بلوگل ٹریڈرز (اسلامباد میں کمپیوٹر ھول سیل کا کاروبار) ہمارے دور نوجوانی کا وہ بینگو جمپ تجربہ تھا جس دوران ہمارے جسم سے بندھی رسی کھل گئی اور ہم ھڈی پسلی تڑوا کر سعودیہ جا پہنچے تھے۔
2004 سے 2008 تک کا وہ دور جہاں بہت تلخ یادیں چھوڑ کر گیا وہیں سیکھ کے حوالے سے بھی یادگار رہا۔ ماجو یونی کے کیمپس کے باجو سیور کے چاولوں کی مہک میں بلو ایریا کی دھوپ سینکتے وہیں ہمیں درانی بھی ملا تھا۔ اک وکھری ہی ٹیپ کا بندہ۔
درانی کا قول تھا کہ اگر تمہارے پاس چار لاکھ ہے تو اسے چالیس لاکھ بنا کر دکھائو اور اگر چالیس لاکھ ہے تو چار کروڑ چالیس لاکھ بتائو۔ یہی مارکیٹ میں آگے بڑھنے کا گر ہے۔ یوں ہم تو اس انداز اظہار پر کبھئ فدا نہ ہو پائے لیکن درانی اسی طریقے کا خوب استعمال کرتا تھا۔
دو پلازے چھوڑ ، بیسمنٹ میں ایک دفتر ، دفتر میں دو میز اور چار کرسیاں۔ یہی اس کا کل اثاثہ تھا۔ ہاں یاد آیا ایک لیپٹاپ کا بیگ بھی اس کے گلے لپٹا ہوتا تھا۔ کواپریٹ سیکٹر میں اٹھتے بیٹھٹے تاجروں کے ساتھ دوستی یاری لگا کر رکھنا اور ان عقابوں کے پنچوں سے بچ نکلنے والے کلائئنٹس کو پکڑ کر اپنے دفتر تک لانا اس کا محبوب مشغلہ تھا۔ جونہئ کوئی نیا "پارو" اس کے دفتر کے سامنے کی سیڑھیاں اترتا وہ میرا فون کھڑکا دیتا۔ اس معاملے میں اس کی کارگری کی داد بنتی ہے کہ اسے ہماری بہت ساری انونٹری کا معلوم ہوتا تھا۔ لیکن وہ متوقع گاہک کو کہانی سنا کر مجھے فون کھڑکاتا۔
"یار عمران چار لیپ ٹاپ تیار کروا دو فلاں کے لئے، تین سرور، دو ایل سی ڈیاں ریڈی رکھو۔ شام میں فلاں صاحب آئیں گے لینے"
فون بند ہونے کے فورا بعد دوبارہ بجتا۔
"یار پنڈی والے وئیر ہائوس میں کتنے سسٹم موجود ہیں۔
اور وہ اگلی شپمنٹ کب تک پہنچ رہی کراچی۔اس کی لسٹ تو بھجوانا زرا"
اس کے دس بیس منٹ بعد ہی وہ کلائینٹ کو لئے ہمارے وئیر ہائوس میں آن ورد ہوتا۔ کام والے لڑکوں سے یوں مخاطب ہوتا کہ مالک وہی ہے۔ کروڑ ڈیڑھ کروڑ کی باتیں کرتے، دوہری چھت تک بھرے گودام کے سامان کا نظارہ کراتے کلائینٹ کی آنکھوں میں یقین اور اعتماد کی جوت جلاتے وہ اسے دو چار سسٹم چپکا چکا ہوتا تھا۔
مجھے اس کی اس طرح کی ڈیلنگ سے کبھی مسئلہ نہ ہوا تھا چاہے وہ سامان کہیں باہر سے اٹھا لیتا جبتک اس کا مال ٹھیک رہا۔ لیکن جب اس نے دو چار بڑے کلائینٹس کو میرے سسٹم دکھا کر ، باہر سے گڑبڑ والا مال دیا تو میرا ماتھا ٹھنکا کہ یوں تو بدنامی میرے حصے آئے گی اور وہ بھی مفت۔ تب ہم نے اس ا نداز کی ڈیلنگ کے لئے ہمارا نام اور گودام استعمال کرنے سے منع کر دیا۔
یہ سب یاد یوں آیا کہ اب بھی وہی چار لاکھ کا چالیس لاکھ بنانے اور بتانے والے ہر طرف پائے جاتے ہیں۔ خاص کر اس ڈیجیٹل دور میں سوشل میڈیا پر متحرک "بزنس مینوں" کی آنیاں جانیاں دیکھ کر درانی کا چہرہ آنکھوں کے سامنے گھوم جاتا ۔
عمران اسلم

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں