بدھ، 29 اکتوبر، 2025

کرٹیکل تھنکنگ۔


عقل وہ چراغ ہے جو انسان کو جذبات، تعصب اور اندھی تقلید کے اندھیروں میں روشنی دیتا ہے۔ مگر ہم نے اس چراغ کو دیوار پر ٹانگ کر سجاوٹ بنا دیا ہے، اس سے روشنی لینے کے بجائے اس کی روشنی سے آنکھیں چرا لی ہیں۔ ہم سوال سے ڈرتے ہیں، تحقیق سے گریز کرتے ہیں، اور جس نے سوچنے کی جرات کی، ہم نے اس کے لیے فتوے تراش رکھے ہیں۔ ہمارے معاشرے نے تدبر کو گستاخی، اور تفکر کو بے ایمانی بنا دیا ہے۔ خانقاہوں سے لے کر یونیورسٹیوں تک ہمیں سوال کرنے نہیں، بس ماننے کی تربیت دی جاتی ہے۔ ہمیں کہا جاتا ہے، “پوچھو مت، تسلیم کرو۔” اور یوں ہم نے اطاعت کو ایمان، اور تحقیق کو گناہ بنا دیا۔


کبھی غور کیا کہ ہم نے عقل کو ایمان کا دشمن کیوں سمجھ لیا؟ وہی عقل جس کا ذکر قرآن میں بار بار آیا — اَفَلَا تَعْقِلُونَ؟ کیا تم عقل نہیں رکھتے؟ مگر ہم نے اس سوال کو بھی خاموش کر دیا۔ ہم نے سوچنے، پرکھنے، نئے زاویے سے دیکھنے کو اپنی “حدود” سے تجاوز سمجھ لیا۔


سوچنا بغاوت نہیں۔ یہ وہ نور ہے جو ابراہیم علیہ السلام کے دل میں بھڑکا جب انہوں نے رب سے عرض کی، رَبِّ اَرِنِیْ كَیْفَ تُحْیِ الْمَوْتٰى؟ — “اے رب، مجھے دکھا کہ تُو مردوں کو کیسے زندہ کرتا ہے؟”

یہ سوال گستاخی نہیں، طلبِ یقین کی معراج ہے۔ سوچنا رد نہیں، فہم کا عمل ہے۔ یہ ضد نہیں، بصیرت ہے۔ یہ ہر چیز کو ٹھکرانا نہیں بلکہ ہر شے کو سمجھ کر قبول یا انکار کرنا ہے۔ مگر ہم نے غوروفکر کو گروہی وفاداریوں کے تنگ دائرے میں قید کر دیا ہے۔ ہم سوچتے نہیں، صرف ردعمل دیتے ہیں۔ ہم دلیل نہیں سنتے، صرف اپنے جذبات کو دہراتے ہیں۔


سیاست ہو یا مذہب، تعلیم ہو یا میڈیا — ہم سب اس ذہنی تعصب کے شکار ہیں جو صرف وہی سنتا ہے جو سننا چاہتا ہے۔ جو بات ہمارے عقیدے، جماعت، یا پسندیدہ شخصیت کے مطابق ہو، وہی حق ہے۔ جو اس سے مختلف ہو، وہ باطل۔ ہم دلیل کی جانچ نہیں کرتے، صرف قائل کی پہچان دیکھتے ہیں۔ اگر وہ “ہمارا بندہ” ہے تو اس کی بات درست، اگر مخالف ہے تو باطل۔ یہی وہ جمود ہے جو ہمیں قرون سے زنجیروں میں جکڑے ہوئے ہے۔


سوچنے کی یہ صلاحیت دراصل ذہنی آزادی ہے۔ وہ طاقت جو قوموں کو تقلید کے اندھیروں سے نکال کر تخلیق کی روشنی میں لے جاتی ہے۔ مگر ہم نے اسے اپنی نصابی کتب سے نکال پھینکا۔ ہمارے تعلیمی ادارے ڈگریاں بانٹتے ہیں، ذہن نہیں تراشتے۔ ہمارے اساتذہ سوال سے خفا ہو جاتے ہیں، ہمارے نوجوان دلیل دینے سے ڈرتے ہیں۔ ہم تجزیہ نہیں کرتے کیونکہ ہمیں خوف ہوتا ہے کہ سوچنے سے ہمارے پرانے یقین بدل نہ جائیں۔ اور چونکہ وہ یقین ہماری “انا” سے جڑے ہوتے ہیں، اس لیے ہم تبدیلی سے بھاگتے ہیں۔


پھر ہم فخر سے کہتے ہیں: ہم زندہ قوم ہیں۔ مگر کیا واقعی؟ ہم سانس لیتے جسم ہیں جو دوسروں کے خیالات پر جیتے ہیں۔ ہم نے اپنی عقل گروی رکھ دی ہے — کبھی مذہبی جذبات کے نام پر، کبھی سیاسی نعروں کے سائے میں، اور کبھی اپنی گروہی شناختوں کے خول میں۔


ذرا رک کر سوچو — کیا ہمارے نظریات واقعی ہمارے ہیں؟ یا ہم نے بس وہی قبول کر لیا جو ماحول نے ہمارے ذہن میں انڈیلا؟ جب کسی رائے پر ہمیں غصہ آتا ہے، کیا وہ غصہ ہماری اپنی سوچ کا نتیجہ ہے یا کسی مقرر، لیڈر، یا یوٹیوب ویڈیو کا عکس؟ ہم نے اپنی رائے بنانی چھوڑ دی ہے۔ ہم دوسروں کے جملے دہراتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ یہ ہماری سوچ ہے۔


سوچنے کا عمل انسان کو جذبات سے خالی نہیں کرتا، بلکہ انہیں سمت دیتا ہے۔ یہ یقین کو کمزور نہیں کرتا بلکہ مضبوط کرتا ہے، کیونکہ وہ یقین دلیل کی بنیاد پر قائم ہوتا ہے، اندھی تقلید پر نہیں۔ مگر ہم نے تقلید کی ایسی زمین میں بیج بوئے ہیں جہاں تحقیق کا پودا اگ ہی نہیں سکتا۔


قومیں تب تباہ نہیں ہوتیں جب ان کی معیشت کمزور ہو، بلکہ تب جب ان کے ذہن بانجھ ہو جائیں۔ آج ہمارے ادارے علم نہیں، نوکریوں کی سند دیتے ہیں۔ ہماری عبادات روح سے خالی ہو چکی ہیں، ہماری سیاست وفاداری مانگتی ہے، بصیرت نہیں۔ ہمارا میڈیا شعور نہیں پھیلاتا، شور پیدا کرتا ہے۔ اور ہم سب مطمئن ہیں کہ ہم “باشعور” ہیں۔


سوچنے والے کا پہلا قدم یہی ہے کہ وہ ہر بات پر رک کر سوال کرے: کیا یہ سچ ہے؟ کس بنیاد پر ہے؟ میں اس نتیجے تک خود پہنچا ہوں یا کسی نے میرے لاشعور کو اس کی عادت ڈالی ہے؟ جب آپ سوال کرنے لگتے ہیں تو آپ کے اندر کے خوف ٹوٹنے لگتے ہیں۔ کیونکہ سوچنے والا غلام نہیں رہتا۔ وہ سچ کو پہچانتا ہے، چاہے وہ اس کے قبیلے یا نظریے کے خلاف ہی کیوں نہ ہو۔


ہم نے اپنے دماغوں کو فیس بک کے تبصروں میں دفن کر دیا ہے۔ ہم ہر دن نئی سازش کے قائل ہو جاتے ہیں کیونکہ تحقیق کا حوصلہ نہیں رکھتے۔ ہم ہر تقریر پر واہ واہ کرتے ہیں کیونکہ خود تجزیہ کرنے کی عادت نہیں۔ ہم اختلاف کو دشمنی سمجھتے ہیں کیونکہ برداشت کا مادہ مر چکا ہے۔


سوچنے والا انسان بہتر مومن بنتا ہے۔ کیونکہ وہ ایمان کو اندھی تقلید نہیں، روشن فہم پر استوار کرتا ہے۔ مگر یہ راستہ آسان نہیں۔ اس میں تنہائی ہے، مذاق ہے، مخالفت ہے۔ مگر یہی وہ راستہ ہے جو انسان کو ہجوم کے اندھوں سے نکال کر اہلِ بصیرت کے قافلے میں شامل کرتا ہے۔


ہمیں اپنے خول سے باہر آنا ہوگا۔ ہمیں سوال کرنے، تجزیہ کرنے، دلیل دینے اور قبول کرنے کی روش اپنانی ہوگی۔ کیونکہ قومیں نعرے نہیں، نظریات سے بنتی ہیں۔ جذبات نہیں، عقل سے چلتی ہیں۔ ایمان خداے لم یز ل کی اطاعت کے سا تھ اس کے عطا کردہ فہم سے مضبوط ہوتا ہے۔


اور یہی سوچنے کا وہ عمل ہے جو انسان کو باشعور بناتا ہے جو یقین کو اندھیروں سے نکال کر بصیرت کے آسمان پر لے جاتی ہے۔


IMRAN ASLAM

MINDSET COACH

سب سے پہلے پاکستان

اسلامیان پاکستان ، کبھی ـسب سے پہلے پاکستان۔ کا نعرہ قبول نہیں کر سکے۔ اور کراچی کے ساحلوں سے لیکر کوہ سلیمان کی چوٹیوں تک جہاں جہاں افغانیوں کا پسینہ گرا وہاں وہاں پاکستانیوں نے اپنا لہو پیش کیا۔ ان سے یہ توقع رکھنا کہ ۔سب سے پہلے افغانستان۔ کا عملی نمونہ قبول کر لیں ، خیالِ عبث ہے۔


ملاااا ۔۔ عمر کا بیٹا ہونا حق پر ہونے کی دلیل نہیں ہے۔


پاکستانی اسٹیشمنٹ ۔۔۔ ہونا ناحق ہونے کا پرتو نہیں ہے۔


مشرف کا امریکیوں کا لٹو بننا بطور قوم پاکستانی شعور نے کبھی اک ثانیے کو قبول نہ کیا تھا ۔افغانوں کے خلاف مورچہ سنبھالنے کو قومی ملی ذلت سے تعبیر کیا گیا۔ اور اس کا ہمیشہ ہر سطح پر ہر جگہ پر اور ہر طرح سے رد کیا گیا ۔ بحیرہ عرب کے پانیوں سے لیکر ہندوکش کی وادیوں تک ، انٹرنیت کی چوپالوں سے لیکر اخباروں کے ماتھوں تک افغان باقی کہسار باقی چمکتا دمکتا رہا. دشت لیلی سے اسلام آباد کی گلیوں تک۔ کراچی کی گودیوں سے جی ایچ کیو کے در و دیوار تک؛ کابل، قندھار، کوئیٹہ تا گوانتنامو کب پاکستانیوں نے افغانیوں کو اکیلا چھوڑا؟ مشرف کے گناہ کی نخوست کے دھبے مٹانے کو میں کہاں کہاں سے نہ گزر گیا!!


پنجابیوں، سندھیوں، بلوچیوں، سرائکیوں، کشمیریوں نے ہر لمحہ افغانوں پر برستے بموں کو اپنے سینوں پر محسوس کیا ہے۔


کسی زمانے میں ریاست پاکستان نے افغانستان کے ساتھ زیادتی کی تھی کا مطلب قطعا یہ نہی ہے کہ ہم اس بھیڑ کے بچے کی طرح بھیڑیے کا شکار ہوتے رہیں کیونکہ اس کے بڑوں نے اوپر سے آتا پانی گدلا کر دیا تھا۔


افغانستان کے ساتھ پاکستان کی مخاصمت ہر زی شعور مسلمان کے لئے انتہائی تکلیف دہ اور پریشان کن ہے۔ لیکن اس قضیے کا پر ملبہ ریاست پاکستان پر ڈال دینا ایک ٹرامٹائیزڈ مائینڈ کا ری ایکشن تو ہو سکتا ہے۔ لاجیکل اینالسز، کریٹکل تھنکنگ کا نتیجہ نہیں۔


افغانی ہمارے بھائی ہیں۔ اور ان کے ساتھ لڑائی ہمیں قطعا قبول نہیں ہے۔ اسے روکنے کے لئے ہر ممکن کوشش جاری رہنی چاھئے۔ لیکن کسی بدمعاش کی بدمعاشی کو اس لئے قبول کر لینا کہ وہ ۔ داڑھی اور پگڑی والا ہے یا اس کے ساتھ کبھی ہماری طرف سے زیادتی ہوئی تھی یہ بھی ہمارا اجتماعی شعور برداشت کرنے کو تیار نہیں ہے۔


عمران اسلم

جمعہ، 24 اکتوبر، 2025

قسطوں میں خود کشی کا مزہ ہم سے پوچھئے!

ڈپریشن اور خود کشی!!

ڈپریشن اور اس جیسے دیگر نفسیاتی، زہنی عوامل انسان کے سوچنے کی صلاحیت کو مفقود کر سکتے ہیں۔ اور اس وجہ سے انسان میں صبر، تحمل، برداشت اور دیگر ایسے سروایوئل والی صلاحیتوں پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔ لیکن کسی نفسیاتی عارضے کی بنیاد بنا کر خود کشی یا کسی ایسے گناہ کو جسٹیفائی کرنا بذات خود ایک زیادتی اور ایسے مکروہ افعال کو معاشرے میں پذئرائی دلوانے کی لاشعوری کوشش کا حصہ بننا ہے۔

ہماری کوشش کا محور ان وجوہات کو زائل کرنا ہونا چاھئے جو ان عارضوں، بیماریوں کا باعث بنتی ہیں نا کہ ان اعمال کی جسٹیفیکیشن جو ان عوارض کے ہوتے ہوئے انسان سے سرزد ہوتے ہیں۔

یاد رہے کہ مغربی نظام نفسیات (چونکہ ہومینسٹوں کے ہاتھ ہے) ہر مجرم کے جرم کی بنیاد نفسیاتی عوامل کو قرار دے کر انہیں حد سے زیادہ صفائی دیتا نظر آتا ہے۔

نفسیاتی یا یوں کہیے زہنی بیماری اگر اس حد تک بڑھی ہوئی ہو کہ آدمی فاتر العقل، پاگل گردانا جانے لگے اور اس کے حالات اس حد تک دگرگوں ہو جائیں کہ اسے مرفوع القللم کہا جا سکے تو ہی کسی کے ایسے انتہائی اقدام کو ـپاگل پن ـ کا شاخسانہ قرار دے کر شاید کہا جا سکے کہ اس کے خودکشی والے عمل پر پکڑ نا ہو گی۔۔

ورنہ ایسا کوئی بھی قدم کسی بھی صورت اس کے نتائج و عواقب سے بری نہیں کروا سکتا۔

 ( " رُفِعَ الْقَلَمُ عَنْ ثَلاثَةٍ : عَنِ الصَّبِيِّ حَتَّى يَحْتَلِمَ ، وَعَنِ الْمَعْتُوهِ حَتَّى يُفِيقَ ، وَعَنِ النَّائِمِ حَتَّى يَسْتَيْقِظَ " ( أبو داود: 4403)، (الترمذي:1423)

’’ تین قسم کے لوگوں سے قلم اٹھا لیا گیا ہے۔بچے سے بالغ ہو جانے تک،پاگل سے افاقے تک،اور سونے والے سے بیدار ہو جانے تک)

خودکشی بہرحال اسلامی شریعت میں حرام ہے اور کرنے والا حرام کام کا مرتکب ہوتا ہے۔ الا یہ کہ وہ فاتر العقل اور مرفوع القلم ہو۔ (اس کا فیصلہ نفسیات والے نہیں کر سکتے ) رہی بات کیمیکل کی افراط و تفریط کی تو بھئی کیمیکل کا اوپر نیچے ہونے کی ویلیڈیٹی پر پٹ سیاپا کرنے والے ایٹ دی اینڈ اس نتیجے پر پہنچتے ہیں کہ کسی ظالم ترین ریپیسٹ کو بھی سزائے موت نہیں ہونی چاہئے چونکہ کیمیکل ایمبلینس والا معاملہ ہی تھا۔

اصول عام جو پھیلا ہوا شوشل میڈیا پر اس کی رو سے تو!!!

**لڑکیوں کو گھورنے، چھیڑنے اور ٹچا بازی والے بھی کیمیکل کے تابع یہ کام کرتے ہیں* بچوں کے ساتھ بدکاری کرنے والے بھی نفسیاتی مریض ہوتے ہیں! سو ان سے ہمدردی اور ان کا احترام بھی بے حد لازم اور ضروری ٹھہرتا ہے۔

ایک سمپل سی بات ہے۔

خودکشی کرنے والے کو عام لوگ ہر صورت برا بھلا نہ کہیں، بس عبرت پکڑیں اور اللہ کی پناہ چاھیں۔ اور اس کے لواحقین کو اذیت سے محفوظ رکھنے کو اس کی بابت خاموش رہا جائے۔ لیکن کسی خودکشی کرنے والے کو گلیمرائیز کرنا اسے رومینٹسائیز کرنا اس مسکین معاشرے میں بسنے والے بے چاروں پر ظلم عظیم ہے۔

جوش ساب فرما گئے تھے ۔

قابلِ برداشت جب رہتا نہیں دردِ حیات

ڈھونڈتی ہے تلملاہٹ زہر میں راہِ نجات

اِس عمل سے عقلِ اِنسانی میں آتی ہے یہ بات

اِرتکابِ خودکشی تک ہے جنونِ حبِّ ذات

آدمی جیتا ہے ساز و برگِ عشرت کے لئے

اور مرتا بھی ہے تو دفعِ اَذیت کے لئے


جو ایسی حالت میں چلے گئے ان کے لئے دعاٗ مغفرت اور ان کے لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کرنا ہی افضل عمل ہے۔ جانے والوں کی فوٹویں لگا کر پوسٹیں کرنا اپنے آپ میں ایک غلط اور گھنائونا عمل ہے کہ لواحقین کے لئے تکلیف کا باعث بنتا ہے۔


Imran Aslam 

MINDSET COACH

پیر، 6 اکتوبر، 2025

یا جد الانبیاہ!

اب کی بار تندوروں سے لہو پھوٹا

فلک سے آتش و آہن برسا، زمین خون برد ہونے لگی

مگر کوئی سفینۂ نوح بادبان نہ کھول پایا

 میرے لاشوں کو جودی نہ ملا

 کبوتروں کے پر جل گئے

زیتون کے ورق ورق پر غرقدوں کا سایہ رہا


فصیلِ دہر سے ٹکرا کے صدائیں پلٹ آئیں

 کئی فرعون تھے سر محل کوئی موسیٰ نہ ملا

چراغِوں کی آنکھیں نم رہیں 

نیل کے دوش پہ معصوم دلوں سے اٹھتا دھواں تیرا کیا

کھنڈر اپنی کہانی سناتے رہے

مگر قصہ خوانی کو کوئی حزیں آوازہ نہ ملا


یہ میرا ہی لہو ہے جو دریاؤں میں اتر رہا ہے

 کہ ہر ساحل پہ صدف کے دل میں دھماکہ ٹھہر گیا

 زمیں نے سینے پہ اٹھا رکھے ہیں شہر زخم خوردہ

 مگر زخموں پہ مرہم کو کوئی ابن مریم نہ ہوا

میرے لاشے کو قم بااذن اللہ کون کہتا۔

میرے گناہوں کے لئے کوئی عیسی نہ ہوا۔

میرے اسماعیل کی ایڑیاں پھٹ گئی

ماں حاجر کی سعی کو نہ صفا نہ مروہ ہوا


میرے زم زم کو شریکا چاٹ گیا۔

میرے ابراہیم دیکھنا ، دیکھنا یہ میراث کا بٹوارہ ہوا؟


عمران اسلم

کبھی کوئی انسان خاموشی سے چلا جاتا ہے

کبھی کوئی انسان خاموشی سے چلا جاتا ہے۔ نہ شور، نہ اعلان، نہ الوداع۔ اور زندگی کی سانس جیسے رک جاتی ہے۔ ایک ایسا ثانیہ جو بظاہر خاموش دکھائی دیتا ہے مگر دراصل پورے وجود پر زلزلہ بن کر گرتا ہے۔ کسی ماں کے ہاتھ سے زندگی کی رسی پھسل جاتی ہے، کسی بیوی کی آنکھوں میں خوابوں کے چراغ بجھ جاتے ہیں، اور کسی بچے کے کندھوں پر زمانے کا سارا بوجھ آپڑتا ہے۔ یہ موت کا وار ہوتا ہے، لواحقین کے لئے لرزہ خیز لمحے جو زہن و دل کے تانے بانے کو چیر دیتا ہے۔


لیکن ہم؟ ہم ان تتاریک لمحوں کے بیچ کیمرا آن کر لیتے ہیں۔ کیپشنز لکھتے ہیں، پوسٹس بناتے ہیں، تصویریں لگاتے ہیں، جیسے کسی کا دکھ ہماری تشہیر کا وسیلہ ہو۔ ہم یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ کسی کا غم کوئی عوامی منظر نہیں، یہ اس کی روح کی نازک ترین تہہ ہے۔ اور جب ہم اس پر انگلی رکھتے ہیں تو دراصل ایک زخم کو چھیڑ دیتے ہیں جو شاید ابھی بھرنا شروع بھی نہیں ہوا تھا۔


ذہن ہر دہرائے گئے منظر کو ایک گانٹھ کی طرح باندھ لیتا ہے۔ جب ہم سانحے کو بار بار دہراتے ہیں تو ہم صرف خبر نہیں پھیلا رہے ہوتے بلکہ اس درد کو زندہ رکھ رہے ہوتے ہیں جو کسی کے اندر دفن ہونا چاہتا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں ہم ہمدردی کر رہے ہیں، مگر دراصل ہم دلوں کے بوجھ میں بطور تماشائی اپنا وزن ڈال رہے ہوتے ہیں۔


 کیا یہ واقعی ہمدردی ہے؟ یا محض نمایاں ہونے کی ایک بھوک؟ ہم کسی کے بکھرے وجود سے اپنی پہچان تلاش کرتے ہیں، اور اسی میں انسانیت کا زوال چھپا ہے۔ اگر کوئی غم ہماری نمائش کا ذریعہ بن جائے تو ہمیں رک کر اپنے ضمیر سے پوچھنا چاہیے — کیا میں مرہم ہوں؟ یا زخم کا تماشائی؟


حقیقی ہمدردی کبھی شور نہیں مچاتی۔ وہ خاموش رہ کر عزت کے فاصلے پر کھڑی ہوتی ہے۔ کسی کے غم میں بلا اجازت داخل ہونا — خواہ الفاظ سے ہو یا تصاویر سے — مدد نہیں، اذیت ہے۔ یہ کسی کے دکھ کو عزت دینے کے بجائے اسے تماشہ بنانے کے مترادف ہے۔ ہمدردی کا پہلا اصول یہی ہے کہ کسی کے جذباتی دائرے میں بنا اجازت قدم نہ رکھو، کیونکہ دکھ کو چھیڑنا تسلی نہیں، تشدد ہے۔


ہر انسان کے غم کی زبان مختلف ہوتی ہے۔ کوئی تنہائی میں رو کر سکون پاتا ہے، کوئی دعا میں پناہ لیتا ہے، اور کوئی صرف اتنا چاہتا ہے کہ اس کے زخموں پر دنیا کی نگاہ نہ پڑے۔ لیکن ہم، اپنی حساسیت کے فریب میں، ان کے دکھ کو بار بار تازہ کر دیتے ہیں۔ شفا کے راستے پر کنکر بچھاتے ہیں اور پھر خود کو مددگار سمجھتے ہیں۔


مقام فکر یوں ہے کہ کیا ہم مدد کر رہے ہیں یا صرف توجہ کے بھکاری ہیں؟ کیا ہماری تحریریں وہ موم بتی ہیں جو راستہ دکھاتی ہیں، یا محدب عدسے کی وہ روشنی جو آنکھیں جلا دیتی ہے؟ کیا ہم دکھ بانٹنے آئے ہیں یا دکھ بیچنے؟ یہی سوال ہماری نیت کو بے نقاب کرتے ہیں۔


بعض اوقات خاموشی سب سے بڑی دعا ہوتی ہے۔ دکھ کو محسوس کرنا مگر احترام کے ساتھ ، فاصلے سے یہی اصل انسانیت ہے۔ نفسیات کہتی ہے کہ جہاں توجہ بہتی ہے، وہیں توانائی جنم لیتی ہے۔ اگر ہم اپنی توجہ بار بار غم، المیے اور موت پر مرکوز رکھیں تو ہم اجتماعی طور پر ایک ایسا معاشرہ بنا رہے ہیں جو غم کو رسم اور دکھ کو تفریح بنا دیتا ہے۔


خبر دینا ضرورت ہے، حوصلہ ، تسلی تھپکی طریقہ تعزیت ہے مگر دکھ کو نوچنا بے حسی ہے۔ کبھی کبھی صرف دعا کافی ہوتی ہے — پوسٹ نہیں۔ کیونکہ دعا دل سے نکلتی ہے اور دل کو کسی اسکرین کی ضرورت نہیں۔ ہمیں سوچنا چاہیے کہ ہماری تحریریں کسی کو سانس لینے کا موقع دے رہی ہیں یا اس کا دم گھونٹ رہی ہیں۔

خاص کر مٹی کی بے جان مورت، لاشے کی صورت یا کسی حادثے کسی سانحے میں رستے زخموں کی تصویر نمائی تو گھن اور کراہت کا سبب ہی جانی چاھئے۔


لمحہ بھر کو رک کر، ٹھٹک کر، جھک کر، سوچ کر دعا کی جئے؛ بغیر کیمرا آن کیے، بغیر پوسٹ لگائے۔ بس ایک دل سے دوسرے دل تک یہ پیغام پہنچائیے کہ 

“تمہارے درد کی عزت ہے، میں تمہیں تماشا نہیں بننے دوں گا


یہی وہ جائے محبت ہے جہاں خبر سے پہلے وقار، اور اظہار سے پہلے ادب آتا ہے۔

جہاں زخم بغیر کیمرے کے سلتا ہے، جہاں دکھ درد کا مداوا کلکس کے علاوہ بھی ہوتا ہے، جہاں اظہار ہمدردی پوسٹوں لائکس شئیرنگ کے اس پرے بھی ہوتا 

ہے۔

جہاں تعزیت مول نہیں بکتی اور ہمدردی کا سودا سوشل میڈیا کے ترازو پر 

تولا نہیں جاتا جہاں انسان، واقعی انسان بن جاتا ہے۔ بے ریا و با وفا۔


Imran Aslam

Flickr