شیو کمار بٹالوی نے رُکھ بیان نہیں کئے تھے، دکھ چیخ چنگاڑا کرتے لکھ دئے تھے،
وہ ان میں اپنی نسلوں کی سانسیں، اپنے قبیلے کی دھڑکنیں، اور اپنی جدائیوں کی آہیں باندھ گیا تھا۔
اس کی نظم میں ہر درخت ایک رشتے کا استعارہ ہے۔
کجھ رکھ میرے بابے واکن
پتر ٹاواں ٹاواں
کجھ رُکھ میری دادی ورگے
چوری پاون کاواں
کُجھ رُکھ یاراں ورگے لگدے
چُماں تے گل لاواں
مجھے بھی رُکھوں سے قدیم، خاموش اور ناقابلِ فہم لگائو ہے۔
بابا جی کے اپنے ہاتھ سے لگی قلم سے جنما صحن کا وہ شہتوت جو درخت نہیں تھا اک یادگار تھا؛ اتنا اونچا، اتنا وقار والا کہ اس کے تنے کو بازوؤں میں لینا کسی بندے کے بس کی بات نہ تھی۔ دودھیا لمبے توت ایسے لگتے تھے جیسے کسی پہاڑن نے اپنی مخروطی انگلیوں پر رقص کرتے ہوئے رس ٹپکا دیا ہو۔ اس سے ذرا آگے چیڑ کا جوان درخت، سیدھا، بےنیاز، اور اتنا بلند کہ اسے دیکھنا اپنی گردن کی عاجزی کا اعتراف تھا۔
پھر ساجد کے بنیرے کا ''کڑکاں'' جس کے نیچے لڑکپن کی کتنی سرد شامیں آگ تاپتے بتا دیں۔ پھپھو کے کھیتوں میں سایہ بچھاتا وہ عریض شریں؛ جس کی شاخوں پر جھولے باندھ کر ہم نے بچپن کی کتنی ہی عیدیں ہوا کے ہمدوش ہو کر گزاریں تھیں۔ اور اپنے گھر کا انار، جو ہر بہار میں ایسا لگتا تھا جیسے صحن میں لہو اور روشنی ایک ساتھ پھوٹ پڑے ہوں۔ پھر سکول کے باہر کالے شہتوت کی قطار، جن کے نیچے گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد ہم روزانہ اپنی سفید قمیصوں کو توت کے شربتی رنگ سے لتھڑ لیتے تھے۔
بلیو ایریا کے پیڑ جن سے کتنے سلام دعا کے موسم تھے۔
اور پھر صحرائے نجد سے لے کر بادیہ الشام کے نخلستانوں میں شکر دوپہروں سے پناہ دیتے کئی گھنیرے پیڑ جن کے نام تک معلوم نہ کر سکے، لیکن ان کی ٹھنڈک، ان کی ترواٹ، ان کا خلوص زہن میں آتے ہی دل سے دعا نکلتی ہے۔ یہاں رہوجہاں رہو تم سدر مخضود، تم طلح منضود، تم ظل ممدود تم مائ مسکوب جیسے تھے تم ایسے ہی رہو۔
کتابوں کے ورقوں میں دفن پھولوں کی مہک، درختوں پر کھدے اور دل کی دھڑکنوں کے ساتھ لہکتے نام، یہ سب روزمرہ کی یادیں تو نہیں، یہ وقت کے سینے میں پیوست وہ میخیں ہوتی ہیں جو عمر کے رواں سفینے کو جوڑے رکھتی ہیں۔
اور پھر وہ دن جب سعودیہ کے دشت سے لپٹ کر واپس آیا تھاتو اپنے آپ سے یہی کہتا رہا:
سفر ہے شرط مسافر نواز بہتیرے
ہزارہا شجر سایہ دار راہ میں ہے
سچ یہی ہے کہ ہجرتوں کے مسلسل دائروں میں جن درختوں نے میرے زخموں کو چھاؤں دی، شکر دوپہروں میں سایہ بہم مہیا کیا ان کا قرض آج بھی جان پر ہے۔
اور اب تصویر والے یہ دونوں برگد، گھنے، بوڑھے، ساعتوں کے پیالے پیتے ہوئے،
میری ان سے دوستی محض چار برس پرانی ہے، لیکن ان چار برسوں میں ہزارہا راز وا کئے ہیں۔ جب لفظ گِر جاتے تھے، جب دل کی سلگتی زبان کسی انسان کے کان تک پہنچنے سے انکار کرتی تھی ؛ تو میں ان کی چھاؤں میں آ کر بیٹھ جاتا تھا۔ لٹکتی ہوئی جڑیں یوں لپٹا لیتی تھیں جیسے ماں کے آنچل کا آخری کونا پکڑ لیا ہو۔ انہی کی خاموشی میں منصوبے بنے، انہی کے سائے میں خواب پروئے گئے، انہی کی موجودگی میں سینے کا سارا غبار، ساری تھکن، سارا فشار دھیرے دھیرے زمین میں اترتا چلا گیا۔ کئی فسانے تراچے، کئی کہانیوں کو خود میں دہرایا، کئی مضامین دشت ہائے خیال میں دوڑائے گئے۔ کتنے ہی دوستوں کو یہاں مشورے کے لئے دعوت دی، کونسلنگ کی کی محفلیں یہاں پتھروں پر بیٹھ کر کیں۔ رضوان بھائی سے لمبے لمبے مباحث ، منصوبہ سازیاں یہں جھولتے، جھومتے کرتے رہے۔
یہ برگد صدیوں پرانے مجاور ہیں، جو گاؤں کے دروازے پر کھڑے ان لوگوں کی طرح ہوتے ہیں جو سب کا دکھ سنتے تو ہیں، مگر کبھی کسی سے کچھ کہتے نہیں۔
مگر اب، یہ دونوں پیڑ میرے راستے میں ہیں۔ زمین میرے نام ہوئی ہے اور نقشے کی لکیر دوڑ کر انہی کے سینوں کو چیرتی گزرتی ہے۔ چڑیاں چاہیں نہ چاہیں، میرے ایندھن کے لئے ان کا کٹنا طے ہے۔
پھر دل دھڑکنے کا سبب یاد آتا ہے درختوں کے لیے بھی اور ان پر بیٹھے ان ننھے پنچھیوں کے لیے بھی، جنہوں نے ان شاخوں پر گھر کیا ہے، جن کے گھونسلوں میں کئی چہچہاہٹوں نے جنم لیا ہو گا۔
میں بیٹھ کر سوچتا ہوں:
کیا درخت کی موت صرف لکڑی کا گرنا ہے؟
یا وہ کہانیوں کا مٹ جانا ہے جو اس کی چھال میں بند ہوتی ہیں؟
کیا سایہ ختم ہوتا ہے؟
یا انسان کی اپنی تاریخ چھِن جاتی ہے؟
میں مالک ضرور ہوں لیکن دلدار بھی ہوں۔
اسی لیے فیصلہ کر لیا ہے ؛ جب آری چلے گی، تو پیڑ مرے گا نہیں۔ صرف منتقل ہوگا۔ (انشاہ اللہ)
میں ان برگدوں کے لیے نئی زمین، نئی ہوا، نیا آسمان پہلے سے تلاش کر لینا چاہتا ہوں، تاکہ یہ سانس لیتے رہیں۔ جڑیں جماتے رہیں۔ اور مسافروں کو بھی وہی سایہ دیتے رہیں، جو مجھے ملتا رہا ہے۔
کیونکہ کچھ رشتے خون سے نہیں سایے سے بنتے ہیں۔ اور ایسے رشتے، انسان کاٹ تو سکتا ہے، سایوں سے بھاگ نہیں سکتا۔
IImran AslamMINDSET COACH



