جمعرات، 25 دسمبر، 2025

اس حال میں جینا لازم ہے! (دوسرا حصہ)


Imran Aslam

MINDSET COACH


اس حال میں جینا لازم ہے!

دوسرا حصہ


یہ مضمون اگر آپ نے سکون سے پڑھ لیا، تو ممکن ہے آپ کو کسی جنازے پر کھڑے ہو کر یہ جملہ دوبارہ نہ کہنا پڑے:

 “ہمیں تو کچھ پتا ہی نہیں تھا”۔

ہمارا سماج اس وقت ایک ایسی خاموش لڑائی لڑ رہا ہے جس میں نہ بارڈر ہے، نہ دشمن نظر آتا ہے، مگر لاشیں مسلسل گر رہی ہیں۔ یہ جنگ نوجوانوں کے ذہنوں میں لڑی جا رہی ہے۔ وہ نوجوان جنہیں ہم ملک کا مستقبل کہتے نہیں تھکتے، وہی نوجوان آج اپنی زندگی کو بوجھ سمجھ کر ختم کر رہے ہیں۔ یہ کوئی ایک آدھ واقعہ نہیں، یہ ایک پیٹرن ہے، ایک سلسلہ ہے، ایک چیخ ہے جو سنائی نہیں دے رہی کیونکہ ہم سننا نہیں چاہتے۔


پاکستان میں ہر سال تقریبا چھ سے آٹھ ہزار افراد خود کشی کرتے ہیں جبکہ خودکش کوشش کرنے والوں کی تعداد کم از کم ڈیڑھ سے دو لاکھ تک ہو سکتی ہے۔ ان میں سے بیشتر نوجوان پندرہ تا تیس سال کے ہوتے ہیں۔


ایک لائف کوچ کے طور پر میں نے سینکڑوں نوجوانوں کو یہ کہتے سنا ہے: 

“مجھے لگتا ہے میں ناکام ہوں”

میں جانتا ہوں کہ یہ جملہ اکثر ۔گرائو۔ کی تمہید ہوتا ہے۔ اور بطورنفسیات و سماجیات کے طالبعلم میں یہ صاف دیکھ رہا ہوں کہ یہ ناکامی فرد کی نہیں، پورے سپورٹ سسٹم کی ہے۔ فیملی سسٹم کی ہے، والدین کی ہے، سماج کی ناکامی ہے۔ 

تتلیاں، جگنو پکڑنے کی عمریں غم حیات کو سر چڑھتے دیکھتے گزر جاتی ہیں۔ پاکستان میں نوجوانی اب دریافت کا دور ہی نہیں رہی، بلکہ دباؤ کا نام بن چکی ہے۔ ۔ بچہ ابھی بولنا سیکھتا ہے اور ہم اس سے پوچھنا شروع کر دیتے ہیں: “ڈاکٹر بنو گے یا انجینئر؟”۔ ہم نے زندگی کو اتنا تنگ کر دیا ہے کہ اگر وہ ایک راستے سے ہٹ جائے تو اسے زندگی ہی ختم ہوتی نظر آتی ہے۔ یہ سوچ کہ “بس یہی ایک چانس تھا” دراصل ایک نفسیاتی قید ہے، اور قید میں پڑا ذہن اکثر خودکشی کو آزادی سمجھنے لگتا ہے۔

گزشتہ سالوں میں نوجوانوں اور طلباء میں خودکشی کے بڑھتے ہوئے واقعات ہمیں یہ بتا رہے ہیں کہ مسئلہ کو ڈپریشن، اسٹریس یا دیگر نفسیاتی ٹرمز میں لپیٹ کر اگنور نہیں کیا جا سکتا، نوجوانوں میں زندگی سے، جینے سے چڑ ، والدین، استاد، معاشرے کی طرف سے ریزیلئینس، ہمت، برداشت، صبر جینے کا فن سکھانے میں ناکامی اور نوجوانوں سے وابسطہ غیر ضروری و غیر فطری توقعات، شرمندگی، خوف، اور بے بسی کا مجموعہ ہے۔ 


تعلیمی نظام نے بچوں کو انسان نہیں بلکہ نمبرز میں بدل دیا ہے۔ رزلٹ آیا نہیں کہ سارا وقار، سبھی احترام چھن گیا، طنز شروع ہو گیا، اور موازنہ پورے خاندان میں گردش کرنے لگا۔ ایک بچہ جسے یہ احساس دلایا جائے کہ اس کی قدر صرف اس کے نمبرز سے ہے، وہ فیل ہونے پر خود کو بے کار سمجھنے لگتا ہے۔ اور جب انسان خود کو بے کار سمجھ لے، تو موت اسے حل لگنے لگتی ہے۔


 والدین کا کردار نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ اکثر والدین نیتاً ظالم نہیں ہوتے، مگر لاعلمی میں قاتل بن جاتے ہیں۔ “ہم نے تم پر اتنا خرچ کیا ہے” جیسے جملے بچے کے لاشعور میں ایک خطرناک تصور بٹھا دیتے ہیں: میں بوجھ ہوں۔ یہ احساسِ بوجھ خودکشی کے سب سے مضبوط محرکات میں سے ایک ہے۔ نوجوان خود کو مسئلہ سمجھنے لگتا ہے، اور مسئلہ ختم کرنے کا ایک ہی طریقہ اسے دکھائی دیتا ہے: خود کو ختم کرنا۔

ڈیجیٹل دور نے اس بحران کو مزید خطرناک بنا دیا ہے۔ سوشل میڈیا ایک ایسا آئینہ بن چکا ہے جس میں نوجوان خود کو مسلسل دوسروں سے کمتر دیکھتا ہے۔ کسی کی کامیابی، کسی کی گاڑی، کسی کی شادی، کسی کا بیرونِ ملک داخلہ، سب کچھ ایک اسکرین پر، ایک کلک کی دوری پر۔ حقیقت یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر دکھائی جانے والی زندگی زیادہ تر جھوٹ ہوتی ہے، مگر ایک کمزور ذہن اس جھوٹ کو سچ مان لیتا ہے۔ پھر جب آن لائن بلیک میلنگ، تضحیک یا کردار کشی شامل ہو جائے، خاص طور پر لڑکیوں کے معاملے میں، تو “عزت” کے نام پر موت کو ترجیح دی جاتی ہے۔ 

یہ سب اس لیے بھی ہو رہا ہے کیونکہ پاکستان میں ذہنی صحت کا تصور آج بھی شرمندگی سے جڑا ہوا ہے۔ ماہرین کے پاس جانا کمزوری سمجھا جاتا ہے۔ رونے کو بہانہ کہا جاتا ہے۔ اسکولوں میں بچوں کے رویے کے مسائل کو بدتمیزی سمجھ کر سزا دی جاتی ہے، حالانکہ وہ اکثر مدد کی خاموش درخواست ہوتی ہے۔ ہم علامات کو ڈانٹ دیتے ہیں، بیماری کو نہیں سمجھتے۔

یہ بات اب واضح ہو جانی چاہیے کہ نوجوان خودکشی اس لیے ہی نہیں کرتے کہ وہ کمزور ہوتے ہیں، بلکہ اس لیے بھی کرتے ہیں کہ وہ تنہا ہوتے ہیں۔ ان کے پاس کوئی محفوظ جگہ نہیں ہوتی جہاں وہ یہ کہہ سکیں: “میں ٹھیک نہیں ہوں” اور سامنے والا انہیں جج نہ کرے، لیکچر نہ دے، شرمندہ نہ کرے۔ وہ مذہب کی روح سے دور، خدا تک پر بے یقینی کی کیفیت سے دوچار، اور انسانوں سے بیزار ہوتے ہیں۔ تو پھر انہیں اس کھائی میں گرنے سے بچانے والی قوت نافذہ کون سی ہو گی؟


یہ مضمون صرف پڑھنے کے لیے نہیں ہے۔ میرے لئے بطور والد، بطور استاد سیلف ریفلیکشن ہے اور آپ کے لئے سوال ہے کہ آپ اس کریٹکل معاملے کو کس نظر سے دیکھتے ہیں۔۔ اگر آپ والدین ہیں تو رک کر سوچیں: کیا آپ کا بچہ آپ سے خوفزدہ ہے یا محفوظ محسوس کرتا ہے؟ اگر آپ استاد ہیں تو سوال کریں: کیا آپ کے کلاس روم میں بچے انسان ہیں یا رول نمبر؟ اگر آپ پالیسی ساز ہیں تو یہ مانیں: نظام جانیں لے رہا ہے۔ اور اگر آپ خود نوجوان ہیں، تو ایک بات ذہن میں بٹھا لیں: آپ کی زندگی کسی ایک رزلٹ، کسی ایک رشتے، یا کسی ایک غلطی سے بڑی ہے۔:

خاموشی توڑیں۔ بات کریں۔ سنیں۔ مدد مانگنے کو کمزوری نہ بنائیں۔

ہر اسکول، ہر کالج، ہر گھر میں یہ پیغام جانا چاہیے کہ ناکامی زندگی کا خاتمہ نہیں، زندگی کا حصہ ہے۔اگر ہم نے ابھی آنکھیں نہ کھولیں، تو اگلا مضمون شاید کسی اور بچے کی موت کے بعد لکھنا پڑے۔ اور تب بہت دیر ہو چکی ہوتی ہے


#sucideisnotsolution

#communitysupport

#relationwithallah

#mentalhealthmatters

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Flickr