بدھ، 29 اکتوبر، 2025

کرٹیکل تھنکنگ۔


عقل وہ چراغ ہے جو انسان کو جذبات، تعصب اور اندھی تقلید کے اندھیروں میں روشنی دیتا ہے۔ مگر ہم نے اس چراغ کو دیوار پر ٹانگ کر سجاوٹ بنا دیا ہے، اس سے روشنی لینے کے بجائے اس کی روشنی سے آنکھیں چرا لی ہیں۔ ہم سوال سے ڈرتے ہیں، تحقیق سے گریز کرتے ہیں، اور جس نے سوچنے کی جرات کی، ہم نے اس کے لیے فتوے تراش رکھے ہیں۔ ہمارے معاشرے نے تدبر کو گستاخی، اور تفکر کو بے ایمانی بنا دیا ہے۔ خانقاہوں سے لے کر یونیورسٹیوں تک ہمیں سوال کرنے نہیں، بس ماننے کی تربیت دی جاتی ہے۔ ہمیں کہا جاتا ہے، “پوچھو مت، تسلیم کرو۔” اور یوں ہم نے اطاعت کو ایمان، اور تحقیق کو گناہ بنا دیا۔


کبھی غور کیا کہ ہم نے عقل کو ایمان کا دشمن کیوں سمجھ لیا؟ وہی عقل جس کا ذکر قرآن میں بار بار آیا — اَفَلَا تَعْقِلُونَ؟ کیا تم عقل نہیں رکھتے؟ مگر ہم نے اس سوال کو بھی خاموش کر دیا۔ ہم نے سوچنے، پرکھنے، نئے زاویے سے دیکھنے کو اپنی “حدود” سے تجاوز سمجھ لیا۔


سوچنا بغاوت نہیں۔ یہ وہ نور ہے جو ابراہیم علیہ السلام کے دل میں بھڑکا جب انہوں نے رب سے عرض کی، رَبِّ اَرِنِیْ كَیْفَ تُحْیِ الْمَوْتٰى؟ — “اے رب، مجھے دکھا کہ تُو مردوں کو کیسے زندہ کرتا ہے؟”

یہ سوال گستاخی نہیں، طلبِ یقین کی معراج ہے۔ سوچنا رد نہیں، فہم کا عمل ہے۔ یہ ضد نہیں، بصیرت ہے۔ یہ ہر چیز کو ٹھکرانا نہیں بلکہ ہر شے کو سمجھ کر قبول یا انکار کرنا ہے۔ مگر ہم نے غوروفکر کو گروہی وفاداریوں کے تنگ دائرے میں قید کر دیا ہے۔ ہم سوچتے نہیں، صرف ردعمل دیتے ہیں۔ ہم دلیل نہیں سنتے، صرف اپنے جذبات کو دہراتے ہیں۔


سیاست ہو یا مذہب، تعلیم ہو یا میڈیا — ہم سب اس ذہنی تعصب کے شکار ہیں جو صرف وہی سنتا ہے جو سننا چاہتا ہے۔ جو بات ہمارے عقیدے، جماعت، یا پسندیدہ شخصیت کے مطابق ہو، وہی حق ہے۔ جو اس سے مختلف ہو، وہ باطل۔ ہم دلیل کی جانچ نہیں کرتے، صرف قائل کی پہچان دیکھتے ہیں۔ اگر وہ “ہمارا بندہ” ہے تو اس کی بات درست، اگر مخالف ہے تو باطل۔ یہی وہ جمود ہے جو ہمیں قرون سے زنجیروں میں جکڑے ہوئے ہے۔


سوچنے کی یہ صلاحیت دراصل ذہنی آزادی ہے۔ وہ طاقت جو قوموں کو تقلید کے اندھیروں سے نکال کر تخلیق کی روشنی میں لے جاتی ہے۔ مگر ہم نے اسے اپنی نصابی کتب سے نکال پھینکا۔ ہمارے تعلیمی ادارے ڈگریاں بانٹتے ہیں، ذہن نہیں تراشتے۔ ہمارے اساتذہ سوال سے خفا ہو جاتے ہیں، ہمارے نوجوان دلیل دینے سے ڈرتے ہیں۔ ہم تجزیہ نہیں کرتے کیونکہ ہمیں خوف ہوتا ہے کہ سوچنے سے ہمارے پرانے یقین بدل نہ جائیں۔ اور چونکہ وہ یقین ہماری “انا” سے جڑے ہوتے ہیں، اس لیے ہم تبدیلی سے بھاگتے ہیں۔


پھر ہم فخر سے کہتے ہیں: ہم زندہ قوم ہیں۔ مگر کیا واقعی؟ ہم سانس لیتے جسم ہیں جو دوسروں کے خیالات پر جیتے ہیں۔ ہم نے اپنی عقل گروی رکھ دی ہے — کبھی مذہبی جذبات کے نام پر، کبھی سیاسی نعروں کے سائے میں، اور کبھی اپنی گروہی شناختوں کے خول میں۔


ذرا رک کر سوچو — کیا ہمارے نظریات واقعی ہمارے ہیں؟ یا ہم نے بس وہی قبول کر لیا جو ماحول نے ہمارے ذہن میں انڈیلا؟ جب کسی رائے پر ہمیں غصہ آتا ہے، کیا وہ غصہ ہماری اپنی سوچ کا نتیجہ ہے یا کسی مقرر، لیڈر، یا یوٹیوب ویڈیو کا عکس؟ ہم نے اپنی رائے بنانی چھوڑ دی ہے۔ ہم دوسروں کے جملے دہراتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ یہ ہماری سوچ ہے۔


سوچنے کا عمل انسان کو جذبات سے خالی نہیں کرتا، بلکہ انہیں سمت دیتا ہے۔ یہ یقین کو کمزور نہیں کرتا بلکہ مضبوط کرتا ہے، کیونکہ وہ یقین دلیل کی بنیاد پر قائم ہوتا ہے، اندھی تقلید پر نہیں۔ مگر ہم نے تقلید کی ایسی زمین میں بیج بوئے ہیں جہاں تحقیق کا پودا اگ ہی نہیں سکتا۔


قومیں تب تباہ نہیں ہوتیں جب ان کی معیشت کمزور ہو، بلکہ تب جب ان کے ذہن بانجھ ہو جائیں۔ آج ہمارے ادارے علم نہیں، نوکریوں کی سند دیتے ہیں۔ ہماری عبادات روح سے خالی ہو چکی ہیں، ہماری سیاست وفاداری مانگتی ہے، بصیرت نہیں۔ ہمارا میڈیا شعور نہیں پھیلاتا، شور پیدا کرتا ہے۔ اور ہم سب مطمئن ہیں کہ ہم “باشعور” ہیں۔


سوچنے والے کا پہلا قدم یہی ہے کہ وہ ہر بات پر رک کر سوال کرے: کیا یہ سچ ہے؟ کس بنیاد پر ہے؟ میں اس نتیجے تک خود پہنچا ہوں یا کسی نے میرے لاشعور کو اس کی عادت ڈالی ہے؟ جب آپ سوال کرنے لگتے ہیں تو آپ کے اندر کے خوف ٹوٹنے لگتے ہیں۔ کیونکہ سوچنے والا غلام نہیں رہتا۔ وہ سچ کو پہچانتا ہے، چاہے وہ اس کے قبیلے یا نظریے کے خلاف ہی کیوں نہ ہو۔


ہم نے اپنے دماغوں کو فیس بک کے تبصروں میں دفن کر دیا ہے۔ ہم ہر دن نئی سازش کے قائل ہو جاتے ہیں کیونکہ تحقیق کا حوصلہ نہیں رکھتے۔ ہم ہر تقریر پر واہ واہ کرتے ہیں کیونکہ خود تجزیہ کرنے کی عادت نہیں۔ ہم اختلاف کو دشمنی سمجھتے ہیں کیونکہ برداشت کا مادہ مر چکا ہے۔


سوچنے والا انسان بہتر مومن بنتا ہے۔ کیونکہ وہ ایمان کو اندھی تقلید نہیں، روشن فہم پر استوار کرتا ہے۔ مگر یہ راستہ آسان نہیں۔ اس میں تنہائی ہے، مذاق ہے، مخالفت ہے۔ مگر یہی وہ راستہ ہے جو انسان کو ہجوم کے اندھوں سے نکال کر اہلِ بصیرت کے قافلے میں شامل کرتا ہے۔


ہمیں اپنے خول سے باہر آنا ہوگا۔ ہمیں سوال کرنے، تجزیہ کرنے، دلیل دینے اور قبول کرنے کی روش اپنانی ہوگی۔ کیونکہ قومیں نعرے نہیں، نظریات سے بنتی ہیں۔ جذبات نہیں، عقل سے چلتی ہیں۔ ایمان خداے لم یز ل کی اطاعت کے سا تھ اس کے عطا کردہ فہم سے مضبوط ہوتا ہے۔


اور یہی سوچنے کا وہ عمل ہے جو انسان کو باشعور بناتا ہے جو یقین کو اندھیروں سے نکال کر بصیرت کے آسمان پر لے جاتی ہے۔


IMRAN ASLAM

MINDSET COACH

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Flickr