمنٹ، کوچنگ، این ایل پی (NLP)، سی بی ٹی (CBT) اور مغربی ماہرینِ نفسیات کی وضع کردہ زندگی گزارنے کی تکنیکس کی شکل میں ہمارے سامنے کھڑی ہے۔ مسئلہ ان علوم کا وجود نہیں، بلکہ وہ رویہ ہے جس کے تحت ان انسانی کاوشوں کو ”حتمی سچ“ اور ”مسائل کا واحد حل“ سمجھ لیا گیا ہے۔ جب ایک مسلمان اپنی ذہنی گتھیوں، جذباتی الجھنوں اور خاندانی مسائل کا حل تلاش کرنے نکلتا ہے اور اس کا پہلا اور آخری مرجع صرف مغربی تھراپیز اور سیکولر کوچنگ ماڈلز بن جاتے ہیں، تو یہیں سے وہ ”لت“ شروع ہوتی ہے جس کا ذکر امام صاحب رح نے کیا۔
اس فکری غلامی کا سب سے بڑا نقصان یہ ہوتا ہے کہ ”اتھارٹی“ (Authority) منتقل ہو جاتی ہے۔ جو مقام قرآن اور سنت کا تھا کہ وہ حق اور باطل کا فیصلہ کریں، وہ مقام اب جدید نفسیاتی نظریات لے لیتے ہیں۔ انسان لاشعوری طور پر اپنی زندگی کو ”سیلف لو“ (Self-Love)، ”باؤنڈریز“ (Boundaries) اور ”پرسنل ٹرتھ“ (Personal Truth) جیسے خوبصورت مگر اکثر گمراہ کن مغربی نعروں کے ترازو میں تولنا شروع کر دیتا ہے۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ اگر دین کا کوئی حکم—جیسے صبر، ایثار، صلہ رحمی، یا عائلی نظام—جدید نفسیات کے ان پیمانوں پر پورا نہ اترے، تو انسان کے دل میں شک پیدا ہونے لگتا ہے۔ وہ وحی کو سمجھنے کے بجائے اسے مغربی فکر کے سانچے میں ”فِٹ“ کرنے کی کوشش کرتا ہے، اور یوں دین حاکم کے بجائے ملزم، یا زیادہ سے زیادہ ایک گواہ بن کر رہ جاتا ہے۔
جب کوچنگ اور کونسلنگ کے یہ مغربی فریم ورکس ذہن پر حاوی ہو جائیں تو کتاب و سنت میں انسان کا حصہ کم ہونا ایک قدرتی عمل ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ فلسفہ اور جدید سائنس صرف ”سوال“ اٹھانا جانتے ہیں یا ظاہری اسباب کا تجزیہ کرتے ہیں، جبکہ وحی انسان کو ”سمت“ اور ”مقصد“ دیتی ہے۔ اگر ایک شخص انسانی نفسیات کو صرف فرائڈ، ینگ یا جدید نیورو سائنس کی عینک سے دیکھے گا، تو اسے انسان صرف ایک بائیولوجیکل مشین یا خواہشات کا مجموعہ نظر آئے گا، نہ کہ اللہ کا خلیفہ۔ یہ نقطہ نظر انسان کو روحانیت سے کاٹ کر تکنیکس کا غلام بنا دیتا ہے۔ وہ سکونِ قلب کے لیے ذکرِ الٰہی کے بجائے ”مائنڈ فل نس“ (Mindfulness) کی مشقوں میں اور تزکیہ نفس کے بجائے ”تھراپی سیشنز“ میں پناہ ڈھونڈتا ہے۔
“حد سے بڑا ہوا (حدود و قیود کے ساتھ ان تمام ٹولز کو استعمال کرنا بالکل صحیح ہے) ان علوم (نفسیات، کوچنگ وغیرہ) کا استعمال سامری کی وہ پھونک ہے جو انسانی نفس کو بچھڑا بنا دیتا ہے جس کی ہر ہر آواز پر تمام اعضاہ و جوارح اس سونے کے بچھڑے کی پوجا پر لگ جاتے ہیں۔
حقیقت یہ ہے کہ مغربی نفسیات اور کوچنگ کے ٹولز بذاتِ خود برے نہیں، بشرطیکہ وہ ”خادم“ کی حیثیت میں رہیں، ”مخدوم“ نہ بن جائیں۔ خطرہ تب پیدا ہوتا ہے جب یہ ٹولز ایک مکمل دین اور ضابطہ حیات کا متبادل بننے لگتے ہیں۔ جب ہم اپنے رویوں کی اصلاح، رشتوں کی بہتری اور ذہنی سکون کے لیے قرآن کے نسخہِ شفا کو چھوڑ کر صرف انسانی تحقیقات کو کافی سمجھ لیتے ہیں، تو ہمارا ایمانی ڈھانچہ کھوکھلا ہونے لگتا ہے۔ ابن تیمیہؒ کی بصیرت ہمیں یہی یاد دلاتی ہے کہ عقل اور سائنس کے چراغ، وحی کے سورج کے سامنے مدہم رہنے چاہئیں۔ اگر یہ چراغ سورج سے زیادہ اہم ہو گئے، تو انسان روشنی کا دعویٰ تو کر سکتا ہے، مگر ہدایت کے راستے سے بھٹک جائے گا۔ پس، اصل کامیابی اس توازن میں ہے جہاں جدید علوم کی افادیت کو تو تسلیم کیا جائے، مگر زندگی کا فکری مرکزِ ثقل (Center of Gravity) ہمیشہ کتاب و سنت ہی رہے۔
(گو ابن تیمیہ رح کا یہ قول اتنا یونیورسل اور جنرل ہے کہ ہر ہر اس بات اور معاملے کو علم کوُحکمت کو اس کے پلڑے میں رکھ کر تولا جا سکتا ہے جو مغرب سے آ رہا ہے “”مثلا سائینسی علوم، میڈیکل” لیکن میں اپنی فیلڈ سے ہی ریلیٹ کر رہا ہوں)
#IslamicPsychology
#IbnTaymiyyah
#QuranAndSunnah
#IslamicMindset
#MuslimCoaching
Imran Aslam
MINDSET COACH
















