پیر، 16 مارچ، 2026

نیتن یاہو کو صرف ایک سیاستدان کہنا تاریخ کے ساتھ ظلم ہے

یاہو کے سرور ڈائون ہونے کے چرچے ہو رہے ہیں ، یاہو کی گندی سروسز پر ایک مضمون نشتر مکرر!


اسرائیل کو کسی کم مائیگی ، کم لفظی کی وجہ سے اک "ملک" گردان لیا جائے تو بھی نیتن یاہو کو صرف ایک سیاستدان کہنا تاریخ کے ساتھ ظلم ہے ایک عہد ہے: ظلم کا، فریب کا، انسانیت کشی کا اور ریاستی دہشتگردی کا۔ 1949 میں تل ابیب میں جنم لینے والا یہ بچہ جس کا نام بنیامین تھا، ایک ایسے باپ کی گود میں پروان چڑھا جو خود صیہونیت کا پرجوش داعی تھا۔ نیتن کا باپ بنزیون نیتن یاہو عربوں کے ساتھ کسی بھی سمجھوتے کو اسرائیل کے لیے تباہی سمجھتا تھا۔ ااس کا ماننا تھا کہ “The Arabs understand only one language – the language of force.” اور یہ جملہ بیٹے کے دماغ میں ایسا پیوست ہوا کہ آج بھی فلسطین کی سر زمین اس کی زہریلی بازگشت سے نبرد آزما ہے۔


نیتن یاہو کی شخصیت کئی تہوں پر مشتمل ہے: وہ ایک طرف امریکہ کی تعلیم یافتہ فضا میں مکاری کی تربیت پاتا ہے، تو دوسری طرف اسرائیلی فوج کی “سایرت میٹکل” جیسی ایلیٹ فورسز میں کپتان کی حیثیت سے شدت پسند سکیورٹی کا عادی بنتا ہے۔ اس کے بڑے بھائی، یوناتن نیتن یاہو، کے انیس سو چھھہتر میں یوگنڈا میں انٹیبی آپریشن میں مارے جانے کے بعد، اس کی سوچ مزید شدت اختیار کر گئی۔ اب وہ نہ صرف دنیا کو دو حصوں میں دیکھنے لگا یہودی اور دشمن ؛ بلکہ "امن" کو صرف اس وقت ممکن سمجھتا ہے جب دوسرا فریق مکمل طور پر جھک جائے یا ختم ہو جائے۔

نیتن نے اپنی تقریروں اور کتابوں میں بار بار یوناتن کی قربانی کا حوالہ دے کر سخت سیکیورٹی پالیسیوں کو درست ٹھہرایا۔

 "My brother taught me what it means to lead, to sacrifice, and to live for something bigger than yourself."


 اس خبیث، رذیل، ذلیل کا پورا سیاسی نظریہ اسی پس منظر سے ابھرا، جس کا خلاصہ یہ ہے:

"Terrorism must be confronted with overwhelming force. Negotiation with terrorists is not peace – it's surrender."


اس کی کتاب “Fighting Terrorism” میں صاف لکھا ہے:

 “Peace is only achievable when the threat of punishment outweighs the illusion of hope.”

 یعنی امن صرف تب قائم ہو سکتا ہے جب انسانوں کو امید سے زیادہ خوف دیا جائے۔


مگر یہاں صرف سیاسی یا نظریاتی سختی نہیں — نیتن کی شخصیت کی گہرائی میں نفسیاتی شکستگی (psychological fracture) موجود ہے۔ ماہر نفسیات Shaul Kimhi نے نیتن کے طرزِ عمل کا تجزیہ کرتے ہوئے لکھا کہ:

"He is a narcissist driven by deep mistrust. He trusts no one except his wife and closest advisors. His need for control is obsessive."

 یہ وہ شخص ہے جس کے گرد سب دشمن ہیں، اور جو اپنی ہی قوم پر تب اعتماد کرتا ہے جب وہ اس کے تابع ہو جائے۔ اس کی زندگی کا ہر پہلو "حتیٰ کہ ازدواجی تعلقات " بھی سیاسی نظم و ضبط کے تابع ہیں۔ وہ انسانوں سے محبت نہیں، ان کے استعمال پر یقین رکھتا ہے۔


نیتن یاہو کی سیاست کا خاص زاویہ یہ ہے کہ وہ خود کو اسرائیل کا نجات دہندہ سمجھتا ہے، مگر درحقیقت وہ Messiah Complex (مسیحا بننے کے خبط) میں مبتلا ہے۔ اس کیفیت میں انسان یہ سمجھنے لگتا ہے کہ اس کی ہر حرکت، ہر قتل، ہر حملہ دراصل ایک "مقدس فریضہ" ہے۔ اس کا خیال ہے کہ وہ اسرائیل کو دشمنوں سے بچا رہا ہے، مگر اصل میں وہ اسرائیل کو اخلاقی موت کی طرف دھکیل رہا ہے۔


جب بھی اسرائیل میں سیاسی طور پر وہ کمزور ہوا، اس نے غزہ پر حملہ کیا۔ صرف 2023 سے 2025 کے دوران پچاس ہزار فلسطینیوں کی جانیں لی گئیں۔ ان میں نومولود بھی تھے، اسکول جاتے بچے بھی، اور بزرگ بھی۔ نیتن یاہو نے کہا: “We are not fighting the people of Gaza, we are fighting evil.” مگر سوال یہ ہے کہ جب ملبے سے پانچ سال کی بچی کی لاش نکالی جاتی ہے تو کیا وہ بھی "evil" تھی؟ یا وہ ماں جو اپنے تین بچوں کے جنازے ایک ساتھ اٹھا رہی تھی — کیا وہ بھی “خطرہ” تھی؟ درحقیقت، نیتن یاہو اپنی نفسیاتی ساخت میں ایک ایسا شخص ہے جسے "رحم" اور "دشمنی" کے درمیان کوئی درمیانی راہ سمجھ نہیں آتی۔ وہ جتنا چالاک ہے، اتنا ہی اندھا ہے انسانیت سے۔


اس کے سابق سیاسی حریف، ایہود اولمرٹ، نے کہا تھا:

 “Bibi is not a man of peace. He is a man of manipulation. He needs war like fish need water.”


 سابقہ وزیر اعظم ایریل شارون نے واضح الفاظ میں کہا:

 “Netanyahu panics under pressure and loses his senses.”

 یہ محض سیاسی تنقید نہیں، بلکہ نیتن کی شخصیت کا نفسیاتی اسکین ہے۔ وہ ہر لمحے خود کو محصور سمجھتا ہے، جیسے یروشلم کی دیواریں کسی بھی وقت اس پر گر سکتی ہیں۔ یہی احساسِ خطرہ اسے ہر بار خونی اقدامات پر مجبور کرتا ہے۔

نیتن یاہو کا ذہن Zero-Sum Game کی منطق پر چلتا ہے — اگر فلسطینی جیت گئے تو ہم ہار گئے۔ اس سوچ میں نہ امن کے لیے گنجائش ہے، نہ انسانی وقار کے لیے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کا تعصب ایک مذہبی بنیاد پرست شدت پسندی کی صورت اختیار کر چکا ہے ۔ جو مسلم نام دیکھتے ہی بندوق کا لائسنس جاری کر دیتا ہے۔


ایران کے بارے میں اس کی پالیسی صرف سیاسی نہیں، نظریاتی نفرت پر مبنی ہے۔ “Iran must be stopped at any cost,” وہ بار بار دہراتا ہے۔ یہی "any cost" مشرق وسطیٰ کو ایٹمی جنگ کی طرف لے جا سکتی ہے۔ وہ نہ صرف اسلامی دنیا کو خطرہ سمجھتا ہے بلکہ ان کے ساتھ کوئی مفاہمت یا مساوات کے قائل بھی نہیں۔ وہ "greater Israel" کے خواب میں جکڑا ہوا ہے — وہ خواب جس میں مسلمانوں کے لیے صرف قبر کی جگہ باقی ہے۔

نیتن یاہو کی فطرت صرف ایک "رہنما" کی نہیں، وہ ایک نظریاتی جابر ہے۔ نیتن فیصلے ہمیشہ بارود سے کرتا ہے۔ اس کی تقریریں غزہ کی تباہی پر ختم ہوتی ہیں اور اس کے چہرے پر اطمنان کی مسکراہٹ ہوتی ہے، جیسے کہ اس نے ایک کامیاب سودے بازی کر لی ہو۔ مگر وہ سودہ انسانیت کے خون سے لکھا گیا ہوتا ہے۔


اگر ہٹلر نے نسل پرستی کے نام پر لاکھوں مارے، تو نیتن یاہو "سکیورٹی" کے نام پر وہی جرم کر رہا ہے۔ وہ امن کا دشمن ہے، غزہ کا قصاب ہے، اور تاریخ کے ضمیر پر وہ داغ ہے جسے شاید نسلیں بھی نہ دھو سکیں۔ وہ تیسری عالمی جنگ کی وہ چنگاری ہے جو صرف اسرائیل کو ہی نہیں، خود انسانیت کو خاکستر کر سکتی ہے۔ اور آنے والی نسلیں لکھیں گی:

 "He did not lead a nation — he led the world into fear, fire, and fatal silence."


ایران پر اس کی چڑھائی جس بھئ نتیجے پر منتہج ہو۔ تاریخ اسے چنگیز، ہلاکو، ہٹلر کے کتبے میں ہی لکھے گی۔ لیکن نیتن یاہو کی نفسیاتی الجھنیں ، اس کی نرگسیت پسندی، اور سائیکو پیتھیک گرہیں یقینا جہنم واصل ہونے تک اسے اپنے زہریلے پن کا ادراک نہ ہونے دیں گی۔


عمران اسلم (سائکالوجسٹ انڈر کنسٹرکشن)

جمعہ، 6 مارچ، 2026

اولاد کے لیے دعا





انسان کی زندگی میں کچھ دعائیں ایسی ہوتی ہیں جو صرف زبان سے نہیں نکلتی ہوتیں بلکہ دل کے اندر کسی گہرے چشمے سے پھوٹتی ہیں۔ یہ وہ دعائیں ہوتی ہیں جن میں انسان کی ساری محبت، ساری امید اور ساری بے بسی شامل ہوتی ہے۔ اولاد کے لیے کی جانے والی دعا بھی انہی دعاؤں میں سے ایک ہے۔ ایک ماں یا باپ جب اپنے بچے کے لیے ہاتھ اٹھاتا ہے تو دراصل وہ اپنی پوری زندگی کا نچوڑ اللہ کے حضور رکھ رہا ہوتا ہے۔


دلچسپ بات یہ ہے کہ قرآن مجید جب انسان کی تربیت کرتا ہے تو وہ صرف عبادات کے طریقے نہیں سکھاتا، بلکہ وہ انسان کے دل کو بھی ترتیب دیتا ہے۔ قرآن ہمیں یہ بھی بتاتا ہے کہ ایک مومن اپنی اولاد کے بارے میں کیسے سوچتا ہے اور اس کے لیے کیسے دعا کرتا ہے۔


آج کا المیہ یہ ہے کہ زیادہ تر والدین اپنی اولاد کے لیے سب کچھ کرتے ہیں، مگر دعا کو معمول نہیں بناتے۔ وہ اسکول ڈھونڈتے ہیں، ٹیوشن لگواتے ہیں، مستقبل کے منصوبے بناتے ہیں، مگر آسمان کے دروازے کھٹکھٹانے کا اہتمام کم ہی کرتے ہیں۔ حالانکہ قرآن ہمیں بتاتا ہے کہ اصل تربیت وہ ہے جس میں انسان اپنی کوشش کے ساتھ دعا کو بھی شامل کرے۔


قرآن کریم میں جگہ جگہ ہمیں انبیاء اور صالح لوگوں کی دعائیں ملتی ہیں۔ ان دعاؤں کو اگر غور سے دیکھا جائے تو ایک عجیب حقیقت سامنے آتی ہے: اللہ کے برگزیدہ بندے اپنی اولاد کے لیے سب سے زیادہ فکر ان کے ایمان اور کردار کی کرتے تھے، نہ کہ صرف دنیاوی کامیابی کی۔


مثلاً ایک دعا قرآن میں یوں نقل ہوئی ہے:


“وَأَصْلِحْ لِي فِي ذُرِّيَّتِي إِنِّي تُبْتُ إِلَيْكَ وَإِنِّي مِنَ الْمُسْلِمِينَ”

اے میرے رب! میری اولاد کی اصلاح فرما دے۔ میں تیری طرف رجوع کرتا ہوں اور میں مسلمانوں میں سے ہوں۔


یہ دعا صرف ایک جملہ نہیں بلکہ ایک پورا نظریہ ہے۔ یہاں انسان اللہ سے یہ نہیں کہہ رہا کہ میری اولاد کو مالدار بنا دے، یا اسے دنیا میں مشہور کر دے۔ وہ صرف ایک بات مانگ رہا ہے: اصلاح۔


اصلاح کا مطلب ہے کہ ان کے دل درست ہوں، ان کا کردار سیدھا ہو، ان کی نیتیں پاک ہوں۔ کیونکہ جس انسان کی اصلاح ہو جائے، دنیا کی باقی چیزیں خود راستہ بنا لیتی ہیں۔


ایک اور دعا قرآن میں ایک ماں کی زبان سے نقل ہوئی ہے۔ جب اس نے اپنے بچے کو اللہ کے حوالے کیا تو اس نے کہا:


“وَإِنِّي أُعِيذُهَا بِكَ وَذُرِّيَّتَهَا مِنْ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ”

میں اسے اور اس کی اولاد کو شیطان مردود سے تیری پناہ میں دیتی ہوں۔


یہ الفاظ دراصل ایک ماں کے دل کی گہرائیوں کا اظہار ہیں۔ اسے معلوم ہے کہ دنیا میں سب سے بڑا خطرہ صرف غربت یا بیماری نہیں ہے۔ اصل خطرہ وہ وسوسے ہیں جو انسان کو راستے سے ہٹا دیتے ہیں۔ اس لیے وہ اپنی اولاد کو اللہ کی پناہ میں دے دیتی ہے۔


اگر غور کیا جائے تو یہ ایک انتہائی گہری نفسیاتی حقیقت بھی ہے۔ آج کی دنیا میں بچوں کے سامنے بے شمار فتنوں کے دروازے کھلے ہوئے ہیں۔ موبائل اسکرین، سوشل میڈیا، غلط نظریات، اخلاقی انتشار—یہ سب ایسے دروازے ہیں جہاں سے شیطان انسان کے ذہن میں داخل ہوتا ہے۔ ایسے زمانے میں اگر والدین واقعی اپنی اولاد کے خیر خواہ ہیں تو انہیں صرف نگرانی نہیں بلکہ دعا کا سہارا بھی لینا ہوگا۔


قرآن میں ایک اور دعا یوں آتی ہے:


“رَبَّنَا هَبْ لَنَا مِنْ أَزْوَاجِنَا وَذُرِّيَّتِنَا قُرَّةَ أَعْيُنٍ”

اے ہمارے رب! ہمیں ہماری بیویوں اور اولاد سے آنکھوں کی ٹھنڈک عطا فرما۔


“قرۃ الاعین” ایک نہایت خوبصورت تعبیر ہے۔ اس کا مطلب صرف خوشی نہیں بلکہ وہ سکون ہے جو دل کی گہرائیوں میں اتر جاتا ہے۔ یعنی ایسی اولاد جو صرف جسمانی طور پر موجود نہ ہو بلکہ انسان کے دل کے لیے راحت بن جائے۔


سچ یہ ہے کہ ہر والدین کے لیے سب سے بڑی آزمائش بھی اولاد ہوتی ہے اور سب سے بڑی نعمت بھی۔ اگر اولاد صالح ہو تو انسان کی زندگی جنت کا ایک چھوٹا سا نمونہ بن جاتی ہے۔ اور اگر اولاد بگڑ جائے تو وہی گھر انسان کے لیے ایک مسلسل اذیت بن جاتا ہے۔


اسی لیے قرآن ہمیں یہ بھی سکھاتا ہے کہ دعا صرف بچوں کی دنیاوی کامیابی کے لیے نہیں ہونی چاہیے بلکہ ان کی عبادت اور بندگی کے لیے بھی ہونی چاہیے۔


حضرت ابراہیمؑ کی دعا دیکھئے:


“رَبِّ اجْعَلْنِي مُقِيمَ الصَّلَاةِ وَمِن ذُرِّيَّتِي ۚ رَبَّنَا وَتَقَبَّلْ دُعَاءِ”

اے میرے رب! مجھے نماز قائم کرنے والا بنا دے اور میری اولاد میں سے بھی۔


یہاں ایک بہت بڑی تربیتی بات پوشیدہ ہے۔ حضرت ابراہیمؑ صرف اپنے لیے نہیں مانگ رہے بلکہ اپنی اولاد کو بھی اسی راستے پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اگر آنے والی نسل اللہ سے جڑی نہ رہی تو ساری محنت بکھر جائے گی۔


ایک اور دعا قرآن میں یوں آتی ہے:


“رَبَّنَا وَاجْعَلْنَا مُسْلِمَيْنِ لَكَ وَمِن ذُرِّيَّتِنَا أُمَّةً مُّسْلِمَةً لَّكَ”

اے ہمارے رب! ہمیں اپنا فرمانبردار بنا لے اور ہماری اولاد میں سے بھی ایک امت کو اپنا فرمانبردار بنا۔


یہ دعا صرف ایک خاندان کے لیے نہیں بلکہ پوری نسل کے لیے ہے۔ یہاں سوچ کا دائرہ وسیع ہو جاتا ہے۔ انسان صرف اپنے بچوں کے بارے میں نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے بارے میں بھی دعا کرتا ہے۔


اسی طرح حضرت زکریاؑ کی دعا قرآن میں محفوظ ہے:


“رَبِّ هَبْ لِي مِن لَّدُنكَ ذُرِّيَّةً طَيِّبَةً”

اے میرے رب! مجھے اپنی طرف سے پاکیزہ اولاد عطا فرما۔


یہاں لفظ “طیبہ” استعمال ہوا ہے۔ طیبہ کا مطلب صرف نیک نہیں بلکہ پاکیزہ، صاف دل، اور خیر سے بھری ہوئی شخصیت ہے۔ یعنی ایسی اولاد جو معاشرے میں خیر پھیلائے۔


اور پھر حضرت ابراہیمؑ کی ایک اور دعا ہے جو انسان کو چونکا دیتی ہے:


“وَاجْنُبْنِي وَبَنِيَّ أَن نَّعْبُدَ الأَصْنَامَ”

اے اللہ! مجھے اور میری اولاد کو بتوں کی عبادت سے بچا۔


غور کیجئے، یہ وہ شخصیت ہے جس نے خود بت توڑے تھے، مگر پھر بھی وہ اپنے لیے اور اپنی اولاد کے لیے شرک سے بچنے کی دعا کر رہے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ایمان کے معاملے میں کوئی بھی انسان خود کو محفوظ سمجھنے کی غلطی نہیں کرتا۔


اصل حقیقت یہ ہے کہ اولاد کی تربیت صرف نصیحت سے نہیں ہوتی۔ نصیحت ضروری ہے، ماحول ضروری ہے، تعلیم ضروری ہے—مگر ان سب کے اوپر ایک اور چیز ہے، اور وہ ہے دعا۔


دعا دراصل والدین اور اللہ کے درمیان ایک خاموش معاہدہ ہوتی ہے۔ انسان اپنی بے بسی کا اعتراف کرتا ہے اور کہتا ہے:

“اے اللہ! میں اپنی حد تک کوشش کر سکتا ہوں، مگر دلوں کو بدلنے والا تو ہی ہے۔”


یہی وجہ ہے کہ تاریخ میں ہم دیکھتے ہیں کہ بعض اوقات ایک معمولی گھر سے غیر معمولی انسان پیدا ہو جاتے ہیں۔ اس کے پیچھے اکثر کسی ماں کے آنسو ہوتے ہیں یا کسی باپ کی سحر کے وقت کی دعا۔


آج کے والدین کے لیے سب سے بڑا سبق یہی ہے کہ وہ اپنی اولاد کے لیے دعا کو معمول بنا لیں۔ صبح کے وقت، نماز کے بعد، سونے سے پہلے—کسی بھی لمحے۔


کیونکہ کبھی کبھی ایک سچی دعا وہ کام کر دیتی ہے جو سالوں کی منصوبہ بندی بھی نہیں کر پاتی۔


اور شاید اسی لیے اہلِ دل کہا کرتے تھے:

“اولاد کی تربیت کا آغاز نصیحت سے نہیں، دعا سے ہوتا ہے۔”


جو والدین اپنی اولاد کے لیے ہاتھ اٹھاتے ہیں، وہ دراصل ان کے مستقبل کے لیے زمین نہیں بلکہ آسمان تیار کر رہے ہوتے ہیں۔


Imran Aslam

MINDSET COACH

سورۂ کہف: جیتی جاگتی تحریک کا مینی فیسٹو


سورۂ کہف کی تلاوت ثواب و برکت کے حصول کا زریعہ ہے وہییں حرکت کی موٹیویشن سے بھی بھرپور ہے، بلکہ یہ ایک جیتی جاگتی تحریک کا وہ مینی فیسٹو ہے جو کسی بھی زی شعور کے لہو میں دوڑتے جوش کو ہوش کی لگام دیتا ہے۔ دانش کے رچے ہوئے انداز میں دیکھا جائے تو یہ سورت بتاتی ہے کہ جب معاشرہ اکھاڑہ بن چکا ہو، اخلاقیات نیلام ہو رہی ہوں اور طاقت کا نشہ سر چڑھ کر بول رہا ہو، تو ایک باشعور شخص کو اپنی ریڑھ کی ہڈی کیسے سیدھی رکھنی ہے۔ سورہ کہف میں بیان کردہ چاروں واقعات انسانی نفسیات کے ان چار بڑے گڑھوں کی نشاندہی ہے جن میں اکثر بڑے بڑے سورما گر کر اپنی شناخت کھو بیٹھتے ہیں۔


اصحابِ کہف کا واقعہ دراصل اس "سوشل پریشر" اور "برانڈ کانشیئس" دور کے گھپ اندھیر میں رہنمائی کی شمع ہے جہاں اکثریت کی بھیڑ چال کو ہی حق سمجھ لیا جاتا ہے۔ اصحاب کہف یہ چند جذباتیت سے لبریز نوجوان نہیں تھے، یہ وہ باغی تھے جنہوں نے اسٹیبلشمنٹ کے بتوں کے سامنے سجدہ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ نوجوانی نام ہی اپنی پہچان بنانے کا ہے، اور پہچان تب بنتی ہے جب بندہ ہجوم سے کٹ کر حق کے ساتھ کھڑا ہو۔ ان کا غار میں جانا فرار نہیں بلکہ ایک "تکنیکی پیچھے ہٹنا" تھا تاکہ جب وقت بدلے تو حق کا بیانیہ (narrative) پوری قوت کے ساتھ ابھرے۔ یہ سبق ہے کہ کبھی کبھی خاموشی اور گوشہ نشینی، شور و غل والے انقلاب سے زیادہ طاقتور ہوتی ہے۔


پھر باری آتی ہے اس "سیلف میڈ" ہونے کے زعم کی، جو نو دولتئے لوگوں کا خاصہ ہے۔ دو باغوں والے شخص کا قصہ اس انسانی بیماری کا ٓپریشن کرتا ہے جہاں انسان اپنی کامیابی کو اپنی ڈگری، اپنی محنت یا اپنی چالاکی کا مرہونِ منت سمجھ کر خدا کو بھول جاتا ہے۔ یہ "پرمیننس الیوژن" یعنی ہمیشہ رہنے کا وہم ہے جو انسان کو اندھا کر دیتا ہے۔ سورت خبردار کرتی ہے کہ یہ بینک بیلنس اور سوشل سرکل کی واہ واہ، وہ روپیہ پیسہ جس پر غرور و تکبر امنڈنے لگے یہ سب ریت کی دیوار ہیں، اپنی نیتوں کو ہر آن پرکھتے رہو، نفس اور شیطان رب کی دین کو تمہارے ـسیلف میڈی۔ کے خیالات کی یلغار میں سب تباہ و برباد نہ کر پائیں۔ تمہاری اصل اوقات تمہارا کردار ہے، وہ سیلف میڈ کیرئیر نہیں جو ایک آفت کی مار ہے۔


علم کے میدان میں بھی نوجوان اکثر "سب جاننے" کے زعم میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ موسیٰؑ اور خضرؑ کا سفر اس ذہنی گرہ کو کھولتا ہے کہ زندگی کی حقیقتیں اتنی سادہ نہیں ہوتیں جتنی وہ انسٹاگرام کی سٹوریز یا جذباتی تقریروں میں نظر آتی ہیں۔ کبھی کبھی بظاہر ہونے والا نقصان دراصل بڑے فائدے کی بنیاد ہوتا ہے۔ یہ واقعہ نوجوان کو سکھاتا ہے کہ جج بننے سے پہلے طالبِ علم بنو۔ ری ایکٹو ہونے کے بجائے ریفلیکٹو بنو، کیونکہ جس کے پاس صبر اور گہری نظر نہیں، وہ تبدیلی کے نام پر صرف تباہی لاتا ہے۔


آخر میں ذوالقرنین کا تذکرہ اس طاقت اور اقتدار کا پوسٹ مارٹم ہے جس کا خواب ہر نوجوان دیکھتا ہے۔ اقتدار ملنا کمال نہیں، اقتدار پا کر فرعون نہ بننا کمال ہے۔ ذوالقرنین نے ٹیکنالوجی اور وسائل کو دیواریں بنانے (تعمیرِ نو) کے لیے استعمال کیا، نہ کہ غریبوں کو کچلنے کے لیے یا اپنا سٹیٹس مزید ہائی کرنے کے لئے۔ یہ ایک مکمل دائرہ ہے: ایمان سے شروع ہونے والا سفر، دولت اور علم کی آزمائشوں سے گزر کر، عدل و انصاف کے سنگھاسن پر ختم ہوتا ہے۔ سورۂ کہف کا پیغام صاف ہے: اگر تم اپنی شناخت، اپنی جیب، اپنے دماغ اور اپنے اختیار کو اخلاقی فریم میں فٹ کر لیتے ہو، تو تم وہ نوجوان ہو جس کا ذکر آسمانوں میں ہوتا ہے، چاہے زمین والے تمہیں دیوانہ ہی کیوں نہ کہیں۔


Imran Aslam

MINDSET COACH

عزتاں پچھے بندے مر وی تے جاندن…


پگاں پچھے لوکی ڈٹ وی تے جاندن۔۔


تاریخ کے بڑے معرکے اسی سادہ سچائی کے گرد گھومتے ہیں۔ انسان صرف مٹی کے ٹکڑے کے لیے نہیں لڑتا، وہ اس مٹی میں بسی عزت، یاد، شناخت اور اپنے ہونے کے احساس کے لیے لڑتا ہے۔ اسی لیے کبھی کبھی ایک شہر پوری دنیا کے نقشے پر ایسا کھڑا ہو جاتا ہے جیسے ایک انسان اپنی غیرت کی حفاظت کے لیے سینہ تان کر کھڑا ہو۔


بیسویں صدی کی سب سے بڑی جنگ—جسے ہم World War II کے نام سے جانتے ہیں—میں ایک ایسا ہی شہر تھا: Stalingrad۔


سن 1942 کی گرمیوں میں یورپ اور روس کے میدانوں پر ایک دیوانہ وار طوفان چل رہا تھا۔ Adolf Hitler کی قیادت میں جرمن سلطنت نے پورے یورپ کو روند ڈالا تھا۔ فرانس، پولینڈ، ناروے، یوگوسلاویہ، یونان—سب اس کے بوٹوں تلے آ چکے تھے۔


1941 میں اس نے سوویت سرزمین پر یلغار کی، جسے تاریخ Operation Barbarossa کے نام سے یاد کرتی ہے۔ اس حملے میں تیس لاکھ سے زیادہ جرمن اور اتحادی فوجی روسی سرزمین میں داخل ہوئے، ہزاروں ٹینک اور ہزاروں طیارے ان کے ساتھ تھے۔ جرمنوں کو یقین تھا کہ سوویت یونین چند مہینوں میں ٹوٹ جائے گا۔ مگر روس کی زمین وسیع تھی، سردی سخت تھی اور عوام کی مزاحمت غیر معمولی تھی۔


1942 میں جرمن فوج نے اپنی پوری طاقت جنوب کی طرف موڑی۔ مقصد تھا کاکیشیا کے تیل کے ذخائر اور وولگا دریا کا راستہ۔ اسی راستے میں ایک شہر کھڑا تھا—اسٹالن گراڈ۔


یہ شہر ایک صنعتی مرکز ، ولگا دریا کا دل اور سٹالن جوزف کے نام پر علامتی و استعاراتی پرچم تھا۔ اسی دریا کے ذریعے روس کا اناج، تیل اور اسلحہ پورے ملک میں جاتا تھا۔ شہر کی فیکٹریاں— Red October Steel Works، Barrikady Army Factory اور Stalingrad Tractor Factory—دن رات ٹینک اور توپیں بنا رہی تھیں۔ اگر یہ شہر گر جاتا تو سوویت معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ٹوٹتی وہیں سٹالن کے نام سے منسوب یہ شہر روسی افواج کے حوصلوں کی شکست و ریخت کا سبب بنتا۔


23 اگست 1942 کی دوپہر کو جرمن فضائیہ—Luftwaffe—نے اس شہر پر قیامت توڑ دی۔ ہزار سے زیادہ طیارے باری باری شہر پر بمباری کرتے رہے۔ صرف ایک دن میں چالیس ہزار شہری مارے گئے۔ گھروں کی قطاریں جل گئیں، بازار خاکستر ہو گئے، اور شہر ایک دھوئیں سے ابلتے ہوئے ملبے میں بدل گیا۔ مگر اس تباہی نے روسیوں کو توڑا نہیں، بلکہ انہیں دیوانہ وار لڑنے پر مجبور کر دیا۔


جرمن فوج کا بنیادی حملہ German Sixth Army نے کیا، جس کی قیادت Friedrich Paulus کر رہا تھا۔ اس کے ساتھ چوتھی پینزر آرمی بھی تھی۔ مجموعی طور پر جرمن اور ان کے اتحادیوں کی تعداد تقریباً دس لاکھ سپاہیوں تک پہنچتی تھی۔ ان کے پاس تقریباً ڈھائی ہزار ٹینک، دس ہزار توپیں اور بارہ سو سے زیادہ طیارے تھے۔


مدمقابل سوویت فوج کا دفاعی نظام Red Army کے پاس تھا جس کی قیادت میدان میں Vasily Chuikov کر رہے تھے جبکہ مجموعی حکمت عملی Georgy Zhukov اور Aleksandr Vasilevsky کے ہاتھ میں تھی۔


ستمبر 1942 تک جنگ شہر کے دروازے تک پہنچ چکی تھی۔ پھر وہ مرحلہ آیا جسے تاریخ "Rattenkrieg"—یعنی چوہوں کی جنگ—کہتی ہے۔ اس جنگ میں نہ بڑے میدان تھے نہ کھلے مورچے۔ لڑائی عمارتوں کے اندر، تہہ خانوں میں، سیڑھیوں پر اور فیکٹریوں کے کھنڈرات میں ہوتی تھی۔ ایک منزل پر جرمن سپاہی ہوتے تو دوسری منزل پر روسی۔ باورچی خانے میں روسی سنگینیں تانے بیٹھے ہوتے تو نیچے کے کمرے میں جرمن سپاہی دستی بموں کے ساتھ تیار ہوتے۔


اس شہر کے دفاع میں صرف فوجی نہیں لڑ رہے تھے۔ مزدور، طالب علم، عورتیں اور بچے بھی شامل تھے۔ ٹریکٹر فیکٹری میں عورتیں دن میں ٹینک بناتیں اور رات کو انہی ٹینکوں کے پیچھے بیٹھ کر دشمن پر گولیاں چلاتیں۔ بعض لڑکیاں نرسوں کی طرح زخمیوں کو کھینچ کر لاتی تھیں، بعض سنائپر بن گئیں۔ انہی میں ایک مشہور نام Lyudmila Pavlichenko کا تھا جس نے تین سو سے زیادہ جرمن سپاہیوں کو نشانہ بنایا۔


شہر کے دفاع کی ایک علامت "پاؤلوف ہاؤس" بنی۔ ایک چار منزلہ عمارت جس پر چند روسی سپاہیوں نے قبضہ کیا اور دو ماہ تک اسے جرمن ٹینکوں اور توپوں کے خلاف بچائے رکھا۔ کہا جاتا ہے کہ اس عمارت کو فتح کرنے کی کوشش میں جرمنوں کو اتنا نقصان ہوا جتنا انہوں نے پورے پیرس پر قبضہ کرتے وقت نہیں اٹھایا تھا۔


جنگ جوں جوں طول پکڑتی گئی، شہر کی صورت قیامت بن گئی۔ نومبر تک تقریباً نوے فیصد عمارتیں تباہ ہو چکی تھیں۔ درجہ حرارت منفی 30 ڈگری تک گر گیا۔ جرمن سپاہیوں کے پاس سردی کے کپڑے نہیں تھے۔ خوراک ختم ہو گئی تھی۔ روزانہ ہزاروں سپاہی یا تو گولیوں سے مارے جاتے یا بھوک اور سردی سے مر جاتے۔


پھر 19 نومبر 1942 کو روسیوں نے وہ چال چلی جس نے تاریخ بدل دی۔ اس حملے کو Operation Uranus کہا جاتا ہے۔ روسیوں نے شہر کے اندر موجود جرمن فوج پر براہ راست حملہ نہیں کیا بلکہ ان کے اطراف میں کھڑے رومانیائی اور اطالوی دستوں کو توڑ دیا۔ چند دنوں میں جرمن چھٹی فوج مکمل طور پر گھیرے میں آ گئی۔ تقریباً تین لاکھ جرمن سپاہی ایک برفانی قید میں پھنس گئے۔


ہٹلر نے حکم دیا کہ کوئی پیچھے نہیں ہٹے گا۔ اس نے پاؤلس کو کہا:


"Stand fast. The army will hold Stalingrad to the last man."

(ڈٹے رہو، فوج آخری آدمی تک اسٹالن گراڈ کو تھامے رکھے گی۔)


مگر حقیقت یہ تھی کہ اب جرمن فوج کا خاتمہ شروع ہو چکا تھا۔ خوراک ختم، ایندھن ختم، دوائیں ختم۔ روزانہ ہزاروں سپاہی مر رہے تھے۔ بالآخر 2 فروری 1943 کو پاؤلس نے ہتھیار ڈال دیے۔


اعداد و شمار دیکھے جائیں تو یہ جنگ انسانی تاریخ کی سب سے خونی لڑائیوں میں سے ایک تھی۔ مجموعی طور پر دونوں اطراف کے تقریباً بیس لاکھ افراد اس جنگ میں مارے گئے، زخمی ہوئے یا قیدی بنے۔ جرمن اور اتحادی افواج کے تقریباً سات سے آٹھ لاکھ سپاہی ہلاک یا زخمی ہوئے جبکہ سوویت نقصان گیارہ لاکھ سے زیادہ تھا۔


یہ جنگ صرف ایک شہر کی لڑائی نہ تھی۔ یہ وہ مقام تھا جہاں سے جرمن پیش قدمی رک گئی۔ اس کے بعد روسی فوج نے مسلسل پیش قدمی کی اور بالآخر 1945 میں برلن تک جا پہنچی۔ اسی لیے چرچل نے کہا تھا:


"Stalingrad is the turning point of the war."


آج بھی جب تاریخ کے اوراق پلٹے جاتے ہیں تو اسٹالن گراڈ ایک استعارہ بن کر سامنے آتا ہے—عزیمت کا، استقامت کا، اور اس سچ کا کہ کبھی کبھی ایک شہر پوری دنیا کا رخ بدل دیتا ہے۔ جب قومیں اپنی زمین کو صرف زمین نہیں بلکہ عزت سمجھ کر لڑتی ہیں تو ٹینک، توپیں اور بم بھی ان کی روح کو شکست نہیں دے سکتے۔


یہی وجہ ہے کہ اسٹالن گراڈ کی داستان صرف جنگی تاریخ نہیں بلکہ انسانی ارادے کی سب سے بڑی مثالوں میں شمار ہوتی ہے—وہ لمحہ جب ملبے میں کھڑا ایک شہر دنیا کو یہ بتا رہا تھا کہ طاقت صرف اسلحے میں نہیں ہوتی، طاقت اس یقین میں ہوتی ہے جو انسان کو آخری سانس تک لڑنے پر مجبور کر دیتا ہے۔


Imran Aslam

Flickr