نیو یارک کے مئیر کا عہدہ یقینا امریکہ کی وہ سیٹ ہے جس پر براجمان ہوتے ہی انسان عام آدمی سے نظام کا چوبدار بن جاتا ہے۔ یہ صرف شہر کا ناظم نہیں، دنیا کے سب سے زیادہ متنوع، معاشی طور پر حساس، اور عالمی مرکز والے شہر کی کمان سنبھالنا ہوتا ہے۔ لیکن اس بار جو کمان سنبھالنے جا رہا ہے وہ کوئی روایتی چہرہ نہیں، بلکہ ایک 33 سالہ، یوگنڈا میں پیدا ہونے والا، مسلمان، سوشلسٹ، اور جی ہاں، “پاگل” جیسا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے خود فرمایا—"100% communist lunatic"۔
ٹرمپ صاحب کا یہ بیان پڑھ کر پہلے تو گمان ہوا کہ غالباً کسی سکولئیے کی فیس بک پوسٹ ہو گی۔ لیکن نہیں، یہ ایک صدر کا ٹیکسٹ تھا۔ اس نے صرف زوہران ممدانی کو لتاڑا ہی نہیں، بلکہ اس کے حامیوں AOC، چک شومر اور برنی سینڈرز کو “دیگر احمق” کہہ کر اپنے سیاسی عدم برداشت کا تاج خود ہی اپنے سر پہ رکھ لیا۔ لگتا ہے جیسے ممدانی کی جیت نے نہ صرف شہر کا جغرافیہ ہلا دیا، بلکہ ٹرمپ کی نیندیں بھی اڑا دیں۔ شاید انہیں ڈر ہے کہ یہ “lunatic” اگر شہر میں بسوں کے کرائے واقعی مفت کر دے، امیروں پر ٹیکس لگا دے، اور عام آدمی کو سہولتیں دینا شروع کر دے، تو عوام کو سمجھ آ جائے گی کہ “پاگل” تو اصل میں وہ ہیں جو نظام کے نام پر لوٹ مار کر رہے تھے۔
نیویارک کی کہانی صرف اتنی نہیں کہ وہاں وال اسٹریٹ ہے یا اقوام متحدہ کا پیڈ آفس ہے۔ یہ شہر 8.52 ملین لوگوں کا شور ہے، جن میں 31.3% سفید، 20.8% سیاہ فام، 14.5% ایشیائی، اور 28.3% ہسپانوی شامل ہیں۔ ان میں 37.5% غیر ملکی پیدائش رکھتے ہیں، اور صرف 32.8% لوگ اپنے گھروں کے مالک ہیں۔ باقی سب کرائے پر رہنے والے، تناؤ میں جیتے، مہنگائی سے لڑتے، اور ایک چٹان جیسے سسٹم سے روز مقابلہ کرتے, شام مرتے سویرے جیتے ہیں۔
ایسے میں ممدانی آتا ہے، سیدھا بولتا ہے: “مفت بسیں ہونی چاہییں، رہائش انسان کا حق ہے، اور امیروں کو اپنے حصے کا بوجھ اٹھانا ہوگا۔” لوگ سنتے ہیں، سوچتے ہیں، اور پھر ووٹ دیتے ہیں۔ خاص طور پر 18 سے 45 سال کے ووٹرز، جن میں سے 52% نے ان کے حق میں فیصلہ سنایا۔ ایک ملین سے زائد دروازوں پر دستک دینے والے 45 ہزار رضاکار، اور ہر دروازے پر ایک خواب کا بیج، جسے ممدانی نے بڑی خاموشی سے بویا۔
لیکن قصہ یہیں ختم نہیں ہوتا۔ ممدانی کا اصل جھٹکا آیا غزہ اسرائیل تنازع پر اس کے موقف کے ساتھ۔ ایک ایسے وقت میں جب امریکی سیاستدان اسرائیل کے کسی بھی اقدام پر خاموشی اختیار کرنا اپنی حب الوطنی سمجھتے ہیں، ممدانی کھڑے ہو کر کہتا ہیں:
“I’m not antisemitic—I’m anti-genocide.”
اور حد تو یہ کہ اعلان کر دیتا ہے:
"No. As mayor, New York City would arrest Benjamin Netanyahu."
یہ جملے نہ صرف جرات کی علامت تھے، بلکہ ایک ایسا آئینہ جس میں امریکی معاشرے نے پہلی بار اپنی پوزیشن پر نظر ڈالی۔ یہودی حلقے تقسیم ہو گئے۔ کچھ نے اسے "یہود دشمنی" کہا، کچھ نے اسے "حق گوئی" قرار دیا۔ لیکن ممدانی ڈٹے رہے، اور نیویارک کے شہری خاص طور پر وہ جو فلسطینیوں پر بمباری کے مناظر سے ٹوٹ چکے تھے، اس کے ساتھ کھڑے ہو گئے۔
اب آتے ہیں اس “جمہوریت کی جلن” پر جو ممدانی کی شناخت کے دوسرے پہلو سے جڑی ہے۔ وہ ایک مسلمان ہے، اور صرف نام کے نہیں۔ روزہ رکھتے ہے، والد کا نام محمود ہے ایجوکیشنلسٹ ہے، اور والدہ مشہور بھارتی فلم ساز میرا نائر ( غالبا ہندو) ہیں۔ یعنی علم، ثقافت،آرٹ اور روحانیت کے ایک نایاب امتزاج کا نتیجہ۔
لیکن جیسے ہی بات LGBTQ+ کمیونٹی تک پہنچی، تو “جمہوریت کی عینک” آنکھوں پر چڑھ گیا۔
اس نے اعلان کیا:
“New York City must be a refuge for LGBTQIA+ people.”
پھر ایک پورا پلان: 65 ملین ڈالر کا پیکج، gender-affirming care، telehealth، اور Office of LGBTQIA+ Affairs۔
اب ظاہر ہے، ایک مسلمان کے لیے اس بیان کا ہضم ہونا مشکل ہے۔ تو کیا ممدانی اپنے ایمان پر سودے بازی کر رہا ہے؟ یا وہ اس جمہوریت کا عملی چہرہ دکھا رہے ہیے۔ جو سب کو خوش رکھنے کے لیے اپنے خدا کو بھی ناراض کر بیٹھتی ہے؟
شاید دونوں سچ ہوں۔
شاید جمہوریت وہ سسٹم ہے جہاں ایک مسلمان کو اتنا "جمہوری" بننا پڑتا ہے کہ اپنے عقیدے کو پسِ پشت ڈال کر “سب کے لیے برابر” کی بات کرنی پڑے۔
یہ وہی نظام ہے جس میں آپ کا ذاتی نظریہ اہم نہیں، آپ کی قابلِ قبولیت اہم ہوتی ہے۔
جمہوریت کی یہی سحر انگیزی ہے کہ "پریم پیالا پی کر، اک محفل ہو ہائو میں ننگ دھڑنگ بے لباس ہو کر سب کچھ بھلانا ہوتا ہے"
اک "درمیانے " کا تبصرہ نظروں سے گزرا کہ
“This is honestly the only time in my entire life I’ve ever felt represented by a politician and it’s a cis-het Muslim man.”
جب آپ اس سب کو اکٹھا دیکھتے ہیں—ٹرمپ کی بے چین چیخیں، اسرائیل پر بے باک بیانات، نیویارک کے بکھرے خواب، اور LGBTQ+ حقوق کی گنجائش—تو ممدانی صرف ایک شخص نہیں لگتا، وہ ایک مغلوبہ ر لگتا ہے۔ ایک بغاوت، ایک انقلاب، ایک خاموش، لیکن پُرعزم چیخ۔ اور یہ سب کرتے ہوئے اس نے اپنے بدن پر کوئی مناسب پردہ پوشی کرنے کے بجائے ست رنگی جھنڈا لپیٹا ہوا ہو۔
اگر نومبر میں وہ کامیاب ہو گئا، تو یہ فتح صرف نیویارک کی نہیں ہو گی۔ یہ امریکی شہری سیاست میں وہ باب کھولے گی جس کا عنوان ہو گا: “پاگلپن، جو نظام کو ہوش میں لے آیا”۔
اور ہاں، اگر کسی کو آج بھی یہ شک ہو کہ وہ واقعی پاگل ہے، تو انہیں بس ممدانی کا وعدہ سن لینا چاہیے:
“I just want housing for all and buses that don’t cost an arm and a leg.”
سو باتوں کی اک بات کہ اس پاگلپن میں "مسلمانوں" کو چار آنکھوں سے چوکنا رہنا ہو گا۔ کہ فلسطین کاز کے نعرے بلند ہوتے ، اس پر کچھ عملی کام ہوتے دیکھ کر کہیں وہ اپنے عقائد، اپنے نظریات اور اپنی شرم و حیا اور غیرت کو پس پشت ڈال کر کسی کو "ہیرو" نہ بنا لیں۔ چاھے وہ نیویارک کا پہلا "مسلم مئیر" ممدانی ہی کیوں نہ ہو!!
عمران اسلم






