بدھ، 31 دسمبر، 2025

اس حال میں جینا لازم ہے۔ (چھٹا حصہ)


چھٹا حصہ۔


پہلے ان اشعار کا لطف لی جئے۔ ان کو دل کے نہاں خانوں میں محسوس کی جئے۔


چاہت میں کیا دنیا داری، عشق میں کیسی مجبوری

لوگوں کا کیا، سمجھانے دو، ان کی اپنی مجبوری


میں نے دل کی بات رکھی اور تونے دنیا والوں کی

میری عرض بھی مجبوری تھی ان کا حکم بھی مجبوری


ہمارے معاشرے میں بعض جملے ایسے ہیں جو بظاہر خیر خواہی کے لبادے میں لپٹے ہوتے ہیں، مگر اندر سے وہ آہستہ آہستہ انسان کی جڑیں کاٹ دیتے ہیں۔ “لوگ کیا کہیں گے؟” بھی انہی جملوں میں سے ایک ہے۔ یہ فقرہ دھیرے دھیرے زہنوں کو زہریلا کرتا ہے، نسلوں کے ذہنوں میں خوف، جھجک اور خود انکاری کو خاموشی سے منتقل کرتا چلا جاتا ہے۔ اس کے اثرات فوری نظر نہیں آتے، مگر وقت کے ساتھ یہ بچے کی شخصیت، اس کے فیصلوں اور اس کی ذہنی صحت پر گہرے نقوش چھوڑ جاتا ہے۔

انسان کی شخصیت تین بنیادی ستونوں پر کھڑی ہوتی ہے: اپنی قدر کا احساس، اختیارِ انتخاب، اور محفوظ تعلق۔ جب بچہ یہ سیکھتا ہے کہ اس کی قدر اس کے نمبروں، رینک، یا سماجی تعریف سے جڑی ہے، تو اس کی خودی غیر محسوس طریقے سے مشروط ہو جاتی ہے۔ وہ یہ نہیں پوچھتا کہ “میں کیا بننا چاہتا ہوں”، بلکہ یہ سوچنے لگتا ہے کہ “مجھے کیا بننا چاہیے تاکہ لوگ مطمئن رہیں۔” اور جب یہ خیال نفسیات کے تہہ خانوں میں جاگزیں ہو جاتا ہے تو فرد کا اندرونی کمپاس باہر کے شور کے حوالے ہو جاتا ہے۔

گھر، جو فطری طور پر تحفظ اور قبولیت کی جگہ ہونا چاہیے، ہمارے ہاں اکثر نادانستہ طور پر دباؤ کی علامت بن جاتا ہے۔ تقابل یہاں ایک تربیتی حربے کے طور پر استعمال ہوتا ہے—حالانکہ نفسیاتی طور پر تقابل اصلاح نہیں کرتا، صرف احساسِ کمتری کو مضبوط کرتا ہے۔ بچہ خود کو کسی اور کی کامیابی کے آئینے میں دیکھنے لگتا ہے، اور آہستہ آہستہ یہ نتیجہ اخذ کرتا ہے کہ وہ اپنی اصل حالت میں کافی نہیں ہے۔ یہ احساس وقتی نہیں رہتا، بلکہ شخصیت کا مستقل حصہ بن جاتا ہے۔

اسی دباؤ کے ساتھ جب احسان اور قربانی کا بیانیہ جڑ جاتا ہے تو مسئلہ مزید پیچیدہ ہو جاتا ہے۔ “ہم نے تمہارے لیے کیا کچھ نہیں کیا” جیسے جملے شکر گزاری نہیں سکھاتے، بلکہ لاشعوری طور پر ایک بوجھ رکھ دیتے ہیں۔ بچہ سیکھ لیتا ہے کہ اس کی ناکامی صرف اس کی اپنی نہیں، بلکہ والدین کی قربانیوں کی توہین ہے۔ یہ سوچ اسے کوشش پر نہیں، خوف پر چلاتی ہے۔ خوف پر چلنے والا انسان وقتی طور پر متحرک تو ہو سکتا ہے، مگر وہ اندر سے پُرسکون نہیں رہتا۔

جب کسی فرد کی قدر کا پیمانہ مسلسل بیرونی ردِعمل بن جائے، تو وہ اپنے فیصلوں پر اعتماد کھو بیٹھتا ہے۔ ایسا شخص بالغ ہو کر بھی اپنے انتخاب میں الجھن محسوس کرتا ہے، کیونکہ اس نے کبھی خود سے یہ سیکھا ہی نہیں ہوتا کہ اس کی اپنی خواہش، اس کی اپنی سمجھ بھی معتبر ہو سکتی ہے۔ اس کیفیت کو فرمانبرداری کہہ کر قبول کر لیا جاتا ہے، حالانکہ حقیقت میں یہ خود اعتمادی کی کمی کی ایک شکل ہوتی ہے۔

ایک اور پہلو جس پر کم بات ہوتی ہے وہ دبی ہوئی ناراضی ہے۔ بچہ جب مسلسل خود کو ثابت کرنے کی کوشش میں رہتا ہے، اور اس کوشش کے باوجود خود کو ناکافی پاتا ہے، تو اس کے اندر غصہ جنم لیتا ہے۔ چونکہ والدین کے سامنے اس غصے کا اظہار ممکن نہیں ہوتا، اس لیے وہ غصہ اندر ہی اندر پلتا رہتا ہے اور بالآخر خود ہی کے خلاف مڑ جاتا ہے۔ یہی کیفیت آگے چل کر ڈپریشن، بے دلی، اور زندگی سے لاتعلقی کی صورت میں ظاہر ہوتی ہے۔

اگر اس پورے عمل کو دینی اور اخلاقی تناظر میں دیکھا جائے تو ایک اور سوال ابھرتا ہے۔ جب ہم بار بار “لوگ” کو مرکز بنا لیتے ہیں تو دراصل ہم اپنے بچوں کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ اصل طاقت اور فیصلہ سماج کے ہاتھ میں ہے۔ حالانکہ ایمان کا بنیادی تصور یہ ہے کہ عزت، قدر اور کامیابی کا معیار اللہ کے اختیار میں ہے، نہ کہ لوگوں کی رائے میں۔ جب یہ توازن بگڑتا ہے تو تربیت بھی بوجھ بن جاتی ہے۔

صحت مند تربیت وہ نہیں جو بچے کو ناکامی سے بچا لے، بلکہ وہ ہے جو ناکامی کے بعد بھی بچے کو ٹوٹنے نہ دے۔ جب والدین غیر مشروط قبولیت کا پیغام دیتے ہیں؛ یعنی یہ احساس کہ “تمہاری قدر تمہاری کارکردگی سے پہلے ہے”؛ تو بچہ نہ صرف ذہنی طور پر مضبوط ہوتا ہے بلکہ عملی زندگی میں بھی زیادہ متوازن فیصلے کرتا ہے۔ ایسے بچے خوف سے نہیں، مقصد اور معنی کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں۔

آخر میں بات بہت سادہ ہے، مگر اس کی ذمہ داری بھاری ہے۔ اگر ہم نے اگلی نسل کو صرف سماجی منظوری کی قیمت پر جینے کا ہنر سکھایا، تو ہم نے انہیں زندگی نہیں دی، زندگی کے سٹیج پر صرف ایک سائیڈ کا کردار دے دیا۔ اصل سوال یہ نہیں کہ لوگ کیا کہیں گے، بلکہ یہ ہے کہ ہمارا بچہ خود اپنے بارے میں کیا محسوس کرے گا۔ آج بھی، اور دس سال بعد بھی۔

یہ انتخاب ہر روز، ہر جملے، اور ہر تقابل کے ساتھ ہمارے ہاتھ میں ہوتا ہے۔


بچوں کا ۔۔شریکوں۔۔رقیبوں۔۔ سے تقابل کرنے کے بجائے کیا رویہ رکھا جا سکتا ہے جس سے بچے میں خود اعتمادی، رزیلئینس، اور محنت کی سوچ پروان چڑھے۔ اور مثبت مقابلہ کرنے کا خیال پنپے؟


Imran Aslam

MINDSET COACH

منگل، 30 دسمبر، 2025

اس حال میں جینا لازم ہے۔ (پانچواں حصہ)


پانچواں حصہ


اکثر اوقات کچھ جملے بظاہر بڑے بااختیار، بڑے باوقار اور بڑے آزاد دکھائی دیتے ہیں، مگر جب انسان کے ذہنی حال اور اندرونی کیفیت کے آئینے میں انہیں پرکھا جائے تو وہ آزادی نہیں بلکہ ایک خاموش پھندا نکلتے ہیں۔ “میرا جسم، میری مرضی” بھی ایسا ہی ایک جملہ ہے۔ یہ جملہ بظاہر اچھا محسوس ہوتا ہے، انسان کو اپنا آپ امپاورڈ لگتا ہے، اسے محسوس ہوتا ہے کہ وہ ذہنی طور پر متوازن اور اس کے سامنے کئی راستے موجود ہوں، ۔ مگر یہی سوچ انسان کو اپنے اوپر قیامت ڈھا دینے پر آمادہ کر دیتی ہے جب ذہن شدید دباؤ، مایوسی، یا خودکشی کے خیالات کی گرفت میں ہو، اور یہ جملہ اس کے لیے نجات نہیں، بوجھ بن جاتا ہے۔


 suicidal ذہن آزاد نہیں ہوتا۔ وہ پہلے ہی تنگ ہو چکا ہوتا ہے۔ اس کی سوچ سمٹ کر دو انتہاؤں میں قید ہو جاتی ہے: یا سب کچھ ٹھیک ہو جائے، یا سب کچھ ختم ہو جائے۔ درمیان کے راستے اس کی نظر سے اوجھل ہو جاتے ہیں۔ اس کیفیت میں انسان کو “choice” دینا دراصل اسے ایک ایسا فیصلہ تھما دینا ہے جسے وہ اٹھانے کے قابل ہی نہیں رہتا۔ یہ بالکل ایسے ہے جیسے ڈوبتے ہوئے شخص سے کہا جائے کہ تیرنے کا طریقہ تمہارا انتخاب ہے۔ جبکہ اس وقت اسے کسی نظریے نہیں، کسی ہاتھ کی ضرورت ہوتی ہے۔


اسلام ایسے کسی انسان پر کوئی اضافی اخلاقی بوجھ نہیں ڈالتا، بلکہ اس کے نازک ذہن کو سہارا دیتا ہے۔ جب اسلام یہ کہتا ہے کہ جان تمہاری ملکیت نہیں بلکہ امانت ہے، تو وہ انسان کے ہاتھوں سے آخری، خطرناک فیصلہ لے لیتا ہے۔ وہ اسے یہ اجازت نہیں دیتا کہ وہ درد کے عروج پر، وقتی مایوسی میں، اپنی پوری زندگی پر ایک حتمی لکیر کھینچ دے۔ یہ بات سمجھنے کی ہے کہ بعض اوقات انسان کو آزادی نہیں، حدود کی ضرورت ہوتی ہے، کیونکہ یہی حدود اسے خود سے بچا لیتی ہیں۔


خودکشی کے خیالات میں مبتلا شخص کا سب سے خطرناک خیال یہ نہیں ہوتا کہ “میں مرنا چاہتا ہوں”، بلکہ یہ ہوتا ہے کہ “اب کوئی اور راستہ باقی نہیں رہا”۔ لبرل بیانیہ اس خیال کو تقویت دیتا ہے، یہ کہہ کر کہ اگر تم چاہو تو یہ بھی ایک راستہ ہے۔ اسلام اس سوچ کو وہیں روک دیتا ہے۔ وہ صاف کہتا ہے کہ یہ راستہ تمہارے لیے کھلا ہی نہیں۔ یہ روک دراصل ایک نفسیاتی حفاظتی دیوار ہے، جو انسان کو ایک ناقابلِ واپسی فیصلے سے پہلے کچھ وقت دے دیتی ہے۔ اور وقت مل جانا شفا کی پہلی شرط ہے۔


اسلامی تصورِ صبر کو بھی اکثر غلط سمجھا گیا ہے۔ صبر کا مطلب یہ نہیں کہ انسان درد کو دبا لے یا خاموشی سے ٹوٹتا رہے۔ صبر کا مطلب یہ ہے کہ انسان اپنی تکلیف کو معنی کے ساتھ برداشت کرے۔ یہ یقین رکھے کہ اس کا درد بے مقصد نہیں، اس کی آزمائش بے حساب نہیں، اور اس کا رب اس حال میں بھی اس کے ساتھ ہے۔ یہی یقین suicidal ذہن کے سب سے زہریلے احساس—اکیلے پن—کو توڑتا ہے۔ کیونکہ جب انسان یہ مان لیتا ہے کہ میں اکیلا نہیں ہوں، تو زندگی کا بوجھ کچھ ہلکا ہو جاتا ہے۔


یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ خودکشی کی خواہش اکثر مستقل نہیں ہوتی، بلکہ ایک شدید مگر عارضی کیفیت ہوتی ہے۔ آج جو درد ناقابلِ برداشت لگتا ہے، کچھ وقت بعد اسی شخص کو حیران کر دیتا ہے کہ وہ اس مقام تک کیسے پہنچ گیا تھا۔ مگر “choice” کا نعرہ اس عارضی کیفیت کو مستقل انجام میں بدل دیتا ہے۔ اسلام انسان کو یہی یاد دلاتا رہتا ہے کہ عارضی درد کے بدلے ابدی انجام کا سودا دانشمندی نہیں۔


آج کے ٹوٹے ہوئے انسان کو یہ بات سادگی سے، مگر گہرائی کے ساتھ سمجھانے کی ضرورت ہے کہ تم مضبوط اس لیے نہیں ہو کہ تم ہر چیز کنٹرول کر سکتے ہو، بلکہ اس لیے ہو کہ کچھ فیصلے تمہارے سپرد ہی نہیں کیے گئے۔ تمہاری جان ایک امانت ہے، اور امانت کی حفاظت کرنا ہی اصل بندگی ہے۔ بعض اوقات زندگی کو تھامے رکھنا سب سے بڑا حوصلہ ہوتا ہے، اور بعض اوقات رک جانا ہی آگے بڑھنے کی پہلی شرط بن جاتا ہے۔


زندگی ختم کرنا اس وقت ہوتا ہے جب انتخاب مر جاتا ہے۔ اسلام اسی مرے ہوئے انتخاب کو دوبارہ سانس دینے کے لیے حد قائم کرتا ہے، دیوار کھڑی کرتا ہے، اور انسان سے کہتا ہے: یہاں تک، اس سے آگے نہیں۔ یہ دیوار قید خانے کی نہیں ہوتی سہارے کے لئے ہوتی ہے۔ اور انسان کو سہارا بس اتنی دیر چاہیے ہوتی ہے کہ وہ دوبارہ جینا سیکھ سکے۔


Imran Aslam

MINDSET COACH

سبھی نے جانا ہے


سبھی نے جانا ہے، مگر کوئی شان نرالی ہوتی ہے، کون کس دھج سے متقل کو گیا۔ کس نے سر، سرداروں کی طرح وارا اور کون مقتل میں بھی قسمت کا سکندر نکلا۔ کس کا سر، سرِ سناں پکارا کیا۔ کون توپوں کے دھانوں پر بھی لبیک کا ورد کرتا رہا اور کس کو لیلائے شہادت نے آغوش محبت میں سمیٹ لیا۔ ہر بار کوئی تارہ ٹوٹتا ہے بیم و رجا کی اک کشمکش درون دل کھنچی جاتی ہے۔ گو نجوم کی تنک تابی ، دلیل صبح روشن ہی ہوتی ہے لیکن ناکاری و سیاکاری؛ ابو عبداللہ کی ماں ملکہ عائشہ کا جملہ سماعتوں میں دہرا دیتی ہے۔ جسے نسیم حجازی نے امر کر دیا۔ ’’جسے تم مرد ہوکر بچا نہ سکے،اب اُس کے لیے عورتوں کی طرح روتے ہو۔‘‘ امت کے کتنے ہی شیں جوان، امت کی عزت کی خاطر کٹ مرے، اور ہم فقط آنکھیں بھگونے کے سوا، کبھی کچھ نہیں کر پائے۔


ہر دلدوز خبر پر دل سیپارہ ہوتا ہے، سحابِ غم سینے کو جھکڑ لیتا یے۔ دل اتنے زور سے بجتا ہے مانو ٹوٹ جائے اور اندر کچھ شیشے سا کرچی کرچی۔ شاید بلکہ یقینا احساس ندامت، پیچھے رہ جانے کا غم، کم مائیگی، بزدلی، وہن کا بوجھ، اور خسارے کا زیاں کا خیال۔ وہ جو رب کی جنتوں میں اڑتے پھرتے ہیں (انشاہ اللہ) ان کے لئے محبت، تڑپ، اور اس امت کے قلیل قیمتی انمول سرمائے میں سے موتی بکھر جانے کا غم کہ میں کسی کھاتے میں ہی نہیں!


جان دینے والے، جانے والے اپنی ادا، اپنا بانکپن دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دکھا جاتے ہیں۔


وہ جو گھاٹیوں میں، صحرائوں میں، سمندروں دریائوں میں امت کا قرض اتار رہے ہیں وہ تو جان سے گزر کر بھی امت کا سر جھکنے نہیں دیتے۔

وہ تو امت کا فخر، امت کا مان، امت کی ضمان ہیں۔ اور ان کا اجر اللہ کے پاس ہی ہے۔


کرو کج جبیں پہ سر کفن مرے قاتلوں کو گماں نہ ہو

کہ غرور عشق کا بانکپن پس مرگ ہم نے بھلا دیا


عمران اسلم

اتوار، 28 دسمبر، 2025

مصعب اور ابو مصعب کے مکالمے


اگلے پانچ سات سالوں میں زندگی رہی تو مصعب اور ابو مصعب کے مکالمے کچھ ایسے ہونے ہیں۔

👇👇


#اس_حال_میں_جینا_لازم_ہے۔


پانچواں حصہ

 


 #ہم_اپنے_بچوں_کے_قاتل_ہیں 


میرے بیٹے نے چند دن پہلے مجھ سے ایک عجیب سوال کیا اس نے پوچھا آپ نے کبھی سوچا آپ کے بچے آپ کی عزت کیوں کرتے ہیں؟ میں نے قہقہہ لگا کر جواب دیا دنیا کے تمام بچے اپنے والدین کی عزت کرتے ہیں، میں باپ ہوں اور باپ کی حیثیت سے مجھے عزت کی سہولت (Privilege) حاصل ہے، وہ ہنس کر بولا ہرگز نہیں، دنیا کے ہر بچے کا کوئی نہ کوئی ماں باپ ہوتا ہے اور ضروری نہیں ہوتا تمام بچے ان کی دل سے عزت کرتے ہوں لیکن ہم کرتے ہیں، میں نے پھر ہنس کر جواب دیا میں کیسے فیصلہ کر سکتا ہوں آپ لوگوں کی محبت جینوئن ہے اور یہ وقت کے ساتھ ساتھ کم نہیں ہو گی؟


وہ بھی ہنسا اور پھر بولا ہم اس ایشو کو سائیڈ پر رکھتے ہیں اور میں آپ کو بتاتا ہوں ہم آپ کی عزت کرتے کیوں ہیں؟ میں خاموشی سے اس کی طرف دیکھتا رہا وہ بولا آپ نے ہمارے پورے ایجوکیشنل کیریئر کے دوران ایک بار بھی ہماری مارک شیٹ نہیں دیکھی، آپ نے ہمیں کم نمبرز لینے پر ڈانٹا نہیں اور کبھی زیادہ نمبرز پر تالی نہیں بجائی، ہم اپنی مرضی سے سبجیکٹ تبدیل کر لیتے تھے، سکول اور کالج بھی بدل لیتے تھے اور فیل بھی ہو جاتے تھے لیکن آپ نے کبھی برا نہیں منایا جب کہ ہمارے تمام کلاس فیلوز کے والدین آدھے آدھے نمبرز کا حساب بھی رکھتے تھے اور ہمارے سامنے ان کو پھینٹا بھی لگا دیتے تھے، ہمارے کلاس فیلوز جب بھی آپ کو دیکھتے تھے تو وہ ہم سے کہتے تھے یار تم چند دنوں کے لیے اپنا ابا ہمیں نہیں دے سکتے؟ ہم جوتے کھا کھا کر تھک گئے ہیں، ہمیں اس وقت اندازہ ہوا آپ کو ہم پر اندھا اعتماد ہے، آپ ہمیں نمبرز اور پوزیشن سے بالاتر سمجھتے ہیں۔


میں نے قہقہہ لگایا اور کہا آپ لوگوں کو غلط فہمی ہے کہ مجھے آپ کے کیریئر یا ایجوکیشن سے دلچسپی نہیں تھی، دنیا کا ہر والد اپنے بچوں کے بارے میں حساس ہوتا ہے، اولاد کی فکر والد کے ڈی این اے میں شامل ہوتی ہے، میں بھی پریشان ہوتا تھا لیکن میں دوسرے والدین کی طرح آپ کو پوزیشن یا نمبرز لینے کے لیے اسکول نہیں بھیجتا تھا *لرننگ(Learning) کے لیے بھجواتا تھا،* سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کا کام بچوں میں لرننگ کی صلاحیت پیدا کرنا ہوتا ہے، ایک کلاس کے اندر فرض کریں 30 سٹوڈنٹس ہیں ان میں سے لازمی طور پر کچھ آرٹسٹ ہوں گے، قدرت نے انھیں مصوری، میوزک، اداکاری، انٹیریئر ڈیکوریشن یا ڈریس ڈیزائننگ کے لیے بنایا ہوگا، ان کو بائیالوجی، میتھ یا پاک اسٹڈی میں کیا انٹرسٹ ہو گا، کچھ قدرتی بزنس مین ہوں گے، انہوں نے آگے چل کر بڑی بڑی کمپنیوں اور برینڈز کی بنیاد رکھنی ہو گی، ان کو اردو، انگریزی، تاریخ اور جغرافیے میں کیا دلچسپی ہو گی، کچھ لوگوں نے آگے چل کر نیلسن مینڈیلا اور عبدالستار ایدھی بننا ہوگا، وہ فزکس، کیمسٹری اور لٹریچر میں کیا دلچسپی لیں گے اور قدرت نے ان میں سے کچھ کو اسپورٹس مین بنایا ہوگا، ان بے چاروں کو بور لیکچرز میں کیا دلچسپی ہو گی۔


یہ ہر امتحان میں کم نمبرز لیں گے لیکن کیا ہم انہیں ناکام سمجھیں گے؟ جی نہیں چناںچہ اسکولوں کا کام نمبروں کی بنیاد پر بچوں کی گریڈنگ کرنا نہیں ہوتا، کسی بچے کو بڑا اور دوسرے کو چھوٹا، ایک کو لائق اور دوسرے کو نالائق ثابت کرنا نہیں ہوتا، انھیں لرننگ کی عادت ڈالنا اور ان کے قدرتی ٹیلنٹ کی پرورش ہوتا ہے لیکن ہمارے ملک میں بدقسمتی سے تعلیمی اداروں میں یہ دونوں کام نہیں ہو رہے، *ہم پوری کلاس کو ڈاکٹر‘ انجینئر یا آئی ٹی پروفیشنل بنانے کی کوشش کرتے ہیں* اور اس دھینگا مشتی میں طالب علموں کی لرننگ کی صلاحیت بھی ماری جاتی ہے اور اعتماد بھی،ہمارے ننانوے فیصد سٹوڈنٹس ’’آئی ایم فیلڈ‘‘ کی فیلنگ کے ساتھ کالجوں اور یونیورسٹیوں سے نکلتے ہیں۔


ان بے چاروں میں اعتماد ہی نہیں ہوتا اور جو باقی ایک فیصد بچ جاتے ہیں وہ ’’اوور کانفیڈنس‘‘ کا شکار ہوتے ہیں، وہ اس فیلنگ کے ساتھ مارکیٹ میں جاتے ہیں ’’میں ٹاپر ہوں" میرا کوئی مقابلہ نہیں، مجھے مزید لرن کرنے کی بھی کوئی ضرورت نہیں لہٰذا ٹاپرز کو ان کا ’’اوور کانفیڈنس‘‘ مار دیتا ہے اور باقی ننانوے فیصد کو ’’میں نالائق ہوں‘‘ کا ٹیگ کھا جاتا ہے، میں خود بھی اسی سسٹم کی پیداوار ہوں، مجھے پہلی جماعت سے آخر تک ہر استاد نے بتایا تھا تم نالائق ہو، مجھے عملی زندگی میں بھی میرے کولیگ ’’جاہل‘‘ کہتے تھے چناںچہ میں جانتا تھا میرے بچوں کو اس سسٹم سے کچھ نہیں ملے گا۔


یہ سسٹم انھیں سمجھے بغیر رگڑا لگائے گا اور اگر میں بھی اس میں شامل ہو گیا تو یہ ان کے ساتھ زیادتی ہو گی لہٰذا میں نے کم از کم اپنی طرف سے آپ لوگوں کو محفوظ بنا دیا، آپ یہ جان گئے ہم اگر دس بار بھی فیل ہو جائیں تو ہمارا والد ہمیں جوتے نہیں مارے گا، یہ ہنس کر کہے گا تم کالج، سبجیکٹس اور ٹیچرز بدل لو اور اگر پھر بھی پڑھنے کا دل نہ کرے تو کالج چھوڑ کر اپنی مرضی کا کام شروع کر لو۔


میرے بیٹے نے ہنس کر جواب دیا ہم اسی لیے آپ کی عزت کرتے ہیں، آپ نے ہم پر اس وقت اعتماد کیا تھا جب کوئی اسکول، کوئی کالج اور کوئی استاد ہمیں انسان ماننے کے لیے بھی تیار نہیں تھا، آپ اس وقت ہمارا واحد سہارا تھے، تمام ٹیچرز ہمیں برا بھلا کہتے تھے، ہمارے سارے کلاس فیلوز ہم پر ہنستے تھے لیکن آپ ہماری مارک شیٹ فولڈ کر کے جیب میں ڈالتے تھے، ہمارا ہاتھ پکڑتے تھے، اسکول کے گیٹ سے باہر نکلتے تھے اور ہمیں آئس کریم کھلا کر کہتے تھے کوئی بات نہیں ہم پھر ٹرائی کریں گے۔


آپ کو میری بات عجیب محسوس ہوگی لیکن آپ یقین کریں اولاد اللہ تعالیٰ کا بہت بڑا عطیہ ہے، اللہ نے آپ کو صاحب اولاد بنا دیا ہے، آپ پروردگار کا شکر ادا کریں اور بچوں کو نمبروں اور پوزیشنز کی ریٹ ریس (چوہا دوڑ) کا شکار نہ بنائیں، اللہ تعالیٰ انسان کی پیدائش سے پہلے اس کا مقدر، اس کی منزل طے کر دیتا ہے، ہمارے بچے نے زندگی میں کہاں جانا ہے یہ ہم جانتے ہیں اور نہ ہی دنیا کا کوئی استاد، کوئی کالج اور نہ کوئی سلیبس لہٰذا آپ صرف اپنے بچوں کی *گرومنگ اور لرننگ پر توجہ دیں،* آپ نے اگر انھیں اخلاقی لحاظ سے گروم کر لیا یا ان میں لرننگ کی صلاحیت پیدا کر دی تو آپ کا کام ختم ہوگیا۔ 


یہ زندگی میں آگے چل کر اپنا راستہ خود بنا لیں گے لیکن اگر آپ کے بچے گروم نہیں ہوئے یا ان میں لرن کرنے کی صلاحیت پیدا نہیں ہوئی تو یہ خواہ ہر کلاس میں ٹاپ کرلیں یہ زندگی میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے، یہ پوری زندگی اپنی ذات میں کمی محسوس کریں گے۔ 


اب سوال یہ ہے گرومنگ اور لرننگ ہوتی کیا ہے؟ گرومنگ زندگی گزارنے کا سلیقہ ہوتا ہے، انسان کو چلنا، پھرنا، اٹھنا، بیٹھنا، بولنا چالنا، کھانا پینا، اور رہنا سہنا کیسے چاہیے؟ یہ ٹریننگ گرومنگ کہلاتی ہے، میں نے اپنے دونوں بیٹوں کو گروم کرنے کے لیے ویٹر ایٹی کیٹ (Etiquette) کا کورس کروایا تھا، یہ 13 سال کی عمر میں سرٹیفائیڈ ویٹر تھے۔


میں نے اس کے بعد انھیں بک ریڈنگ، نالج ہنٹنگ، ایچ آر، بزنس اسٹارٹ اپس، پرسنل ہائی جین، کمپنی میکنگ، ریسورس مینجمنٹ، کرائسیس مینجمنٹ اور انٹیریئر ڈیکوریشن کی ٹریننگز بھی کرائیں اور انھیں پیسہ کمانے اور پیسہ استعمال کرنے کے طریقے بھی سکھائے، آج یوٹیوب کی وجہ سے ہر قسم کا نالج موبائل فون میں دستیاب ہے، کروڑوں کی تعداد میں آن لائن کورسز بھی موجود ہیں، آپ خود اور اپنے بچوں کو یہ کورسز کرا سکتے ہیں۔


یہ یاد رکھیں ہم میں سے کوئی شخص مسئلے سے نہیں بچ سکتا، زندگی میں مسائل مسئلہ نہیں ہوتے ان مسائل کا حل مسئلہ ہوتا ہے، آپ میں اگر سیکھنے (لرننگ) کی صلاحیت موجود ہو تو آپ بڑی آسانی سے اپنا ہر مسئلہ حل کر لیتے ہیں اور آپ میں اگر یہ صلاحیت نہ ہو تو آپ ہمت ہار کر بیٹھ جاتے ہیں، لرننگ وہ صلاحیت ہے جو طوطے کو سمجھا دیتی ہے تم نے اگر اپنی مرضی کی خوراک لینی ہے تو تمہیں یہ دو لفظ سیکھنے ہوں گے، میاں مٹھو یا چوری دو یا اللہ ہو اور یہ دو تین لفظ سیکھ کر اپنی خوراک کا بندوبست کر لیتا ہے یا آپ کے گھر کی بلی یہ سیکھ لیتی ہے میں نے اگر دودھ لینا ہے تو مجھے اپنی مالکن یا مالک کے ہاتھ پر پیار سے سر رگڑنا ہو گا یا آپ کا پالتو کتا یہ سیکھ جاتا ہے میں اگر گول گول گھوموں گا یا صاحب کی پھینکی ہوئی بال اٹھا لاؤں گا تو صاحب میری گردن پر پیار سے ہاتھ بھی پھیرے گا اور مجھے گوشت کا ٹکڑا بھی دے گا۔


دنیا کو آپ سے کیا چاہیے؟ آپ نے دنیا کو کیسے متاثر کرنا ہے اور آپ نے نامساعد حالات میں اپنے آپ کو کیسے برقرار رکھنا ہے؟ یہ سمجھنا لرننگ ہوتا ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے تعلیمی ادارے ہمارے بچوں میں یہ صلاحیت پیدا نہیں کر پا رہے، یہ ان کو نالائقی کا تمغہ دے کر گھر بھجوا دیتے ہیں اور یہ ان کو نالائقی کا تمغہ دے کر گھر بھجوا دیتے ہیں اور یہ ہمارے سسٹم کی سب سے بڑی خرابی ہے، ہم اپنے بچوں کے قاتل ہیں..

بImran Aslam

Imran Aslam

MINDSET COACH

اس حال میں جینا لازم ہے۔ (چوتھا حصہ)


چوتھا حصہ


 کیا خودکشی کرنے والا "شہیدِ سسٹم" ہے؟ 

 ایک خطرناک رومانوی جھوٹ 

(سوشل میڈیا اور نفسیات: گلوریفکیشن اور نقل کا رجحان)


سوشل میڈیا کے اس دور میں جہاں ہر چیز کو بیچنا اور وائرل کرنا مقصود بن چکا ہے، وہاں ہم نے موت کو بھی ایک ’برانڈ‘ بنا دیا ہے۔ جب بھی کوئی طالب علم دباؤ، ناانصافی یا ڈپریشن کے ہاتھوں مجبور ہو کر اپنی جان لیتا ہے، تو ہمارے کی بورڈ مجاہدین فوراً اسے ’سسٹم کا شہید‘، ’مزاحمت کی علامت‘ اور ’انقلابی ہیرو‘ بنا کر پیش کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ جذباتی نظمیں لکھی جاتی ہیں، اس کی آخری ویڈیوز پر دردناک بیک گراؤنڈ میوزک لگا کر شیئر کیا جاتا ہے، اور یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ اس نوجوان نے مر کر دراصل ظالم سماج کے منہ پر تمانچہ مارا ہے۔ بظاہر یہ ہمدردی لگتی ہے، لیکن نفسیات کی رو سے یہ ایک انتہائی مہلک اور زہریلا عمل ہے جسے ’گلوریفکیشن آف سوسائڈ‘ (Glorification of Suicide) کہا جاتا ہے۔


 ایک اصطلاح ہے ’ورتھر ایفیکٹ‘ (Werther Effect)۔ یہ اس وقت ہوتا ہے جب میڈیا یا معاشرہ خودکشی کو ایک رومانوی اور بہادرانہ فعل کے طور پر پیش کرتا ہے، تو نتیجے میں دیگر کمزور اور مایوس لوگ بھی اسی راستے کو اپنانے کی ترغیب لیتے ہیں۔ وہ سوچتے ہیں کہ ”اگر میں بھی مر جاؤں، تو مجھے بھی اتنی ہی توجہ، اتنی ہی ہمدردی اور اتنا ہی ’ہیرو‘ کا درجہ ملے گا۔“ یوں ہم ایک لاش پر روتے روتے انجانے میں دوسری لاش کا انتظام کر رہے ہوتے ہیں۔ جب ہم خودکشی کو ’مسائل کا حل‘ یا ’احتجاج کا طریقہ‘ بنا کر پیش کرتے ہیں، تو ہم ان ہزاروں بچوں کے اعصاب توڑ رہے ہوتے ہیں جو ابھی زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔


سچ کڑوا ہے مگر سننا ہوگا۔ خودکشی کرنے والا نوجوان یقیناً مظلوم ہو سکتا ہے، وہ دباؤ کا شکار ہو سکتا ہے، اس کے ساتھ زیادتی ہوئی ہو گی، لیکن اس کا یہ عمل بہادری نہیں، بلکہ ’ہار ماننا‘ ہے۔ اسے شہیدِ سسٹم کہنا ان لوگوں کی توہین ہے جو اسی سسٹم کے جبر کو سہہ کر زندہ ہیں اور مقابلہ کر رہے ہیں۔ خودکشی ایک المیہ ہے، کوئی کارنامہ نہیں۔ ہمیں اس کے دکھ پر رونا چاہیے، اس کے اسباب پر بات کرنی چاہیے، سسٹم کو کوسنا چاہیے، مگر خدارا! اس موت کو خوبصورت غلاف میں لپیٹ کر پیش مت کریں۔ موت خوبصورت نہیں ہوتی، یہ بھیانک ہوتی ہے، یہ پیچھے رہ جانے والوں کے لیے عمر بھر کا روگ ہوتی ہے۔


اگر ہم واقعی مخلص ہیں تو ہمیں اپنے بیانیے کو بدلنا ہوگا۔ ہمیں یہ کہنا ہوگا کہ ”تمہارا درد سچا تھا، تمہاری تکلیف حقیقی تھی، مگر تمہارا فیصلہ غلط تھا۔“ ہمیں اپنے معاشرے میں ایک دوسرے کو یہ بار بار بتانا ہوگا کہ اصل بہادری حرام مرنے میں نہیں، بلکہ ان حالات کا سامنا کرنے اور زندہ رہنے میں ہے۔ جب تک ہم خودکشی سے ’رومانس‘ کا عنصر ختم نہیں کریں گے، تب تک ہم اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے نہیں بچا سکیں گے۔ یاد رکھیے، ہمدردی کا مطلب یہ نہیں کہ آپ زہر کو شربت کہہ کر پیش کریں۔ زہر زہر ہے، چاہے وہ کتنے ہی خوبصورت پیالے میں کیوں نہ ہو۔


Imran Aslam

MINDSET COACH


#wellness 

#STOPGLORIFYINGSUICIDE

 #responsiblereporting

جمعہ، 26 دسمبر، 2025

اس حال میں جینا لازم ہے۔ (تیسرا حصہ)


تیسرا حصہ


**خودکشی: حل یا فرار؟ 

 سرنگ کے اس پار کیا ہے؟*


(خودکشی کے حوالے سے پچھلی دو تحریریں پڑھ کر چار نوجوانوں نے رابطہ کیا کہ ہمیں خودکشی کے خیالات آتے ہیں۔ دو کو سائیکولجسٹ کی طرف ریکمنڈ کر دیا اور دو کو کونلسنگ کری کہ یہ خدانخواستہ خودکشی کے خیالات نہیں، خودکشی کو فینٹیسائیز کرنے کا نتیجہ ہے۔ ان سے کہے گئی کچھ باتیں)


خودکشی کوئی بہادری نہیں، کوئی حل نہیں، اور ہرگز راہ نجات نہیں۔ 


اب تو گھبرا کے یہ کہتے ہیں کہ مر جائیں گے.

 مر کے بھی چین نہ پایا تو کدھر جائیں گے


یہ ایک المناک حادثہ ہے؛ ایک ایسا حادثہ جو باہر کی سڑک پر نہیں، بلکہ انسان کے اندر، اس کی شاہراہِ حیات پر پیش آتا ہے۔ وہ نازک ترین لمحہ ہوتا ہے جب انسان کی عقل، جذبات، اعصاب اور ایمان سب ایک ساتھ شدید دباؤ میں آ جاتے ہیں، اور عین اسی لمحے ہمارا ازلی دشمن شیطان اپنا وار کرتا ہے۔

اللہ رب العزت نے قرآن کریم میں دو ٹوک اور واشگاف الفاظ میں تنبیہ فرمائی ہے

**”اور اپنی جانوں کو قتل نہ کرو، بے شک اللہ تم پر نہایت مہربان ہے۔“ (النساء: 29)**


 خودکشی کرنے والا عموماً مرنا نہیں چاہتا، وہ دراصل اس ’درد‘ سے بھاگنا چاہتا ہے جس نے اس کا جینا محال کر رکھا ہوتا ہے۔ وہ اذیت جس نے اس کے اعصاب کو مفلوج کر دیا ہو، اس کی نیند، چین، بھوک اور امید چھین لی ہو۔ یہاں دماغ کی کیمسٹری، جذباتی نظام اور روحانی کمزوری ایک ساتھ، ایک ہی وقت میں کام کر رہی ہوتی ہیں۔ اور یہ سب کمزوریاں مل کر ایمان و اخلاق کی بریکوں کو بھی فیل کر دیتی ہیں۔


 شدید ذہنی دباؤ، کلینیکل ڈپریشن یا کسی گہرے صدمے کے دوران انسان کا دماغ ایک ایسی کیفیت میں داخل ہو جاتا ہے جسے *’ٹنل ویژن‘ (Tunnel Vision)** کہتے ہیں۔ اس کیفیت میں دماغ کے وہ حصے جو مسائل کا حل اور متبادل راستے سوچتے ہیں، وقتی طور پر معطل یا کمزور ہو جاتے ہیں۔ انسان کو چاروں طرف اندھیرا اور صرف ایک ہی راستہ دکھائی دیتا ہے—اور وہ راستہ اسے ’موت‘ کا لگنے لگتا ہے۔ یہ کوئی فلسفیانہ سوچ نہیں، بلکہ ایک ’نیورولوجیکل حقیقت‘ ہے۔ اسی بیالوجیکل کمزور پوائینٹ کے راستے شیطان، نفسِ امارہ کے ساتھ گٹھ جوڑ کر کے، اس حیاتیاتی کمزوری کو مہلک معنی دے دیتا ہے۔


دل گلستاں تھا تو ہر شے سے ٹپکتی تھی بہار 

دل بیاباں ہوگیا عالم بیاباں ہوگیا​۔


 شیطان انسان کو کب یہ کہتا ہو گا کہ: ”میں تمہیں جہنم میں لے جانا چاہتا ہوں۔“

بلکہ وہ بہت ہمدرد بن کر سرگوشی کرتا ہے: *”بس یہ درد ختم کر لو۔“


*’تلبیسِ ابلیس‘ بھی تو یہی ہوتی ہے ناں؛ سچ کو جھوٹ کے لبادے میں لپیٹ دینا اور حرام کو مسیحائی بنا کر پیش کرنا۔

انسان کا ذہن جب ایمان کی روشنی میں ہوتا ہے تو گھپ اندھیرے میں بھی راستہ ڈھونڈ لیتا ہے، لیکن جب مایوسی، خوف اور وسوسہ غالب آ جائے تو سامنے رکھا ہوا سادہ حل بھی نظروں سے اوجھل ہو جاتا ہے۔ قرآن اسی ذہنی اندھے پن اور ناامیدی کی زنجیروں کو توڑتا ہے:

*”اور اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہو، یقیناً اللہ کی رحمت سے وہی لوگ مایوس ہوتے ہیں جو حقیقت سے کٹ جاتے (کافر ہوتے) ہیں۔“ (یوسف: 87)*


**خودکشی عقلی فیصلہ نہیں، یہ جذباتی یرغمالی (Emotional Hijacking) ہے۔**


اس مقام پر عقل ہار چکی ہوتی ہے، جذبات قابض ہو چکے ہوتے ہیں، شیطانی وسوسے گھیرے ہوئے ہوتے ہیں اور انسان کا **’امپلس کنٹرول‘ (Impulse Control)** ٹوٹنے کے قریب ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ خودکشی کا خیال اور عمل کے درمیان کا فاصلہ بعض اوقات صرف چند منٹ کا ہوتا ہے۔ اگر ان چند قیمتی منٹوں میں کوئی ’بریک‘ لگ جائے (اور مضبوط ایمان، اللہ پر مکمل امید سے بڑھ کر کوئی بریک کیا ہو گی؟) کوئی ہمدرد انسان، کوئی مہربان آواز، کوئی یاد دہانی، یا قرآن کی کوئی آیت، کوئی وعدہ کوئی وعید؛ تو زندگی موت کو شکست دے سکتی ہے۔

**اسلام اسی ’بریک‘ کا نام ہے۔**


ایمان انسان کے اندر ایک ’حفاظتی نظام‘ (Safety Mechanism) کی طرح ہے۔ مگر جب ایمان کمزور پڑ جائے، اللہ کا ذکر چھوٹ جائے، یا مسلسل ذہنی دباؤ اعصاب کو شل کر دے تو یہ بریک فیل ہو سکتی ہے۔ اسی لیے رسول اللہ ﷺ نے سخت ترین الفاظ میں متنبہ فرمایا تاکہ انسان خوفِ خدا سے رک جائے:

*”جس نے جس چیز کے ساتھ خودکشی کی، اسے (جہنم میں) اسی کے ساتھ عذاب دیا جائے گا۔“*


یہ وعید کسی کو مارنے کے لیے نہیں، بلکہ اسے روکنے کے لیے ہے۔ یہ وہ آخری دیوار ہے جو گرتے ہوئے انسان کو سہارا دیتی ہے تاکہ وہ ایک قدم پیچھے ہٹ جائے۔

یہ بھی سچ ہے کہ کچھ ذہنی امراض میں دماغی توازن شدید متاثر ہوتا ہے، اور انسان کی فیصلہ سازی (Decision Making) کمزور ہو جاتی ہے۔ اسلام اس بائیولوجیکل حقیقت سے انکار نہیں کرتا۔ مگر ایک اصول یہاں واضح رہنا چاہیے:

*کمزوری کا مطلب اجازت نہیں ہوتا۔*

*درد کا حل (موت) نہیں ہوتا۔*


اور خودکشی کسی بھی حالت میں ’نجات‘ نہیں بن سکتی۔ یہ تو آزمائش سے بھاگ کر ایک دائمی اور لامتناہی تباہی کی طرف چھلانگ ہے۔

معاشرہ یہاں ایک اور جرم کرتا ہے: وہ خودکشی کرنے والے کو مظلوم اور مکمل معذور بنا دیتا ہے۔ یہ رویے غلط ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ وہ ایک کمزور لمحے میں گھرا ہوا، شیطان اور نفس کے شکنجے میں جکڑا ہوا انسان ہوتا ہے، جسے ’جواز‘ دینے کی نہیں، بلکہ ’روکنے‘ اور تھامنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر اس نازک لمحے میں اسے اس فعل قبیح کا کوئی معاشرتی سماجی جواز نہ مل سکے اور کوئی اسے یہ یقین دلا دے کہ ”یہ درد کا تکلیف کا احساس گزر جائے گا، ابھی نہیں، بس ابھی ہار نہیں ماننی؛ تو وہ مہلک امپلس ٹوٹ سکتا ہے۔ 


زندگی کے مسائل چاہے وہ ناکامی ہو، رشتوں کا ٹوٹنا، غربت ہو یا شرمندگی یہ سب عارضی موسم ہیں، چاہے اس لمحے یہ پہاڑ جیسے لگیں۔ لیکن خودکشی ایک ’ناقابلِ واپسی فیصلہ‘ ہے۔ یہ ایسا دروازہ ہے جو ایک بار بند ہو گیا تو توبہ، اصلاح اور واپسی کے تمام راستے ہمیشہ کے لیے ختم۔

**سرنگ جتنی بھی لمبی ہو، وہ ختم ضرور ہوتی ہے۔**

لیکن سرنگ میں گھبرا کر وہیں جان دے دینا راستہ نہیں، یہ اندھا پن ہے۔


اگر آپ اس وقت اس تحریر کو پڑھ رہے ہیں اور آپ کا دل چیخ کر کہہ رہا ہے کہ ”اب مزید برداشت نہیں ہو سکتا“ تو سن لیں:

یہ آپ کا ’دماغ‘ (Brain) بول رہا ہے، ممکن ہے نفس امارہ کے کنٹرول میں، ممکن ہے ازلی دشمن شیطان کی سرگوشیاں، ممکن ہے بیالوجیکل کیمیکل امبیلینس لیکن یہ ’حقیقت‘ (Reality) نہیں۔

یہ لمحہ گزرنے والا ہے، یہ کیفیت دائمی نہیں۔

ابھی، اسی وقت کسی انسان کو بتاؤ، کسی عالم کو، کسی ڈاکٹر کو، کسی سائکولجسٹ کو، کسی سائکاٹرک کو، کسی کوچ کسی مینٹور یا کسی بھی قابلِ اعتماد شخص کو پکارو، اور اندر کی آواز کو مل بیٹھ کر سمجھنے کی کوشش کرو۔


**اکیلے مت لڑو کیونکہ بھیڑیا اور شیطان ہمیشہ اکیلے انسان پر ہی حملہ کرتے ہیں۔**

اللہ کی رسی ابھی موجود ہے، اس کی رحمت ابھی باقی ہے۔ اور یقین رکھو کہ نحن اقرب من حبل الورید کا اعلان فرمانے والا تمہیں تنہا نہیں چھوڑے گا۔ تم صرف آنکھیں ہی اس پر لگا لو۔


اور جو اس لمحے رک جاتا ہے، صبر کا ایک گھونٹ پی لیتا ہے، ایک قدم پیچھے ہٹ جاتا ہے—وہ بعد میں جان لیتا ہے کہ سرنگ کے اس پار واقعی زندگی اور روشنی منتظر تھی۔


IImran AslamMINDSET COACH


#tunnel 

#MentalHealthAwareness 

#suicicideawarness 

#islamandpsychology 

#HopeInAllah

جمعرات، 25 دسمبر، 2025

اس حال میں جینا لازم ہے! (دوسرا حصہ)


Imran Aslam

MINDSET COACH


اس حال میں جینا لازم ہے!

دوسرا حصہ


یہ مضمون اگر آپ نے سکون سے پڑھ لیا، تو ممکن ہے آپ کو کسی جنازے پر کھڑے ہو کر یہ جملہ دوبارہ نہ کہنا پڑے:

 “ہمیں تو کچھ پتا ہی نہیں تھا”۔

ہمارا سماج اس وقت ایک ایسی خاموش لڑائی لڑ رہا ہے جس میں نہ بارڈر ہے، نہ دشمن نظر آتا ہے، مگر لاشیں مسلسل گر رہی ہیں۔ یہ جنگ نوجوانوں کے ذہنوں میں لڑی جا رہی ہے۔ وہ نوجوان جنہیں ہم ملک کا مستقبل کہتے نہیں تھکتے، وہی نوجوان آج اپنی زندگی کو بوجھ سمجھ کر ختم کر رہے ہیں۔ یہ کوئی ایک آدھ واقعہ نہیں، یہ ایک پیٹرن ہے، ایک سلسلہ ہے، ایک چیخ ہے جو سنائی نہیں دے رہی کیونکہ ہم سننا نہیں چاہتے۔


پاکستان میں ہر سال تقریبا چھ سے آٹھ ہزار افراد خود کشی کرتے ہیں جبکہ خودکش کوشش کرنے والوں کی تعداد کم از کم ڈیڑھ سے دو لاکھ تک ہو سکتی ہے۔ ان میں سے بیشتر نوجوان پندرہ تا تیس سال کے ہوتے ہیں۔


ایک لائف کوچ کے طور پر میں نے سینکڑوں نوجوانوں کو یہ کہتے سنا ہے: 

“مجھے لگتا ہے میں ناکام ہوں”

میں جانتا ہوں کہ یہ جملہ اکثر ۔گرائو۔ کی تمہید ہوتا ہے۔ اور بطورنفسیات و سماجیات کے طالبعلم میں یہ صاف دیکھ رہا ہوں کہ یہ ناکامی فرد کی نہیں، پورے سپورٹ سسٹم کی ہے۔ فیملی سسٹم کی ہے، والدین کی ہے، سماج کی ناکامی ہے۔ 

تتلیاں، جگنو پکڑنے کی عمریں غم حیات کو سر چڑھتے دیکھتے گزر جاتی ہیں۔ پاکستان میں نوجوانی اب دریافت کا دور ہی نہیں رہی، بلکہ دباؤ کا نام بن چکی ہے۔ ۔ بچہ ابھی بولنا سیکھتا ہے اور ہم اس سے پوچھنا شروع کر دیتے ہیں: “ڈاکٹر بنو گے یا انجینئر؟”۔ ہم نے زندگی کو اتنا تنگ کر دیا ہے کہ اگر وہ ایک راستے سے ہٹ جائے تو اسے زندگی ہی ختم ہوتی نظر آتی ہے۔ یہ سوچ کہ “بس یہی ایک چانس تھا” دراصل ایک نفسیاتی قید ہے، اور قید میں پڑا ذہن اکثر خودکشی کو آزادی سمجھنے لگتا ہے۔

گزشتہ سالوں میں نوجوانوں اور طلباء میں خودکشی کے بڑھتے ہوئے واقعات ہمیں یہ بتا رہے ہیں کہ مسئلہ کو ڈپریشن، اسٹریس یا دیگر نفسیاتی ٹرمز میں لپیٹ کر اگنور نہیں کیا جا سکتا، نوجوانوں میں زندگی سے، جینے سے چڑ ، والدین، استاد، معاشرے کی طرف سے ریزیلئینس، ہمت، برداشت، صبر جینے کا فن سکھانے میں ناکامی اور نوجوانوں سے وابسطہ غیر ضروری و غیر فطری توقعات، شرمندگی، خوف، اور بے بسی کا مجموعہ ہے۔ 


تعلیمی نظام نے بچوں کو انسان نہیں بلکہ نمبرز میں بدل دیا ہے۔ رزلٹ آیا نہیں کہ سارا وقار، سبھی احترام چھن گیا، طنز شروع ہو گیا، اور موازنہ پورے خاندان میں گردش کرنے لگا۔ ایک بچہ جسے یہ احساس دلایا جائے کہ اس کی قدر صرف اس کے نمبرز سے ہے، وہ فیل ہونے پر خود کو بے کار سمجھنے لگتا ہے۔ اور جب انسان خود کو بے کار سمجھ لے، تو موت اسے حل لگنے لگتی ہے۔


 والدین کا کردار نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ اکثر والدین نیتاً ظالم نہیں ہوتے، مگر لاعلمی میں قاتل بن جاتے ہیں۔ “ہم نے تم پر اتنا خرچ کیا ہے” جیسے جملے بچے کے لاشعور میں ایک خطرناک تصور بٹھا دیتے ہیں: میں بوجھ ہوں۔ یہ احساسِ بوجھ خودکشی کے سب سے مضبوط محرکات میں سے ایک ہے۔ نوجوان خود کو مسئلہ سمجھنے لگتا ہے، اور مسئلہ ختم کرنے کا ایک ہی طریقہ اسے دکھائی دیتا ہے: خود کو ختم کرنا۔

ڈیجیٹل دور نے اس بحران کو مزید خطرناک بنا دیا ہے۔ سوشل میڈیا ایک ایسا آئینہ بن چکا ہے جس میں نوجوان خود کو مسلسل دوسروں سے کمتر دیکھتا ہے۔ کسی کی کامیابی، کسی کی گاڑی، کسی کی شادی، کسی کا بیرونِ ملک داخلہ، سب کچھ ایک اسکرین پر، ایک کلک کی دوری پر۔ حقیقت یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر دکھائی جانے والی زندگی زیادہ تر جھوٹ ہوتی ہے، مگر ایک کمزور ذہن اس جھوٹ کو سچ مان لیتا ہے۔ پھر جب آن لائن بلیک میلنگ، تضحیک یا کردار کشی شامل ہو جائے، خاص طور پر لڑکیوں کے معاملے میں، تو “عزت” کے نام پر موت کو ترجیح دی جاتی ہے۔ 

یہ سب اس لیے بھی ہو رہا ہے کیونکہ پاکستان میں ذہنی صحت کا تصور آج بھی شرمندگی سے جڑا ہوا ہے۔ ماہرین کے پاس جانا کمزوری سمجھا جاتا ہے۔ رونے کو بہانہ کہا جاتا ہے۔ اسکولوں میں بچوں کے رویے کے مسائل کو بدتمیزی سمجھ کر سزا دی جاتی ہے، حالانکہ وہ اکثر مدد کی خاموش درخواست ہوتی ہے۔ ہم علامات کو ڈانٹ دیتے ہیں، بیماری کو نہیں سمجھتے۔

یہ بات اب واضح ہو جانی چاہیے کہ نوجوان خودکشی اس لیے ہی نہیں کرتے کہ وہ کمزور ہوتے ہیں، بلکہ اس لیے بھی کرتے ہیں کہ وہ تنہا ہوتے ہیں۔ ان کے پاس کوئی محفوظ جگہ نہیں ہوتی جہاں وہ یہ کہہ سکیں: “میں ٹھیک نہیں ہوں” اور سامنے والا انہیں جج نہ کرے، لیکچر نہ دے، شرمندہ نہ کرے۔ وہ مذہب کی روح سے دور، خدا تک پر بے یقینی کی کیفیت سے دوچار، اور انسانوں سے بیزار ہوتے ہیں۔ تو پھر انہیں اس کھائی میں گرنے سے بچانے والی قوت نافذہ کون سی ہو گی؟


یہ مضمون صرف پڑھنے کے لیے نہیں ہے۔ میرے لئے بطور والد، بطور استاد سیلف ریفلیکشن ہے اور آپ کے لئے سوال ہے کہ آپ اس کریٹکل معاملے کو کس نظر سے دیکھتے ہیں۔۔ اگر آپ والدین ہیں تو رک کر سوچیں: کیا آپ کا بچہ آپ سے خوفزدہ ہے یا محفوظ محسوس کرتا ہے؟ اگر آپ استاد ہیں تو سوال کریں: کیا آپ کے کلاس روم میں بچے انسان ہیں یا رول نمبر؟ اگر آپ پالیسی ساز ہیں تو یہ مانیں: نظام جانیں لے رہا ہے۔ اور اگر آپ خود نوجوان ہیں، تو ایک بات ذہن میں بٹھا لیں: آپ کی زندگی کسی ایک رزلٹ، کسی ایک رشتے، یا کسی ایک غلطی سے بڑی ہے۔:

خاموشی توڑیں۔ بات کریں۔ سنیں۔ مدد مانگنے کو کمزوری نہ بنائیں۔

ہر اسکول، ہر کالج، ہر گھر میں یہ پیغام جانا چاہیے کہ ناکامی زندگی کا خاتمہ نہیں، زندگی کا حصہ ہے۔اگر ہم نے ابھی آنکھیں نہ کھولیں، تو اگلا مضمون شاید کسی اور بچے کی موت کے بعد لکھنا پڑے۔ اور تب بہت دیر ہو چکی ہوتی ہے


#sucideisnotsolution

#communitysupport

#relationwithallah

#mentalhealthmatters

بدھ، 24 دسمبر، 2025

استواری بشرط رواداری!!


یوسف ، روبن اور کرسچن کالونی کے ڈھیروں ڈھیر لڑکوں کے ساتھ تب سے گہری چھن رہی جب چچا جان بائولی محلے میں شفٹ ہوئے- یوسف چچا جی سے سلائی کا کام سیکھتا تھا اور وہیں اس سے مناظرے چلتے رہتے تھے۔ ساتویں آتھویں پڑھنے والوں کا فہم کتنا کو ہو سکتا ہے بس اسی دائرہ کار میں۔ اسی زمانے میں ہم کتابیں بھئ اکسچینج کرتے تھے۔ یوسف کی دی ہوئی بائبل آج چھبئس ستائیس سال بعد بھئ میری کلیکشن کا حصہ ہے۔ ان میں سے بہت سارے گھرانوں میں تو شادی غمی میں شرکت بھی رہی ہے۔ 

ونے کمھار برھمن لڑکا تھا ڈیڑھ سال ایک کمرے میں ساتھ رہے۔ کھانا پینا، سونا جاگنا، دکھ درد ہر بات میں پردیسیوں کی ساجھے داری کو کون نہیں سمجھتا! اس کی بھنئ مچھلی کا ذائقہ اور مسالوں کی خوشبو آج بھئ زہن میں رچی ہوئی ہے۔ سعودیے میں گزارے بارہ سالوں میں جن سات مواقع پر مجھے شرطہ خانے کے چکر لگانے پڑے ان میں سے چار ونے کی وجہ سے تھے کہ اس کے ساتھ بدتمیزی کرنے کی وجہ سے اس کے مقامی کفیل کو دو بار پیٹا۔ 

جیکب، جوبن، وکرم یو اے ای میں ہماری ہرنسپل کمپنی کے مینجرز، ڈائیریکٹرز تھے۔ بیسیوں ملینز کی کاروباری شراکت داری رہئ۔ چوبیسوں گھنٹے کال پر یوں ہی محسوس ہوتا تھا کہ ہم لوگ ایک دوسرے کے شونو مونو ہیں۔ 

"راجیو، سیم" ھیڈ آفس میں مینجرز تھے۔ ھفتے دو بعد ایک آدھ دن لازمی ساتھ گزرتا۔ مشترکہ سیلز ٹارگٹس سیلز ٹیم کو یک جان ہی کر دیتے ہیں۔ اسٹریس ریلیف کے لئے کولیگز کا رونا دھونا بھی ایک دوجے کے ساتھ ہوتا ہے۔ 

رادھا، اینڈریو، گیری یہ سب کواپریٹ سیکٹر کے سخت گیر باسس کم ساسس تھے۔ ان سب سے بہترین ورکنگ ریلیشن، ٹسل، لڑائیاں، محبتیں، تعریفیں، ناراضگیاں سب کچھ جو پرسنل انڈرسٹینڈنگ بن جاتا ہے، وہ تعلق رہا۔

سجیت، ھری، بابو مان، انشد، جونی، اور بہت سارے فلپینو شروع دن سے اپنے ساتھ کام کرنے والے دوست بنے۔ اور ایک مشترکہ سانجھا، ڈھاڈھا گہرا رشتہ "پردیسی" کا ان سب کے ساتھ قائم ہوا۔ 

ان میں سے بیشتر آج بھی تعلق میں ہیں۔ ہر عید تہوار پر پیغام بھیجتے ہیں۔ جس کے لئے میں ان کا ممنون ہوتا ہوں۔ ان کی محبت، یاددھانی میرے لئے بہت قیمتی اور زندگی بھر کی کمائی سے بڑھ کر ہے۔ 

مگر قسم اٹھوا لیں ان سب غیر مسلم بہترین تعلق والوں کو کبھی کسی موقع پر میری کرسمس، ھیپی دیوالی، ھیپی ایسٹر، کہا ہو۔ کبھی ان کو ان کے تہواروں پر وش کیا ہو۔ کبھی انہیں اس حوالے سے میسج کیا ہو۔ ان کی طرف سے ان مواقع پر میسجز، تصاویر وغیرہ شئیر ہوتی ہیں تو ان کے لباس کی تعریف کرتا ہوں۔ ان کے بچوں کا احوال دریافت کرتا ہوں۔ ان کی بیگمات کے لئے نیک تمنائیں کرتا ہوں۔ ان کے کام کا ، کاروبار کا پوچھتا ہوں۔ ان کی ہدایت کی دعا کر دیتا ہوں۔ لیکن اپنے عقیدے، اپنے نظریے پر کمپرومائز کر کے وشز ؛ 

چہ معنی دارد- اور یقین مانئیے اس سب کی وجہ سے نہ کبھی مجھے کاروباری نقصان ہوا نہ ان سے تعلقات میں کمی آئی نہ گرمجوشی میں ٹھنڈ پیدا ہوئی۔ نہ وہ مجھے بھولے نہ میں نے انہیں فراموش کیا۔


IImran Aslam

نشکر مکرر


(اٹیچڈ تصویر میں ، میرے اور ارشد بھائی کے علاوہ سبھی غیر مسلم ہیں، جن سے بہت دوستی والا تعلق رہا ہے۔ اور یہ تصویر ایک ٹریننگ سیشن کی ہے ناکہ کرسمس وغیرہ کی)

منگل، 23 دسمبر، 2025

اس حال میں جینا لازم ہے!!


طبعیت کی خرابی نے ساری رات آنکھوں سے نیند چھینے رکھی۔ بدن بستر پر تھا مگر ذہن جاگتا رہا۔ فجر کے بعد کہیں جا کر آنکھ لگی، اور وہ بھی ایسی نیند جو آرام نہیں دیتی، صرف وقت گزارتی ہے۔ صبح آٹھ بجے کے قریب پلکوں نے نیند کے آگے آخرکار ہتھیار ڈال دیے۔ مگر جب جمعہ کے وقت آنکھ کھلی تو موبائل کی اسکرین پر چمکتی درجنوں مس کالز اور میسجز نے دل کو دھک سے روک لیا۔ سب ایک ہی یونیورسٹی کے بچوں کی طرف سے تھے۔ دل نے خود ہی کہہ دیا: اللہ خیر کرے، یہ خیر کی خبر نہیں۔

جمعہ کا وقت قریب تھا، سو نماز ادا کی، دعا مانگی، اور پھر ایک ایک کر کے وائس میسجز سننے شروع کیے۔ چند لمحوں میں خبر پوری طرح واضح ہو چکی تھی۔ لاہور کی ایک معروف نجی یونیورسٹی میں ایک نوجوان طالبعلم نے تیسری منزل سے کود کر خودکشی کر لی تھی۔

رابطہ کرنے والے تمام طلبہ چونکہ مجھے کونسلنگ کے حوالے سے “استاد” بھی سمجھتے ہیں، اس لیے وہ اپنے بکھرے ہوئے جذبات میرے سامنے انڈیل کر کچھ ہلکا ہونا چاہتے تھے۔ کسی کو میسج پر جواب دیا، کسی کو کال کر کے سنا اور سمجھانے کی کوشش کی۔ ایک دو بچیاں تو بالکل نڈھال ہو چکی تھیں، جیسے جسم میں جان ہی نہ رہی ہو۔ لڑکے بھی مایوسی اور غصے کے درمیان معلق تھے۔ حادثے کو چار پانچ گھنٹے گزر چکے تھے، سوشل میڈیا پر عدالتیں بیٹھی ہوئی تھیں اور فیصلے سنائے جا رہے تھے، اس لیے میں نے انہیں کم از کم اتنا ضرور سمجھانے کی کوشش کی کہ جذبات کے شور میں عقل کو مکمل دفن نہ کریں۔

مرنے والا نوجوان فارما ڈی کے پانچویں سمسٹر کا طالبعلم تھا۔ بتایا جا رہا تھا کہ ایک پروفیسر کی طرف سے مبینہ انسَلٹ، حاضری مکمل نہ ہونے کے باعث امتحان میں بیٹھنے کی اجازت نہ ملنا، اور پھر دلبرداشتگی میں اٹھایا گیا وہ انتہائی قدم — یہی بات طلبہ کو اندر سے جلا رہی تھی۔ وہ سسٹم اور اساتذہ کے رویّے سے نالاں تھے، شاکی تھے، غصے میں تھے۔ میں نے اپنی دانست میں انہیں یہ بات سمجھانے کی کوشش کی کہ مرنے والے کے لیے دعائے مغفرت ضرور کریں، اس کے والدین کے درد کو محسوس کریں، مگر اس موت کو سیمپتھی کے نام پر ہیرو مت بنائیں۔ کیونکہ ہیرو بنا دی گئی خودکشی، اگلے کمزور ذہن کے لیے خاموش دعوت ہوتی ہے۔

اس جواں موت سے بڑھ کر دوسرا صدمہ یونیورسٹی انتظامیہ کی بے حسی اور کم عقلی تھی۔ جہاں وہ خوبصورت نوجوان گرا، عین اسی مقام پر انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس کا میلہ سجا ہوا تھا۔ باقاعدہ افتتاح، رونق، قہقہے، اسٹیج — اور چند قدم کے فاصلے پر خون کے دھبے، پولیس اور تفتیش۔

وہ شاید طلباہ کو میسج دے رہے تھے کہ انسان مر سکتا ہے، مگر سسٹم کولمحہ بھر رکنے کی فرصت نہیں ہوتی۔

دوران گفتگو مجھے یہ شعر بار بار یاد آتا رہا

حادثے سے بڑا سانحہ یہ ہوا

لوگ ٹھہرے نہیں حادثہ دیکھ کر


اسی بے حسی نے طلبہ کے احساسات کو مجروح کیا، اور یہی مجروح احساسات احتجاج میں ڈھل گئے۔ رابطہ کرنے والے دوست طلبہ کو میں نے کچھ بنیادی نکات سمجھانے کی کوشش کی، اور الحمدللہ اکثر نے بات کو سمجھا بھی۔

اول: اگر اس نوجوان نے خودکشی کی ہے تو یہ ایک حرام فعل ہے، کسی صورت جائز نہیں۔

دوم: اس کی مغفرت کی دعا، اس کی بخشش کی امید، اور جنازہ پڑھنا عام مسلمانوں کے لیے جائز اور قریبی لوگوں کے لیے ضروری ہے، کیونکہ ہمیں اس کے گناہِ کبیرہ کی بخشش بھی تو مانگنی ہے۔ البتہ نمایاں شخصیات کا اجتناب دوسروں کے لیے عبرت بن سکتا ہے۔

سوم: اساتذہ، سسٹم اور یونیورسٹی کا کردار ضرور زیرِ بحث آئے گا، مگر اپنی جان لینے کی ذمہ داری سے وہ نوجوان مکمل طور پر بری نہیں ہو جاتا۔ پریشانی قصور کو ختم نہیں کرتی۔

چہارم: اس موت کو ہیروئک، مظلومانہ یا رومانوی بنا دینا نہ صرف غلط ہے بلکہ ان تمام پریشان حال نوجوانوں پر ظلم ہے جو انہی حالات میں جینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

تیسرے روز جب طلبہ نے احتجاجی جلوس نکالنے کا فیصلہ کیا تو باقاعدہ گفتگو کے بعد ہم اس نتیجے پر پہنچے کہ چارٹر آف ڈیمانڈز میں کچھ نکات محض لفاظی ہیں۔

صاف شفاف انکوائری، فیس ریفنڈ، امتحان کے لیے حاضری کی ریشو میں نرمی، اور یونیورسٹی میں مینٹل ہیلتھ سہولیات کی موجودگی — یہ مطالبات بالکل درست اور جائز ہیں۔

لیکن خودکشی کرنے والے کے نام پر یادگار بنانا، عمارت کا نام رکھنا، اساتذہ کو برطرف کرنا، یا نجی یونیورسٹی میں اسٹوڈنٹ یونین کا مطالبہ — یہ قطعا اصلاح نہیں، جذباتی ردِعمل ہے۔

اس کے بعد میں نے ان طلبہ کو باقاعدہ وقت دیا۔ طویل ڈسکشن ہوئی۔ خودکشی، اسٹریس، ڈپریشن اور ذہنی دباؤ پر کھل کر بات کی گئی۔ نوجوان ان معاملات کو کس نظر سے دیکھتے اور کس طرح سوچتے ہیں یہ ایک خطرناک صورتحال ہے۔ 


 پچھلے آٹھ نو سال میں نوجوان طبقے کے ساتھ مسلسل کام کرنے کا موقع ملا ہے۔ اللہ کے خصوصی کرم سے سینکڑوں طلبہ اور ان کے والدین کی کوچنگ اور کونسلنگ کا موقع ملا، اور جہاں معاملہ سائیکالوجسٹ یا سائیکاٹرسٹ تک جانا چاہیے، وہاں مکمل رہنمائی اور سپورٹ دی۔ الحمدللہ، بہت سی دعائیں، بہت سے بکھرتے ذہن، اور کئی مسکراتی ہوئی زندگیاں اس سفر کا حصہ بنیں۔

انہی مشاہدات، انہی تجربات، اور حالیہ واقعات کے عینی گواہوں سے گفتگو کے بعد اب خودکشی جیسے قبیح فعل پر کچھ باتیں لکھنا ضروری محسوس ہو رہا ہے۔ نوجوانوں میں ڈپریشن، اسٹریس، ریزلئینس کی کمی، اعصاب کا ٹوٹنا، تڑخنا، اور جینا مرنا کس قدر ۔ایویں۔ سمجھا جا رہا ہے — یہ سب میں نے بہت نزدیک سے دیکھا ہے۔

آنے والے دنوں میں ان موضوعات پر تسلسل کے ساتھ لکھنے کا ارادہ بن رہا (اللہ آسانی کرے) ، اسلامی نفسیات، اخلاقی، سماجی، معاشرتی زاویوں سے — اس نیت کے ساتھ کہ شاید کسی ایک دل میں زندگی دھڑکنے لگ جائے، اور کسی ایک قدم کو آخری قدم بننے سے روکا جا سکے۔


Imran Aslam

MINDSET COACH


#MentalHealthAwareness

#SuicidePrevention

#YouthMentalHealth

#CampusResponsibility

#PsychologicalWellbeing

ہفتہ، 20 دسمبر، 2025

وہ غم ہو یا الم ہو درد ہو یا عالم وحشت


اسے اپنا سمجھ اے زندگی جو تیرے کام آئے


جاسوسی ناولوں اور ڈائجسٹوں کی کہانیاں پڑھتے ہوئے تنویمی عمل، مائنڈ ریڈنگ، میچنگ اینڈ مررنگ، ریفریمنگ، دوسروں کے رویّوں پر اثرانداز ہونے اور نفسیاتی حربوں کی ابتدائی جھلکیاں بچپن ہی میں لاشعور کی تہوں میں سرایت کرتی چلی گئیں۔ اُس وقت ان اصطلاحات کے نام معلوم نہ تھے، مگر انسانی ذہن کے پیچ و خم سے شغف خاموشی سے پروان چڑھتا رہا۔


سیلف ہیلپ کی دنیا میں پہلا باقاعدہ قدم آٹھویں جماعت کی گرمیوں کی چھٹیوں میں پڑا، جب راولپنڈی فیض آباد کے فٹ پاتھ سے ڈیل کارنیگی کی چند پرانی، پھٹی ہوئی کتابیں ہاتھ لگیں۔ *How to Win Friends and Influence People* نے انسانی تعلقات کی باریکیوں کو سادہ مگر گہرے اسلوب میں سمجھایا، جبکہ *How to Stop Worrying and Start Living* اندھیری راتوں میں روشن چراغ ثابت ہوئی۔ انہی کہانیوں اور اسباق کو دہرا دہرا کر دوسروں کو حوصلہ دیتے ہوئے، لڑکپن ہی میں اپنے اندر ایک لائف کوچ پنپتا محسوس ہونے لگا تھا۔


اسی کتاب کے حصے *I Lived in the Garden of Allah* (R. V. C. Bodley) نے مشکل حالات میں ایک مسلمان کے ردِعمل کی جیتی جاگتی تصویر سامنے رکھی، اور لفظ “مکتوب* ( تقدیر میں ایسے ہی لکھا ہوا ہے) میرے لئے ایک لفظ نہیں بلکہ طرزِ فکر بنتا چلا گیا۔ باب *Don’t Let the Beetles Get You Down* جب بھی ذہن میں تازہ ہوتا، تو سوچ کی ایسی ریفریمنگ ہوتی کہ شدید دباؤ اور خطرات کے باوجود دل مطمئن اور نیند پرسکون رہتی۔


ریاض میں ڈاکٹر نواف اور دیگر رفقا کے ساتھ **شیئون اجتماعیہ الریاض** میں کام کے دوران نفسیاتی تھراپیز، مینٹل ہیلتھ، کونسلنگ اور این ایل پی سے باضابطہ تعارف ہوا۔ ایک موقع پر ڈاکٹر نواف کا جملہ آج تک یاد ہے: *“عمران، تم بنے بنائے تھراپسٹ ہو؛ آئی ٹی بزنس کے بجائے نفسیات میں آ کر لوگوں کی خدمت کرو۔”ان تعریفی کلمات نے ہمیشہ زہن و دل میں جگمگا کر میرے لئے سمت متعین کرنے میں رہنمائی کی۔


MUMKIN حضرت نئیر سے کوچنگ کے رموز و اوقاف سیکھنے کی کوشش رہی۔ کمپنیز کی جانب سے کچھ لیڈر شپ، کچھ بزنس پڑھانے سکھانے کی دراخواست ہوتی تھی تو پہلے خود دوبارہ سے طالبعلمی اختیار کی اور باقاعدہ سیکھ کر آگے سکھایا۔


الریاض میں جماعتِ اسلامی ہند کے موجودہ نائب امیر *امین الحسن* Ameenul Hasan صاحب کی کلاسز اٹینڈ کی۔ ایک ایسی شخصیت جو مذہبی اسکالر، سیاسی رہنما، تعلیمی اور نفسیاتی میدانوں میں یکساں وقار رکھتی ہے۔ ان سے این ایل پی سیکھنے کا موقع ملا، جس نے نظریے کو مزید عملی شکل دی۔


اصلاح اور ایڈ کے دنوں سے کونسلنگ اور کوچنگ کا سلسلہ جاری تھا، مگر یہ احساس واضح ہوتا گیا کہ اس بحرِ بیکراں میں تیراکی کے لیے محض فطری رجحان کافی نہیں، باقاعدہ سیکھنا ضروری ہے۔ چنانچہ نفسیات میں بطور طالبِ علم داخلہ لینے کے ساتھ متعدد کورسز کے زریعے خود کو پالش کرنے کی سعی جاری رہئ۔


اس برس جب بیگم صاحبہ نے این ایل پی کا کورس اِنرول کیا تو شوقِ اقتدا میں ہم بھی میدان میں اتر آئے، اور M. Sadeed Mirza: Center of Personal Excellence کے سامنے زانوئے تلمذ تہہ کیا۔ پھر ہم تھے شوق تھا، زوق تھا، موقع تھا رسم دنیا تھی دستور تھا اور ہماری شرکت تھی؛ ہم این ایل پی ماسٹر پریکٹیشنر سرٹیفکیٹ سے گلے مل کر ہی اٹھے۔


اب ہم باضابطہ طور پر

**Certified Master NLP Practitioner،

Certified Hypnotist،

Certified Coach،

Certified Counselor**

ہیں۔


اس پس منظر اور عملی تجربے کے ساتھ خود کو **LIFE COACH** کہنا کسی دعوے سے زیادہ ایک ذمہ داری محسوس ہوتی ہے۔ آپ باقاعدہ کوچنگ، کونسلنگ کے لئے رابطہ فرما سکتے ہیں۔


**الحمدللہ الذی بنعمتہ تتم الصالحات۔**


Imran Aslam

Mindset Coach

Flickr