آ جا پُتّر! ذرا آگ کے قریب ہو جا، باہر سیال کا سیت ہڈیوں میں اتر رہا ہے، کوہرا سانسوں سے نکل رہا ہے اور اس بوہڑ کے نیچے یہ الاؤ ہی غنیمت ہے۔ دیکھ رہا ہے اس گیلی لکڑی کو؟ سیلن زدہ کیسے چٹخ رہی ہے، کیسے رو رہی ہے جلنے سے پہلے؟ تیرا نفس بھی ایسا ہی ہے۔ یہ جو تو 'ڈسپلن' کا نام سن کر گھبراتا ہے نا، یہ دراصل اسی گیلی لکڑی سے پانی نچڑنے، دھواں اٹھنے اور چھال چٹخنے کا نام ہے۔
بات بڑی کڑوی ہے بادشاہو! مگر سن لے، مرد وہ نہیں جو مونچھوں کو تاؤ دے کر بیٹھ جائے اور باتیں بگھارتا رہے، بلکہ مرد وہ ہے جس کا عمل بولے۔ جنگل کا قانون دیکھا ہے؟ شیر کبھی شکار کرنے سے پہلے یہ نہیں سوچتا کہ "آج موڈ نہیں ہے"۔شکار کے پیچھے بھاگے گا تو ہی کھائے گا خود بھی اور ڈیرے کو بھی کھلائے گا۔
یہ نظم و ضبط کوئی قید خانے کی چکیاں نہیں ہیں جنہیں گھما کر تجھے گندم پیسنی ہے۔، یہ تو وہ کسوٹی ہے جس پر تیرے کردار کا سونا پرکھا جاتا ہے۔
تو سمجھتا ہے آزادی یہ ہے کہ جب دل کیا اٹھے، جب دل کیا سو گئے؟ او نہیں بھلے مانس! یہ تو آوارگی اور بربادی کا دوسرا نام ہے۔ اصل آزادی تو اس "نظام" میں ہے جو تو نے خود اپنے لیے رب کے حکموں اور سوہنڑے نبی جی (صلی اللہ علیہ والہ وسلم) کے مٹھڑے طریقے کے مطابق بنایا ہو۔ وہ اصول جن پر تو آندھی طوفان میں بھی ڈٹا رہے، جیسے یہ برگد کا درخت اپنی جگہ سے نہیں ہلتا۔
یہ جو تیرے دماغ میں ہر وقت کھچڑی پکتی رہتی ہے نا کہ اب کیا کروں اور اب کدھر جاؤں، یہ سب بیکار کے چونچلے ہیں۔ سکون تب ملتا ہے جب راستہ طے ہو اور بندہ بس سر جھکا کر چلتا رہے۔ اپنی زندگی کی پگڈنڈی خود بنا، رات کو طے کر کے سو کہ ستے سویلے اٹھ کر فجری ٹھنڈے ٹھار پانی سے وضو کر کے نماز پڑھنی ہے، تلاوت کرنی ہے اور پھر ہل چلانا ہے۔ جب تو اپنی من مانی چھوڑ کر ایک روٹین کا پابند ہو جاتا ہے نا، تو پھر یہ زندگی کی افراتفری ختم ہو جاتی ہے۔ تیرے اندر اک سکون اتر جاتا ہے۔
اور ہاں! جلد بازی شیطان کا کام ہے، اور تو تو پھر گوشت پوست کا انسان ہے۔ کبھی دھیمی آنچ پر پکتا گوشت دیکھا ہے؟ کتنا ملائم، کتنا ذائقہ دار ہوتا ہے! یہ ڈسپلن بھی دھیمی آنچ ہے۔ ایک دن میں پہاڑ سر کرنے نکلو گے تو کمر تڑوا بیٹھو گے۔ روز کی تھوڑی سی مشقت، روز کا ایک قدم، چاہے وہ بارش ہو یا طوفان، بس رکنا نہیں ہے۔
اور عمل چاھے تھوڑا ہو مگر تسلسل سے ہو تو رب کو بھی بڑا پیارا لگتا ہے۔
یہ قطرہ قطرہ گرنے والا پانی ہی پتھر میں سوراخ کرتا ہے، سیلاب تو بس گزر جاتا ہے۔ اور سن میرے بھائی! آرام بڑا میٹھا زہر ہے، یہ ہڈیوں میں گھس جائے تو بندے کو کھوکھلا کر دیتا ہے۔ جب تک پرانی کھال نہ اترے، نیا اور مضبوط چمڑا نہیں آتا۔ یہ نفس کو رگڑا لگانا، وہ کام کرنا جس سے جان جاتی ہو، سردی میں بستر چھوڑنا اور تھکاوٹ میں کام کرنا، بس یہی وہ مقام ہے جہاں بچہ، مرد بنتا ہے۔ کمفرٹ زون کی قیمت بڑی بھاری ہے جو تیرے مستقبل کو ادا کرنی پڑتی ہے، جبکہ ڈسپلن وہ سودا ہے جس میں صرف نفع ہی نفع ہے۔
لیکن یہ سب رگڑے، یہ سب سختیاں تب تک عذاب لگتی ہیں جب تک تیرے سامنے کوئی منزل نہ ہو۔ اگر تجھے پتہ ہی نہ ہو کہ اس کٹھن راستے کے پار رب کی چاھت ہے، آخرت کی لمبی حیاتی کی دائمی کامیابی ہے۔ تیری نسلوں کا سکون چھپا ہے، تیری عزت کا مینار کھڑا ہے، تو تو دو قدم چل کر گر جائے گا۔ جب "وجہ" کلیجے میں آگ کی طرح دہک رہی ہو نا، تو پھر جسم کی تھکاوٹ میٹھی ٹیسوں کی طرح محسوس نہیں ہوتی۔ قصہ مختصر بادشاہو! یہ دھواں آنکھوں میں چبھے گا ضرور، مگر جب آگ جلے گی تو اسی کی تپش تجھے زمانے کی سرد مہری سے بچائے گی۔
یہ ڈسپلن تجھے وہ طاقت بخشتا ہے کہ تو حالات کا غلام نہیں بلکہ اللہ کے حکم سے اپنی تقدیر کا خود لکھاری بن جاتا ہے۔ اصل عیاشی، اصل بادشاہی یہی ہے کہ بندے کے پاس "اختیار" ہو، اور اختیار پھکے میں نہیں ملتا، اسے اپنے آپ سے ہی چھیننا پڑتا ہے، اپنی سستی اور کاہلی کا گلا گھونٹ کر۔ اب تو خود دیکھ لے کہ تو نے راکھ بننا ہے یا کندن؟ فیصلہ تیرے ہاتھ میں ہے، باقی یہ بارش تو برستی رہے گی اور وقت گزرتا رہے گا۔ اب بتا، آج سے کس چیز کی بھٹی میں کودنے کا ارادہ ہے؟ عبادت، رزق حلال، صحت یا خودی؟
آگ جل رہی ہے۔ اب پیچھے ہٹنے کا بہانہ مت بنا۔ اٹھ اور اپنے حصے کی لکڑی اس آگ میں ڈال! 🔥
#disciplineequalsfreedom
#designinspiration
#noexcuses
#buildyourfoundation
#ManUp
IImran AslamMINDSET COACH

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں