انس الشریف کی وصیت کے الفاظ نگاہوں سے گزرے
میں آپ کو اپنی زندگی کی ساتھی، میری پیاری بیوی أم صلاح بیان کی بھی سفارش کرتا ہوں، جس نے ہمارے طویل اور مشکل جنگ کے دنوں میں ثابت قدمی سے عہد وفا کیا۔ وہ زیتون کے درخت کی طرح مضبوط، صابر اور محتسب رہی اور میری غیر موجودگی میں امانت کو بھرپور قوت اور ایمان کے ساتھ سنبھالا۔
پھر اس کی بیوہ کا انٹریو پڑھنے کو ملا کہ کیسے تمام تر خوف، ڈر کو شکست دیتے ہوئے اس نے انس کا ہر موڑ پر ثابت قدمی سے ساتھ دیا۔ اور کس طرح خود کو انس کی وصیت کے قابل بنایا کہ اپنی اولاد اور اپنی ماں کی دیکھ بھال کی زمہ داری مکمل اعتماد کے ساتھ اسے سونپ رہاہے۔
احمد الشرع کا بیان یاد آیا کہ میری بیوی نے میرے ساتھ انچاس مکانات تبدیل کئے چودہ سالوں میں مرغی کے دڑبوں اور غاروں میں میرے ساتھ رہی۔
نعیم صدیقی رح کی نظم یاد آئی
گر تم ساتھ نہ دو تنہا مجھ سے کیا ہو گا۔
پہاڑوں کے دامن میں چین کی نیند سوتے ایک اصیل و صیقل شاعر اور اس کی زوجہ کی شہادت کا منظر زہن دریچے میں گھوم گیا۔ کہ نور تڑکے بانگ دیتے مرغان سحر کے ساتھ اٹھتے ، یخ بختگی سہتے روزہ رکھتے کسی اڑتی چیل کے ہنجوں سے گرے بارود کا نشانہ بننے والے جوڑے نے کیسے وفا کی داستان چھوڑی۔ کوئی روزنامچی موجود ہوتا تو کیسی حسین داستان رہتی دنیا تک سننے کو ملتی۔
ابو فہد کا ہنستا ہوا لہجہ کانوں میں رس گھولنے لگا، جب وہ عنیزی بدویانہ انداز میں اپنی بیوی کے ایسے گن گاتا تھا تھا کہ لوگ کن اکھیوں سے اشارہ کرتے لو آگیا رن مرید۔ مگر سچ یہی کہ اس کی شدید بیماری میں اس کی تمیاداری واسطے اس کی بیوی نے ساٹھ ہزار ریال کی شاندار نوکری اور بہترین مستقبل چھوڑ دیا۔
"يا وفـي، ترك لأجلي مـرزوقٍ بأكثر من ستّين ألف ريال،
ووالله قلبي ما يهدى عنّه، يطلب له قصورٍ فـجنّات عدن،
الله يجزيه بالخير ويجعـل مقامه عالي مثل ما رفع قدري
اور اس کی زوجہ کا رنگ روپ تب کھلا کہ رمضان میں اپنے پچاس کے قریب کام کرنے والوں کا بہترین افطار اپنے ہاتھوں سے تیار کر کے ان کے ٹھکانوں تک پہنچانے کا انتظام کرتی تھی۔ اور اس دوران اس کے تمام نوکروں کو چھٹی ہوتی تھی۔
نجد کا اک شہزادہ گنگناتا ہوا سامنے آ گیا۔
زوجتی انت حیاتی انت روحتی۔ اور وہ حیات وہ روح اس کے سنگ کنالوں پر محیط محل، نوکر، گاڑیاں شوفر جائدادیں چھوڑ کر سرزمین انبیاہ کو جا نکلی۔ وفادار تھی سو دنیا میں بھی نباہ کر گئی اور پھر کسی معرکے میں دونوں نے کہیں اکٹھے موت تک ساتھ رہنے کا پیمان بھی نبھائا۔ اس کے ہجرتی فیصلے میں کئی مشورے ہمارے حصے میں بھی آئے۔ اور یہی کل کی بات لگتی ہے جب پہلے وہ اس بات سے پریشان تھا کہ کیسے شریک حیات کو شریک راز کرے کہ جانے سے پہلے اسے بتانا ضروری ہے۔ اور پھر بتا کر یہ خفگی کہ وہ ساتھ جانے پر بضد ہے۔ کتنے ہی خطوط میں اس نجدی جانباز نے شکر کے کلمات کے ساتھ اپنی زوجہ کے لئے تعریفی کلمات اور حیرانگی کے تاثرات قلمبند کئے کہ وہ ناز و نعم میں پلی شہزادی کس طرح حالیہ تاریخ کی سخت ترین جنگوں میں سے کچھ معرکوں میں اس کے شانہ بشانہ شریک رہی۔ اور کس طرح اس ملینر شہزادی نے کسم پرسی پر شکرانے کہے، بے وطنی کو ہجرت کی سنت گردانا۔ بھوک پیاس پر شعب ابی طالب کو یاد کر کے ڈھارس بندھائی۔ پہاڑوں جنگلوں بیابانوں میں پیدل چلنے کو بی بی ہاجر کی سعی کا پرتو قرار دیتے ہوئے ہمت بڑھائی۔
ساڑھے چھ فٹ کا وہ جوان جو نچلے دھڑ سے معذور چارپائی پر پڑا تھا، اور اس کی شریک حیات اس کے لئے لمحہ لمحہ آب حیات بنتی تھی، اپنی خدمت سے، اپنے لہجے سے، اپنے اطوار سے اور اپنی مسکراہٹ سے۔ اور پھر دو سال بعد وہ اپنے پیروں پر کھڑا رب کا شکر ادا کر رہا تھا ، اپنی خدمت شعار بیوی کی محبت کا اسیر اور ممنون۔
فیصل آباد کے کسی گائوں کا وہ زمیندار یاد آیا جو ایک سال میں سترہ آپریشن کروا چکا تھا کہ اپنے پیروں پر کھڑا ہو سکے، اور اس کی پنڈلیوں سے گزرتی تاروں کے زخموں سے نکلتی پیپ اور بدبو کے بھبوکے لمحہ بھر کو برداشت کرنے مشکل ہوتے تھے لیکن اس کے غصے، اس کی جنھجلاہٹ ، اس کے شور شرابے کو برداشت کرتی اس کی بے بسی کو سنبھالتی ایک ہی ہستی اس کی ڈھارس بندھاتی اس کے پل صراط پر انگلی تھامے کھڑی تھی۔ اس کی دوا، اس کی دعا اور اس کی شفاہ بنتی اس کی ہمسفر۔
عمران اسلم
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں