خنک رات میں جب اسلام آباد کے سرینا ہوٹل کے گرد گھومتی فصیلیں اور ریڈ زون کی خاموشی کے پیچھے ہرمز سے لیکر بحر الکاہل کے طوفانوں کی گونج چھپی ہے۔وہاں میز کے ایک طرف امریکی 'ریئل اسٹیٹ ڈپلومیسی' کا نیا چہرہ بیٹھا ہے اور دوسری طرف ایرانی 'بازاری سودے بازی' کے ماہر جنگجو۔ یہ صرف دو وفود کا ٹکراؤ نہیں، بلکہ دو متضاد انسانی نفسیات، تاریخ کے زخموں اور بقا کی جنگوں کا ایک ایسا امتزاج ہے جہاں ایک لفظ کی لرزش بھی پورے خطے کا نقشہ بدل سکتی ہے۔ میں بطور نفسیات اور لیڈر شپ کے طالبعلم مذاکرات کاروں کے نفسیاتی و نظریاتی رجحانات پھول رہا ہوں کہ اس وقت دنیا کی نظریں جن چہروں پر ہیں ان کے دماغ کس طرح کام کرتے ہوں گے۔ فریقین نے ان ناموں کو کن وجوہات کی بناہ آگے کیا ہو گا۔
جے ڈی وینس: اپالاچیا کی تلخی اور اسٹریٹجک لچک
جے ڈی وینس کی شخصیت کو سمجھنے کے لیے واشنگٹن کے گلیاروں کے بجائے اوہائیو کی ان کچی بستیوں میں جھانکنا ضروری ہے جہاں غربت اور نشہ آوری نے ان کے بچپن کو گھائل کیا تھا۔ وینس کی نفسیات میں سب سے گہرا نقش 'ذاتی ذمہ داری' (Personal Agency) کا ہے۔ وہ ایک ایسی ثقافت سے نکل کر آئے ہیں جہاں حالات کا رونا رونے کے بجائے خود کو بدلنے پر زور دیا جاتا ہے۔ ان کی کتاب "ہل بیلی ایلیجی" (Hillbilly Elegy) ان کے اسی داخلی انتشار اور پھر اس پر قابو پانے کی کہانی ہے۔
وینس کا یہ پس منظر انہیں ایرانی سفارتکاری کے روایتی مظلومیت والے بیانیے کے سامنے ایک دیوار بنا دیتا ہے۔ جہاں ایرانی وفد پابندیوں کو اپنی معاشی بدحالی کا ذمہ دار ٹھہراتا ہے، وہاں وینس کی 'اپالاچین لچک' اسے ایک 'سیکھی ہوئی بے بسی' قرار دیتی ہے۔ ان کے لیے ایرانی 'تعارف' یا لفاظی محض ایک پردہ ہے جس کے پیچھے اصل حقائق چھپے ہوتے ہیں۔ میرین کور کے سابق اہلکار کے طور پر ان کی اسٹریٹجک حقیقت پسندی انہیں نظریات کے بجائے ٹھوس نتائج کی طرف لے جاتی ہے۔ وہ صرف اسی جنگ کے حامی ہیں جس میں امریکہ کا مفاد ہو، اور یہی وہ نکتہ ہے جہاں ایرانی انہیں ایک ایسے شخص کے طور پر دیکھتے ہیں جو 'سودا' کرنے کی صلاحیت رکھتا
وٹکوف اور کشنر: کاروباری ذہنیت اور اسٹریٹجک صبر
اس وفد میں اسٹیو وٹکوف کی موجودگی ٹرمپ انتظامیہ کی اس سوچ کی عکاسی کرتی ہے کہ ہر عالمی مسئلہ ایک 'ریئل اسٹیٹ ڈیل' کی طرح حل کیا جا سکتا ہے۔ وٹکوف، جو نیویارک کی بلند و بالا عمارتوں کے سودے باز رہے ہیں، ڈپلومیسی کو جذباتی نہیں بلکہ لین دین (Transactional) کی بنیاد پر دیکھتے ہیں۔ ان کا فلسفہ سادہ ہے: "صحیح وقت پر سودے سے باہر نکلنا"۔ ان کی ٹرمپ سے چالیس سالہ رفاقت انہیں وہ خود اعتمادی دیتی ہے جو کسی پیشہ ور سفارتکار کے پاس نہیں ہوتی۔
دوسری جانب جیریڈ کشنر اس مثلث کا وہ خاموش مگر گہرا حصہ ہیں جو دور رس منصوبہ بندی کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔ 'ابراہیمی معاہدات' (Abraham Accords) کا معمار ہونے کے ناطے وہ خطے کی نفسیات سے واقف ہیں۔ کشنر کی تربیت ان کے یہودی پس منظر اور خاندانی بحرانوں نے اس طرح کی ہے کہ وہ شور و غل کے بجائے پسِ پردہ رہ کر پیچیدہ گرہیں کھولنے کے عادی ہیں۔ وہ ایران کو ایک نظریاتی حریف کے بجائے ایک ایسے فریق کے طور پر دیکھتے ہیں جسے معاشی مراعات اور اسٹریٹجک دباؤ کے ذریعے راستے پر لایا جا سکتا ہے۔
ایرانی قیادت: قالیباف کی آہنی گرفت اور عراقچی کا فنِ مذاکرات
میز کی دوسری جانب محمد باقر قالیباف کھڑے ہیں، جن کی پوری زندگی تہران کی گلیوں سے لے کر عراق کی سرحدوں تک ایک 'فوجی نظم و ضبط' میں ڈھلی ہے۔ قالیباف کی نفسیات ایک ایسے 'اسٹرونگ مین' کی ہے جو انتظام کاری (Management) اور طاقت کے توازن کو بخوبی سمجھتا ہے۔ ان کے لیے مذاکرات محض الفاظ کا تبادلہ نہیں بلکہ میدانِ جنگ کی ایک توسیع ہیں۔ وہ سپریم لیڈر کے قریبی اور پاسدارانِ انقلاب (IRGC) کے وفادار سپاہی کے طور پر اپنی 'سرخ لکیروں' پر سمجھوتہ کرنے کے لیے مشہور نہیں، مگر ان کی علمی وجاہت انہیں ایک عملیت پسند (Pragmatic) لیڈر بناتی ہے جو ضرورت پڑنے پر لچک بھی دکھا سکتا ہے۔
ان کے دستِ راست عباس عراقچی، ایرانی سفارتکاری کا وہ چہرہ ہیں جن کی کتاب "قدرتِ مذاکره" (The Power of Negotiation) میں مذاکرات کو 'ایرانی بازار کی چانے بازی' (Haggling) سے تشبیہ دی گئی ہے۔ عراقچی اس فن کے ماہر ہیں کہ کس طرح طے شدہ معاملات کو دوبارہ کھولا جائے اور صبر آزما بحث کے ذریعے حریف کو تھکا دیا جائے۔ ان کا برطانیہ سے حاصل کردہ تعلیمی پس منظر اور جوہری مذاکرات کا طویل تجربہ انہیں مغربی ذہنیت کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے، مگر ان کا دل ہمیشہ تہران کی انقلابی سوچ کے ساتھ دھڑکتا ہے۔
نفسیاتی تصادم اور ممکنہ حل
اسلام آباد کے ان مذاکرات میں اصل ٹکراؤ جے ڈی وینس کی 'سخت گیری' اور عباس عراقچی کی ' دھیرج' کے درمیان ہے۔ امریکی وفد چاہتا ہے کہ ایک فوری اور بڑا سودا (Big Deal) ہو جائے، جبکہ ایرانی وفد اسے چھوٹے چھوٹے حصوں میں تقسیم کر کے وقت حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
وینس کا بچپن کا غصہ اور 'دیر سے پھٹنے والا بارود' انہیں کسی بھی وقت میز سے اٹھنے کی اداکاری پر مجبور کر سکتا ہے، جبکہ قالیباف کا عسکری وقار انہیں کسی ایسی ڈیل سے روکتا ہے جو ان کے اندرونی حلقوں میں کمزوری سمجھی جائے۔ وٹکوف اور کشنر اس کوشش میں ہیں کہ ایران کو معاشی ترغیبات دے کر جوہری اور علاقائی عزائم سے پیچھے ہٹایا جائے، مگر عراقچی کا 'بازار سٹائل' ہر پیشکش کی قیمت کو کئی گنا بڑھا کر پیش کر رہا ہے۔
اسلام آباد ٹاکس کا یہ مرحلہ انسانی تاریخ کے چند پیچیدہ ترین اذہان کا امتحان ہے۔ کامیابی کا انحصار اس بات پر ہے کہ کیا وینس اپنی لچک کو برقرار رکھ پائیں گے اور کیا ایرانی قیادت اپنے قدیم سفارتی فن کو جدید دنیا کے بدلتے ہوئے حقائق کے ساتھ ہم آہنگ کر پائے گی؟ اسٹریٹجک تعطل تو موجود ہے، مگر ان شخصیات کے پس منظر بتاتے ہیں کہ یہ سب 'سودا گر' ہیں، اور ایک سوداگر کبھی بھی خالی ہاتھ گھر نہیں جانا چاہتا۔
Imran Aslam


